امور داخلہ کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

امورِ داخلہ اور امدادِ باہمی کے مرکزی وزیر جناب امت شاہ نے پونے میں مہاراشٹر کے سابق نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے مجسمے کی نقاب کشائی کی تقریب سے خطاب کیا


اجیت پوار کا اس طرح اچانک انتقال مہاراشٹر، بالخصوص پونے کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ہے

ہم نے اچانک ایک ایسے عوامی رہنما کو کھو دیا ہے  ، جن کا ویژن پنچایتی راج، کوآپریٹو اداروں، زراعت اور جدید شہری ترقی جیسے وسیع شعبوں کا احاطہ کرتا تھا؛ آج بھی یہ یقین کرنا مشکل ہے کہ اجیت پوار اب ہمارے درمیان نہیں رہے

چاہے دودھ یونین ہو، پی اے سی ایس، شوگر فیکٹری، شہری کوآپریٹو بینک یا ضلعی کوآپریٹو بینک، کوآپریٹو شعبے سے متعلق ہر مسئلے کے حل کے معاملے میں اجیت پوار جی علم و معلومات کا ایک انسائیکلوپیڈیا تھے

اجیت پوار جی پیچیدہ اور مشکل ترین مسائل پر بھی اپنی بے باک اور دوٹوک رائے کے لیے جانے جاتے تھے؛ سیاست میں ایسی جرأت اور پختہ یقین و عزم شاذ و نادر ہی دیکھنے کو ملتا ہے

جب مودی حکومت نے کوآپریٹو شوگر ملوں پر دوہرے ٹیکس کے مسئلے کو حل کیا تو اجیت پوار جی نے کہا تھا، ’’ کوآپریٹو شوگر سیکٹر کے لیے اس سے بڑی راحت کوئی اور نہیں ہوسکتی‘‘

ہمارے اتحاد میں شامل ہونے کا فیصلہ کرتے وقت اجیت پوار جی نے کہا تھا کہ  ’’ نریندر مودی جی کے وزیر اعظم بننے کے بعد ملک کی ترقی کو مہایوتی سے الگ کرکے نہیں دیکھا جا سکتا ‘‘ 

اجیت پوار جی کے لیے پارٹی کارکن ہمیشہ اولین ترجیح تھے۔ وہ اپنی پارٹی کے کارکنوں کے حقوق کے لیے بے خوف ہوکر لڑتے تھے اور ہر معاملے پر ان کے مفادات کو ترجیح دیتے تھے

بارامتی سے مہاراشٹر کی قیادت کے اعلیٰ ترین مقام تک پہنچنے کے باوجود اجیت پوار جی اپنی جڑوں سے گہرائی سے وابستہ رہے۔ اعلیٰ ترین منصب پر فائز ہونے کے باوجود ہر گفتگو میں ان کے حلقۂ انتخاب کی ترقی ان کی اولین ترجیح ہوتی تھی

نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے پر فائز رہتے ہوئے بھی اجیت پوار جی عوامی شکایات کی سماعت کے لیے بارامتی جایا کرتے تھے اور لوگوں کے مسائل سنتے تھے۔ وہ عوام سے مسلسل جڑے رہے اور آخری وقت تک ان کے لیے دستیاب رہے

کووڈ-19 وبا کے دوران  ، وہ صبح سات بجے ہی سکریٹریٹ پہنچ جاتے تھے اور راحت و بچاؤ کارروائیوں کے ہر پہلو کی نگرانی کے لیے غیر معمولی لگن اور مستعدی کا مظاہرہ کرتے تھے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 16 NOV 2026 4:03PM by PIB Delhi

امورِ داخلہ اور امدادِ باہمی کے مرکزی وزیر جناب امت شاہ نے آج پونے میں مہاراشٹر کے سابق نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے مجسمے کی نقاب کشائی کی تقریب سے خطاب کیا۔ اس موقع پر مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ جناب دیویندر فڑنویس، نائب وزیر اعلیٰ جناب ایکناتھ شندے، محترمہ سنیترا پوار،  امدادِ باہمی  کے مرکزی وزیر مملکت جناب مرلی دھر موہول اور کئی دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔

 

 

جناب امت شاہ نے کہا کہ ’’ دادا ‘‘  اجیت پوار کا اچانک انتقال مہاراشٹر، بالخصوص پونے، بارامتی اور پمپری-چنچواڑ کے علاقوں کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ ان کے اچانک انتقال سے پیدا ہونے والے خلا کو کوئی ایک فرد پُر نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پورے مہاراشٹر کے لیے اتنا بڑا نقصان ہے  ، جس کی تلافی ممکن نہیں۔ جناب شاہ نے کہا کہ اجیت پوار کا انتقال ان کے لیے ذاتی نقصان بھی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ان کے اچھے دوست تھے۔ جناب شاہ نے کہا کہ اجیت پوار کے رخصت ہوجانے سے ہم نے ایک ایسے عوامی رہنما کو کھو دیا ہے  ، جن کے پاس ترقی کا گہرا ویژن تھا اور پنچایتی راج،  امدادِ باہمی ، زراعت اور جدید شہری ترقی کے شعبوں میں طویل تجربے کے ساتھ ساتھ واضح سوچ بھی تھی۔

مرکزی وزیر داخلہ جناب امت شاہ نے کہا کہ اجیت پوار کی شخصیت اس قدر متحرک اور مثبت تھی کہ آنکھیں بند کرتے ہی ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے ’’دادا‘‘  اب بھی ہمارے سامنے کھڑے ہیں۔ انہیں کبھی مسکراہٹ کے بغیر نہیں دیکھا گیا۔ ہمیشہ ہنستا مسکراتا چہرہ، مثبت سوچ اور اپنے خیالات کو عملی جامہ پہنانے کی صلاحیت ایسی نایاب خوبیاں ہیں جو خدا  نے بہت کم لوگوں کو عطا کی ہیں۔ جناب شاہ نے کہا کہ اجیت پوار صاف گو تھے۔ اگر کوئی کام ہوسکتا تھا تو وہ  ’’ ہاں ‘‘  کہتے تھے اور اگر نہیں ہوسکتا تھا تو صاف طور پر ’’ نہیں ‘‘  کہہ دیتے تھے۔ مشکل ترین اور فیصلہ کن سیاسی مذاکرات میں بھی ’’ دادا ‘‘  ہمیشہ واضح اور دوٹوک موقف اختیار کرتے تھے۔ ان کا جواب یا تو ’’ ہاں ‘‘ ہوتا تھا یا  ’’ نہیں‘‘ ۔ ایسی جرأت بہت کم لوگوں میں پائی جاتی ہے۔

 

 

جناب امت شاہ نے کہا کہ اجیت پوار نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز بارامتی سے کیا اور مہاراشٹر کی اعلیٰ ترین قیادت کے مقام تک پہنچے۔ وہ ایسے رہنما تھے  ، جو اعلیٰ ترین منصب پر پہنچنے کے باوجود زمینی سطح سے جڑے رہے۔ جناب شاہ نے کہا کہ ’’ دادا ‘‘ ان سے بڑے اپنائیت بھرے اور بے تکلفانہ انداز میں بات کرتے تھے اور ایسا اسی وقت ممکن ہوتا ہے  ، جب دل میں گہری محبت اور خلوص کا جذبہ موجود ہو۔

مرکزی وزیر داخلہ جناب امت شاہ نے کہا کہ اجیت پوار نے اپنی پوری زندگی کوآپریٹو شعبے کے لیے وقف کردی اور اس شعبے میں بے شمار کام انجام دیے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ دادا‘‘ میں کام کو سمجھنے کی غیر معمولی صلاحیت تھی اور وہ بخوبی جانتے تھے کہ کون سا کام اہم ہے اور کن امور پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

 

 

