جل شکتی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

 پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی کے محکمے کے زیر اہتمام 14ویں ضلعی کلکٹرس ‘پئے  جل سمواد’ کا انعقاد

ہماچل پردیش، گجرات، آسام اور تریپورہ کے چار اضلاع نے جل جیون مشن 2.0 کے تحت کمیونٹی کی شراکت داری، ہنرمندی  کے فروغ ، کام کاج اور  دیکھ بھال، آبی وسائل کے پائیدار انتظام اور دیہی علاقوں میں 24 گھنٹے پانی کی فراہمی سے متعلق اختراعی طریقوں کو پیش کیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 19 NOV 2026 3:38PM by PIB Delhi

 

جل شکتی کی وزارت کے تحت  پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی کے محکمے (ڈی ڈی ڈبلیو ایس) نے آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ضلع کلکٹروں  کے ساتھ ‘پئے  جل سمواد’ کے 14ویں اجلاس کا انعقاد کیا۔ اس میں سینئر افسران، اضلاع کے کلکٹرس/ضلع مجسٹریٹس اور ریاستوں و مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے مشن ڈائریکٹروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں جل جیون مشن (جے جے ایم) 2.0 کے نفاذ میں تیزی لانے اور بہترین طور طریقوں کے تبادلے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اس اجلاس کی صدارت قومی جل جیون مشن (این جے جے ایم) کے ایڈیشنل سکریٹری اور مشن ڈائریکٹر جناب کمل کشور سوان نے کی۔ ڈی ڈی ڈبلیو ایس اور قومی پروجیکٹ نگرانی اکائیوں کے سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image001_20261119154136_3eb1e4.png

 

اپنے افتتاحی کلمات میں قومی جل جیون مشن (این جے جے ایم) کے ایڈیشنل سکریٹری اور مشن ڈائریکٹر جناب کمل کشور سوان نے اس بات کو اجاگر کیا کہ ضلع کلکٹرس کے ساتھ ‘پئے  جل سمواد’ ملک بھر میں بنیادی سطح پر ہونے والی اختراعات اور ضلعی سطح کے تجربات کے تبادلے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم بن کر ابھرا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اس سمواد کے دوران پیش کیے جانے والے بہترین طور طریقوں کو مرتب کرکے وزیر اعظم کے دفتر، کابینہ سکریٹریٹ، نیتی آیوگ اور دیگر متعلقہ وزارتوں سمیت اہم اداروں کے ساتھ مشترک کیا جاتا ہے، تاکہ انہیں وسیع پیمانے پر اپنانے اور پالیسی سازی کے عمل میں ان سے استفادہ کرنے میں مدد مل سکے۔

 

انہوں نے ضلع کلکٹرس پر زور دیا کہ وہ ضلعی آبی وسائل اور صفائی ستھرائی کمیٹیوں (ڈی ڈبلیو ایس سیز) کے باقاعدہ ماہانہ اجلاسوں کو یقینی بنائیں، شواہد پر مبنی منصوبہ بندی کے لیے فیصلہ جاتی تعاون نظام (ڈی ایس ایس) کا فعال استعمال کریں اور جل سیوا آکلن کے دوران سامنے آنے والی خامیوں کا ضلعی سطح کے بہتری منصوبوں (ڈی آئی پی) کے ذریعے جائزہ لیں۔ انہوں نے ریاستوں اور اضلاع سے یہ بھی اپیل کی کہ وہ 16ویں مالیاتی کمیشن کے تحت دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھائیں، کمیونٹی کی شراکت داری کو مستحکم بنائیں اور جل جیون مشن کے تحت قائم کیے گئے دیہی آبی فراہمی کے بنیادی ڈھانچے کو برقرار رکھنے کے لیے سرکاری اداروں اور آئی ٹی آئی، آر ایس ای ٹی آئی اور ایس آر ایل ایم جیسے ادارہ جاتی نظام کے ذریعے ہنرمندی کو فروغ دیں۔

 

قومی جل جیون مشن کی ڈائریکٹر محترمہ پوجا بھٹ نے جل جیون مشن 2.0 کے تحت ہنرمندی کے فروغ کے موضوع پر ایک پریزنٹیشن پیش کی۔ گاؤں میں  پینے کے پانی کے شعبے میں روزگار کے مواقع کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ مطالعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ آبی فراہمی کے نظام کے آپریشن اور دیکھ بھال کے لیے مقامی سطح پر ہنرمند افرادی قوت تیار کرنے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے جل جیون متروں، کثیر ہنرمند تکنیکی ماہرین، ڈپلومہ یافتہ آپریٹروں اور نگران عملے پر مشتمل مجوزہ خاکے کی تفصیلات پیش کیں، جسے ضلعی سطح کے تکنیکی یونٹوں کی مدد حاصل ہوگی۔ انہوں نے ‘سجلم شکتی’ پہل کو بھی اجاگر کیا، جس کا مقصد خواتین کو پانی کے معیار کی نگرانی، کمیونٹی کو متحرک کرنے اور آبی وسائل  کے تحفظ میں زیادہ فعال کردار ادا کرنے کے لیے بااختیار بنانا ہے۔

