پوسٹ کرنے کی تاریخ:
19 NOV 2026 3:10PM by PIB Delhi
ایشیا کے سب سے بڑے فضائی شو اور دنیا کی ممتاز فضائی و دفاعی نمائشوں میں سے ایک، ایرو انڈیا کے 16ویں ایڈیشن کے لیے میڈیاکے نمائندوں کا رجسٹریشن شروع ہوگیاہے۔ یہ نمائش 8 سے 12 فروری 2027 تک کرناٹک کے بنگلورمیں واقع ایئر فورس اسٹیشن یلہنکا میں منعقد ہوگی۔ اس ایئرشو کی کوریج میں دلچسپی رکھنے والے میڈیا کےنمائندے https://aeroindia.gov.in/ پر رجسٹریشن کر سکتے ہیں۔ رجسٹریشن کی آخری تاریخ 4 جنوری 2027 ہے۔
رجسٹریشن کے لیے درخواست دہندگان کے پاس درج ذیل دستاویزات ہونا ضروری ہیں:
- تسلیم شدہ صحافیوں کے لیے پی آئی بی یا ریاستی حکومت کا ایکریڈیٹیشن کارڈ اور غیر تسلیم شدہ میڈیا نمائندوں کے لیے معتبر میڈیا شناختی کارڈ۔ (فائل کا حجم 1 ایم بی سے زیادہ نہ ہو)
- تمام میڈیا نمائندوں کے لیے حکومت کی جانب سے جاری کردہ تصویری شناختی کارڈ۔ (فائل کا حجم 1 ایم بی سے زیادہ نہ ہو)
- حالیہ ذاتی تصویر۔ (فائل کا حجم 512 کے بی سے زیادہ نہ ہو)
- غیر ملکی صحافیوں کے لیے معتبر ’جے‘ ویزا۔ (فائل کا حجم 1 ایم بی سے زیادہ نہ ہو)
وزارتِ دفاع کے محکمہ دفاعی پیداوار کے زیر اہتمام ایرو انڈیا 2027 فضائی و دفاعی شعبے کی سرکردہ کمپنیوں، پالیسی سازوں، تکنیکی ماہرین، اختراع کاروں، صنعت کے نمائندوں اور دفاعی اہلکاروں کو ایک مشترکہ عالمی پلیٹ فارم پر جمع کرنے کا اہم ذریعہ ثابت ہوگا۔ پانچ روزہ تقریب میں وسیع نمائش کے ساتھ کاروباری اور تزویراتی تبادلوں کے متعدد اجلاس بھی منعقد ہوں گے، جن کے ذریعے صنعتی اشتراک، حکومت اور صنعت کے درمیان رابطے، ٹیکنالوجی کا عملی مظاہرہ اور معلومات و تجربات کا تبادلہ ممکن ہوگا۔ اس تقریب کا ایک اہم پہلو ہندوستانی فضائیہ اور شرکت کرنے والی بین الاقوامی فضائی ٹیموں کے شاندار فضائی مظاہرے ہوں گے، جن میں جدید ترین ہوابازی کی ٹیکنالوجی اور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا جائے گا۔
ایرو انڈیا کے 16ویں ایڈیشن سے آتم نربھر بھارت کے تئیں ہندوستان کے عزم کو مزید تقویت ملنے اور عالمی فضائی و دفاعی سپلائی چین میں ایک قابلِ اعتماد شراکت دار کے طور پر اس کا مقام مزید مستحکم ہونے کی توقع ہے۔ یہ نمائش ہندوستانی دفاعی صنعتوں، بشمول چھوٹی، درمیانی اور خورد صنعتوں (ایم ایس ایم ای) اور اسٹارٹ اپس کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار، کاروبار کے نئے مواقع تلاش کرنے اور شراکت داری قائم کرنے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاری، برآمدات اور ٹیکنالوجی کے اشتراک کو بھی فروغ ملے گا۔
******
( ش ح ۔ م ش ع ۔ م ا )
UR No-7899