امور صارفین، خوراک اور عوامی تقسیم کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

سی سی پی اے نے امونیم نائٹریٹ، پی ای ٹی این اور پکرک ایسڈ کی آن لائن فروخت کے معاملے میں دو الگ الگ احکامات کے تحت ایکسپورٹرز انڈیا ڈاٹ کام (ویب لنک ڈاٹ  اِن پرائیویٹ لمیٹڈ) پر 20 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا


جرمانے اور جاری کردہ ہدایات برقرار؛ این سی ڈی آر سی میں اپیل مسترد

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 16 NOV 2026 4:50PM by PIB Delhi

نیشنل کنزیومر ڈسپیوٹس ریڈریسل کمیشن (این سی ڈی آر سی)، نئی دہلی نے 12 نومبر 2026 کو جاری کردہ دو الگ الگ احکامات کے ذریعے ایکسپورٹرز انڈیا ڈاٹ کام کی منتظمہ کمپنی ویب لنک ڈاٹ  اِن پرائیویٹ لمیٹڈ کی جانب سے سینٹرل کنزیومر پروٹیکشن اتھارٹی (سی سی پی اے) کے دو حتمی احکامات کے خلاف دائر کردہ اپیلیں خارج کر دی ہیں۔ اس طرح کمیشن نے پلیٹ فارم پر ضابطے کے تحت آنے والے اور خطرناک دھماکہ خیزمواد کی آن لائن لسٹنگ، ان کی میزبانی، تشہیر اور فروخت میں سہولت فراہم کرنے کے معاملے میں سی سی پی اے کی جانب سے عائد کردہ جرمانے اور جاری کردہ ہدایات کو مکمل طور پر برقرار رکھا ہے۔ یہ کارروائی ای- کامرس پلیٹ فارم پر اس طرح کی لسٹنگ کے خلاف سی سی پی اے کی جانب سے پہلے کی گئی وسیع تر کارروائی کے تسلسل میں کی گئی ہے۔

پس منظر: دھماکہ خیز مواد کی آن لائن لسٹنگ کے خلاف سی سی پی اے کی کارروائی

چیف کمشنر محترمہ ندھی کھرے اور کمشنر جناب انوپم مشرا کی سربراہی میں سینٹرل کنزیومر پروٹیکشن اتھارٹی (سی سی پی اے) نےصارفین کے تحفظ کے قانون 2019 کی دفعات 18 اور 19 کے تحت حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے ای- کامرس پلیٹ فارم کا ملک گیر جائزہ لیا۔ اس جائزے کا مقصد یہ معلوم کرنا تھا کہ آیا خطرناک کیمیکلز، دھماکہ خیز مواد اور ان سے متعلقہ ابتدائی مادوں، یعنی امونیم نائٹریٹ، گن پاؤڈر، پکرک ایسڈ اور پینٹا اریتھریٹول ٹیٹرا نائٹریٹ (پی ای ٹی این) کو آن لائن لسٹنگ میں شامل کیا جا رہا ہے، پلیٹ فارم  پر فروخت کے لیےدستیاب رکھا جا رہا ہے، ان کی تشہیر کی جا رہی ہے یا فروخت کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔

ان مادوں کو ایکسپلوسیو ایکٹ 1884 اور اس کے تحت وضع کردہ اصول کے تحت ضابطے میں رکھا گیا ہے، ان پر پابندیاں عائد ہیں یا ان کا استعمال ممنوع ہے۔ پکرک ایسڈ کو 7 اگست 1983 کے نوٹیفکیشن جی ایس آر 625 (ای) کے ذریعے دھماکہ خیز مادہ قرار دیا گیا تھا، جب کہ امونیم نائٹریٹ کو امونیم نائٹریٹ رولز 2012 کے تحت ممنوعہ زمرے میں رکھا گیا ہے۔

سی سی پی اے نے پایا کہ کئی پلیٹ فارم ان انتہائی حساس مواد تک رسائی کی سہولت فراہم کر رہے تھے، لیکن اس سلسلے میں فروخت کنندہ کے پی ای ایس او (پیٹرولیم اینڈ ایکسپلوسیو سیفٹی آرگنائزیشن) کے درست لائسنس کی تفصیلات ظاہر نہیں کی جا رہی تھیں، خریدار کی شناخت اور لائسنس کی موجودہ حالت کی تصدیق نہیں کی جا رہی تھی، خرید و فروخت کا سراغ لگانے کے لیے مطلوبہ حفاظتی انتظامات موجود نہیں تھے اور نہ ہی ان مادوں کی ملکیت اور استعمال سے متعلق قانونی پابندیوں کے بارے میں کوئی انتباہ دیا جا رہا تھا۔

