پوسٹ کرنے کی تاریخ:
14 NOV 2026 3:10PM by PIB Delhi
بھارت نے ایلیٹٹرا 2.0 پروگرام کے تحت اٹلی کے ایلیٹرا سنکروٹرون ٹریسٹی میں ریسرچ بیم لائنز کی تعمیر نو میں شریک شراکت دار کے طور پر اپنی شرکت کا اعلان کرتے ہوئے جدید بین الاقوامی سائنسی تعاون کے لیے اپنی وابستگی کا اعادہ کیا ہے، جس میں اگلے پانچ سال میں 7 ملین یورو سے زیادہ کی سرمایہ کاری کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔
یہ اعلان سائنس و ٹیکنالوجی اور ارضیاتی سائنسز کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے 13 نومبر 2026 کو ایلیٹرا سنکروٹرون ٹریسٹی کے اپنے دورے کے دوران کیا۔ بھارت کی اس شمولیت سے تحقیقی ڈھانچے اور انسانی وسائل کی صلاحیتوں کو فروغ ملے گا، جو بھارت اور اٹلی کے درمیان طویل المدتی سائنسی شراکت داری کے ایک اہم نئے دور کا آغاز ہے۔
اپ گریڈ شدہ سہولیات کی فراہمی سے کیمسٹری، فزکس، ایڈوانسڈ میٹریلز اسٹرکچرل بائیولوجی اور دیگر سائنسی شعبوں میں تحقیق کے نئے دروازے کھلیں گے، جس سے بھارت کے ساتھ ساتھ دیگر ممالک کے محققین بھی مستفید ہوں گے۔
ایلیٹرا 2.0 میں بھارت کی شمولیت بھارتی تحقیقی گروپوں اور اس اطالوی ادارے کے درمیان 25 سال سے زائد عرصے پر محیط سائنسی تعاون کی بنیاد پر استوار ہے۔ بھارتی سائنسداں 1998 سے ایلیٹرا میں تحقیقی تجربات کر رہے ہیں اور اب بھی اس کی سہولیات سے استفادہ کر رہے ہیں۔ بھارت فی الحال اٹلی کے بعد ایلیٹرا کا دوسرا سب سے بڑا صارف ہے، جو اس ادارے کے ساتھ بھارتی سائنسی برادری کی مسلسل وابستگی کا عکاس ہے۔
اس وابستگی کی وسعت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ ایلیٹرا کو بھارتی تحقیقی گروپوں کی جانب سے تجرباتی 1,100 سے زائد تجاویز موصول ہوئی ہیں۔ تجاویز جمع کرانے کی تعداد کے لحاظ سے بھارت، اٹلی (جس نے 54,140 تجاویز جمع کرائیں) کے بعد دوسرے نمبر پر ہے، جبکہ فرانس 1,098 تجاویز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
ایلیٹرا 2.0 پروگرام کے تحت، بھارت سے متعلق موجودہ 'ایکس آر ڈی 2' اور 'ایکسپریس' بیم لائنز کو بند کر کے ان کی جگہ جدید صلاحیتوں کی حامل دو نئی بیم لائنز نصب کی جائیں گی۔ ان میں میکرو مالیکیولر کرسٹالوگرافی کے لیے ایک مائیکرو فوکس بیم لائن، جسے 'مائیکرو ایکس آر ڈی کہا جائے گا اور ہائی پریشر ڈفریکشن کے لیے ایک بیم لائن شامل ہوگی، جسے 'ایکسپریس سپر بینڈ' کا نام دیا جائے گا۔
یہ تعمیر نو ایلیٹرا میں مخصوص تحقیقی ڈھانچے پر بھارت کی سابقہ سرمایہ کاری کا ہی تسلسل ہے۔ محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی ( ڈی ایس ٹی) نے اطالوی فریق کے ساتھ مل کر موجودہ دو جدید ترین ڈفریکشن بیم لائنز، ایکس آر ڈی2 اور ایکسپریس کی تعمیر میں تقریباً 22 کروڑ روپے کے مالی تعاون کے ساتھ مشترکہ طور پر مدد فراہم کی تھی۔ ان دونوں بیم لائنز کا مشترکہ افتتاح 20 اکتوبر 2016 کو سیکرٹری محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی کے دورۂ اٹلی کے دوران کیا گیا تھا۔
اپنے آغاز کے بعد سے، ان بیم لائنز کو بھارتی محققین نے مؤثر طریقے سے استعمال کیا ہے اور اس ادارے پر تحقیقی تجربات کرنے کے لیے ہر سال تقریباً 50 سے 60 بھارتی سائنسداں ٹریسٹی کا دورہ کرتے ہیں۔
محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی نے ہند-اطالوی ایگزیکٹو پروگرام آف کوآپریشن (ای پی او سی) کے ذریعے بھی ایلیٹرا تک بھارتی محققین کی رسائی میں معاونت کی ہے۔ ایپوک 2022-2024 کے تحت، محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی نے تین برسوں کے دوران 2 کروڑ روپے کی رقم منظور کی، تاکہ ایلیٹرا بیم لائنز پر مختص شفٹوں میں تجربات کرنے کے لیے سالانہ 50 بھارتی محققین کے دوروں (ہر سمسٹر میں 25 دوروں) کی مالی معاونت کی جا سکے۔
ایپوک 2025-2027 میں اس سہولت پر تجربات کرنے کے لیے بھارتی محققین کی معاونت کی ایک تجویز بھی شامل ہے، جس کے لیے تین برسوں کے دوران 1.5 کروڑ روپے کی رقم مختص کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔
محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی نے ایلیٹرا 2.0 کے تحت بھارت سے متعلق بیم لائنز کی تعمیر نو میں شمولیت کے لیے اپنی رضامندی پہلے ہی ظاہر کر دی تھی اور اس سلسلے میں ایک لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط بھی کیے گئے تھے۔ اس دورے کے دوران، بھارت نے پانچ برسوں میں 7 ملین یورو سے زائد کی سرمایہ کاری کے عزم کا اعلان کرتے ہوئے ایلیٹرا 2.0 اقدام کے تئیں اپنی وابستگی کا اعادہ کیا۔
بھارت کی یہ شمولیت موجودہ بیم لائنز کی کامیاب ترقی اور استعمال سے حاصل ہونے والے تجربات کی بنیاد پر استوار ہوگی اور دونوں ممالک کے درمیان سائنسی تعاون کے اگلے مرحلے کے لیے جدید تحقیقی ڈھانچے کی تشکیل میں معاون ثابت ہوگی۔
ایلیٹرا 2.0 میں اپنی شمولیت کے ذریعے، بھارت اس اطالوی تحقیقی ادارے کے ساتھ اپنے روابط کو مزید مضبوط بناتا رہے گا، جبکہ سائنسی تحقیق کے جدید اور مخصوص شعبوں میں بھارتی اور بین الاقوامی محققین کے لیے توسیع شدہ مواقع کی فراہمی میں بھی مدد دے گا۔




****
(ش ح- ن ا)
U.N:7638