زراعت اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کی وزارت
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
17 NOV 2026 7:42PM by PIB Delhi
مرکزی وزیر برائے زراعت و کسان بہبود، اور دیہی ترقی، جناب شیوراج سنگھ چوہان نے آج صاحبزادہ اجیت سنگھ نگر ضلع (موہالی)، پنجاب کے بادرپور گاؤں میں منعقدہ ’کھیت بچاؤ ابھیان‘ پروگرام میں شرکت کی اور ریاست کے کسانوں کے لیے اہم امداد کا اعلان کیا۔ پنجاب کے وزیر زراعت جناب گرمیت سنگھ کھڈیان کی موجودگی میں، جناب چوہان نے مالی سال 2026-27 کے لیے پردھان منتری راشٹریہ کرشی وکاس یوجنا (پی ایم-آر کے وی وائی) کے تحت مدر سینکشن کی دوسری قسط کے طور پر 254.20 کروڑ روپے کی منظوری کا خط سونپا۔ اس کے علاوہ، مرکزی حکومت نے ریاست کے سالانہ ایکشن پلان کے تحت سات نئے زرعی منصوبوں کو منظوری دی، جس کا کل خرچ 98.44 کروڑ روپے ہے۔ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے، وزیر موصوف نے کھادوں کی بلیک مارکیٹنگ اور کھاد کی خریداری کے ساتھ دیگر مصنوعات کی جبری ٹیگنگ کے عمل میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کیا۔ انھوں نے کہا کہ ایسے طریقوں میں ملوث پائے جانے والوں کو قید کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انھوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ جعلی کیڑے مار ادویات اور دیگر غیر معیاری زرعی اشیا کی فروخت پر قابو پانے کے لیے ایک نیا سخت کیڑے مار دوا قانون متعارف کرایا جائے گا۔ ان اقدامات کے ساتھ، انھوں نے یوریا کے متبادل کے طور پر 10,000 ہیکٹر پر ایک نئے گرین امونیا کے تجربے کی تفصیلات بھی شیئر کیں۔

گرو نانک دیو جی کی مقدس سرزمین پنجاب کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے، مرکزی وزیر زراعت جناب شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ پنجاب کے فوجیوں نے ہمیشہ قوم کے دفاع میں ثابت قدمی دکھائی ہے، جب کہ ریاست کے کسانوں نے اپنی محنت اور سبز انقلاب میں حصہ ڈال کر ملک کے گودام بھرے ہیں۔ یہ یاد دلاتے ہوئے کہ گرو نانک دیو جی کا پرکاش پرو (یوم پیدائش) آنے والی 24 تاریخ کو منایا جائے گا، جناب چوہان نے کہا کہ گرو صاحب کی تعلیمات، خاص طور پر ’کرت کرو، نام جپو اور ونڈ چھکو‘ - ”ایمان داری سے کام کرو، بھگوان کو یاد کرو اور دوسروں کے ساتھ بانٹو“ - کا پیغام انسانیت کو خدمت، محنت اور لگن کی طرف مسلسل تحریک دے رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ اقدار معاشرے کی خدمت کے لیے نئی تحریک اور توانائی فراہم کرتی ہیں۔ وہاں جمع کسانوں سے جذباتی انداز میں بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا، ”میرے کسان بھائیو اور بہنو، میں وزیر ہونے سے پہلے آپ کا ’ماما‘ ہوں۔ میرے لیے کسانوں کی خدمت خدا کی عبادت سے کم نہیں۔“ انھوں نے زور دیا کہ کسانوں کی بہبود ایک ایسی ذمہ داری ہے جو سرکاری عہدوں اور سیاسی تحفظات سے بالاتر ہے۔
مرکز اور ریاست کسانوں کی خدمت کے لیے مل کر کام کریں گے: پنجاب کے لیے 254.20 کروڑ روپے کی امداد
سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر کسانوں کی بہبود کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے، مرکزی وزیر جناب شیوراج چوہان نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتیں مختلف سیاسی جماعتوں کے ذریعے چلائی جا سکتی ہیں، لیکن اس سے کسانوں کے تئیں ان کی مشترکہ ذمہ داری میں کوئی فرق نہیں آنا چاہیے۔ انھوں نے زور دے کر کہا کہ ان کا واحد مقصد پنجاب کے کسانوں کی زندگیوں اور معاش کو بہتر بنانا ہونا چاہیے۔ اس عزم کے مطابق، انھوں نے پی ایم-آر کے وی وائی کے تحت 254.20 کروڑ روپے کی منظوری کا خط پنجاب کے وزیر زراعت جناب گرمیت سنگھ کھڈیان کو سونپا۔ اس مختص رقم کے علاوہ، مرکزی حکومت نے پنجاب حکومت کی درخواست کے جواب میں 98.44 کروڑ روپے کے سات نئے منصوبوں کو بھی منظوری دی تھی۔ یہ منصوبے، جو ریاست کے سالانہ ایکشن پلان میں شامل ہیں، پنجاب بھر میں زرعی ترقی کی حمایت کے لیے ہیں۔ منظور شدہ فنڈز زرعی پیداواری صلاحیت بڑھانے، جدید زرعی بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور ریاست کے زرعی شعبے کی مجموعی ترقی کو نئی تحریک دینے میں مدد کریں گے۔ جناب چوہان نے کہا کہ مرکز کسانوں کے فائدے کے لیے ریاستوں کو ضروری مدد فراہم کرنے کے لیے عہدبستہ ہے، چاہے حکومتوں کے درمیان سیاسی اختلافات کچھ بھی ہوں۔
کھاد کی ٹیگنگ اور بلیک مارکیٹنگ کے خلاف سخت وارننگ؛ نیا کیڑے مار دوا ایکٹ متعارف کرایا جائے گا
کسانوں کو متاثر کرنے والے مسائل پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے، مرکزی وزیر جناب چوہان نے واضح کیا کہ کسی بھی ڈیلر یا دکاندار کو ’ٹیگنگ‘ کے عمل کے ذریعے کسانوں کو کھاد کے ساتھ غیر ضروری مصنوعات خریدنے پر مجبور کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں، مرکزی حکومت بین الاقوامی سطح پر زیادہ قیمتوں پر کھادیں درآمد کرتی ہے اور کسانوں کو کافی سبسڈی کے ساتھ فراہم کرتی ہے تاکہ کسان ضروری زرعی اشیا کو سستی قیمتوں پر حاصل کر سکیں اور ان کے استعمال سے فائدہ اٹھا سکیں۔ انھوں نے خبردار کیا کہ جو بھی بلیک مارکیٹنگ یا کھاد کے ساتھ دیگر مصنوعات کی جبری ٹیگنگ میں ملوث پایا جائے گا، اسے سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انھوں نے کہا، ”اگر کوئی بلیک مارکیٹنگ یا ٹیگنگ میں ملوث ہوتا ہے، تو ان کے لیے صرف جیل ہی جگہ ہوگی۔“ انھوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ حکومت موجودہ کیڑے مار دوا ایکٹ کو ایک نئے اور زیادہ سخت قانون سے تبدیل کرنے کی تیاری کر رہی ہے تاکہ جعلی کھادوں، نقلی بیجوں اور غیر معیاری کیڑے مار ادویات کے مسئلے کو جڑ سے ختم کیا جا سکے۔ مجوزہ قانون سازی کا مقصد کسانوں کو ناقص معیار اور دھوکہ دہی پر مبنی زرعی اشیا سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔ نئے قانون کی تشکیل کے عمل کے حصے کے طور پر ملک بھر کے کسانوں اور ماہرین سے تجاویز طلب کی جا رہی ہیں۔ جناب چوہان نے کہا کہ حکومت کسانوں کو ایسے طریقوں سے بچانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے کے لیے عہدبستہ ہے جو ان کے اخراجات میں اضافہ کرتے ہیں اور زرعی پیداواری صلاحیت کو متاثر کرتے ہیں۔

10,000 ہیکٹر پر گرین امونیا کا تجربہ؛ مٹی کی صحت کے تحفظ کا مطالبہ
مرکزی وزیر جناب شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ وہ پالیسیاں وضع کرتے وقت دہلی کے دفتر تک محدود رہنے کے بجائے کسانوں کے کھیتوں کی حدود پر ان کے ساتھ بیٹھ کر ان کے خدشات کو سمجھنے میں یقین رکھتے ہیں۔ پروگرام کے دوران، انھوں نے سبز امونیا کا ایک لائیو مظاہرہ دیکھا اور کسانوں کو بتایا کہ بھارت سرکار پہلی بار 10,000 ہیکٹر پر اس ٹیکنالوجی کا تجربہ کر رہی ہے، جس میں یوریا کے متبادل کے طور پر سبز امونیا کی تلاش کی جا رہی ہے۔ اگر یہ کام یاب ہوتا ہے تو یہ اقدام کسانوں کو کافی فوائد پہنچا سکتا ہے۔ مٹی کی صحت کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے، انھوں نے کہا کہ جس طرح دواؤں کا زیادہ استعمال کسی شخص کو بیمار کر دیتا ہے، اسی طرح یوریا، ڈی اے پی اور دیگر کیمیائی کھادوں کا بے دریغ استعمال ’مادرِ ارض‘ کو بیمار کر رہا ہے۔ انھوں نے کسانوں پر زور دیا کہ وہ کھاد اور غذائی اجزا استعمال کرنے سے پہلے اپنی مٹی کی جانچ کروائیں، اور صرف وہی غذائی اجزا، اور صرف اتنی مقدار میں استعمال کریں جتنی ان کے کھیتوں کو درکار ہے۔ یہ غیر ضروری اخراجات اور کیمیائی مادوں کے زیادہ استعمال سے بچتے ہوئے مٹی کی زرخیزی کو برقرار رکھنے میں مدد کرے گا۔ وزیر موصوف نے کسان بھوپندر سنگھ جی کی بھی ستائش کی کہ انھوں نے فصل کی باقیات کو جلانے کے بجائے مٹی میں شامل کرکے ان کا انتظام کیا۔ پنجاب کے ذریعے پرالی جلانے کے واقعات کو مسلسل کم کرنے کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے، انھوں نے کہا کہ یہ ریاست ملک کے باقی حصوں کے لیے ایک مثال قائم کر رہی ہے۔ انھوں نے کسانوں پر زور دیا کہ وہ ماحول کی حفاظت اور اپنی مٹی کی صحت کو برقرار رکھنے کے لیے فصل کی باقیات کے ذمہ دارانہ انتظام کے طریقوں کو اپناتے رہیں۔


