وزیراعظم کا دفتر
azadi ka amrit mahotsav

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے کسان تک بھارت زرعی کانفرنس 2026 میں شرکت کی


زرعی ترقی، جدید طریقۂ کاشت اور کسانوں کو بااختیار بنانا، ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر کے لیے کلیدی اہمیت رکھتے ہیں: وزیر اعظم

پی ایم-کُسم اسکیم کے تحت شمسی توانائی کے انقلاب نے ملک کے اَنّ داتاؤں کو اُرجا داتاؤں میں تبدیل کر دیا ہے: وزیر اعظم

ہم ‘‘لیب سے زمین تک’’ کے تصور کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں: وزیر اعظم

نمو ڈرون دیدیاں اس بات کا عملی مظاہرہ کر رہی ہیں کہ جدید ٹیکنالوجی کو گاؤں میں کس طرح مؤثر طریقے سے استعمال کیا جا سکتا ہے: وزیر اعظم

بھارت میں زرعی انجینئرنگ سے لے کر زرعی اسٹارٹ اَپس تک ہر شعبے میں مواقع بڑھ رہے ہیں۔ کسانوں کو بااختیار بنا کر زرعی کاروباری بنانے پر توجہ مرکوز ہے: وزیر اعظم

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 12 NOV 2026 10:47PM by PIB Delhi

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج کسان تک بھارت زرعی کانفرنس 2026 میں شرکت کی۔ اس موقع پر ملک بھر سے آئے زرعی سائنس دانوں، زرعی کاروباری شخصیات اور کسانوں کی موجودگی میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے میڈیا گروپ کی اس بات کے لیے ستائش کی کہ اس نے ماضی میں صفائی مہم میں جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا اور اس اختراعی کسان میلے کے انعقاد کے لیے پورے دو دن وقف کیے۔

اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ یہ کانفرنس دیوالی کے چند ہی دن بعد اور چھٹھ مہاپَرو کے دوران ایک تہوار کے ماحول میں منعقد ہو رہی ہے، جس کی جڑیں زرعی زندگی میں گہری ہیں، وزیر اعظم نے کہا کہ بہو، پونگل، اونم، بیساکھی، سرہُل اور پولا جیسے بھارت کے بڑے تہوار بھی زراعت سے گہرا تعلق رکھتے ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے کہا، ‘‘اس کا مطلب یہ ہے کہ زراعت اور کھیتی باڑی ہماری ثقافت، ہماری روایت اور ہماری سماجی زندگی کی بنیاد ہیں۔’’

وکست بھارت کی تعمیر کے لیے قومی قوت کے سات دھاروں (سپت دھارا) سے متعلق لال قلعہ کی فصیل سے اپنے خطاب کا حوالہ دیتے ہوئے، جس میں زراعت کو ایک بنیادی ستون قرار دیا گیا تھا، وزیر اعظم نے زور دے کر کہا کہ کسان کانفرنس کی اہمیت کئی گنا بڑھ گئی ہے، کیونکہ قومی ترقی کا انحصار براہِ راست زراعت کو جدید بنانے پر مرکوز ہے۔ جناب مودی نے زور دے کر کہا،‘‘زراعت کو ترقی دیے بغیر، کھیتی باڑی کو زیادہ جدید اور دانش مندانہ بنائے بغیر اور کسانوں کو بااختیار بنائے بغیر ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر ممکن ہی نہیں ہے۔’’

عالمی بینک کی ایک وسیع پیمانے پر زیرِ بحث رہنے والی تحقیق کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نے زراعت کی ترقی اور قومی پیش رفت کے درمیان گہرے تعلق کو اجاگر کیا۔ اس تحقیق کے مطابق، محض 12 سے 13 برس کے عرصے میں 50 کروڑ ہندوستانی غربت سے باہر  آئے، جبکہ چھوٹے کسانوں اور زرعی مزدوروں میں دیہی غربت کی شرح میں نمایاں کمی درج کی گئی۔ وزیر اعظم نے اس بات کو اجاگر کیا کہ یہ وہی دور تھا جب آزادی کے بعد پہلی مرتبہ ہندوستان کے زرعی شعبے نے مسلسل ایک دہائی تک 4 فیصد سے زیادہ کی اوسط شرحِ نمو حاصل کی۔

اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ کسان اور زرعی ماہرین پالیسیوں اور طریقۂ کار میں مسلسل تبدیلی اور بہتری کی ضرورت کو بخوبی سمجھتے ہیں، وزیر اعظم نے کہا کہ عالمی منڈیوں، غذائی عادات، موسمی حالات اور ٹیکنالوجی میں وقت کے ساتھ آنے والی تبدیلیوں کے پیشِ نظر کسانوں کو نئے تقاضوں کے مطابق بااختیار بنانا ضروری ہے۔ جناب مودی نے زور دے کر کہا، ‘‘صرف اناج کے گودام بھر دینا کافی نہیں ہے۔’’

گزشتہ ایک دہائی کے دوران عالمی زراعت میں تبدیلیوں کی رفتار سے ہم آہنگ ہونے اور کسانوں کی آمدنی بڑھانے کے لیے کیے گئے اقدامات کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر اعظم نےکہا کہ ہندوستان اب دودھ، دالوں، پٹسن، چاول اور موٹے اناج کی پیداوار میں دنیا میں پہلے مقام پر ہے، جبکہ گیہوں، کپاس، پھلوں، سبزیوں اور مچھلی کی پیداوار میں دوسرے مقام پر ہے۔ زرعی برآمدات بھی سالانہ 4 لاکھ کروڑ روپے سے تجاوز کر چکی ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے کہا، ‘‘یہ محض چند اعداد و شمار نہیں ہیں، بلکہ ان سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہندوستان کے کسانوں کی صلاحیت میں کس قدر اضافہ ہوا ہے۔’’

کسانوں کی خوشحالی کے لیے گیہوں، چاول اور گنے جیسی روایتی فصلوں پر انحصار سے آگے بڑھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت فصلوں کے تنوع کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ زراعت سے وابستہ دیگر سرگرمیوں کی بھی سرگرمی سے حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔

ہندوستان کے زرعی سفر کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ سبز انقلاب کے ذریعے غذائی اجناس میں خود کفالت حاصل کرنے اور سفید انقلاب کے نتیجے میں دنیا کا سب سے بڑا دودھ پیدا کرنے والا ملک بننے کے بعد، گزشتہ ایک دہائی کے دوران زراعت کے مختلف شعبوں میں تیزی سے وسعت آئی ہے۔ اس عرصے میں دودھ کی پیداوار میں تقریباً 70 فیصد، جبکہ انڈوں کی پیداوار میں تقریباً 90 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ بحری انقلاب کے تحت مچھلی کی پیداوار دو گنا سے بھی زیادہ ہو گئی ہے، جبکہ میٹھے انقلاب کے تحت شہد کی پیداوار تقریباً 80,000 ٹن سے بڑھ کر 1.5 لاکھ ٹن تک پہنچ گئی ہے۔ اسی طرح باغبانی کی پیداوار بھی 280 ملین ٹن سے بڑھ کر 350 ملین ٹن سے زیادہ ہو گئی ہے۔ وزیر اعظم مودی نے کہا، ‘‘آج میں نے آپ کے سامنے جو اعداد و شمار پیش کیے ہیں، وہ ظاہر کرتے ہیں کہ یہ سفر اب نہایت وسیع پیمانے پر آگے بڑھ رہا ہے۔’’

وزیر اعظم نےاس بات کی بھی وضاحت کی کہ ایک جامع وژن کے تحت زراعت کے ان مختلف انقلابات کو یکجا کرنے سے آمدنی کے متعدد ذرائع پیدا ہوتے ہیں، جو مستقبل کی زراعت کے لیے ناگزیر ہیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے پی ایم کُسم یوجنا کے تحت شمسی توانائی کے انقلاب کو نمایاں کیا، جس کے ذریعے تقریباً 12 لاکھ شمسی پمپ فراہم کیے گئے ہیں۔ ان سے بجلی کے بلوں میں کمی لانے کے ساتھ ساتھ کسانوں کو اپنے کھیتوں میں شمسی توانائی پیدا کرکے آمدنی حاصل کرنے کا موقع بھی ملا ہے۔ جناب مودی نے زور دے کر کہا، ‘‘اس انقلاب نے ملک کے اَنّ داتاؤں کو اُرجا داتا بنا دیا ہے۔ ہم نے کھیتی باڑی میں پیداوار کے ساتھ ساتھ پیداواری صلاحیت اور کسان کے منافع پر بھی توجہ مرکوز کی ہے۔’’

