الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

انڈیا اے آئی مشن باہمی اشتراک سے تیار کردہ لائحۂ عمل، اختراعی چیلنجز اور استعداد سازی کے ذریعے مصنوعی ذہانت پر مبنی حکمرانی اور عوامی خدمات کی فراہمی کو فروغ دے رہا ہے


انڈیا اے آئی مشن نے 62 وزارتوں میں مصنوعی ذہانت کے 762 استعمال کے معاملات کی نشاندہی کی، 58 مراکزِ امتیاز برائے مصنوعی ذہانت اور 543 ڈیٹا و اے آئی لیبارٹریوں کی منظوری دی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 29 JUL 2026 3:55PM by PIB Delhi

ہندوستان کی مصنوعی ذہانت (اے آئی)سے متعلق پالیسی وزیر اعظم نریندر مودی کے ٹیکنالوجی کو جمہوری بنانے کے وژن پر مبنی ہے۔ اس پالیسی کا مقصد اس سے وابستہ خطرات سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کے لیے معاشی مواقع اور روزگار کے امکانات پیدا کرنا ہے۔

ہندوستان کی اے آئی حکمتِ عملی ملک کے متحرک آئی ٹی شعبے پر استوار ہے۔ جس کی سالانہ آمدنی 300 ارب امریکی ڈالر ہے اور جس سے 60 لاکھ افراد وابستہ ہیں۔ انڈیا اے آئی مشن سات ستونوں کے تحت ہندوستان کے مصنوعی ذہانت سے متعلق عزائم کو تقویت فراہم کرتا ہے، جن کی تفصیل درج ذیل ہے:

  • انڈیا اے آئی کمپیوٹ ستون:ہندوستان میں تیزی سے پھیلتے ہوئے اے آئی اسٹارٹ اپس اور تحقیقی برادری کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اعلیٰ درجے کا، قابلِ توسیع مصنوعی ذہانت کا کمپیوٹنگ نظام قائم کرنا۔
  • فاؤنڈیشن ماڈلز:مقامی سطح پر بڑے لسانی ماڈلز(ایل ایل ایم ایس)، متعدد ذرائع ابلاغ پر مشتمل ماڈلزاور مخصوص شعبوں کے لیے چھوٹے لسانی ماڈلزکی تیاری پر توجہ مرکوز کرنا، تاکہ مصنوعی ذہانت کے شعبے میں خود انحصاری کی صلاحیت کو یقینی بنایا جا سکے اور ہندوستان کی مخصوص ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔
  • انڈیا اے آئی ایپلی کیشن ڈیولپمنٹ انیشی ایٹو:(آئی اے ڈی آئی)ایسے مؤثر مصنوعی ذہانت کے حل کی تیاری، توسیع اور تعیناتی میں معاونت فراہم کرنا، جو اہم شعبوں میں بڑے پیمانے پر سماجی و اقتصادی تبدیلی لانے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔
  • انڈیا اے آئی فیوچر اسکلز:درجہ دوم اور درجہ سوم کے شہروں میں ڈیٹا اور مصنوعی ذہانت کی خصوصی تجربہ گاہیں قائم کرکے، طلبہ کو فیلوشپ فراہم کرکے اور صنعت کی ضروریات سے ہم آہنگ نصاب تیار کرکے مصنوعی ذہانت کے ماہرین کی ایک مضبوط افرادی قوت تیار کرنا، تاکہ اے آئی کی تعلیم کو عام کیا جا سکے۔
  • اے آئی کوش (انڈیا اے آئی ڈیٹاسیٹس پلیٹ فارم):ایک متحد پلیٹ فارم قائم کرنا، جو اعلیٰ معیار کے ڈیٹا سیٹس، ماڈلز اور ٹولز تک بآسانی رسائی فراہم کرے۔ اس کے تحت سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کے وسائل کو یکجا کرکے کھلی اختراع کو فروغ دینا۔
  • محفوظ اور قابلِ اعتماد مصنوعی ذہانت:ہندوستان کے منفرد سماجی، اقتصادی اور ثقافتی تناظر کے مطابق مقامی نظامِ حکمرانی اور جانچ کے آلات تیار کرکے مصنوعی ذہانت کی ذمہ دارانہ ترقی کو ممکن بنانا۔
  • انڈیا اے آئی اسٹارٹ اَپ فنانسنگ:اسٹارٹ اَپس کے پورے دورانیۂ حیات میں انہیں مالی معاونت اور خطرات برداشت کرنے والا سرمایہ فراہم کرنا، تاکہ ابتدائی نمونہ سازیسے لے کر تجارتی سطح پر آغازتک مالی وسائل کی کمی کو دور کیا جا سکے۔

