کامرس اور صنعت کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیر تجارت و صنعت جناب پیوش گوئل  نے فکی  سے عالمی چیمبر کی حیثیت سے ترقی کرنے اور عالمی اقتصادی روابط میں ہندوستان کے کردار کو مضبوط بنانے کی اپیل  کی


جناب گوئل نے ہندوستانی کاروباریوں پر زور دیا کہ وہ حالیہ آزاد تجارتی معاہدوں کے ذریعے پیدا ہونے والے مواقع سے بھرپور  استفعادہ کریں

جناب پیوش گوئل نے بنیادی ڈھانچے، ڈیجیٹل رابطہ کاری اور مالی شمولیت کے شعبوں میں ہندوستان کی تبدیلی کو اجاگر کیا

جناب گوئل نے عالمی غیر یقینی صورتحال کے باوجود برآمدات میں مسلسل ترقی برقرار رکھنے کے لیے ہندوستانی صنعت کی کوششوں  کی ستائش کی

جناب گوئل نے ہندوستانی صنعتوں پر زور دیا کہ وہ وِکست بھارت 2047 کے سفر کی قیادت کریں

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 19 NOV 2026 9:07PM by PIB Delhi

مرکزی وزیر تجارت و صنعت جناب پیوش گوئل نے نئی دہلی میں  فکی کے سالانہ جنرل میٹنگ کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فکی پر زور دیا کہ وہ خود کو ایک عالمی چیمبر کے طور پر ازسرنو تشکیل دے اور اپنی دوسری صدی میں داخل ہوتے ہوئے ہندوستانی کاروباری اداروں کو بین الاقوامی منڈیوں، ٹیکنالوجی اور مواقع سے جوڑنے میں زیادہ اہم کردار ادا کرے۔

جناب گوئل نے یاد دلایا کہ  فکی کا قیام تقریباً27-1926میں مہاتما گاندھی کے مشورے پر عمل میں آیا تھا، جس کا مقصد سودیشی کو فروغ دینا، تحریکِ آزادی کی حمایت کرنا اور ہندوستانی صنعت و کاروبار کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔ انہوں نے  فکی کو اس کے قیام کی صد سالہ تقریبات کے قریب پہنچنے پر مبارکباد دی اور آزادی، خود انحصاری اور صنعتی ترقی کی جانب ہندوستان کے سفر میں اس کے سابق صدور اور قیادت کے تعاون کا اعتراف کیا۔

جناب گوئل نے حالیہ آزاد انہ تجارتی معاہدوں (ایف ٹی اے) کے ذریعے ہندوستانی کاروباری اداروں کو دستیاب ہونے والی وسیع تر منڈیوں تک رسائی کا ذکر کیا اور ان پر زور دیا کہ وہ ان معاہدوں کے ذریعے پیدا ہونے والے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ چند سال قبل تک عالمی منڈیوں میں ہندوستان کو ترجیحی رسائی کے ذریعے مجموعی جی ڈی پی تقریباً 10 ٹریلین امریکی ڈالر تھی، لیکن گزشتہ ساڑھے چار برسوں کے دوران اس میں مزید 60 ٹریلین امریکی ڈالر کا اضافہ ہوا ہے، جس سے یہ حجم تقریباً 70 ٹریلین امریکی ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔ آٹھ سے نو جغرافیائی خطوں کے ساتھ جاری دوطرفہ اور کثیرجہتی تجارتی روابط کے نتیجے میں آئندہ ایک سے ڈیڑھ سال کے دوران اس کا حجم بڑھ کر تقریباً 85 ٹریلین امریکی ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے، جو عالمی جی ڈی پی کا تقریباً 76 فیصد ہے۔

ہندوستانی کاروباری اداروں کے لیے بڑھتے ہوئے عالمی مواقع کا ذکر کرتے ہوئے جناب گوئل نے کہا کہ فکی کی دوسری صدی کے لیے ایک زیادہ بلند حوصلہ عالمی نقطۂ نظر رہنما اصول ہونا چاہیے، جس میں ہندوستانی مصنوعات اور خدمات کو بین الاقوامی منڈیوں تک پہنچانے اور دنیا کی بہترین صلاحیتوں کو ہندوستان لانے پر توجہ مرکوز کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اپنی ترقی اور مستقبل کا اشتراک باقی دنیا کے ساتھ  کرناچاہتا ہے اور ساتھ ہی عالمی مواقع اور صلاحیتوں کو ملک میں لانا چاہتا ہے۔