فصلوں کے تنوع، مربوط کاشتکاری اور ہنی بورڈ پر بڑے فیصلے
جناب چوہان نے کہا کہ صرف گندم-دھان کی فصلوں کے چکر پر مسلسل انحصار نہ تو مٹی کی صحت کے لیے فائدہ مند ہے اور نہ ہی طویل مدت میں کسانوں کی آمدنی کو بہتر بنانے کے لیے کافی ہے۔ انھوں نے چھوٹے کسانوں کو مربوط کاشتکاری اپنانے کی ترغیب دی، یہ وضاحت کرتے ہوئے کہ فصلوں کی کاشت کو پھلوں اور سبزیوں کی پیداوار، مویشی پروری، ماہی پروری، پولٹری، بکری پالن، مشروم کی کاشت اور شہد کی مکھیوں کی پرورش جیسی سرگرمیوں کے ساتھ جوڑنا پورے سال آمدنی کا ایک باقاعدہ ذریعہ فراہم کر سکتا ہے۔ اپنی سرگرمیوں کو متنوع بنا کر اور دستیاب زمین اور وسائل کا بہتر استعمال کرکے، کسان ایک ہی فصل پر اپنی انحصار کم کر سکتے ہیں اور اضافی آمدنی کے مواقع پیدا کر سکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بھارت سرکار کا مقصد وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں اگلے بجٹ کے ذریعے بھی کسانوں تک مزید مربوط کاشتکاری کے منصوبے پہنچانا ہے۔ اس کا مقصد فصلوں کے تنوع اور مربوط کاشتکاری کو اس طرح فروغ دینا ہوگا جو خاص طور پر چھوٹے کسانوں کو فائدہ پہنچائے اور ان کے ذریعے معاش کو مزید محفوظ بنائے۔

کسانوں کے ساتھ اپنی گفت و شنید کے دوران، مرکزی وزیر جناب چوہان نے ترقی پسند کسانوں جگدیش جی، جو نامیاتی کاشتکاری، ساہیوال ڈیری فارمنگ اور شہد کی مکھیوں کی پرورش میں مصروف ہیں؛ فتح سنگھ جی، جو بغیر کسی درمیانی شخص کے خالص دودھ اور مٹھائیاں براہ راست صارفین کو فروخت کرتے ہیں؛ اور رتن جوت جی، جنھوں نے پانچ ایکڑ پر ورمی کمپوسٹ پروجیکٹ قائم کیا ہے، کی اختراعی کوششوں کو سراہا۔ ایسے ترقی پسند کسانوں کو ملک کے لیے رول ماڈل قرار دیتے ہوئے، جناب چوہان نے زرعی انٹرپرائز کے عملی اور پائیدار ماڈل تیار کرنے کی ان کی کوششوں کی ستائش کی۔ انھوں نے ہدایت دی کہ شہد پیدا کرنے والوں کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال اور ان کو حل کرنے کے لیے قومی شہد کی مکھیوں کی پرورش بورڈ (ہنی بورڈ) کی ایک خصوصی میٹنگ منعقد کی جائے۔ انھوں نے نامیاتی مصنوعات کے لیے سرٹیفیکیشن کے عمل کو آسان بنانے کا بھی مطالبہ کیا تاکہ نامیاتی اشیا تیار کرنے والے کسان زیادہ آسانی سے سرٹیفیکیشن حاصل کر سکیں۔ اس کے علاوہ، کسانوں نے کئی مقامی خدشات اٹھائے، جن میں چھوٹے گروپوں کے لیے زرعی مشینری پر 80 فیصد سبسڈی کا مطالبہ، مورنڈا شوگر مل کی جدید کاری اور آوارہ مویشیوں کا مسئلہ شامل تھا۔ جناب چوہان نے انھیں یقین دلایا کہ ان مسائل کو حل کرنے کے لیے ریاستی حکومت کے ساتھ ہم آہنگی سے مثبت اقدامات کیے جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ کسانوں کے ذریعے براہ راست اٹھائے گئے خدشات کو متعلقہ حکام کے سامنے پیش کیا جائے گا تاکہ عملی حل تلاش کیے جا سکیں۔
پنجاب کے وزیرِ زراعت جناب گرمیت سنگھ کھڈیان، سینئر رہ نما جناب سنیل جاکھڑ، زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر، مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے محکمہ زراعت کے سینئر اہلکاران، کرشی وگیان کیندروں (کے وی کے) کے سائنس دان، اور بڑی تعداد میں ترقی پسند کسان تنظیموں کے نمائندے اس موقع پر موجود تھے۔
***
(ش ح - ع ا)
U.No. 7803