ایپلی کیشن ڈیولپمنٹ انیشی ایٹو(آئی اے ڈی آئی)کے تحت، انڈیا اے آئی نے 5 اپریل 2024 کو عوامی خدمات کی فراہمی میں مصنوعی ذہانت کے استعمال سے متعلق ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا، جس میں مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس ورکشاپ کے ذریعے وزارتوں اور محکموں کو اپنی ڈیٹا سے متعلق صلاحیتوں کا جائزہ لینے اور مصنوعی ذہانت کے استعمال کے ممکنہ شعبوں کی نشاندہی کرنے میں مدد فراہم کی گئی۔ اس اقدام نے حکمرانی اور عوامی خدمات کی فراہمی کے لیے اے آئی سے متعلق لائحۂ عمل تیار کرنے کی غرض سے مشاورتی اور باہمی اشتراک پر مبنی طریقۂ کار کو فروغ دیا۔

اختراعی چیلنجز، گرانٹ پروگراموں اور ہیکاتھونز کے ذریعے، ایپلی کیشن ڈیولپمنٹ انیشی ایٹو نے صحت، زراعت، حکمرانی، ماحولیات، سائبر سکیورٹی اور مالیاتی ضابطہ کاری سمیت ترجیحی شعبوں میں مصنوعی ذہانت پر مبنی حل کی تیاری کا ایک سلسلہ قائم کیا ہے، جس میں ابتدائی تصورات کی تیاری سے لے کر آزمائشی نفاذ اور بڑے پیمانے پر توسیع تک کے مراحل شامل ہیں۔ اس ستون کے تحت انڈیا اے آئی مشن نے ان شعبوں میں قومی سطح کے 11 ہیکاتھون اور اختراعی چیلنجز شروع کیے ہیں۔