جائزے کے دائرے میں شامل پلیٹ فارم میں انڈیا مارٹ، جسٹ ڈائل، ڈائل 4 ٹریڈ، سگما آلڈرچ انڈیا، ایکسپورٹرس انڈیا، آئی بائے کیمیکلز اور ٹریڈ انڈیا شامل تھے۔ سی سی پی اے کی مداخلت کے بعد ان تمام پلیٹ فارموں سے ان مادوں کی فہرستیں ہٹا دی گئیں۔

ویب لنک ڈاٹ  اِن پرائیویٹ لمیٹڈ کے خلاف سی سی پی اے کے دو حتمی احکامات

کمپنی کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کرنے، ڈائریکٹر جنرل (تحقیقات) کے ذریعے معاملے کی جانچ کرانے، تحقیقاتی رپورٹ کمپنی کو شیئر کرنے، اس کے تحریری جوابات پر غور کرنے اور اس کے نمائندہ وکیل کا موقف سننے کے بعد سی سی پی اے نے صارفین کے تحفظ کے قانون 2019 کی دفعہ 10 کے ساتھ دفعات 20 اور 21 کے تحت دو الگ الگ حتمی احکامات صادر کیے:

  • 8 ستمبر 2026 کا حتمی حکم: امونیم نائٹریٹ اور پی ای ٹی این کی لسٹنگ سے متعلق۔
  • 10 ستمبر 2026 کا حتمی حکم: پکرک ایسڈ کی لسٹنگ سے متعلق۔

کمپنی نے ان دونوں احکامات کو نیشنل کنزیومر ڈسپیوٹس ریڈریسل کمیشن (این سی ڈی آر سی) کے سامنے چیلنج کیا تھا۔

سی سی پی اے نے ہر حکم کے تحت کمپنی پر 10 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا تھا، اس طرح جرمانے کی مجموعی رقم 20 لاکھ روپے ہو گئی۔ اس کے علاوہ کمپنی کو ہدایت دی گئی کہ وہ ایسے مادوں اور ایکسپلوسیو ایکٹ 1884 یا ایکسپلوسیو سبسٹینس ایکٹ 1908 کے تحت دھماکہ خیز قرار دیے گئے کسی بھی دوسرے مادے کی فہرست ، میزبانی، تشہیر، فروخت یا ان کے بارے میں پوچھ تاچھ کی سہولت فراہم کرنے کا عمل مستقل طور پر بند کرے۔

سی سی پی اےکی تحقیقات: گمراہ کن اشتہارات اور غیر منصفانہ تجارتی طریقے

سی سی پی اے نے فیصلہ دیا کہ کمپنی کا یہ طرزِ عمل صارفین کے تحفظ کے قانون 2019 کی دفعات 2(28) اور 2(47) کے تحت گمراہ کن اشتہار اور غیر منصفانہ تجارتی طریقہ کے زمرے میں آتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ قانون کی دفعہ 2(9) کے تحت صارفین کو زندگی اور املاک کے لیے خطرناک اشیا کی خرید و فروخت سے تحفظ فراہم کرنے کے حق کی بھی خلاف ورزی ہے۔

پلیٹ فارم پر امونیم نائٹریٹ، پی ای ٹی این اور پکرک ایسڈ کو عام مصنوعات کی طرح پیش کیا جا رہا تھا، جہاں ان کی قیمت معلوم کرنے کے اختیارات کے ساتھ ‘‘مناسب قیمت پائیں’’  کا پیغام بھی دیا گیا تھا۔ تاہم، اس بات کی وضاحت نہیں کی گئی تھی کہ یہ مادے نوٹیفائیڈ دھماکہ خیز مواد ہیں، ان کی خرید و فروخت کے لیے لائسنس درکار ہے اور بغیر اجازت ان کو رکھنا قابلِ سزا جرم ہے۔ مزید یہ کہ دھماکہ خیز مادوں کے فروخت کنندگان کے نام کے ساتھ ‘‘مصدقہ’’  کا نشان بھی دکھایا جا رہا تھا، حالانکہ کمپنی نے خود تسلیم کیا کہ اس نے کسی بھی فروخت کنندہ یا خریدار کے لائسنس کی جانچ نہیں کی تھی۔ اس سے خریداروں کو یہ غلط تاثر مل رہا تھا کہ یہ مواد آزادانہ طور پر اور قانونی طور پر خریدے جا سکتے ہیں۔

