زراعت اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ہندوستان 17 سے 20 نومبر 2026 تک کوچی میں انٹرنیشنل کوکونٹ کمیونٹی کے 62ویں اجلاس اور وزارتی میٹنگ کی میزبانی کرے گا


اس اجلاس سے ناریل پیدا کرنے والے ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے اور عالمی ناریل صنعت کی پائیدار ترقی کے لیے اجتماعی کوششوں کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 16 NOV 2026 3:29PM by PIB Delhi

ہندوستان 17 سے 20 نومبر 2026 تک کیرالہ کے کوچی میں انٹرنیشنل کوکونٹ کمیونٹی (آئی سی سی) کے 62ویں اجلاس اور وزارتی میٹنگ کی میزبانی کر رہا ہے۔ اس بین الاقوامی پروگرام کا مشترکہ اہتمام ناریل ترقیاتی بورڈ (سی ڈی بی)، حکومتِ ہند کی  زراعت اور کسانوں کی فلاح و بہبود کی وزارت، اور انٹرنیشنل کوکونٹ کمیونٹی (آئی سی سی)، جکارتہ، انڈونیشیا کے ذریعے کیا جا رہا ہے۔

1969 میں اقوام متحدہ کے اقتصادی اور سماجی کمیشن برائے ایشیا و بحرالکاہل (یو این-ای ایس سی اے پی) کے زیرِ سرپرستی قائم ہونے والی انٹرنیشنل کوکونٹ کمیونٹی ناریل پیدا کرنے والے ممالک پر مشتمل ایک بین الحکومتی تنظیم ہے۔ یہ رکن ممالک کو عالمی ناریل شعبے کی ترقی سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کرنے، باہمی تعاون اور شراکت داری کو فروغ دینے اور ناریل کی صنعت کی پائیدار ترقی کے امکانات تلاش کرنے کے لیے ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔

62ویں اجلاس میں حکومتِ ہند کے زراعت اور کسانوں کی فلاح و بہبود کے مرکزی وزیر مملکت جناب رام ناتھ ٹھاکر کے علاوہ ایشیا و بحرالکاہل خطے کے آئی سی سی کے رکن ممالک کے وزراء اور سینئر سرکاری نمائندوں کی شرکت متوقع ہے۔ اس اجلاس میں بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندوں، سائنس دانوں، محققین، صنعت سے وابستہ متعلقہ فریقوں اور دیگر ممتاز مندوبین کی بھی شرکت متوقع ہے۔

17 نومبر 2026 کو کوچی میں منعقد ہونے والے افتتاحی پروگرام کا افتتاح حکومتِ ہند کے زراعت اور کسانوں کی فلاح و بہبود کے مرکزی وزیر مملکت جناب رام ناتھ ٹھاکر کریں گے۔ حکومتِ ہند کے سکریٹری (زراعت) جناب آتیش چندرا، آئی اے ایس، صدارتی خطاب پیش کریں گے۔

مارشل جزائر کے قدرتی وسائل اور تجارت کے وزیر عزت مآب انتھونی مولر، کریباتی کے سیاحت، تجارت، صنعت اور کوآپریٹیوز کے معاون وزیر عزت مآب تانگریکی ریتے اور ساموا کے زراعت اور ماہی پروری کے معاون وزیر عزت مآب ایچ  ای ایولپوٹیہ میسا ٹونی ایولپو خصوصی تاثرات پیش کریں گے۔

افتتاحی تقریب کے ایک حصے کے طور پر، ناریل کے شعبے میں نمایاں کارکردگی کے اعتراف میں تین زمروں کے تحت آئی سی سی کے تعریفی اعزازی نشان پیش کیے جائیں گے۔ ان زمروں میں بہترین قومی ناریل کاشت کار، نمایاں ناریل سائنس داں/محقق اور بہترین قومی ناریل صنعت کار شامل ہیں۔

چار روزہ اجلاس اور وزارتی میٹنگ رکن ممالک کو عالمی ناریل صنعت سے متعلق اہم امور پر تبادلۂ خیال کرنے، تجربات اور بہترین طور طریقوں کا تبادلہ کرنے، بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے اور اس شعبے میں ابھرتے ہوئے چیلنجوں اور مواقع سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی تلاش کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کرے گا۔ اس اجلاس سے ناریل پیدا کرنے والے ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے اور عالمی ناریل صنعت کی پائیدار ترقی کے لیے اجتماعی کوششوں کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ش ح۔ا ک۔ر ب۔

U-7721


(ریلیز آئی ڈی: 2336947) وزیٹر کاؤنٹر : 8
یہ ریلیز پڑھیں: English , Assamese , Malayalam