وزارت اطلاعات ونشریات
azadi ka amrit mahotsav

صحافت کو آزادیٔ اظہار اور ذمہ داری کے درمیان توازن قائم رکھنا چاہیے؛ ذرائع ابلاغ کو تیز رفتار تکنیکی تبدیلیوں کے مطابق خود کو ڈھالنا ہوگا: مرکزی وزیر جناب اشونی ویشنو


’’کم شور، زیادہ خبریں؛ کم سنسنی خیزی، زیادہ ذمہ داری’’: جناب رجت شرما

پریس کونسل آف انڈیا کی چیئرپرسن جسٹس رنجنا پرکاش ڈیسائی نے اخلاقی، درست اور ذمہ دارانہ صحافت کی اہمیت پر زور دیا

اطلاعات و نشریات کی وزارت کے سکریٹری نے کہا کہ مصنوعی ذہانت صحافت میں معاون ثابت ہو سکتی ہے، لیکن اداراتی فیصلے اور جواب دہی انسانوں ہی کے پاس رہنی چاہیے

پریس کونسل آف انڈیا نے صحافتی ضابطۂ اخلاق کے معیارات کے 2026 کے ایڈیشن کا اجرا کیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 16 NOV 2026 5:00PM by PIB Delhi

اطلاعات و نشریات، ریلوے اور الیکٹرانکس و اطلاعاتی ٹیکنالوجی کے مرکزی وزیر جناب اشونی ویشنو نے آج نئی دہلی کے آکاشوانی بھون کے رنگ بھون آڈیٹوریم میں پریس کونسل آف انڈیا کے زیر اہتمام قومی یومِ صحافت کی تقریبات سے خطاب کیا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image001_20261116170215_5003f8.jpg

جمہوریت کو مضبوط بنانے میں ذرائع ابلاغ کے اہم کردار کو اجاگر کرتے ہوئے، انہوں نے میڈیا سے وابستہ افراد پر زور دیا کہ وہ تیزی سے بدلتے ہوئے ذرائع ابلاغ کے منظرنامے اور تکنیکی ترقی کے مطابق خود کو ڈھالیں۔ انہوں نے ذمہ دارانہ صحافت کے اصولوں کو برقرار رکھنے اور معاشرے کے تئیں ذرائع ابلاغ کی ذمہ داری کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

اس تقریب میں پریس کونسل آف انڈیا کی چیئرپرسن جسٹس (ریٹائرڈ) رنجنا پرکاش دیسائی، اطلاعات و نشریات کی وزارت کے سکریٹری جناب چنچل کمار، ممتاز صحافی جناب رجت شرما، جنہوں نے کلیدی خطبہ دیا، اور پی سی آئی کے رکن ڈاکٹر سدھانشو ترویدی نے شرکت کی۔ اس سال کا موضوع ‘‘صحافت: عوام پسند یا ذمہ دار’’ تیزی سے معلومات کی ترسیل اور ڈیجیٹل اثر و رسوخ میں اضافے کے دور میں صحافت کے بدلتے ہوئے کردار کو اجاگر کرتا ہے۔

جناب اشونی ویشنو نے شہریوں کو بااختیار بنانے اور معاشرے کو مضبوط کرنے کے لیے اجتماعی کوششوں پر زور دیا

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جناب اشونی ویشنو نے تکنیکی تبدیلی کی غیر معمولی رفتار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ پانچ برسوں میں اتنی بڑی تبدیلیاں رونما ہو سکتی ہیں، جتنی گزشتہ دو دہائیوں میں دیکھنے میں آئی ہیں۔ انہوں نے نوجوان صحافیوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ تبدیلیوں کو قبول کریں اور اپنی صلاحیتوں کو مسلسل بہتر بناتے رہیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image002_20261116170222_59765c.jpg

ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی جواب دہی پر زور دیتے ہوئے، انہوں نے یہ اہم سوال اٹھایا کہ کیا غلط معلومات، ڈیپ فیکس، گمراہ کن اشتہارات، ڈیجیٹل گرفتاریوں اور بچوں کو متاثر کرنے والے نقصان دہ مواد میں اضافے کے پیش نظر محض کمیونٹی گائیڈلائنز کافی ہیں؟ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس بدلتے ہوئے ذرائع ابلاغ کے منظرنامے کو کس طرح منضبط کیا جائے، اس پر غور و خوض کرنے کی ضرورت ہے، تاکہ شہریوں کو بااختیار بنایا جا سکے اور ابھرتے ہوئے چیلنجوں سے نمٹا جا سکے۔

جناب رجت شرما نے سنسنی خیزی اور ذمہ داری کے درمیان باریک فرق کو اجاگر کیا

کلیدی خطبہ پیش کرتے ہوئے جناب رجت شرما نے اس بات پر زور دیا کہ سنسنی خیزی اور ذمہ داری کے درمیان ایک باریک لکیر ہوتی ہے۔ انہوں نے ادارتی صوابدید اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ ایمرجنسی، 26/11 ممبئی دہشت گردانہ حملوں اور آپریشن سندور کے دوران پیش آنے والے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے، انہوں نے خاص طور پر قومی سلامتی سے متعلق معاملات کی رپورٹنگ کے وقت تحمل، تصدیق اور حساسیت برتنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ڈیجیٹل میڈیا کے نظام میں زیادہ جواب دہی کا مطالبہ کرتے ہوئے، انہوں نے صحافیوں سے اپیل کی کہ وہ سنسنی خیزی کے بجائے درست معلومات کو ترجیح دیں۔ انہوں نے اپنے خطاب کا اختتام اس پیغام کے ساتھ کیا: ’’کم شور، زیادہ خبریں؛ کم سنسنی خیزی، زیادہ ذمہ داری۔‘‘

