وزارت آیوش
azadi ka amrit mahotsav

سی سی آر ایچ کے زیر اہتمام جراثیم کش ادویات کے ذمہ دارانہ استعمال کو فروغ دینے کے لیے اینٹی مائیکروبیل مزاحمت سے متعلق قومی مہم کا انعقاد


مرکزی وزیر جناب پرتاپ راؤ جادھو نے اے ایم آر کے تدارک کے لیے اجتماعی کوششوں، عوامی بیداری میں اضافے اور تحقیق کو مزید مستحکم بنانے پر زور دیا

سی سی آر ایچ نے اے ایم آر کے لیے مخصوص ویب پیج شروع کیا اور دو زبانوں میں بیداری کتابچہ جاری کیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 19 NOV 2026 3:28PM by PIB Delhi

آیوش کی وزارت کے تحت ہومیوپیتھی تحقیق کے مرکزی کونسل (سی سی آر ایچ) نے آج نئی دہلی میں جراثیمی ادویات کے خلاف مزاحمت (اے ایم آر) سے متعلق ایک قومی مہم کا انعقاد کیا، جس کا مقصد جراثیم کش ادویات کے ذمہ دارانہ استعمال کو فروغ دینا، عوامی بیداری کو مستحکم کرنا اور سائنسی تحقیق و مربوط کوششوں کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔ یہ مہم ‘‘ایک صحت، ایک اقدام: اے ایم آر کی روک تھام ابھی کریں’’کے موضوع کے تحت منعقد کی گئی، جس کا نعرہ تھا ‘‘مل کر قدم بڑھائیں، اے ایم آر کا مقابلہ کریں، مستقبل کو محفوظ بنائیں’’۔

 

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image001_20261119152907_dd515d.jpg

 اس موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آیوش کی وزارت کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) اور صحت و خاندانی بہبود کی وزارت کے وزیر مملکت جناب پرتاپ راؤ جادھو نے اس بات پر زور دیا کہ اینٹی بایوٹکس کا بے دریغ استعمال نہیں کیا جانا چاہیے اور ہر بیماری میں ان کی ضرورت نہیں ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عام زکام اور فلو جیسے وائرل انفیکشن پر اینٹی بایوٹکس ادویات مؤثر نہیں ہوتیں۔ تاہم، خود سے دوائیں لینا، پہلے سے بچی ہوئی ادویات کا استعمال کرنا اور طبی مشورے کے بغیر اینٹی بایوٹکس ادویات کا استعمال، اے ایم آر کے بڑھتے ہوئے چیلنج میں اضافے کا سبب بنتا ہے۔

 

28 دسمبر 2025 کو وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے پروگرام ‘‘من کی بات’’ میں دیے گئے پیغام کا حوالہ دیتے ہوئے، جناب پرتاپ راؤ جادھو نے اس بات کا اعادہ کیا کہ‘‘ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر اینٹی بایوٹکس دوائیں  نہ لیں۔’’ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ادویات کے محتاط اور مناسب استعمال کو فروغ دینے کے لیے عوامی بیداری اور اجتماعی ذمہ داری ناگزیر ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image002_20261119152913_6ef695.jpg

 

اے ایم آر سے نمٹنے کے لیے چار اہم ترجیحات کو اجاگر کرتے ہوئے، جناب جادھو نے زور دیا کہ اینٹی بایوٹکس کا استعمال صرف طبی نسخے کے مطابق اور محتاط انداز میں کیا جائے اور تجویز کردہ ادویات کا مکمل کورس کیا جائے؛ پینے کے صاف پانی، ہاتھوں کی صفائی، حفظانِ صحت، خوراک کے تحفظ اور ٹیکہ کاری کے ذریعے انفیکشن کی روک تھام کے اقدامات کو مستحکم کیا جائے؛ تحقیق، تجربہ گاہوں کے بنیادی ڈھانچے اور نگرانی کے نظام کو بہتر بنایا جائے؛ نیز طبی تعلیم اور صحت کی دیکھ بھال سے وابستہ پیشہ ور افراد کی تربیت میں اے ایم آر اور ادویات کے معقول استعمال کو شامل کیا جائے۔

 