پریزنٹیشن میں پینے کے پانی کے بنیادی ڈھانچے کی طویل مدتی پائیداری کو یقینی بنانے کے لیے منظم تربیتی پروگراموں، سرکاری تربیتی اداروں کے ساتھ تال میل اور میدانی سطح پر کام کرنے والے عملے کی تازہ ترین تربیت کے ذریعے مقامی صلاحیتوں کو مستحکم بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔

 

اضلاع کی جانب سے پریزنٹیشن کے ذریعے پیش کیے گئے اختراعی بہترین طور طریقے

 

‘پئے جل سمواد’کے دوران مجموعی طور پر چار اضلاع نے اپنی پیش رفت اور میدانی سطح پر اپنائے گئے بہترین طور طریقے پیش کیے، جن سے جل جیون مشن 2.0 کے تحت دیگر ریاستوں کے اضلاع کو بھی بہتر کارکردگی کے لیے رہنمائی ملے گی۔ ہر پریزنٹیشن متعلقہ ضلع کلکٹر/ضلع مجسٹریٹ نے پیش کی۔

 

کانگڑا نگر، ہماچل پردیش – ڈپٹی کمشنر جناب ہیم راج بیرووا  نے جغرافیائی اعتبار سے دشوار گزار ہمالیائی خطے میں پینے کے پانی کی پائیدار خدمات کو یقینی بنانے کے لیے ضلع کی کوششوں کو پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع میں 100 فیصد کوریج حاصل کر لی گئی ہے اور ‘ہر گھر جل’ سرٹیفکیشن کے سلسلے میں بھی قابل ذکر پیش رفت ہوئی ہے، جبکہ باقی ماندہ گاؤں میں سرٹیفکیشن کا عمل جاری ہے۔ پریزنٹیشن میں دشوار گزار جغرافیائی حالات، بکھری ہوئی آبادیوں، بجلی کی قلت، پرانے تقسیم کاری نظام، مانسون کے دوران پیدا ہونے والی رکاوٹوں اور کام کاج نیز  دیکھ بھال سے متعلق ضروریات جیسے چیلنجوں کو اجاگر کیا گیا۔ ان چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے کانگڑا ضلع نے پرانی اسکیموں کی بحالی اور ان میں توسیع، پمپنگ نظام کو مستحکم بنانے، اضافی ذخیرہ کرنے کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور آبی وسائل کے پائیدار انتظام سے متعلق اقدامات کو ترجیح دی ہے۔ ضلع نے پانی کے معیار کی نگرانی کے اپنے وسیع نیٹ ورک اور گاؤں کی آبی و صفائی کمیٹیوں (وی ڈبلیو ایس سیز) کے ذریعے کمیونٹی کی شمولیت، خواتین اراکین کی تربیت اور بیداری مہم  کو بھی پیش کیا۔ احتیاطی دیکھ بھال کے طریقوں، شکایات کے ازالے کے نظام اور میدانی سطح پر کام کرنے والے متعلقہ فریقوں کی مسلسل صلاحیت سازی کو ضلع کی حکمت عملی کے اہم ستونوں کے طور پر اجاگر کیا گیا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image002_20261119154219_ef916c.jpg

 

قومی جل جیون مشن کے ایڈیشنل سکریٹری اور مشن ڈائریکٹر نے صارفین سے وصول کیے جانے والے آبی محصولات کے نظام کو مستحکم بنانے اور آبی وسائل کی طویل مدتی پائیداری کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ ہماچل پردیش پہاڑی علاقوں میں آبی وسائل  کے پائیدار انتظام سے متعلق چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے اتراکھنڈ میں اپنائے گئے کامیاب بین محکمہ جاتی تال میل کے نمونوں کا مطالعہ کر سکتا ہے۔ انہوں نے منصوبہ بندی اور اقدامات کی نگرانی کے لیے فیصلہ جاتی تعاون نظام کے زیادہ سے زیادہ استعمال کی بھی حوصلہ افزائی کی۔

 

