نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

نائب صدر جمہوریہ نے بھونیشور میں اڈیشہ قانون ساز اسمبلی کے 17ویں ایوان کے اراکین کیلئے منعقدہ تعارفی پروگرام سے خطاب کیا


نائب صدرجمہوریہ نے قانون سازوں پر زور دیا کہ وہ جمہوری اقدار کی پاسداری کریں اوربے لوث خدمت کے ساتھ عوامی اعتماد کو مستحکم بنائیں

جمہوریت کو مضبوط بنانے کیلئے صحت مند مباحثہ اور تعمیری تعاون ناگزیر ہیں: نائب صدر

نائب صدر نے قانون ساز اسمبلی کے کام کاج میں مصنوعی ذہانت(اےآئی)اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کے زیادہ سے زیادہ استعمال پر زور دیا

وکست بھارت 2047 کی جانب ہندوستان کے سفر میں اڈیشہ کی ترقی کلیدی اہمیت کی حامل ہوگی: نائب صدر

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 16 NOV 2026 12:39PM by PIB Delhi

ہندوستان کے نائب صدر جناب سی پی رادھا کرشنن نے آج بھوبنیشور میں اوڈیشہ قانون ساز اسمبلی کے 17ویں ایوان کے اراکین کے لیے منعقدہ تعارفی پروگرام سے خطاب کیا۔ قانون سازوں سے بھارت کی شاندار جمہوری روایات کی پاسداری کرنے کی اپیل کرتے ہوئے انہوں نے جمہوری اداروں کو مستحکم بنانے کے لیے تعمیری مباحثوں، باخبر تبادلۂ خیال، قانون سازی کے عمل میں مؤثریت اور عوام مرکوز حکمرانی کی اہمیت پر زور دیا۔

نائب صدر نے تعارفی پروگرام کے انعقاد پر اسپیکر محترمہ سورما پاڑھی کی ستائش کی اور کہا کہ اس طرح کے اقدامات جمہوری اداروں کو مستحکم بنانے اور قانون سازوں کو اپنی آئینی ذمہ داریاں مؤثر طریقے سے ادا کرنے کے قابل بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

ہندوستان کی قدیم جمہوری روایات کا ذکر کرتے ہوئے نائب صدر نے ویشالی کے جمہوری اداروں اور چولا دور کے کڈاوولائی نظام کا حوالہ دیا اور کہا کہ جمہوریت کی جڑیں بھارت کی تہذیبی تاریخ میں بہت گہری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت بجا طور پر ‘‘جمہوریت کی ماں’’ ہونے پر فخر کرتا ہے اور اوڈیشہ کے قانون سازوں پر زور دیا کہ وہ اس عظیم ورثے کی پاسداری کریں۔

اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ انتخابی کامیابی کو بامعنی عوامی خدمت میں تبدیل ہونا چاہیے، نائب صدر نے کہا،‘‘ہم انتخابات میں ووٹوں کے ذریعے کامیابی حاصل کرتے ہیں، لیکن عوام کا احترام صرف اپنی خدمت کے ذریعے ہی حاصل کر سکتے ہیں۔’’ انہوں نے کہا کہ قانون ساز اسمبلی محض مباحثے کا ایک فورم نہیں ہے، بلکہ اس میں وضع کی جانے والی ہر پالیسی، اٹھایا جانے والا ہر سوال اور منظور کیا جانے والا ہر قانون بے شمار شہریوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے پیش کردہ وکست بھارت 2047 کے وژن کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اوڈیشہ کی ترقی ہندوستان کی مجموعی ترقی میں کلیدی اہمیت رکھتی ہے۔ اوڈیشہ 2036 میں ایک صوبے کے طور پر اپنے قیام کی صد سالہ تقریبات منانے کی جانب گامزن ہے۔ اس تناظر میں انہوں نے ریاست کو ایک ترقی یافتہ، خوشحال اور جامع ریاست میں تبدیل کرنے کے لیے وژن اوڈیشہ 2036 کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ قانون ساز نوجوانوں کے لیے مواقع پیدا کرنے اور اس بات کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے کہ ترقی کے ثمرات ہر گاؤں اور ہر خاندان تک پہنچیں۔

