سنگاپور کے معروف فلم ساز انتھونی چن کی متاثر کن فیچر فلم ’وی آر آل اسٹرینجرس‘ کی نمائش کے ساتھ 57ویں ہندوستانی بین الاقوامی فلمی میلے (آئی ایف ایف آئی) کا اختتام ہوگا۔ 2026 میں تیار ہونے والی سنگاپور کی اس فلم کوعالمی میلے کی اختتامی فلم کے طور پر پیش کیا جائے گا۔ یہ فلم انسانی رشتوں، خاندانی تعلقات اور عصرِ حاضر کی زندگی کی پیچیدگیوں کی دل نشیں سنیمائی عکاسی پیش کرے گی۔

عصرِ حاضر میں سنگاپور کے متنوع سماجی پس منظر میں بننے والی فلم ’وی آر آل اسٹرینجرس‘ کی کہانی 21 سالہ جون یانگ کے گرد گھومتی ہے، جس کی بے فکر زندگی اس وقت اچانک بدل جاتی ہے جب اس کے رشتے میں آنے والا ایک غیر متوقع موڑ اسے اور اس کی گرل فرینڈ کو اپنی توقع سے بہت پہلے بالغ زندگی کی ذمہ داریوں کا سامنا کرنے پر مجبور کر دیتا ہے۔ اسی دوران، جون یانگ کے محنتی والد کی زندگی میں ایک پُرجوش خاتون کی آمد باپ اور بیٹے کے درمیان خاموشی سے قائم توازن کو بھی بدل دیتی ہے۔ فلم میں متاثر کن اداکاری کے ذریعے ان دونوں متوازی کہانیوں کو اس خوب صورتی سے پرویا گیا ہے کہ دونوں نسلیں محبت، جدائی اور جواب دہی کے مراحل سے گزرتے ہوئے افراد خاندان کے مفہوم اور ان رشتوں کی نزاکت کو نئے انداز سے سمجھتی ہیں جو ایک طرف ہمیں وراثت میں ملتے ہیں اور دوسری طرف ان کوہم خود اپنی پسند سے منتخب کرتے ہیں۔
فلم’وی آر آل اسٹرینجرس‘ انتھونی چن کی معروف ’گروئنگ اَپ‘ سہ رخی فلمی سیریز کی تازہ ترین کڑی ہے۔ اس فلم کے ذریعے وہ اپنی اس ہمدردانہ اور گہری مشاہداتی طرزِ قصہ گوئی کو آگے بڑھا رہے ہیں جس کے باعث ان کو اپنی پہلی فلم ’ایلو ایلو‘ (2013) کے لیے کانز فلمی میلے کا ’کامیرا ڈوائر‘ ایوارڈملا تھا اور جس کا سلسلہ ان کی فلم ’ویٹ سیزن‘ میں بھی جاری رہا۔ گوا میں نمائش سے قبل یہ فلم 2026 کے برلن بین الاقوامی فلمی میلے میں پیش کی گئی، جبکہ میلبورن اور ہیلسنکی کے بین الاقوامی فلمی میلوں میں بھی اسے خوب پذیرائی حاصل ہوئی۔
وزارت اطلاعات و نشریات، حکومتِ ہند اور نیشنل فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ایف ڈی سی) کے زیرِ اہتمام، انٹرٹینمنٹ سوسائٹی آف گوا (ای ایس جی) کے اشتراک سے 57واں ہندوستانی بین الاقوامی فلمی میلہ (آئی ایف ایف آئی) 20 سے 28 نومبر 2026 تک پنجی میں منعقد ہوگا۔ اس سال یہ میلہ ’بلاسرحد کہانیاں‘ کے مرکزی موضوع کے تحت منایا جائے گا، جس میں دنیا بھر کی متنوع فلمی آوازوں اور کہانیوں کو یکجا کیا جائے گا۔
******
( ش ح ۔ م ش ع ۔ م ا )
UR No-7905