  1. انڈیا اے آئی اختراعی چیلنج:اس چیلنج کا مقصد صحت، زراعت، حکمرانی، سیکھنے میں دشواریوں اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں مصنوعی ذہانت پر مبنی حل تیار کرنا تھا۔ پہلے مرحلے میں 30 حلوں کو مرکزی وزارتوں، ریاستی حکومتوں اور سرکاری شعبے کی تنظیموں کے ساتھ آزمائشی نفاذ کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا۔ بعد ازاں، قومی سطح پر نفاذ کے لیے پانچ ٹیموں (ہر شعبے کے لیے ایک ٹیم) کا انتخاب کیا گیا، جن کے آزمائشی منصوبے متعدد ریاستوں میں جاری ہیں۔
  2. انڈیا اے آئی – آئی فور سی سائبر گارڈ اے آئی ہیکاتھون:انڈین سائبر کرائم کوآرڈی نیشن سینٹر(14سی)کے اشتراک سے منعقدہ اس ہیکاتھون کے تحت سائبر جرائم سے متعلق شکایات کی درجہ بندی اور قومی سائبر کرائم رپورٹنگ پورٹل(این سی آر پی)پر جرائم کے ابھرتے ہوئے رجحانات کی نشاندہی کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی حل تیار کیے گئے۔ شارٹ لسٹ کیے گئے حل کو آئی فور سی کے نظام میں ضم کر دیا گیا ہے۔
  3. انڈیا اے آئی – جی ایس آئی معدنیات کی نشاندہی سے متعلق اے آئی ہیکاتھون:جیولوجیکل سروے آف انڈیا کے اشتراک سے منعقدہ اس ہیکاتھون کا مقصد ارضیاتی، ارض طبیعیاتی، ارض کیمیائی اور ریموٹ سینسنگ جیسے سائنسی ڈیٹا سیٹس کو استعمال کرتے ہوئے معدنی ذخائر کی جدید پیش گوئی کے لیے مصنوعی ذہانت اور مشین لرننگ(اے آئی/ایم ایل)سے استفادہ کرنا تھا۔
  4. کینسر اے آئی اینڈ ٹیکنالوجی چیلنج:(سی اے ٹی سی ایچ)نیشنل کینسر گرڈ کے اشتراک سے شروع کیے گئے اس چیلنج کا مقصد کینسر کی اسکریننگ، تشخیص، علاج میں معاونت اور صحت کی دیکھ بھال سے متعلق انتظامی امور کو مستحکم بنانا ہے۔ شارٹ لسٹ کی گئی سرکردہ ٹیمیں نفاذ سے قبل اخلاقی جانچ کے مرحلے سے گزر رہی ہیں۔
  5. انڈیا اے آئی چہرے کی توثیق کا چیلنج:اس چیلنج کا مقصد مصنوعی ذہانت کے ذریعے یکساں اندراجات کی شناخت و خاتمے اور ایک تصویر کی متعدد تصاویر سے تصدیق کے ذریعے سرکاری امتحانات کی شفافیت اور ساکھ کو بہتر بنانا ہے۔ یونین پبلک سروس کمیشن(یو پی ایس سی)میں نفاذ کے لیے دو ٹیموں کا انتخاب کیا گیا ہے اور اس کا نفاذ شروع ہو چکا ہے۔
  6. انڈیا اے آئی انٹیلی جنٹ ڈاکیومنٹ پروسیسنگ چیلنج:(آئی ڈی پی)اس چیلنج کا مقصد پیچیدہ کثیر لسانی دستاویزات سے معلومات کے اخراج، درجہ بندی، توثیق اور منظم ترتیب کے عمل کو خودکار بنانا ہے۔ یو پی ایس سی میں نفاذ کے لیے دو شارٹ لسٹ شدہ ٹیموں کو تعینات کیا جا رہا ہے اور اس پر عمل درآمد جاری ہے۔
  7. انڈیا اے آئی اختراعی چیلنج 2026:آیوش کی وزارت اور وزارتِ ایم ایس ایم ای کے تعاون سے اس چیلنج کا مقصد آیوش نظامِ صحت اور چھوٹی، بہت چھوٹی اور درمیانی درجے کی صنعتوں(ایم ایس ایم ای ایس)کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی حل کو فروغ دینا ہے۔ مختلف مسائل سے متعلق موضوعات پر درخواستیں موصول ہو چکی ہیں اور پہلے مرحلے کی جانچ جاری ہے، جس کے بعد نمونہ جاتی حل تیار کرنے اور ان کے نفاذ کا عمل شروع کیا جائے گا۔
  8. حکمرانی میں تبدیلی کے لیے انڈیا اے آئی چیلنج:حکومتِ آندھرا پردیش کی ریئل ٹائم گورننس سوسائٹی(آر ٹی جی ایس)کے اشتراک سے شروع کیے گئے اس چیلنج کا مقصد اہم محکموں میں مصنوعی ذہانت کے استعمال کے مختلف امکانات سے استفادہ کرنا ہے۔ درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، پہلے مرحلے کی جانچ جاری ہے اور نمونہ جاتی حل کی تیاری اور آزمائشی نفاذ کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
  9. انڈیا اے آئی مالیاتی تعمیل رپورٹنگ چیلنج:نیشنل فنانشل رپورٹنگ اتھارٹی (این ایف آر اے)کے اشتراک سے شروع کیے گئے اس چیلنج کا مقصد مصنوعی ذہانت کے ذریعے ضابطوں کی تعمیل کی نگرانی اور خطرات کا جائزہ لینے کے عمل کو فروغ دینا ہے۔
  10. سی ڈی ایس سی او – انڈیا اے آئی صحت اختراعی تیز رفتار ہیکاتھون:سینٹرل ڈرگز اسٹینڈرڈ کنٹرول آرگنائزیشن(سی ڈی ایس سی او)کے اشتراک سے منعقدہ اس ہیکاتھون کا مقصد دستاویزات کا خلاصہ تیار کرنے، ان کی شناخت کو خفیہ بنانے اور معائنے کی رپورٹیں مرتب کرنے سمیت ضابطہ جاتی امور کے طریقۂ کار کو مصنوعی ذہانت کے ذریعے خودکار بنانا ہے۔ اس کے تحت نمونہ جاتی حل کی تیاری اور ان کے نفاذ کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
  11. پی ایم جے اے وائی آٹو ایڈجوڈیکیشن ہیکاتھون:نیشنل ہیلتھ اتھارٹی(این ایچ اے)کے اشتراک سے منعقدہ اس ہیکاتھون کا مقصد پی ایم جے اے وائی(پی ایم جے اے وائی)کے دعوؤں کی جانچ اور فیصلہ سازی کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی نظام تیار کرنا ہے، جس کے نتیجے میں متعدد نمونہ جاتی حل تیار کیے گئے ہیں اور ان کے آزمائشی نفاذ کا عمل بھی شروع ہو چکا ہے۔

یہ تمام اقدامات مجموعی طور پر اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ حکمرانی اور عوامی خدمات کی فراہمی کے لیے مصنوعی ذہانت کے لائحہ عمل کی تشکیل اور نفاذ میں ریاستی حکومتوں سے ورکشاپس، مشاورت اور باہمی اشتراک پر مبنی چیلنج میکانزم کے ذریعے فعال طور پر تبادلۂ خیال کیا جاتا ہے اور انہیں اس عمل میں شامل رکھا جاتا ہے۔

