گوا، 20 نومبر 2026
نیشنل فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ایف ڈی سی) نے 57ویں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا (آئی ایف ایف آئی) کو معذور افراد اور نقل و حرکت میں دشواری کا سامنا کرنے والے افراد سمیت تمام فلم بینوں کے لیے زیادہ قابلِ رسائی اور جامع بنانے کے مقصد سے ‘سویم’ (Svayam) کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔ دونوں اداروں کے درمیان یہ تیسرا اشتراک ہے۔ اس سے قبل 55ویں آئی ایف ایف آئی اور 18ویں ممبئی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول (ایم آئی ایف ایف) کے موقع پر بھی دونوں نے مل کر کام کیا تھا۔
رسائی کے شعبے میں شراکت دار کی حیثیت سے ’سویم‘ فیسٹیول کے مختلف مقامات کا جائزہ لے رہا ہے، تاکہ ممکنہ مسائل کی نشاندہی کی جا سکے اور زائرین کے لیے زیادہ محفوظ، آرام دہ اور خودمختار رسائی کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات تجویز کیے جا سکیں۔
اس شراکت داری میں فیسٹیول کے رضاکاروں کے لیے معذوری اور قابلِ رسائی سہولیات کے حوالے سےبیداری ورکشاپس کا انعقاد بھی شامل ہے۔ ان تربیتی نشستوں میں احترام پر مبنی ابلاغ، جامع معاونت اور رسائی کی مختلف ضروریات رکھنے والے افراد کی مدد کے عملی طریقوں پر توجہ دی جائے گی۔
اس کے علاوہ ایک رسائی سے متعلق تجرباتی سرگرمیوں کا زون بھی قائم کیا جائے گا، جہاں شرکاء اور فیسٹیول سے وابستہ افراد کو ایک انٹرایکٹو تجربے کے ذریعے ان روزمرہ رکاوٹوں کو سمجھنے کا موقع ملے گا، جن کا سامنا معذور افراد اور نقل و حرکت میں دشواری کا شکار افراد کو کرنا پڑتا ہے۔ اس اقدام کا مقصد قابلِ رسائی عوامی مقامات کی اہمیت کے حوالے سے زیادہ بیداری، ہمدردی اور بہتر تفہیم کو فروغ دینا ہے۔
اس شراکت داری کے بارے میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے سویم کی منیجنگ ڈائریکٹر محترمہ اسمنو جندل نے کہا، ‘‘قابلِ رسائی سہولیات فراہم کرنے کا مطلب محض ریمپ بنانا یا طبعی مقامات کو رکاوٹوں سے پاک کرنا نہیں ہے، بلکہ اس کا مقصد ہر فرد کی عزتِ نفس، خودمختاری اور معاشرے میں یکساں طور پر شرکت کے مواقع کو یقینی بنانا ہے۔ سنیما ایک طاقتور ذریعہ ہے جو لوگوں کو ایک دوسرے سے جوڑتا ہے، سرحدوں سے بالاتر ہوتا ہے اور انسانی تجربات کے تنوع کا جشن مناتا ہے۔ اس لیے یہ ضروری ہے کہ فلمی میلوں میں بھی ہر فرد کا یکساں طور پر خیرمقدم کیا جائے اور انہیں سب کے لیے قابلِ رسائی بنایا جائے۔ 57ویں آئی ایف ایف آئی کے لیے این ایف ڈی سی کے ساتھ ہمارا اشتراک، شمولیت کو فیسٹیول کے تجربے کا لازمی حصہ بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ ہمارا تصور ایک ایسے آئی ایف ایف آئی کا ہے جہاں عمر، عارضی چوٹ یا مستقل معذوری کے باعث نقل و حرکت میں دشواری کسی بھی فرد کے لیے سنیما کی خوشیوں سے لطف اندوز ہونے میں رکاوٹ نہ بنے۔’’
اس اقدام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے این ایف ڈی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر جناب دھیرج سنگھ نے کہا، ‘‘انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا سنیما کی عالمگیر زبان کا جشن ہے اور یہ ضروری ہے کہ اس جشن میں ہر فرد کی شرکت ممکن ہو۔ سویم کے ساتھ ہماری شراکت داری 57ویں آئی ایف ایف آئی کو تمام فلم بینوں کے لیے زیادہ قابلِ رسائی، جامع اور پرکشش بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ قابلِ رسائی مقامات اور تربیت یافتہ و حساسیت سے آراستہ رضاکاروں کے ذریعے ہمارا مقصد ایسا ماحول تیار کرنا ہے جہاں ہر فرد عزتِ نفس، سہولت اوراعتماد کے ساتھ فیسٹیول میں شرکت کر سکے۔ ہمیں امید ہے کہ یہ اقدام ہندوستان میں جامع ثقافتی اور سنیما سے متعلق تقریبات کے لیے ایک بامعنی معیار قائم کرے گا۔’’
یہ اشتراک ہندوستان کے ممتاز ترین فلمی میلے کو سنیما کے حقیقی طور پر ایک جامع جشن میں تبدیل کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔ اس کے ذریعے معذور افراد اور نقل و حرکت میں دشواری کا سامنا کرنے والے افراد کے لیے وقار اور خود اعتمادی کے ساتھ شرکت کرنے، دوسروں سے رابطہ قائم کرنے اور داستان گوئی کی صلاحیت کا مشاہدہ کرنے کے مواقع یقینی بنائے جائیں گے۔
IFFILOID – Volume 5, Issue 1 : 20 November 2026
****
(ش ح ۔ع و۔ ج ا)
U. No.7959