پوسٹ کرنے کی تاریخ:
13 NOV 2026 3:53PM by PIB Delhi
بھارتی مسلح افواج کے 170 اہلکاروں پر مشتمل ایک دستہ آج بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ فوجی مشق ‘متر شکتی 2026’ کے 12ویں ایڈیشن میں شرکت کے لیے سری لنکا روانہ ہوا۔ یہ مشق 13 سے 26 نومبر 2026 تک سری لنکا کے مدورو اویا میں واقع آرمی ٹریننگ اسکول میں منعقد کی جائے گی۔ بھارتی دستے میں زیادہ تر راجپوتانہ رائفلز کی ایک بٹالین کے جوان شامل ہیں، جبکہ دیگر فوجی شعبوں اور خدمات کے اہلکاروں کے علاوہ بھارتی فضائیہ کے اہلکار بھی اس دستے کا حصہ ہیں۔
اس مشق کا مقصد اقوام متحدہ کے مینڈیٹ کے تحت نیم شہری ماحول میں انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں انجام دینے کے لیے دونوں ممالک کی افواج کی مشترکہ فوجی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے۔
’متر شکتی’ ایک سالانہ دوطرفہ فوجی مشق ہے، جو باری باری بھارت اور سری لنکا میں منعقد کی جاتی ہے۔ یہ مشق دونوں ممالک کی افواج کو باہمی تال میل اور اشتراکِ عمل بہتر بنانے، آپریشنل تجربات کے تبادلے اور انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیوں کے دوران اختیار کیے جانے والے بہترین طریقۂ کار سے ایک دوسرے کو واقف کرانے کا اہم موقع فراہم کرتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ باہمی افہام و تفہیم اور پیشہ ورانہ رفاقت کو بھی فروغ دیتی ہے۔
14 روزہ اس مشق میں جسمانی فٹنس بہتر بنانے، حکمتِ عملی سے متعلق مشقوں کو مزید مؤثر بنانے اور شریک دستوں کے درمیان تال میل کو مستحکم کرنے پر توجہ دی جائے گی۔ تربیتی پروگرام میں مشترکہ منصوبہ بندی، حکمتِ عملی کے تحت کارروائیوں کی مشق اور جنگی مہارتوں کی خصوصی تربیت شامل ہوگی۔ ان میں سڑکوں کی ناکہ بندی، شہری علاقوں میں گشت، گاڑیوں کے قافلوں کا تحفظ، مخصوص علاقے میں گھات لگانا، ہجوم کو منتشر کرنا اور مضبوط مورچوں کے خلاف مشترکہ فوجی کارروائیاں شامل ہیں۔ اس مشق کا اختتام ایک جامع عملی جائزے پر مشتمل مشق کے ساتھ ہوگا، جس میں دونوں ممالک کے دستے تربیت کے دوران سیکھی گئی حکمتِ عملی، طریقوں اور عملی ضابطوں کو مشترکہ طور پر بروئے کار لائیں گے۔
فوجی مشق ‘متر شکتی 2026’ بھارت اور سری لنکا کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مستحکم کرنے، دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی اور باہمی اعتماد کے رشتوں کو مضبوط بنانے اور خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ش ح۔ت ف۔ر ب۔
U-7600