سی سی پی اے نے مزید کہا کہ پلیٹ فارم بامعاوضہ رکنیت اور بامعاوضہ وی- ٹرسٹ سرٹیفکیٹ کے توسط سے فیس وصول کر رہا تھا، لیکن اس کے باوجود اس نے بنیادی حفاظتی التزامات بھی نہیں کیے تھے۔ جانچ کے دوران جن اہم خامیوں کی نشاندہی کی گئی، ان میں حسب ذیل خامیاں شامل ہیں:

  • فروخت کنندگان کے پی ای ایس او لائسنس کی تفصیلات کا عدم انکشاف
  • خریداروں کی شناخت اور ان کے لائسنس کی حیثیت کی  عدم تصدیق
  • امونیم نائٹریٹ رولز 2012 کے تحت لازمی طور پر مطلوبہ خرید و فروخت کا سراغ لگانے سے متعلق حفاظتی انتظامات کا فقدان۔
  • ان مادوں کو اپنے قبضے میں رکھنے اور استعمال کرنے سے متعلق قانونی پابندیوں کے بارے میں انتباہات کی عدم فراہمی

کمپنی کے اس دعوے کو قبول نہیں کیا گیا کہ وہ محض کاروبار سے کاروبار (بی 2 بی) کے لیے ایک ڈائریکٹری فراہم کرنے والا پلیٹ فارم ہے، کیونکہ کوئی بھی شخص صرف فون نمبر اور ای میل ایڈریس کے ذریعے اندراج کروا سکتا تھا اور کسی بھی مقدار میں ان مواد کی ضرورت ظاہر کر سکتا تھا۔ اس طرح دھماکہ خیز مواد ان افراد تک بھی پہنچ سکتا تھا جنہیں قانوناً اسے اپنے قبضے میں رکھنے کا حق حاصل نہیں تھا۔ اس لیے سی سی پی اے نے مانا کہ اس پلیٹ فارم کے ذریعے صارفین اور عام لوگوں کی سلامتی کو سنگین خطرات لاحق تھے، جو دفعہ 2(9) کی خلاف ورزی ہے۔ اتھارٹی نے یہ بھی واضح کیا کہ اس پلیٹ فارم پر صارفین کے تحفظ (ای- کامرس) کے قواعد 2020 کا اطلاق ہوتا ہے۔

سی سی پی اے اور این سی ڈی آر سی نے قانونی ذمہ داری سے رعایت کے دعوے کو مسترد کر دیا

دونوں قانونی فورموں کے سامنے کمپنی نے دلیل دی کہ وہ محض ثالثی پلیٹ فارم ہے اور اسے انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ 2000 کی دفعہ 79 کے تحت قانونی تحفظ حاصل ہے۔ کمپنی کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسے ان فہرستوں کے بارے میں کوئی براہِ راست علم نہیں تھا اور کسی بھی قانون کے تحت اس پر دھماکہ خیز مواد کے فروخت کنندگان یا خریداروں کے لائسنس کی تصدیق کرنا لازم نہیں تھا۔

تاہم ،سی سی پی اے نے ان دلائل کو مسترد کر دیا۔ اتھارٹی نے مانا کہ دفعہ 79 کے تحت قانونی تحفظ حاصل کرنے کے لیے دفعہ 79(2)(سی) اور انفارمیشن ٹیکنالوجی (ثالثی پلیٹ فارم سے متعلق رہنما ہدایات اور ڈیجیٹل میڈیا  کی اخلاقیات کے ضابطے) قواعد 2021 کے قاعدہ 3(1)(بی) کے تحت مقررہ احتیاطی تقاضوں کی پابندی ضروری ہے۔ شریا سنگھل بنام یونین آف انڈیا مقدمے میں یہ طے کیا گیا ‘‘براہِ راست علم’’  کا اصول نوٹس موصول ہونے پر مخصوص مواد کو ہٹانے کے معاملے پر لاگو ہوتا ہے، لیکن اس سے لسٹنگ کے مرحلے پر مناسب احتیاط برتنے کی آزادانہ ذمہ داری ختم نہیں ہوتی ہے۔ اتھارٹی نے مانا کہ ضابطوں کی ایسی تعمیل، جس کے تحت صرف نشاندہی ہونے کے بعد ہی فہرستوں کو ہٹایا جائے، ضابطے کے تحت آنے والے اور خطرناک مادوں کے معاملے میں کافی نہیں ہے۔

