کامرس اور صنعت کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ہندوستان اور انڈونیشیا کے درمیان نئی دہلی میں تجارت اور سرمایہ کاری سے متعلق دوسرے ورکنگ گروپ کے اجلاس میں تجارتی اور اقتصادی تعاون کا جائزہ


مالی سال26-2025 میں24.78 ارب امریکی ڈالر کی دو طرفہ تجارت کے ساتھ انڈونیشیا، آسیان میں ہندوستان کا دوسرا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 19 NOV 2026 9:09PM by PIB Delhi

ہندوستان-انڈونیشیا تجارت اور سرمایہ کاری سے متعلق ورکنگ گروپ(ڈبلیو جی ٹی آئی) کا دوسرا اجلاس نئی دہلی کے وانجیہ بھون میں ہائبرڈ طریقے سے منعقد ہوا۔ ہندوستانی وفد کی قیادت وزارت تجارت و صنعت کے محکمہ تجارت کے جوائنٹ سکریٹری جناب امت ورما نے کی، جبکہ انڈونیشیا کے وفد کی قیادت وزارت تجارت، انڈونیشیا کی دو طرفہ مذاکرات کی ڈائریکٹر محترمہ بساریا تیرا دیسیکا ایل گاؤل نے کی۔ اس اجلاس میں دونوں ممالک کی متعلقہ وزارتوں، محکموں اور تنظیموں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت کا جائزہ لیا گیا، جو مالی سال 26-2025 میں 24.78 ارب امریکی ڈالر رہی۔ اس میں آسیان کے ساتھ ہندوستان کی مجموعی تجارت میں انڈونیشیا کا حصہ 19.30 فیصد تھا۔ ہندوستان نے متوازن اور متنوع تجارت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ادویہ، ویکسین اور طبی آلات، گاڑیوں اور ان کے پرزوں، مشینری، دودھ اور دودھ سے بنی مصنوعات، چاول، مصالحہ جات، الیکٹرانکس، نیز شمسی توانائی اور توانائی سے متعلق مصنوعات کی برآمدات کے مواقع کو اجاگر کیا۔

اجلاس میں برآمد کنندگان کو درپیش مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دی گئی۔ ان مسائل میں مونگ پھلی، باغبانی کی مصنوعات، بھینس کے گوشت اور فروزن جھینگوں جیسی زرعی اور حیوانی مصنوعات کے لیے منڈی تک رسائی، متعلقہ اداروں کی منظوری، حلال سرٹیفکیشن، ٹائروں اور گاڑیوں کے معیارات اور سرٹیفکیشن سے متعلق تقاضے، ادویہ اور آیوش مصنوعات کی رجسٹریشن اور الیکٹرانکس کے شعبے میں مقامی مصنوعات کے استعمال سے متعلق شرائط شامل ہیں۔ ہندوستان نے ان مسائل کو مقررہ مدت میں حل کرنے کے لیے متعلقہ اداروں میں رابطہ افسران نامزد کرنے کی تجویز پیش کی۔ انڈونیشیا کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل، جن میں زرعی مصنوعات کے لیے ہندوستانی منڈی تک رسائی اور ہندوستان کے کوالٹی کنٹرول آرڈرز شامل ہیں، پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

دونوں فریقوں نے خدمات کے شعبے میں باہمی تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا، جن میں پیشہ ورانہ اہلیت کو باہمی طور پر منظوری دینا، ماہرین اور پیشہ ور افراد کی آمد و رفت، سماجی تحفظ، ڈیجیٹل خدمات، صحت، تعلیم اور سیاحت شامل ہیں۔ ہندوستان نے آسیان-ہندوستان اشیاء کی تجارت کے معاہدے (اے آئی ٹی آئی جی اے)  پر نظرثانی کے عمل کو جلد مکمل کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

اگست 2021 میں ورکنگ گروپ کےافتتاحی اجلاس کے بعد یہ پہلی میٹنگ تھی۔ اس کا انعقاد وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے انڈونیشیا کے سرکاری دورے (6 سے 8 جولائی 2026) کے دوران جاری کیے گئے ہندوستان-انڈونیشیا کے مشترکہ اعلامیے کے مطابق کیا گیا۔ اس اعلامیے میں دونوں ممالک کے رہنماؤں نے 2026 میں ورکنگ گروپ کا دوسرا اجلاس منعقد کرنے کی اپیل کی تھی اور دو طرفہ اقتصادی تعاون کے طریقۂ کار سے بھرپور استفادہ کرنے، انہیں مزید مستحکم بنانے اور ٹھوس نیز کاروبار پر مبنی نتائج کے حصول کے لیے مل کر کام کرنے پر زور دیا تھا۔

دونوں فریقوں نے کسٹم کے شعبے میں تعاون، اہم معدنیات اور کان کنی، مقامی کرنسی میں لین دین کے نظام، ہندوستان کے یو پی آئی کو انڈونیشیا کے کیو آر آئی ایس سے مربوط کرنے، بینکاری اور بیمہ، قابل تجدید توانائی، گرین ہائیڈروجن اور حیاتیاتی ایندھن سمیت توانائی کے شعبے، کھاد، بندرگاہوں اور فضائی رابطے نیز جولائی 2026 کے دورے کے دوران طے پانے والے معاہدوں اور مفاہمت ناموں پر عمل درآمد سے متعلق امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔

اس اجلاس میں ہندوستان اور انڈونیشیا کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ ہندوستان نے تجویز پیش کی کہ تعاون کا یہ سلسلہ برقرار رکھنے کے لیے ورکنگ گروپ کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کیے جائیں۔ ورکنگ گروپ کا اگلا اجلاس انڈونیشیا میں منعقد ہوگا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image001_20261119211010_399edb.jpg

 

 ش ح۔  ع و۔  ج ا

U.No. 7949


(ریلیز آئی ڈی: 2338886) وزیٹر کاؤنٹر : 16