پوسٹ کرنے کی تاریخ:
19 NOV 2026 4:54PM by PIB Delhi
لوک سبھا کے اسپیکر جناب اوم برلا نے آج اس بات پر زور دیا کہ ہندوستان اور امریکہ کی مشترکہ جمہوری اقدار دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور تکنیکی تعاون کو وسعت دینے کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری ادارے، مستحکم پالیسیاں، آزاد عدلیہ اور متعلقہ فریقوں کے ساتھ مسلسل رابطہ سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مضبوط بناتے ہیں اور اقتصادی ترقی کے نئے مواقع پیدا کرتے ہیں۔
جناب برلا نے یہ باتیں 23ویں ہندوستان-امریکہ اقتصادی سربراہی اجلاس 2026 سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ ہندوستان اور امریکہ کو دنیا کی دو سب سے بڑی جمہوریتوں میں شمار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مضبوط اور متحرک جمہوری ادارے مستحکم اور عوامی ضروریات کے مطابق پالیسی سازی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت مختلف خیالات اور آوازوں کو اظہار کا موقع فراہم کرتی ہے اور اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ پالیسیوں اور قوانین کی تشکیل کے دوران صنعت، تجارت، زراعت، ٹیکنالوجی، طلبہ اور دیگر متعلقہ فریقوں کی آرا کو بھی مدنظر رکھا جائے۔ انہوں نے انفرادی آزادی، اظہاررائے کی آزادی، قانون کے سامنے مساوات اور آزاد عدلیہ کو ہندوستان کے جمہوری نظام کے اہم ستون قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پالیسیوں کا مستحکم ماحول، ٹیکس کے حوالےسے قابل پیش گوئی پالیسیاں اور صنعت و پالیسی سازوں کے درمیان باقاعدہ رابطہ سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں اور اقتصادی شراکت داری کو مضبوط بناتے ہیں۔
جناب برلا نے 1968 میں اپنے قیام کے بعد سے دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی روابط کو فروغ دینے میں انڈو امریکن چیمبر آف کامرس کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے مکالمے کو فروغ دینے، تجارتی تعلقات کو وسعت دینے، تکنیکی شراکت داری کی حوصلہ افزائی کرنے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے اس کے مختلف ادوار کی قیادت کی کوششوں کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں ہنرمند افرادی قوت کا بڑھتا ہوا ذخیرہ ان شراکت داریوں کو مزید مستحکم کرنے کے وسیع امکانات فراہم کرتا ہے۔
صنعت اور تعلیمی اداروں کے درمیان قریبی تعاون پر زور دیتے ہوئے جناب برلا نے کاروباری اداروں سے اپیل کی کہ وہ تحقیق اور اختراع کو فروغ دینے کے لیے یونیورسٹیوں، آئی آئی ٹیز، آئی آئی آئی ٹیز، انجینئرنگ کالجوں اور دیگر تکنیکی اداروں کے ساتھ مل کر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ تحقیق کے شعبے میں صنعت کی سرمایہ کاری نے دنیا بھر میں تکنیکی ترقی کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کے مطابق، صنعت اور تعلیمی اداروں کے درمیان مضبوط شراکت داری سے ہندوستان کو نئی ٹیکنالوجیز تیار کرنے، مسابقتی صلاحیت بڑھانے اور ابھرتے ہوئے شعبوں میں قائدانہ مقام حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔
دوا سازی کے شعبے کا حوالہ دیتے ہوئے جناب برلا نے کہا کہ ہندوستانی ادویات کو بین الاقوامی سطح پر، خاص طور پر افریقی ممالک میں، وسیع پیمانے پر پذیرائی حاصل ہے۔ انہوں نے صحت کےشعبے کے نئے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے دوا ساز کمپنیوں اور یونیورسٹیوں کے درمیان مشترکہ تحقیق کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور طبی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ہونے والی پیش رفت اختراع کے وسیع مواقع فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں دفاع کے شعبے میں خود کفالت کی سمت ہندوستان کی پیش رفت کے ساتھ ساتھ دفاعی سازوسامان کی تیاری اور برآمدات کے شعبے میں ملک کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کو بھی اجاگر کیا۔
ہندوستان کی نوجوان آبادی کو ملک کی ایک بڑی طاقت قرار دیتے ہوئے جناب برلا نے کہا کہ نوجوان ہندوستانیوں کے خیالات، مہارتیں اور اختراعی صلاحیتیں ملک کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے وسعت پذیر اسٹارٹ اَپ نظام نے عالمی سطح کے کئی چیلنجوں کے حل پیش کیے ہیں۔ بہت چھوٹے، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری ادارے (ایم ایس ایم ایز) بھی سرمایہ کاری، تکنیکی تعاون اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے وسیع امکانات فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے ہندوستان اور امریکہ کے کاروباری اداروں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنی اپنی خوبیوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے شراکت داریاں قائم کریں اور بین الاقوامی منڈیوں میں مواقع کو وسعت دیں۔
توانائی کے شعبے میں تعاون کا ذکر کرتے ہوئے جناب برلا نے کہا کہ صنعتی ترقی، ڈیٹا سینٹروں کی توسیع اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے باعث توانائی کی مانگ میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صنعتی ترقی کے ساتھ ماحولیاتی ذمہ داری کو بھی پیشِ نظر رکھنا ضروری ہے اور صاف ستھری اور ماحول دوست توانائی کے فروغ کے لیے ہندوستان کی کوششوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ صنعت، سائنس دانوں اور محققین کے درمیان وسیع تر تعاون سے توانائی کی ٹیکنالوجیز کے شعبے میں اختراع کی رفتار تیز ہو سکتی ہے اور پائیدار اقتصادی ترقی کو تقویت مل سکتی ہے۔
جناب برلا نے کہا کہ ایک ملک میں ہونے والی پیش رفت کے اثرات اب دنیا بھر کی معیشتوں اور معاشروں پر تیزی سے مرتب ہو رہے ہیں۔ امن، استحکام اور باہمی اعتماد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستان عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی مسلسل وکالت کرتا رہا ہے۔ ’وسودھیو کٹمبکم‘ کے فلسفے سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے ہندوستان کا ماننا ہے کہ اقتصادی ترقی اور سماجی بہبود کو آگے بڑھانے کے لیے تمام ممالک کو باہمی احترام کے جذبے کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیے۔
جناب برلا نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ سربراہی اجلاس کے دوران ہونے والے تبادلۂ خیال سے صنعت، تجارت، ٹیکنالوجی، تحقیق اور اختراع کے شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات سامنے آئیں گے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اقتصادی ترقی سب کو ساتھ لے کر چلنے والی ہو، یکساں مواقع کو یقینی بنائے اور سماجی بہبود میں اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ خوشحالی اور انسانی فلاح و بہبود بین الاقوامی تعاون کے بنیادی رہنما مقاصد ہونے چاہئیں۔
..........................................................
ش ح۔ ش آ۔خ م
U. NO.7915