این سی ڈی آر سی نے بھی اس مؤقف کی توثیق کی۔ کمیشن نے فیصلہ سنایا کہ پلیٹ فارم اپنی سہولت کے مطابق منتخب معاملات میں ہی احتیاط برتنے کا دعویٰ نہیں کر سکتاہے۔ مزید یہ کہ ان اعلانات کا علم، جن کے ذریعے ان مادوں کو دھماکہ خیز قرار دیا گیا تھا، ایسے کاروباری سہولت کاروں کو بھی حاصل تصور کیا جائے گا۔ لہٰذا کمپنی انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کی دفعہ 79 کے تحت قانونی تحفظ کا دعویٰ نہیں کر سکتی ہے۔

این سی ڈی آر سی نے اس دلیل کو بھی مسترد کر دیا کہ کسی قانون کے تحت لائسنس کی تصدیق لازمی نہیں ہے۔ کمیشن نے واضح کیا کہ جب کسی پلیٹ فارم کو خطرناک مواد کی تجارت کے اشتہار کے لیے استعمال کیا جا رہا ہو تو اس پلیٹ فارم کی ذمہ داری ہے کہ وہ مناسب احتیاط برتے اور مقررہ ضابطوں کی پابندی کرے۔ کمیشن نے یہ بھی پایا کہ ان اشتہارات میں ایسے مواد کے بارے میں مطلوبہ واضح انتباہات میں سے کوئی بھی موجود نہیں تھا۔

این سی ڈی آر سی نے کہا کہ سی سی پی اے نے فطری انصاف کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے اپنے دائرۂ اختیار میں رہ کر کارروائی کی تھی اور اس کے احکامات میں نہ کوئی خامی تھی، نہ کوئی بے قاعدگی اور نہ ہی قانون کی کوئی غلطی سرزد ہوئی۔ دوسری اپیل میں بھی کمیشن نے انہی وجوہات کی بنا پر کمپنی کے چیلنج کو خارج کر دیا۔

دیگر ای- کامرس پلیٹ فارموں کے خلاف کارروائی

سی سی پی اے نے ملک گیر جائزے کے دوران جانچ کے دائرے میں آنے والے دیگر پلیٹ فارموں کے خلاف بھی کارروائی کی ہے:

  • ڈائل 4 ٹریڈ ٹیکنالوجیز پرائیویٹ لمیٹڈ: امونیم نائٹریٹ کی لسٹنگ کے معاملے میں 10 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔ این سی ڈی آر سی میں 09 اکتوبر2026 کو اس کی اپیل مسترد ہوگئی۔
  • جسٹ ڈائل لمیٹڈ: اس پر بھی 10 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

اس کارروائی کے دوران جانچ کے دائرے میں آنے والے دیگر پلیٹ فارموں، جن میں انڈیا مارٹ انٹر میش لمیٹڈ، سگما-آلڈرچ کیمیکلز پرائیویٹ لمیٹڈ، ٹریڈ انڈیا (انفوکام نیٹ ورک پرائیویٹ لمیٹڈ) اور آئی بائے کیمیکلز شامل ہیں، ان سب کے خلاف کارروائی کے معاملات ابھی زیرِ تفتیش ہیں۔

 

صارفین کے تحفظ کےتئیں سی سی پی اےکی عہد بندی کا اعادہ

این سی ڈی آر سی کے دونوں احکامات سے اس بات کی توثیق ہوئی ہے کہ ضابطے کے تحت آنے والی اور خطرناک اشیا کی لسٹنگ کرنے یا ان کی تشہیر کرنے والے پلیٹ فارموں کے لیے ضروری ہے کہ وہ ایسی مصنوعات کو فہرست میں شامل کرنے سے پہلے مناسب احتیاط اور جانچ پڑتال کریں اور وہ صارفین کے تحفظ سے متعلق قانون کے تحت اپنی ذمہ داری سے بچنے کے لیے محض ثالث ہونے کی حیثیت کا سہارا نہیں لے سکتے ہیں۔

سی سی پی اے خطرناک مواد کی غیر منضبط آن لائن دستیابی سے صارفین اور عوام کو محفوظ رکھنے اور ای- کامرس پلیٹ فارموں کی جانب سے ضروری احتیاطی تقاضوں کی تعمیل یقینی بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔

کسی بھی آن لائن پلیٹ فارم پر دھماکہ خیز مواد فروخت کے لیے پیش کیے جانے کے واقعے کی اطلاع نیشنل کنزیومر ہیلپ لائن نمبر 1915 پر دی جا سکتی ہے۔

********

) ش ح ۔م ش ع۔ش ت)

U.No. 7731


(ریلیز آئی ڈی: 2337108) وزیٹر کاؤنٹر : 10