آیوش کی وزارت کی جوائنٹ سکریٹری محترمہ الارمیل منگئی ڈی نے خصوصی خطاب کیا اور اس بات کو اجاگر کیا کہ آیوش کی وزارت اپنے تحقیقی اداروں، طبی نیٹ ورکس اور تعلیمی سرگرمیوں کے ذریعے اس شعبے میں اہم کردار ادا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ سی سی آر ایچ کی اس پہل کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کونسل نے اے ایم آر سے متعلق بیداری کی سرگرمیوں کو سالانہ تقریبات تک محدود رکھنے کے بجائے ایک مسلسل، منظم اور جامع قومی مہم میں تبدیل کرنے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔

 

سی سی آر ایچ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر سبھاش کوشک نے اے ایم آر سے متعلق کونسل کی پہل اور تحقیقی نقطۂ نظر پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے سائنسی فہم کو مستحکم کرنے اور متعلقہ فریقوں کی شمولیت کو فروغ دینے کے لیے تحقیق، بیداری پیدا کرنے، صلاحیت سازی اور ادارہ جاتی تعاون کے شعبوں میں جاری کوششوں کو اجاگر کیا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image003_20261119152920_deaa03.jpg

 

اس موقع پر آیوش کی وزارت کی مشیر (ہومیوپیتھی) ڈاکٹر پریتھا کِژَکُٹِّل، ہومیوپیتھی کے قومی کمیشن (این سی ایچ) کے چیئرپرسن ڈاکٹر تارکیشور جین اور سی سی آر ایچ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر کے سی مرلی دھرن بھی موجود تھے۔ ان کے علاوہ آیوش کی وزارت، این سی ایچ اور سی سی آر ایچ کے سینئر افسران نے بھی پروگرام میں شرکت کی۔

 

پروگرام کی ایک اہم خصوصیت اینٹی مائیکروبیل مزاحمت (اے ایم آر) سے متعلق سی سی آر ایچ کے مخصوص ویب پیج کا آغاز اور اے ایم آر سے متعلق دو زبانوں میں بیداری کتابچے کا اجرا تھا۔ ان اقدامات کا مقصد مستند معلومات تک رسائی کو بہتر بنانا، عوام کی سمجھ بوجھ میں اضافہ کرنا اور جراثیم کش ادویات کے ذمہ دارانہ استعمال کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

 

پروگرام میں اے ایم آر سے متعلق عہد بھی دلایا گیا، جس کے ذریعے جراثیم کش ادویات کے ذمہ دارانہ استعمال اور ان کے خلاف مزاحمت کی روک تھام اور اس پر قابو پانے کی کوششوں کے تئیں اجتماعی عزم کا اعادہ کیا گیا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image004_20261119152926_815925.jpg

 

جراثیم کے خلاف ادویات کی مزاحمت اس وقت پیدا ہوتی ہے جب بیکٹیریا، وائرس، فنگس اور طفیلیے سمیت خرد نامیے ان ادویات کے خلاف مزاحمت پیدا کر لیتے ہیں، جنہیں ان سے نمٹنے کے لیے تیار کیا گیا ہوتا ہے۔ اس کے نتیجے میں انفیکشن کا علاج کرنا بتدریج مشکل ہوتا جاتا ہے۔ اے ایم آر صحتِ عامہ کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے ‘‘ایک صحت’’ کے نقطۂ نظر کے تحت انسانی صحت، مویشیوں کی  صحت، زراعت اور ماحولیاتی شعبوں میں مربوط کوششوں کی ضرورت ہے۔

 

یہ مہم اے ایم آر کے بڑھتے ہوئے چیلنج سے نمٹنے کے لیے آیوش کی وزارت اور سی سی آر ایچ کے اس عزم کو اجاگر کرتی ہے کہ متعلقہ فریقوں کی باہمی شمولیت اور مربوط کوششوں کے ذریعے تحقیق کو مستحکم کیا جائے، عوامی بیداری کو فروغ دیا جائے اور جراثیم کش ادویات کے ذمہ دارانہ استعمال کو یقینی بنایا جائے۔

 

*******

 

) ش ح – م ع -ت ا )

U.No.7901

 

 


(ریلیز آئی ڈی: 2338475) وزیٹر کاؤنٹر : 8