وزیر موصوف نے کہا کہ فکی اب محض ایک ہندوستانی چیمبر تک محدود نہیں رہ سکتا بلکہ اسے عالمی سطح پر اپنی موجودگی کو مزید مستحکم بنانا ہوگا۔ انہوں نے تنظیم پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی شراکت داریاں قائم کرے، ٹیکنالوجی کی منتقلی میں سہولت فراہم کرے، بیرونِ ملک ہندوستانی کاروباری اداروں کو فروغ دے اور عالمی کمپنیوں کو مینوفیکچرنگ، سرمایہ کاری اور عالمی صلاحیت مراکز (گلوبل کیپبلٹی سینٹرز-جی سی سی) کے قیام کے لیے ہندوستان کی جانب راغب کرنے میں مدد کرے۔

مصر اور اٹلی کے اپنے حالیہ دوروں کا حوالہ دیتے ہوئے جناب گوئل نے کہا کہ ہندوستان کے ساتھ کام کرنے میں بین الاقوامی شراکت داروں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی عالمی سطح پر ملک کی بڑھتی ہوئی حیثیت کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مصر کے ساتھ ترجیحی تجارتی معاہدے یا آزادانہ تجارتی معاہدے کے امکانات تلاش کرنے کے لیے بات چیت شروع کی گئی ہے، جبکہ آئندہ ہندوستان-یورپی یونین  ایف ٹی اےنے اٹلی کے کاروباری حلقوں میں خاصی دلچسپی پیدا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے ساتھ کام کرنے کے لیے بین الاقوامی کاروباری اداروں کے عزم سے تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کے بڑھتے ہوئے مواقع کی عکاسی ہوتی ہے۔

ہندوستان کی بڑھتی ہوئی اقتصادی قوت اور عالمی روابط کو اجاگر کرتے ہوئے جناب گوئل نے کہا کہ ہندوستان نے مالی سال 27-2026 میں ایک ٹریلین امریکی ڈالر کی برآمدات کا بلند حوصلہ ہدف مقرر کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک نے رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں 480  بلین امریکی ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی ہیں، جو سالانہ ہدف کا 48 فیصد ہے اور اس میں تقریباً 17 فیصد کی ترقی درج کی گئی ہے۔ انہوں نے اکتوبر میں تقریباً 90  بلین امریکی ڈالر کی ریکارڈ ماہانہ برآمدات کا بھی ذکر کیا اور عالمی غیر یقینی صورتحال اور جغرافیائی سیاسی چیلنجوں کے باوجود یہ کارکردگی حاصل کرنے میں ہندوستانی کاروباری اداروں کے تعاون کو سراہا۔

وزیر موصوف نے کہا کہ ایک ٹریلین امریکی ڈالر کی برآمدات حاصل کرنے کا ہندوستان کا عزم حکومت اور صنعت کے اجتماعی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ سال کے اوائل میں برآمدات کے فروغ کی کونسلوں اور صنعتی ایسو سی ایشنوں کے ساتھ ہونے والی بات چیت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی تجارت میں سست رفتار ترقی کے تخمینوں کے باوجود یہ ہدف مقرر کیا گیا تھا۔ انہوں نے جاری عالمی تنازعات اور تجارتی رکاوٹوں کے درمیان برآمدات میں مسلسل ترقی برقرار رکھنے کے لیے ہندوستانی کاروباری اداروں کی کوششوں کو سراہا۔

وزیر موصوف نے گزشتہ ایک دہائی کے دوران ہندوستان میں آنے والی تبدیلیوں کا ذکر کرتے ہوئے بنیادی ڈھانچے، ڈیجیٹل رابطہ کاری، مالی شمولیت اور بینکاری کے شعبے میں ہونے والی بہتری کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے مضبوط معاشی بنیادی عوامل، ہنرمند افرادی قوت، کاروباری ماحول اور فیصلہ کن قیادت نے دنیا کے ساتھ اعتماد اور مضبوط موقف کے ساتھ روابط قائم کرنے کی ملک کی صلاحیت کو مزید مستحکم کیا ہے۔

جناب گوئل نے ہندوستان کی بڑھتی ہوئی اقتصادی صلاحیتوں پر بھی زور دیا اور کہا کہ ملک دنیا کی سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی بڑی معیشت کے طور پر ابھرا ہے۔ انہوں نے بینکاری کے شعبے میں غیر فعال قرضوں (نان پرفارمنگ لونز) میں نمایاں کمی، سستے قرضوں تک بہتر رسائی اور مالی شمولیت کے دائرۂ کار میں توسیع کا ذکر کیا۔ انہوں نے اجاگر کیا کہ حکومت کی جانب سے 56 کروڑ مدرا  لون کی فراہمی میں معاونت کی گئی ہے، جن میں سے 55 فیصد سے زیادہ قرضے خواتین کاروباریوں کو دیے گئے ہیں، جس سے انہیں رسمی معیشت کا حصہ بننے اور اپنے کاروباری سفر کو آگے بڑھانے کا موقع ملا ہے۔