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image003_20261116170229_718fb8.jpg

پریس کونسل آف انڈیا کی چیئرپرسن نے آزادیٔ صحافت اور صحافتی معیارات کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا

پریس کونسل آف انڈیا کی چیئرپرسن جسٹس (ریٹائرڈ) رنجنا پرکاش دیسائی نے آزادیٔ صحافت کے تحفظ اور صحافت کے معیار کو بہتر بنانے کے تئیں کونسل کے عزم کا اعادہ کیا۔ ذرائع ابلاغ کے منظرنامے میں تیزی سے رونما ہونے والی تبدیلیوں کو اجاگر کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ تکنیکی ترقی نے چند ہی سیکنڈ میں لاکھوں لوگوں تک معلومات کی رسائی ممکن بنا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب فون اور انٹرنیٹ کی سہولت رکھنے والا کوئی بھی شخص خبریں پھیلانے کا ذریعہ بن سکتا ہے، لیکن خبر دینے والا ہر شخص صحافتی اخلاقیات کی تربیت نہیں رکھتا اور نہ ہی ان اصولوں کا پابند ہوتا ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image004_20261116170236_76c5f6.jpg

جناب چنچل کمار نے اے آئی کے دور میں درست معلومات، ادارتی صوابدید اور انسانی جواب دہی کی اہمیت پر زور دیا

اطلاعات و نشریات کی وزارت کے سکریٹری جناب چنچل کمار نے اس بات پر زور دیا کہ صحافت کو عوامی دلچسپی اور اعتبار کے درمیان توازن قائم رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مقبولیت کو سچائی پر اور تیزی سے پھیلنے والی خبروں کو تصدیق پر فوقیت نہیں دی جانی چاہیے۔ ٹی آر پی، کلکس اور ڈیجیٹل ذرائع سے عوامی وابستگی کے بڑھتے ہوئے اثرات کو اجاگر کرتے ہوئے، انہوں نے ادارتی صوابدید، حقائق کی جانچ اور خبروں کو آرا سے الگ رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ مصنوعی ذہانت صحافت میں معاونت کر سکتی ہے، لیکن کسی صحافی کی ذمہ داری خود نہیں سنبھال سکتی۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image005_20261116170242_43606a.jpg

پریس کونسل آف انڈیا کے رکن اور راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر سدھانشو ترویدی نے بین الاقوامی اشاریوں کا تنقیدی جائزہ لینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان جب ترقی کی ایک نئی سمت کی جانب گامزن ہے، ایسے میں دیانت داری اور معلومات کی ذمہ دارانہ ترسیل نہایت ضروری ہے۔

پریس کونسل آف انڈیا نے صحافتی ضابطۂ اخلاق کے معیارات کے 2026 کے ایڈیشن کا اجرا کیا

تقریبات کی ایک اہم خصوصیت پریس کونسل آف انڈیا کی جانب سے صحافتی ضابطۂ اخلاق کے معیارات کے 2026 کے ایڈیشن کا اجرا تھا، جس میں درج ذیل امور سے متعلق تازہ رہنما اصول شامل کیے گئے ہیں:

  • قدرتی آفات اور تنازعات کے دوران رپورٹنگ۔
  • احتجاج اور مظاہروں کی کوریج۔
  • جنسی کارکنوں اور معذور افراد سے متعلق رپورٹنگ۔
  • بچوں کی رازداری کا تحفظ۔
  • آن لائن گیمنگ کے فروغ اور ضابطہ کاری کے قانون، 2025 کے مطابق آن لائن پیسوں کے کھیلوں سے متعلق اشتہارات۔

پریس کونسل آف انڈیا کے بارے میں

پریس کونسل آف انڈیا کا قیام 1966 میں پارلیمنٹ کے ایک قانون کے تحت نیم عدالتی ادارے کے طور پر عمل میں آیا تھا اور 1979 میں اسے دوبارہ قائم کیا گیا۔ اس کا مقصد مطبوعہ ذرائع ابلاغ کے لیے خود ضابطہ کاری کا ایک داخلی نظام فراہم کرنا تھا، تاکہ آزادانہ اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ کو یقینی بنایا جا سکے۔ اپنے قیام کے بعد سے کونسل ملک میں پریس کی آزادی کے تحفظ اور اسے برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ اخبارات اور خبر رساں ایجنسیوں کے معیار کو بلند کرنے کے لیے مسلسل کوششیں کرتی رہی ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ش ح۔ا ک۔ر ب۔

U-7732


(ریلیز آئی ڈی: 2337084) وزیٹر کاؤنٹر : 6