مصنوعی ذہانت کے مراکزِ امتیاز (اے آئی-سی او ایز): حکومت نے متعلقہ ریاستی اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی حکومتوں اور صنعتی شراکت داروں کے اشتراک سے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں مصنوعی ذہانت کے 58 مراکزِ امتیاز قائم کرنے کی اسکیم کو منظوری دی ہے۔ منظور شدہ خاکے کے تحت ریاست تمل ناڈو میں مصنوعی ذہانت کے دو مراکزِ امتیاز قائم کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

انڈیا اے آئی ڈیٹا اور اے آئی لیبز (آئی ٹی آئیز/پولی ٹیکنکس): انڈیا اے آئی کے فیوچر اسکلز ستون کے تحت درجہ دوم اور درجہ سوم کے شہروں میں واقع صنعتی تربیتی اداروں (آئی ٹی آئیز) اور پولی ٹیکنکس میں543 ڈیٹا اور اے آئی لیبز قائم کرنے کی منظوری دی گئی ہے، جہاں مصنوعی ذہانت، ڈیٹا کی تشریح، ڈیٹا کی ترتیب و تدوین اور اطلاقی ڈیٹا سائنس کی تربیت فراہم کی جائے گی۔ اس اقدام کے تحت تمل ناڈو میں 18 ڈیٹا اور اے آئی لیبز قائم کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

انڈیا اے آئی فیلوشپس: انڈیا اے آئی کے فیوچر اسکلز ستون کے تحت مصنوعی ذہانت کی تعلیم اور تحقیق کے لیے انڈر گریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ اور ڈاکٹریٹ کے طلبہ کو فیلوشپس فراہم کی جاتی ہیں۔ ملک بھر میں 178 اداروں کے ذریعے مجموعی طور پر 686 فیلوشپس دی گئی ہیں۔ ان میں سے 162 فیلوشپس تمل ناڈو کے طلبہ کو دی گئی ہیں، جن میں 96 انڈر گریجویٹ، 34 پوسٹ گریجویٹ اور 32 پی ایچ ڈی فیلوشپس شامل ہیں۔

انڈیا اے آئی امپیکٹ سمٹ: ہندوستان نے 16 سے 21 فروری 2026 کے دوران نئی دہلی میں انڈیا اے آئی امپیکٹ سمٹ 2026 کی میزبانی کی۔ معزز وزیر اعظم نے انڈیا اے آئی امپیکٹ سمٹ 2026 کی افتتاحی تقریب کے موقع پر تمام وزارتوں اور محکموں سے اپیل کی کہ وہ انڈیا اے آئی امپیکٹ ایکسپو میں فعال طور پر حصہ لیں اور اپنے اپنے شعبوں سے متعلق مصنوعی ذہانت کے استعمال کے امکانات کی نشاندہی کریں، تاکہ حکومت کے تمام شعبوں میں مصنوعی ذہانت کو تیزی سے اپنایا جا سکے۔

ان ہدایات اور سمٹ کے دوران ہونے والی بات چیت کے نتیجے میں کابینہ سکریٹریٹ نے وزارتوں اور محکموں کے ساتھ تال میل قائم کرتے ہوئے حکمرانی، خدمات کی فراہمی، عملیاتی کارکردگی اور مختلف شعبوں سے متعلق مخصوص چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مصنوعی ذہانت سے فائدہ اٹھانے کے امکانات کی نشاندہی کی۔ اس مشق کے نتیجے میں 62 وزارتوں اور محکموں کی جانب سے مسائل سے متعلق 762 بیانات کی نشاندہی کی گئی، جنہیں بعد ازاں مصنوعی ذہانت پر مبنی اقدامات کو ممکن بنانے کے لیے وزارتِ الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی (میتی) کے ساتھ مشترک کیا گیا۔

حکومت نے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے درج ذیل اقدامات کیے ہیں کہ سرکاری نظاموں میں مصنوعی ذہانت کے استعمال، بشمول شہریوں کو براہِ راست خدمات فراہم کرنے والے نظاموں میں اس کے نفاذ کے دوران شفافیت، جواب دہی، ڈیٹا کی رازداری، الگورتھم کے منصفانہ استعمال اور آزادانہ آڈٹ کے معیارات کی پابندی کی جائے:

  • ڈیجیٹل پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن ایکٹ2023 (ڈی پی ڈی پی ایکٹ):یہ قانون ذاتی معلومات کی پروسیسنگ کے لیے ایک جامع ڈھانچہ فراہم کرتا ہے۔جس میں معلومات کے استعمال کے مقصد کی حدود کا تعین، ڈیٹا کو کم سے کم جمع کرنا، باخبر رضامندی حاصل کرنا اور ڈیٹا سے متعلقہ افراد کو اپنی معلومات تک رسائی، ان میں اصلاح اور انہیں حذف کرانے کے حقوق شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، یہ قانون اہم ڈیٹا فیڈوشری اداروں کے لیے ڈیٹا آڈیٹر مقرر کرنا اور ڈیٹا کے تحفظ سے متعلق اثرات کا وقتاً فوقتاً جائزہ لینا بھی لازمی قرار دیتا ہے۔
  • انڈیا اے آئی مشن کا محفوظ اور قابلِ اعتماد مصنوعی ذہانت کا ستون:اس کے تحت ذمہ دارانہ مصنوعی ذہانت سے متعلق 13 منصوبوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔ ان منصوبوں میں مصنوعی ذہانت میں تعصب کو کم کرنے، الگورتھم کے آڈٹ، قابلِ وضاحت مصنوعی ذہانت، رازداری کے تحفظ پر مبنی مصنوعی ذہانت اور ڈیپ فیک کی شناخت جیسے موضوعات شامل ہیں۔ ان منصوبوں کو تعلیمی اداروں، اسٹارٹ اپس، صنعتوں اور شہری سماج کی تنظیموں کے ذریعے نافذ کیا جا رہا ہے، تاکہ ملک میں تیار کردہ وسائل اور ڈھانچے وضع کیے جا سکیں۔ ان میں مصنوعی ذہانت کے ماڈلز کی منصفانہ کارکردگی جانچنے کے آلات اور الگورتھم کے شراکتی آڈٹ کے لیے ایک اوپن سورس فریم ورک بھی شامل ہے۔
  • انڈیا اے آئی گورننس رہنما خطوط:یہ رہنما خطوط 5 نومبر 2025 کو جاری کیے گئے، جو ملک میں مصنوعی ذہانت کی محفوظ، ذمہ دارانہ اور جامع ترقی اور اس کے استعمال کے لیے ایک جامع قومی ڈھانچہ فراہم کرتے ہیں۔ ان رہنما خطوط کے تحت درج ذیل ادارہ جاتی نظام قائم کرنے کا عمل شروع کیا گیا ہے: مصنوعی ذہانت کی حکمرانی اور اقتصادی گروپ (اے آئی جی ای ای جی)، جو ہندوستان کی قومی مصنوعی ذہانت کی حکمرانی کی حکمت عملی کی رہنمائی کے لیے ایک اعلیٰ سطحی بین الوزارتی ادارہ ہے؛ ٹیکنالوجی اور پالیسی ماہرین کی کمیٹی (ٹی پی ای سی)، جو تکنیکی اور پالیسی سے متعلق سفارشات فراہم کرے گی؛ اور مصنوعی ذہانت کا تحفظاتی ادارہ (اے آئی ایس آئی)، جو تحفظ سے متعلق تحقیق، معیارات کی تیاری، مصنوعی ذہانت کے نظاموں کی جانچ اور ابھرتے ہوئے خطرات کا جائزہ لینے کا کام کرے گا۔
  • انڈین کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم(سی ای آر ٹی- اِن): اس نے مئی2023 میں مصنوعی ذہانت کے مخالفانہ خطرات سے تحفظ کے اقدامات سے متعلق ایڈوائزری جاری کی، ستمبر 2024 میں سیسا(ایس آئی ایس اے)کے اشتراک سے مصنوعی ذہانت میں مصدقہ سکیورٹی پروفیشنل(سی ایس پی اے آئی) پروگرام شروع کیا اور مارچ 2025 میں جنریٹیو اے آئی کے ذمہ دارانہ استعمال کے بہترین طریقۂ کار سے متعلق ایڈوائزری جاری کی۔
  • انڈیا اے آئی سیفٹی انسٹی ٹیوٹ:مصنوعی ذہانت کے تحفظ سے متعلق ملک میں تحقیق اور ترقی کے فروغ کے لیے ایک ادارہ قائم کیا جا رہا ہے، جو مصنوعی ذہانت کی حکمرانی کے لیے ہندوستان کے تکنیکی اور ادارہ جاتی بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے میں معاون ہوگا۔

یہ معلومات الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کے مرکزی وزیر مملکت جناب جتن پرساد نے 29 جولائی 2026 کو لوک سبھا میں فراہم کیں۔

 

******

UN-7585

ش ح۔م ح۔  م ش


(ریلیز آئی ڈی: 2335762) وزیٹر کاؤنٹر : 18
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Telugu