جناب گوئل نے کہا کہ ہندوستان کا بڑھتا ہوا متوسط طبقہ، قوتِ خرید میں اضافہ اور وسعت پذیر گھریلو منڈی اقتصادی ترقی کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے میک اِن انڈیا اور ڈیجیٹل انڈیا جیسی پہلوں، دیہی کنبوں میں 12 کروڑ بیت الخلاؤں کی تعمیر اور ملک کے وسیع تر ترقیاتی سفر کے تحت 80 کروڑ افراد کو مسلسل مفت غذائی اجناس فراہم کرنے کا بھی ذکر کیا۔

جناب گوئل نے ہندوستان کی ترقی میں صنعت و کاروبار کے کردار کی جانب بھی توجہ مبذول کرائی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا اسٹارٹ اَپ ایکو سسٹم ملک کے لیے باعث فخر ہے۔ اٹلی میں ہندوستانی اسٹارٹ اَپس کے ساتھ اپنی حالیہ ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ بیکانیر، کوٹا اور جمشیدپور جیسے شہروں کے کاروباری افراد نے بھی اس میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے اطالوی ہم منصبوں کے ساتھ تبادلۂ خیال کیا اور ممکنہ کاروباری اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کیے۔

وزیر موصوف نے کہا کہ آتم نربھر بھارت کا وژن سودیشی کے اسی جذبے کو آگے بڑھاتا ہے، جس نے تقریباً ایک صدی قبل  فکی کے قیام کی تحریک دی تھی۔ پنڈت دین دیال اپادھیائے کے فلسفے کا حوالہ دیتے ہوئے مرکزی وزیر نے اس کی موجودہ دور میں بھی معنویت کو اجاگر کیا اور اس بات پر زور دیا کہ خود انحصاری اور سودیشی کا جذبہ ہندوستان کی اقتصادی ترقی کی بنیاد برقرار رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اب ہندوستان کو ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے ایسی صلاحیتیں اور تزویراتی قوتیں پیدا کرنی چاہئیں، جن کے باعث دنیا ہندوستانی مصنوعات، خدمات، ٹیکنالوجیز اور ہنرمند افرادی قوت پر زیادہ سے زیادہ انحصار کرنے لگے۔

وزیر موصوف نے اختراع اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ہندوستان کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کو بھی اجاگر کیا اور ہندوستانی اسٹارٹ اَپس اور نجی خلائی شعبے کی کامیابیوں کا حوالہ دیا۔ انہوں نے ایک ہندوستانی نجی کمپنی کی جانب سے اپنی پہلی ہی کوشش میں راکٹ کو کامیابی کے ساتھ خلا میں بھیجنے کا ذکر کرتے ہوئے اسے ہندوستان کے کاروباری اور تکنیکی نظام کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔ انہوں نے تخلیقی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بین الاقوامی تعاون کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ہندوستان عالمی اختراع میں بتدریج زیادہ اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

جناب گوئل نے  فکی پر زور دیا کہ وہ اپنی دوسری صدی کو ہندوستانی صنعت کو عالمی سطح پر متعارف کرانے، مستقبل کی ٹیکنالوجیز میں نوجوان کاروباری افراد کی معاونت کرنے، عالمی مینوفیکچرنگ اور سرمایہ کاری کے لیے ہندوستان کو ایک اہم مقام کے طور پر فروغ دینے اور ملک کے دور دراز علاقوں، بشمول کھیتوں، ایم ایس ایم ای اور دستکار برادریوں تک ٹیکنالوجی پہنچانے کے لیے استعمال کرے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فکی ہندوستان کے 140 کروڑ عوام اور عالمی منڈیوں و مواقع کے درمیان ایک اہم رابطہ کار کا کردار ادا کر سکتا ہے۔

اپنے خطاب کے اختتام پر جناب پیوش گوئل نے اعتماد ظاہر کیا کہ ہندوستان ہنگامہ خیز عالمی ماحول کے چیلنجوں کا کامیابی سے مقابلہ کرتے ہوئے مواقع اور ترقی کی ایک روشن مثال بن کر ابھرے گا۔ انہوں نے  فکی  کی قیادت اور اراکین سے اپیل کی کہ وہ اپنی کوششیں جاری رکھیں اور وِکست بھارت 2047 سفر میں اپنا تعاون پیش کریں۔

****

 (ش ح ۔م ش۔ ش ب ن)

U. No.7952


(ریلیز آئی ڈی: 2338896) وزیٹر کاؤنٹر : 10