حکومت کے سربراہ کے طور پر اپنی حالیہ 25 سالہ مدت کی تکمیل کا ذکر کرتے ہوئے اور گجرات کے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے زرعی شعبے کو جدید بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر منعقد کیے جانے والے کرشی مہوتسو کے ذریعے اپنی مسلسل کوششوں کو یاد کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا کہ کس طرح سیکڑوں زرعی سائنس دان اور ماہرین 40 سے 45 ڈگری کی شدید گرمی میں گاوؤں کا دورہ کرتے تھے، کھیتوں کی مٹی کا معائنہ کرتے تھے، پانی کی دستیابی کا جائزہ لیتے تھے اور کسانوں کو موزوں فصلوں اور طریقۂ کاشت کے بارے میں مشورے دیتے تھے۔ وزیر اعظم مودی نے کہا، ‘‘ہم ‘لیب سے زمین تک’ کے تصور کے ساتھ آگے بڑھے، تاکہ سائنس دانوں کی تجربہ گاہوں میں موجود علم براہِ راست کسانوں کے کھیتوں تک پہنچے اور گجرات کے کسانوں کو اس سے بڑے پیمانے پر فائدہ حاصل ہو۔’’

اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ گجرات میں حکمرانی کے تجربے نے قومی سطح پر ان کے لیے بے حد اہم رول ادا کیا، وزیر اعظم نے کہا کہ ملک بھر میں مٹی کی جانچ کرنے والی تجربہ گاہوں کی تعداد 2014 میں چند سو تھی، جو اب بڑھ کر 8,400 سے زیادہ ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ 725 سے زائد کرشی وگیان کیندر بھی قائم کیے گئے ہیں۔وزیراعظم  نے کہا کہ مویشیوں کی صحت کو بھی ترجیح دی گئی ہے اور اس مقصد کے لیے منہ کھر کی بیماری کے خلاف بڑے پیمانے پر ٹیکہ کاری مہم چلائی گئی ہے۔ جناب مودی نے کہا،‘‘مویشیوں کو منہ اورکھر کی بیماری سے محفوظ رکھنے کے لیے 8 کروڑ سے زائد کسانوں کے مویشیوں کو مفت ٹیکے لگائے گئے ہیں۔’’

اس فرسودہ سوچ کو چیلنج کرتے ہوئے کہ دیہی ہندوستان جدید ٹیکنالوجی نہیں اپنا سکتا، وزیر اعظم نے کہا کہ نمو ڈرون دیدیوں نے فرٹیلائزرس اور کیڑے مار ادویات کے چھڑکاؤ کے لیے مہارت کے ساتھ ڈرون چلا کر اس تاثر کو غلط ثابت کر دیا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے کہا، ‘‘اب اس کے استعمال کا دائرہ بھی وسیع کیا جا رہا ہے۔’’

