نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کی وزارت نے  ہندوستان میں کھیلوں کی لیگز کے پائیدار نظام کی تشکیل کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 18 NOV 2026 12:48PM by PIB Delhi

کھیلو بھارت نیتی اور وکست بھارت @2047 کے وژن سے ہم آہنگی کے تحت نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کی وزارت کے محکمۂ کھیل نے 14 ارکان پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔ اس کمیٹی کو ہندوستان میں کھیلوں کی لیگز کا ایک وسیع تر، پیشہ ورانہ طور پر منظم اور مالی اعتبار سے پائیدار نظام تیار کرنے کے لیے جامع لائحۂ عمل وضع کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔اس نظام کا مقصد کھیلوں کے باقاعدہ اور اعلیٰ معیار کے مقابلوں کے ذریعے صلاحیتوں کی شناخت اور کھلاڑیوں کی تربیت و ترقی کے لیے مسلسل مواقع فراہم کرنا ہے۔ اس کے ساتھ ہی کھیلوں کے انتظام، نشریات، ٹیکنالوجی، تقریبات اور ان سے متعلقہ دیگر خدمات کے شعبوں میں نجی سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا بھی اس کے اہم مقاصد میں شامل ہے۔

اگرچہ ملک میں کھیلوں کی کئی لیگز نے مختلف سطحوں پر کامیابی حاصل کی ہے، تاہم کھیلوں اور سماجی اعتبار سے بھرپور امکانات رکھنے والے متعدد شعبوں کو ابتدائی مرحلے میں تجارتی طور پر قابلِ عمل بنانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ اسی کے پیش نظر کمیٹی ملک میں کھیلوں کی لیگز کے موجودہ نظام کا جائزہ لے گی، تاکہ ان کے قیام اور پائیداری کی راہ میں حائل اہم مسائل اور رکاوٹوں کی نشاندہی کی جا سکے۔ اس کے علاوہ، کمیٹی ان کھیلوں اور شعبوں کی نشاندہی کرے گی ،جنہیں ترجیحی بنیادوں پر فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ ان میں خصوصی طور پر اولمپک کھیل، خواتین اور نوجوانوں کے کھیل، مقامی و روایتی کھیل اور نئے ابھرتے ہوئے کھیل شامل ہوں گے۔ کمیٹی ہر کھیل کی نوعیت، اس کی مقبولیت، ترقی کے امکانات اور تجارتی گنجائش کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کے لیے ایسا انتظامی ماڈل تجویز کرے گی جو کھیل کے فروغ کے ساتھ ساتھ اسے مالی طور پر بھی پائیدار بنانے میں مدد دے۔ اس خلا کو پُر کرنے کے لیے کمیٹی حکومت کی جانب سے منظم سہولت کاری کے طریقۂ کار کا جائزہ لے گی، جس میں نجی شعبے، کھیلوں کی تنظیموں، ریاستی حکومتوں، مقامی اداروں اور برادریوں کی فعال شرکت بھی شامل ہوگی۔ اس ضمن میں مخصوص اقدامات کا جائزہ بھی لیا جائے گا، جن میں قابلِ عمل بنانے کے لیے مالی امداد (وی جی ایف)، براہ راست اور بالواسطہ مالی معاونت اور سرکاری کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے تک رعایتی رسائی شامل ہیں۔

کمیٹی کو موجودہ نظام کی رکاوٹوں کا جائزہ لینے، ترجیحی کھیلوں اور ان کے لیے موزوں انتظامی ماڈل کی نشاندہی کرنے اور کارپوریٹ سرمایہ کاری، فرنچائز کی ملکیت، اسپانسرشپ، نشریاتی اور ڈیجیٹل حقوق نیز کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (سی ایس آر) کے تحت مالی اعانت کو راغب کرنے کے لیے اقدامات تجویز کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، کمیٹی نوجوانوں اور خواتین میں ابتدائی سطح پر کھیلوں میں شرکت کو فروغ دینے کے لیے اسکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں اور مقامی کلبوں کو کھیلوں کی لیگز سے مربوط کرنے کی حکمت عملی بھی پیش کرے گی۔ ساتھ ہی مالی شفافیت، کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود اور کھیلوں میں دیانت داری کو یقینی بنانے کے لیے ایک ادارہ جاتی نظام حکمرانی وضع کرنے کے علاوہ، عالمی سطح کے بہترین طور طریقوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مرحلہ وار نفاذ کا لائحۂ عمل بھی تجویز کرے گی۔

کمیٹی کی تشکیل درج ذیل ہے:

نمبر شمار

نام

عہدہ

1.

نام اور عہدہ

ذمہ داری

2.

جناب کنال، جوائنٹ سکریٹری (گورننس)

کنوینر

3.

جناب ونیل کرشنا، جوائنٹ سکریٹری (کھیلو انڈیا)

رکن

4.

جناب رگھو رام ایر، چیف ایگزیکٹو آفیسر، انڈین اولمپک ایسوسی ایشن (آئی او اے)

رکن

5.

جناب بی۔ سری نواسن، ریلائنس انڈسٹریز لمیٹڈ (آر آئی ایل)

رکن

6.

جناب ہیمنگ امین، چیف آپریٹنگ آفیسر، انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل)، بی سی سی آئی

رکن

7.

جناب پی کے ایس وی ساگر، جی ایم آر اسپورٹس

رکن

8.

جناب سنجے اڈیسرہ، اڈانی اسپورٹس لائن

رکن

9.

جناب دیویانشو سنگھ، جے ایس ڈبلیو اسپورٹس

رکن

10.

جناب ایشان چٹرجی، جیو ہاٹ اسٹار

رکن

11.

جناب راجیش کول، سونی پکچرز

رکن

12.

جناب انوپم سوروپ، ڈی ڈی اسپورٹس

رکن

13.

جناب پراگ دراڈے، زی انٹرٹینمنٹ

رکن

14.

جناب ابھیجیت بھٹاچاریہ، بی وی ایل

رکن

 

کمیٹی کو قومی کھیلوں کی فیڈریشنوں، موجودہ کھیلوں کی لیگز کے عہدیداروں، سرمایہ کاروں اور کھیلوں کے شعبے میں ٹیکنالوجی فراہم کرنے والی کمپنیوں سے مشاورت کا اختیار حاصل ہوگا۔ کمیٹی اپنے اجلاس بالمشافہ، آن لائن یا دونوں طریقوں کو یکجا کرتے ہوئے منعقد کر سکے گی اور آٹھ ہفتوں کے اندر اپنی حتمی سفارشات وزارت کو پیش کرے گی۔

***

ش ح۔ م ع ن- ج

U.NO.7824


(ریلیز آئی ڈی: 2337819) وزیٹر کاؤنٹر : 8
یہ ریلیز پڑھیں: English , Marathi , Gujarati , Tamil