قانون ساز اسمبلی کی کارروائی میں خلل اندازی کے مسئلے پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے نائب صدر نے اس بات پر زور دیا کہ اختلافِ رائے کو عوام اور آئین کے تئیں وسیع تر وابستگی کی راہ میں حائل نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا، ‘‘جمہوریت میں ہم کسی معاملے پر ایک دوسرے سے اختلاف کر سکتے ہیں، لیکن ہم سب کو ایک بات پر متفق ہونا چاہیے، اور وہ ہے عوام اور آئین کے تئیں ہماری وابستگی۔’’ اس بات کا اعادہ کرتے ہوئے کہ ‘‘مذاکرات، تبادلۂ خیال اور کبھی کبھار خلل اندازی کا نتیجہ بھی کسی فیصلے کی صورت میں نکلنا چاہیے’’۔ انہوں نے جمہوریت کو مستحکم بنانے اور قومی ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے صحت مند مباحثوں اور تعمیری تعاون پر زور دیا۔

مسلسل سیکھنے اور تیاری کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے نائب صدر نے اراکین پر زور دیا کہ وہ قانون ساز اسمبلی کے قواعد و ضوابط، بجٹ سازی کے طریقۂ کار، کمیٹیوں کے نظام، پارلیمانی روایات اور اخلاقی اصولوں سے پوری طرح واقفیت حاصل کریں۔

انہوں نے خاص طور پر وقفۂ سوالات اور وقفۂ صفرکی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے انہیں انفرادی اراکین کے لیے اپنے حلقۂ انتخاب سے متعلق مسائل اور اہم پالیسی امور اٹھانے کے نہایت اہم مواقع قرار دیا۔ انہوں نے اراکین سے اپیل کی کہ وہ ان اہم پارلیمانی ذرائع کو بغیر کسی خلل کے مؤثر طریقے سے جاری رکھنے کے لیے ایوان کے صدر نشین کے ساتھ تعاون کریں۔

نائب صدر نے ایوان کے کام کاج سے متعلق امور پر اتفاقِ رائے قائم کرنے میں بزنس ایڈوائزری کمیٹی(بی اے سی)کے کردار کو بھی اہم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی کے اندر زیادہ سے زیادہ اتفاقِ رائے سے قانون ساز اسمبلی کی کارروائی کو زیادہ ہموار اور نتیجہ خیز بنانے میں مدد ملے گی۔

قانون ساز اسمبلی کے کام کاج میں ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے نائب صدر نے قومی ای ودھان ایپلی کیشن کے تحت اڈیشہ قانون ساز اسمبلی میں ڈیجیٹل ہاؤس کے افتتاح کا خیرمقدم کیا۔ راجیہ سبھا میں ڈیجیٹل پلیٹ فارموں کے بڑھتے ہوئے استعمال کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب ٹیکنالوجی کی مدد سے پارلیمانی دستاویزات، سوالات اور مباحثے متعدد زبانوں میں دستیاب ہیں۔ انہوں نے قانون سازوں پر زور دیا کہ وہ مصنوعی ذہانت(اےآئی)اور قدرتی زبان کی پروسیسنگسمیت جدید ٹیکنالوجیز کو اپنائیں، تاکہ قانون ساز اداروں کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جا سکے۔

اپنے خطاب کے اختتام پر نائب صدر نے قانون سازوں کو ان کے عہدے کی عظیم ذمہ داریوں اور تبدیلی لانے کی غیر معمولی صلاحیت کا احساس دلایا۔ انہوں نے کہا کہ ایک بامقصد اقدامات پالیسی میں تبدیلی کا سبب بن سکتی ہے، جبکہ ایک ہمدردانہ فیصلہ بے شمار شہریوں کی زندگیوں میں امید کی نئی کرن پیدا کر سکتا ہے۔ انہوں نے اوڈیشہ کی 17ویں قانون ساز اسمبلی کے تمام اراکین کے لیے تعارفی پروگرام کی کامیابی اور ان کے پارلیمانی سفر کے خوشگوار اور معلومات افزا ہونے کی خواہش ظاہر کی۔

اس پروگرام میں اڈیشہ کے گورنر جناب برج موہن رام، وزیر اعلیٰ جناب موہن چرن ماجھی، اوڈیشہ قانون ساز اسمبلی کی اسپیکر محترمہ سورما پاڑھی، ڈپٹی اسپیکر جناب بھبانی شنکر بھوئی اور اڈیشہ کی 17ویں قانون ساز اسمبلی کے اراکین سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔

 

******

UN-7711

ش ح۔ک ا۔  م ش


(ریلیز آئی ڈی: 2336826) وزیٹر کاؤنٹر : 15