پوسٹ کرنے کی تاریخ:
15 NOV 2026 2:16PM by PIB Delhi
لوک سبھا کے اسپیکر جناب اوم برلا ،منگل 17 نومبر 2026 کو کرناٹک کے بنگلورو میں ودھان سودھا میں دولتِ مشترکہ کی خواتین ارکانِ پارلیمان (سی ڈبلیو پی) کے ہندوستانی خطے کی کانفرنس کا افتتاح کریں گے۔
افتتاحی اجلاس میں کرناٹک کے وزیر اعلیٰ جناب ڈی کے شیوکمار مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے اور کلیدی خطاب کریں گے۔ راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین جناب ہری ونش، کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر جی پرمیشورا، کرناٹک قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر جناب جی ایس پاٹل اور سی ڈبلیو پی کے ہندوستانی خطے کی چیئرپرسن محترمہ دگوبتی پرندیشوری بھی اس موقع پر موجود رہیں گی اور اجتماع سے خطاب کریں گی۔
کرناٹک قانون ساز کونسل کے چیئرمین جناب سلیم احمد خطبۂ استقبالیہ پیش کریں گے، جبکہ کرناٹک قانون ساز کونسل کی ڈپٹی چیئرمین ڈاکٹر اوما شری اظہارِ تشکر کریں گی۔ اس کانفرنس میں پارلیمنٹ اور ریاستی و مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی قانون ساز اسمبلیوں کی خواتین ارکان کے علاوہ دیگر ممتاز شخصیات بھی شرکت کریں گی۔
دو روزہ کانفرنس کا موضوع ’مضبوط بنیادیں، مزید توانا آوازیں: شمولیتی سائبر اسپیس اور نئی خواتین قانون سازوں کے لیے رہنمائی کے راستے‘ ہے۔ کانفرنس کے دوران دو مکمل اجلاس منعقد ہوں گے۔ پہلا اجلاس ’خواتین کو ڈیجیٹل طور پر بااختیار بنانا: محفوظ سائبر اسپیس اور دانش مندانہ انتخاب‘ کے موضوع پر 17 نومبر 2026 کو منعقد ہوگا، جس میں خواتین کو ڈیجیٹل دنیا میں محفوظ اور مؤثر انداز میں سرگرم ہونے کے قابل بنانے پر توجہ دی جائے گی۔ دوسرا اجلاس ’خواتین قانون سازوں کی صلاحیتوں میں اضافہ اور رہنمائی‘ کے موضوع پر 18 نومبر 2026 کو ہوگا، جس میں قانون سازی سے متعلق صلاحیتوں کو مضبوط بنانے اور خواتین قانون سازوں، بالخصوص پہلی مرتبہ قانون ساز اداروں میں داخل ہونے والی خواتین، کی معاونت کے لیے مختلف راستوں پر غور کیا جائے گا۔
کانفرنس کے وسیع تر مباحثے کے ضمن میں ایک خصوصی اقدام کے طور پر یو این ویمن انڈیا 17 نومبر 2026 کو سنِ یاس (مینوپاز) کے موضوع پر ایک ضمنی اجلاس بھی منعقد کرے گا۔ ان مباحثوں سے تجربات کے تبادلے، بہترین طور طریقوں کو ایک دوسرے کے ساتھ ساجھا کرنے اور ڈیجیٹل طور پر بااختیار بنانے، صلاحیتوں میں اضافے اور رہنمائی کے ذریعے خواتین قانون سازوں کی شمولیت اور قائدانہ کردار کو مزید مستحکم کرنے کے طریقوں پر غور و خوض کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم ہوگا۔ اس پروگرام سے زندگی کے مختلف مراحل میں خواتین کی صحت، فلاح و بہبود اور وقار سے متعلق بیداری پیدا کرنے، باخبر مکالمے کی حوصلہ افزائی کرنے اور ان اہم امور کو زیادہ توجہ دلانے میں بھی مدد ملے گی۔
کانفرنس کا اختتام بدھ، 18 نومبر 2026 کو کرناٹک کے گورنر ڈاکٹر سدھا یادو کے اختتامی خطاب کے ساتھ ہوگا۔ اس موقع پر کرناٹک کے وزیر اعلیٰ، راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین اور کرناٹک قانون ساز کونسل کے چیئرمین بھی خطاب کریں گے۔ سی ڈبلیو پی کے ہندوستانی خطے کی چیئرپرسن کانفرنس کے نتائج سے متعلق ایک بیان پیش کریں گی۔ کرناٹک قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر خطبۂ استقبالیہ پیش کریں گے، جبکہ قانون ساز اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر اظہارِ تشکر کریں گے۔
اس کانفرنس کا مقصد مکالمے، باہمی تعاون اور اجتماعی غور و فکر کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے، جو جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے میں خواتین کے ناگزیر کردار کی اہمیت کو ایک بار پھر اجاگر کرے گا۔ ڈیجیٹل شمولیت، قانون سازی کی صلاحیتوں میں اضافے اور مختلف نسلوں کے درمیان رہنمائی و سرپرستی کے موضوعات پر تبادلۂ خیال کے ذریعے اس کانفرنس کی کوشش ہے کہ ایسا سازگار اور معاون ماحول فروغ پائے، جہاں خواتین قانون ساز اپنی آواز کو مزید مؤثر انداز میں بلند کر سکیں، پارلیمانی مباحثوں کو وسعت دے سکیں اور جمہوری طرزِ حکمرانی کے مستقبل میں بامعنی کردار ادا کر سکیں۔
۔۔۔۔۔
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U : 7677 )