ہندوستانی زراعت میں انجینئرنگ کے بڑھتے ہوئےرول  کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ سائنس دان، انجینئر اور نوجوان مل کر بوائی اور کٹائی کی ایسی مشینیں تیار کر رہے ہیں جن سے لاگت میں کمی آتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی کم قیمت پر دستیاب سینسر پر مبنی اور اے آئی سے لیس آلات بھی تیار کیے جا رہے ہیں، جو چھوٹے سے چھوٹے کسان کو بھی درست معلومات فراہم کرتے ہیں۔  وزیراعظم  نے کھیت کی سطح پر زرعی پیداوار میں قدر افزائی کو فروغ دینے اور زرعی انجینئرنگ اور زرعی اسٹارٹ اَپس کے فروغ پاتے ہوئے نظام کے ذریعے اَنّ داتاؤں کو زرعی کاروباری بنانے کی کوششوں پر بھی زور دیا۔ جناب مودی نے کہا، ‘‘حالیہ برسوں میں چھوٹے کسانوں نے حکومت کے ساتھ مل کر 10,000 کسان پیداواری تنظیموں (ایف پی اوز) کا ایک وسیع نیٹ ورک قائم کیا ہے، جو چھوٹے کسانوں کے گروپوں کو قدر افزائی کرنے والے اداروں میں تبدیل کر رہا ہے اور انہیں غذائی اجناس کی ڈبہ بندی اور برآمدی منڈیوں سے جوڑ رہا ہے۔’’

اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ حکومت کی واضح پالیسی اور منشا یہ ہے کہ کھیتی باڑی کسانوں کے لیے بوجھ نہ بنے، وزیر اعظم نے کہا کہ ایران اور خلیجی خطے میں جاری جنگ کے باعث بین الاقوامی منڈی میں قیمتوں میں اضافے کے باوجود، گزشتہ 12 برسوں کے دوران ہندوستان نے کسانوں کو سستی کھاد فراہم کرنے کے لیے 16 لاکھ کروڑ روپے خرچ کیے ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے کہا، ‘‘ڈی اے پی کھاد کا تھیلا جس کی قیمت 5,000 روپے  ہے ، وہ ہندوستان کے کسانوں کو 1,300 روپے میں فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ بین الاقوامی منڈی میں 3,000 روپے کی قیمت والا یوریا کا تھیلا 300 روپے سے بھی کم میں دیا جا رہا ہے۔’’

مغربی ایشیا میں جنگ کی شدت کے باعث چند ہی ہفتوں کے اندر خام تیل کی قیمتیں 70 ڈالر سے بڑھ کر 122 ڈالر فی بیرل تک پہنچنے اور اس کے نتیجے میں ڈیزل کی قیمت میں کم از کم 50 روپے فی لیٹر اضافے کا دباؤ پیدا ہونے کے دوران حکومت نے کس طرح کسانوں کو اس اثر سے محفوظ رکھا، اس بارے میں ایک اہم انکشاف کرتے ہوئے وزیر اعظم نے نے کہا کہ پڑوسی ممالک میں ایندھن کی قیمتوں میں 40 سے 50 فیصد تک اضافہ کیے جانے کے باوجود حکومت نے بین الاقوامی منڈی کے اس اثر کا بوجھ شہریوں اور کسانوں پر ڈالنے سے گریز کیا۔ ڈیزل کی قیمت میں صرف 7 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جبکہ 43 روپے فی لیٹر کا بوجھ حکومت نے خود برداشت کیا۔ اس مد میں اب تک ہر ماہ 14,000 کروڑ روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔ جناب مودی نے کہا،‘‘جب ملک کے کسانوں کا مفاد سب سے مقدم ہو اور ‘ناگرک  دیوو بھَو’ کا جذبہ موجود ہو، تو ایسے حساس فیصلے کیے جاتے ہیں۔’’

اپنے خطاب کے اختتام پر حالیہ برسوں میں ہندوستانی کسانوں کی غیر معمولی کامیابیوں کا اعتراف کرتے ہوئے وزیر اعظم نے خوشحال کسانوں، ترقی کرتے دیہات اور جدید و منافع بخش زراعت کے ساتھ وکست  بھارت کی تعمیر کے لیے مزید بھرپور کوششیں کرنے کی اپیل کی۔ وزیراعظم نے اس اعتمادکا بھی اظہار کیا کہ اس کانفرنس میں ہونے والے تبادلۂ خیال سے ملک کو فائدہ پہنچے گا اور سب کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ جناب مودی نے کہا، ‘‘یہاں سے جو بہتر تجاویز اور حل سامنے آئے ہیں، حکومت ان پر بھی کام کرے گی۔’’

****

ش ح۔ش م ۔ ج ا

U.No. 7572


(ریلیز آئی ڈی: 2335708) وزیٹر کاؤنٹر : 8