ولساڈ، گجرات – ضلع کلکٹر جناب نتن وی سنگوان  کی پریزنٹیشن میں آپریشن اور دیکھ بھال، آبی محصولات کی وصولی اور ہنرمندی کے فروغ کو مستحکم بنانے کے لیے اختراعی طور طریقوں پر توجہ مرکوز کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع میں 100 فیصد ‘سجلم بھارت آئی ڈی’ اور ‘سجل گاؤں آئی ڈی’ بنانے کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ ضلع نے گرام پنچایتوں، خود امدادی گروپوں اور آپریٹروں کے لیے کارکردگی پر مبنی ترغیبی نظام کو اجاگر کیا، جس سے صارفین سے وصول کیے جانے والے آبی محصولات میں نمایاں بہتری آئی ہے اور دیہی آبی فراہمی کے نظام کی مالی پائیداری مستحکم ہوئی ہے۔ ولساڈ نے زیر زمین  آبی وسائل پر مبنی پینے کے پانی کے نظام کو فروغ دینے کے اپنے تجربات بھی مشترک کیے، جس سے زیرِ زمین پانی کے وسائل پر انحصار کم کرنے میں مدد ملی ہے۔ ضلع نے یہ بھی بتایا کہ صنعتی تربیتی اداروں (آئی ٹی آئیز) اور پیشہ ورانہ تربیتی اداروں کے ذریعے چلائے جانے والے مخصوص تربیتی پروگراموں سے آبی فراہمی کے آپریٹروں، پنچایتوں اور کمیونٹی اداروں کی تکنیکی صلاحیتوں کو مستحکم بنانے میں مدد ملی ہے۔ کمیونٹی میں بیداری پیدا کرنے کے پروگراموں، پانی کے معیار کی باقاعدہ نگرانی اور بنیادی ڈھانچے کی نقشہ سازی کے اختراعی اقدامات کو بھی اجاگر کیا گیا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image003_20261119154249_a872b8.jpg

 

قومی جل جیون مشن کے ایڈیشنل سکریٹری اور مشن ڈائریکٹر نے آبی محصولات کی وصولی، ہنرمندی کے فروغ  ،کام کاج اور دیکھ بھال کے سلسلے میں گجرات کے اختراعی طریقۂ کار کو سراہا۔ انہوں نے گاؤں کی سطح پر کام کرنے والے کارکنوں کے لیے مسلسل تربیت اور تازہ تربیتی پروگراموں کی اہمیت پر زور دیا اور ریاست کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ گجرات کے ہنرمندی کے فروغ اور کمیونٹی پر مبنی انتظام کے طریقوں سے سیکھنے کی خواہش مند دیگر ریاستوں کے لیے مطالعاتی دوروں کا انتظام کرے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image004_20261119154331_c48372.png

 

جورہاٹ، آسام – ڈپٹی کمشنر جناب جے شیوَنی  نے آبی فراہمی کی اسکیموں کو مکمل طور پر فعال بنانے، کمیونٹی کی ملکیت کے احساس کو مستحکم کرنے اور آسام میں دیہی علاقوں کو 24 گھنٹے پانی کی فراہمی کے نظام میں پیش پیش رہنے کے لیے ضلع کی کوششوں کو اجاگر کیا۔ ضلع نے اپنے مضبوط نگرانی کے نظام، غیر مرکزی آپریشن و دیکھ بھال کے طریقۂ کار اور آبی محصولات کی وصولی کو بہتر بنانے کے لیے اپنائے گئے اختراعی طریقوں کی تفصیلات پیش کیں۔ جورہاٹ نے اسکیموں کی باقاعدہ نگرانی، بروقت مرمت اور پنچایتوں و مقامی اداروں کی صلاحیتوں کو مستحکم بنانے کے سلسلے میں نمایاں پیش رفت کی اطلاع دی۔ اس کے علاوہ آبی صارفین کی کمیٹیوں، جل متروں اور جل دوتوں کے ذریعے آبی محصولات کی وصولی کے اختراعی نمونوں اور کمیونٹی کی بھرپور شراکت داری کو بھی اجاگر کیا۔ ان کوششوں سے گاؤں میں پانی کی فراہمی کے نظام کی فعالیت اور مالی پائیداری، دونوں کو بہتر بنانے میں مدد ملی ہے۔ ضلع نے مسلسل پانی کی فراہمی کے نظام کی جانب پیش رفت سے قبل کمیونٹی کو تیار کرنے، مقامی اداروں کو مستحکم بنانے اور مرحلہ وار طریقۂ کار اپنانے کے اپنے تجربات بھی مشترک کیے۔ ضلع کی اس پہل سے پورے آسام میں 24 گھنٹے گاؤں میں  آبی فراہمی کے نظام کو وسعت دینے کے لیے قابل قدر رہنمائی حاصل ہوئی ہے۔

 