جناب امت شاہ نے کہا کہ کووڈ-19 وباء  کی دوسری لہر کے دوران، جب وہ روزانہ ریاستی حکومتوں سے بات کیا کرتے تھے، اس وقت اجیت پوار جی صبح سات بجے سے ہی سکریٹریٹ میں موجود رہتے تھے۔ وہ فوراً فون کالز کا جواب دیتے تھے اور اس بات کو یقینی بناتے تھے کہ آکسیجن اور دیگر ضروری انتظامات کی فراہمی سے متعلق مسائل کے حل کے لیے دوپہر تک فوری کارروائی کی جائے۔ انہوں نے مزید یاد کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت صورتِ حال ایسی تھی کہ گھر سے باہر نکلنے پر کووڈ-19 سے متاثر ہونے کا سنگین خطرہ لاحق تھا۔ اس کے باوجود اجیت پوار جی اپنے دفتر میں موجود رہتے تھے اور پوری ریاستی حکومت کی جانب سے راحت رسانی کی کوششوں کی قیادت کرتے تھے۔ جناب شاہ نے کہا کہ یہ واقعی غیر معمولی بات تھی۔

امورِ داخلہ اور امدادِ باہمی کے مرکزی وزیر جناب امت شاہ نے کہا کہ چاہے دودھ کوآپریٹو فیڈریشن ہو، پی اے سی ایس، شوگر فیکٹریاں، شہری کوآپریٹو بینک ہوں یا ضلعی کوآپریٹو بینک، کوآپریٹو شعبے کے ہر مسئلے سے متعلق معلومات کے انسائیکلوپیڈیا کے طور پر صرف ایک ہی نام سامنے آتا ہے، اور وہ ہے اجیت پوار۔ انہوں نے کہا کہ ایسا اسی وقت ممکن ہے  ، جب کسی شخص کو کوآپریٹو شعبے کی اہمیت کا گہرا ادراک ہو اور کسانوں،  گاؤوں اور دودھ پیدا کرنے والی غریب خواتین سے حقیقی وابستگی ہو۔ انہوں نے کہا کہ کوآپریٹو شعبے کی خامیوں، خوبیوں اور انتظامی امور کو کسی کتاب سے نہیں سیکھا جاسکتا۔ یہ سمجھ اسی وقت پیدا ہوتی ہے  ، جب کوئی شخص اس شعبے میں زمینی سطح سے لے کر اعلیٰ ترین مقام تک کام کرتا ہے۔ جناب شاہ نے کہا کہ اجیت پوار نے نہ صرف مہاراشٹر کے کوآپریٹو شعبے کی بہترین انداز میں آبیاری کی بلکہ اسے آگے بڑھانے اور اس کی مشکلات دور کرنے کے لیے مسلسل محنت بھی کی۔

 

 

جناب امت شاہ نے کہا کہ نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے پر فائز ہونے کے باوجود اجیت پوار نے اپنی زندگی کے آخری وقت تک عوام کے درمیان رہنے کی روایت برقرار رکھی۔

مرکزی وزیر داخلہ جناب امت شاہ نے کہا کہ اجیت پوار جی اپنے کام کے تئیں غیر معمولی لگن رکھنے والے رہنما تھے۔ خدا نے انہیں بہت جلد اپنے پاس بلا لیا اور ہم سب ان کے بے وقت انتقال پر سوگوار ہیں۔ تاہم، انہوں نے جو کام انجام دیے اور کام کرنے کا جو طریقۂ کار قائم کیا، جس میں عوامی مسائل کے تئیں حساسیت، منظم منصوبہ بندی، نظم و ضبط اور بروقت عمل درآمد شامل تھا، وہ آنے والے برسوں میں مہاراشٹر کے بہت سے نوجوان سیاست دانوں کے لیے باعثِ تحریک بنا رہے گا۔

 

*******

( ش ح ۔ م م ۔ ع ا  )

U. No. 7727


(ریلیز آئی ڈی: 2337000) وزیٹر کاؤنٹر : 11