پوسٹ کرنے کی تاریخ:
19 NOV 2026 7:06PM by PIB Delhi
وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے 19 نومبر 2026 کو ٹوکیو میں جاپان کے وزیر دفاع جناب شنجیرو کوئزومی کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کی۔ دونوں وزراء نے بھارت-جاپان دفاعی تعاون میں مسلسل پیش رفت کا خیرمقدم کیا، جو دونوں ممالک کے درمیان قریبی رابطوں کا نتیجہ ہے۔ اس سلسلے میں، اگست اور اکتوبر میں ہونے والی بات چیت کے بعد، حال ہی میں دونوں ممالک کے وزرائے دفاع کا تیسرا اجلاس بھی منعقد ہوا۔

دونوں رہنماؤں نے بھارت میں فائرنگ رینجز (فوجی مشقوں کے مقامات) کے استعمال سے متعلق لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط کا خیرمقدم کیا۔ اس معاہدے کے تحت، جاپان کی سیلف ڈیفنس فورسز پہلی بار بھارت میں موجود فائرنگ رینجز پرلائیو فائر (اصلی گولہ بارود کے ساتھ) تربیت حاصل کریں گی، جس میں سطح سے بحری جہاز پر مار کرنے والے میزائلوں کی مشقیں بھی شامل ہوں گی۔ دونوں فریقین اس عمل کو جلد عملی جامہ پہنانے کے لیے اپنے ممالک کے دفاعی حکام کے درمیان رابطہ کاری کو تیز کرنے پر متفق ہوئے۔
دونوں وزراء نے اس سال اگست میں طے پانے والےبحری سلامتی تعاون سے متعلق مفاہمت نامے کے تحت بحری سلامتی کے شعبے میں ہونے والی پیش رفت کو سراہا۔ خاص طور پر، انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ جوائنٹ سیکرٹری/ڈائریکٹر جنرل کی سطح پر قائم ورکنگ گروپ مختلف امور پر ہونے والی بات چیت کو آگے بڑھائے گا۔ ان امور میں بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنانے کی صلاحیتوں میں اضافہ اور بحری جہاز سازی اور ڈیزائن کے شعبے میں مشترکہ ترقی کے امکانات کا جائزہ لینا شامل ہے۔

دونوں وزراء اس بات پر بھی متفق ہوئے کہ جاپان کی میری ٹائم سیلف ڈیفنس فورس اور بھارتی بحریہ کے درمیان معلومات کے تبادلے کو آسان بنانے کے لیے تعاون کو مزید گہرا کیا جائے۔
دونوں وزراء نے اپنی مسلح افواج کے درمیان مشترکہ مشقوں کے ذریعے تعاون کو مزید فروغ دینے کا خیرمقدم کیا۔ ان میں جاپان، امریکہ، بھارت اور آسٹریلیا کی کثیر الجہتی بحری مشق مالابار 2026اور جاپان-بھارت بحری مشق جے آئی ایم ای ایکس 26 شامل ہیں، جو اس ماہ جاپان میں منعقد ہوئیں۔ اس کے علاوہ، دونوں ممالک اپنی اسپیشل آپریشنز فورسز (خصوصی دستوں) کے درمیان تبادلوں اور تعاون کو مزید بڑھانے پر بھی متفق ہوئے۔ دفاعی سازوسامان اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کے حوالے سے، دونوں وزراء نے یونیکورن سے متعلق انتظامات کی جلد تکمیل اور فروری 2027 تک بھارت کی جانب سے ایکسپٹنس آف نیسیسٹی کے حصول کی توقع ظاہر کی۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ وہ جدید ترین میزائل اور دفاعی ٹیکنالوجیز کے شعبے میں ڈی آر ڈی او اور اے ٹی ایل اےکے مابین دفاعی تحقیق و ترقی میں تعاون کو عملی جامہ پہنائیں گے۔

دونوں وزراء نےایئر ڈومین اویئرنس(فضائی حدود سے متعلق آگاہی) کے شعبے میں اپنی فضائی افواج کے مابین تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا، اور اس بات کی تصدیق کی کہ ورکنگ گروپ (جس کی سربراہی جوائنٹ سیکرٹری/ڈائریکٹر جنرل کی سطح کے عہدیداران کریں گے) کے ذریعے کام کی سطح پر ہونے والی بات چیت کو آگے بڑھایا جائے گا۔
انڈو پیسیفک خطے میں تیزی سے پیچیدہ اور غیر یقینی ہوتے ہوئے سیکیورٹی ماحول کے تناظر میں، دونوں وزراء نے جاپان اور بھارت کے مابین دوطرفہ دفاعی تعاون کے ساتھ ساتھ کثیر الجہتی دفاعی تعاون (بشمول سہ فریقی تعاون) کو مزید فروغ دینے، اور خطے میں امن و استحکام کے لیے عملی تعاون کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔
دونوں وزراء نے تعاون کے ان ٹھوس شعبوں پر مسلسل عمل درآمد کرنے اور جاپان-بھارت دفاعی تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا، تاکہ وہ مشترکہ طور پر انڈو پیسیفک خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے قیام میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔
***
(ش ح۔اص)
UR No 7933