قومی جل جیون مشن کے ایڈیشنل سکریٹری اور مشن ڈائریکٹر نے آسام میں 24 گھنٹے گاؤں میں آبی فراہمی کے نظام کی شروعات کرنے پر جورہاٹ کو مبارک باد دی اور دیگر اضلاع سے اپیل کی کہ وہ فعالیت، آپریشن و دیکھ بھال، آبی محصولات کی وصولی اور کمیونٹی کی شراکت داری سے متعلق ضلع کے بہترین طور طریقوں سے سیکھیں اور انہیں اپنائیں۔ انہوں نے ضلع کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ گاؤں  اور گرام پنچایتوں سے آغاز کرتے ہوئے بتدریج تمام علاقوں تک اس سہولت کی توسیع کے ہدف کی جانب پیش رفت کرے۔

 

اُنَکوٹی، تریپورہ – ضلع مجسٹریٹ اور کمشنر محترمہ میگھا جین  نے عوامی شراکت داری، آبی وسائل کے پائیدار انتظام اور قبائلی و دشوار گزار علاقوں میں پینے کے پانی کی خدمات کو مستحکم بنانے پر مرکوز ضلع کے اقدامات پیش کیے۔ انہوں نے پانی کے تحفظ، پانی کے معیار کی نگرانی اور آبی اثاثوں کے تئیں کمیونٹی کی ملکیت کے احساس کو فروغ دینے میں گرام پنچایتوں، خود امدادی گروپوں، اسکولوں کے واٹر کلبوں اور مقامی برادریوں کی فعال شمولیت کو اجاگر کیا۔ ضلع نے زیرِ زمین پانی کی سطح میں اضافے، تالابوں کی بحالی، استعمال شدہ پانی کے انتظام اور بارش کے پانی کو محفوظ کرنے کے لیے مختلف محکموں کے باہمی اشتراک پر مبنی طریقۂ کار بھی پیش کیے۔ متعلقہ محکموں کے درمیان قریبی تال میل کے ذریعے آبی وسائل کے پائیدار انتظام سے متعلق اقدامات کو پینے کے پانی کی فراہمی کی سرگرمیوں کے ساتھ مربوط کیا جا رہا ہے، تاکہ طویل مدتی آبی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ سمواد کے دوران پیش کی گئی ایک قابل ذکر مثال ریانگ برادری کی آبادیوں کے لیے زیر زمین آبی وسائل  پر مبنی پینے کے پانی کی ایک اختراعی اسکیم کی تیاری تھی۔ ریانگ برادری کا تعلق خاص طور پر کمزور قبائلی گروپ (پی وی ٹی جی) سے ہے۔ آبی وسائل کی سائنسی بنیادوں پر نشاندہی، کمیونٹی کی شراکت داری اور مقامی منصوبہ بندی کے ذریعے ضلع نے ایسے علاقے میں پینے کے پانی کے مسائل کامیابی سے حل کیے، جہاں زیرِ زمین پانی پر مبنی حل تکنیکی اعتبار سے قابل عمل نہیں تھے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image005_20261119154359_78213a.jpg

 

قومی جل جیون مشن کے ایڈیشنل سکریٹری اور مشن ڈائریکٹر نے آبی وسائل  کے پائیدار انتظام، کمیونٹی کی شراکت داری اور مختلف محکموں کے باہمی تال میل پر ضلع کی توجہ کو سراہا۔ انہوں نے مانسون کے بعد پانی کے معیار کی جانچ کی اہمیت پر زور دیا اور تمام ریاستوں اور اضلاع کو ہدایت دی کہ وہ صحت عامہ کے تحفظ کے لیے پانی کے معیار کی باقاعدہ نگرانی کو یقینی بنائیں۔

 

ضلع کلکٹرس کے ساتھ 14ویں ‘پئے  جل سمواد’ کے دوران ہونے والی بات چیت سے ظاہر ہوا کہ ملک بھر کے اضلاع پینے کے پانی کی فراہمی کی خدمات کو مستحکم بنانے کے لیے اختراعی اور مقامی ضروریات کے مطابق طریقۂ کار اپنا رہے ہیں۔ توقع ہے کہ ان تجربات کے تبادلے سے کامیاب طور طریقوں کو وسیع پیمانے پر اپنانے میں مدد ملے گی اور پورے ہندوستان میں ‘ہر گھر جل’ کے وژن اور گاؤں میں پانی کی پائیدار فراہمی کے ہدف کی جانب پیش رفت میں مزید تیزی آئے گی۔

 

*******

 

) ش ح – م ع -ت ا )

U.No.7904

 

 


(ریلیز آئی ڈی: 2338485) وزیٹر کاؤنٹر : 5