پوسٹ کرنے کی تاریخ:
12 NOV 2026 2:04PM by PIB Delhi
وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے مسلح افواج پر زور دیا ہے کہ تیز رفتار تکنیکی ترقی اور جدید جنگ کی بدلتی ہوئی نوعیت کے نتیجے میں پیدا ہونے والے روایتی اور ابھرتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لیے عملی تیاری برقرار رکھنے کی غرض سے ’اچانک کارروائی کی صلاحیت‘ کے جارحانہ اور دفاعی، دونوں پہلوؤں کو مضبوط بنانے کے ساتھ برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے 12 نومبر 2026 کو نئی دہلی میں ایئر فورس کمانڈرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خفیہ معلومات کے حصول اور نگرانی کی صلاحیتوں کو مسلسل مستحکم کرنے، مختلف نظاموں کے درمیان بہتر تال میل پیدا کرنے اور ممکنہ خطرات کے سامنے آنے سے پہلے ان کی نشاندہی کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیر دفاع نے کہا، ’’ہماری مسلح افواج کو ایسی صلاحیتیں اور طریقۂ کار وضع کرنے چاہئے کہ دشمن کو ردِعمل ظاہر کرنے یا سنبھلنے کا موقع ہی نہ ملے، جب کہ اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے کہ دشمن کی کسی غیر متوقع چال سے ہم کبھی غافل نہ رہیں۔ اچانک حملے یا کارروائی کی مختلف صورتیں ہو سکتی ہیں، جن میں روایتی اور برقیاتی دونوں طریقے شامل ہیں۔ ہماری خفیہ معلومات کے حصول اور نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ عملی تیاری کو بھی بہتر بنانا ضروری ہے، تاکہ ہمارے اہلکار ہر ابھرتے ہوئے چیلنج کا مؤثر جواب دینے کے لیے چوکس، مستعد اور پوری طرح تیار رہیں۔‘‘
جناب راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ موجودہ دور کے تنازعات روایتی میدانِ جنگ سے آگے بڑھ کر ایسے محاذوں تک پھیل رہے ہیں جہاں براہِ راست تصادم نہیں ہوتا اور میزائل، ڈرون اور جدید ہتھیاروں کے نظام اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ روس-یوکرین اور اسرائیل-حماس تنازعات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈرون اور فضائی دفاعی نظام جدید جنگ کے اہم ترین اجزا بن کر ابھرے ہیں۔ انہوں نے کمانڈروں پر زور دیا کہ وہ خودکش ڈرون، نگرانی اور ڈرون مخالف کارروائیوں جیسے ابھرتے ہوئے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں۔
وزیر دفاع نے بھارتی فضائیہ (آئی اے ایف) پر زور دیا کہ وہ جنگ کے ابھرتے ہوئے شعبوں، بشمول برقیاتی، سائبر اور خلائی میدانوں کے لیے مخصوص حکمتِ عملی اور نظام وضع کرے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان شعبوں میں بہتر تیاری مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کی صلاحیت کو مضبوط بنائے گی۔ انہوں نے کہا، ’’مستقبل کی جنگوں میں کامیابی کا انحصار صرف طیاروں کی تعداد پر نہیں، بلکہ تکنیکی مہارت، فوری ردِعمل کی صلاحیت اور تیاریوں کی درستگی پر بھی ہوگا۔‘‘ انہوں نے کمانڈروں پر زور دیا کہ وہ ان ابھرتے ہوئے چیلنجوں کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کریں اور انہیں ادارہ جاتی سوچ، منصوبہ بندی اور عملی کارروائی کے طریقۂ کار کا لازمی حصہ بنائیں۔
جناب راج ناتھ سنگھ نے اس بات کو اجاگر کیا کہ مسلح افواج ایک اہم تبدیلی کے دور سے گزر رہی ہیں، جس میں تنظیمی ڈھانچے، مشترکہ کارروائیوں اور باہمی انضمام کے ساتھ ساتھ آپریشنل حکمتِ عملی سمیت مختلف شعبوں میں اصلاحات کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سلامتی کے بدلتے ہوئے ماحول کے پیش نظر مسلسل حالات سے ہم آہنگ ہونے اور فوجی تیاری کے لیے مستقبل پر نظر رکھنے والا نقطۂ نظر اپنانا ضروری ہے۔

وزیر دفاع نے آپریشن سندور کے دوران اور اس کے بعد اپنی حکمتِ عملی اور عملی طریقۂ کار پر مؤثر انداز میں عمل درآمد کرنے پر بھارتی فضائیہ کی ستائش کی۔ انہوں نے فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت، ضبط و تحمل اور دانش مندی کو سراہا، جنہوں نے انہیں سونپی گئی ذمہ داریوں کو کامیابی کے ساتھ انجام دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس آپریشن سے حاصل ہونے والے اسباق بھارتی فضائیہ کے بدلتے ہوئے عملی طریقۂ کار میں واضح طور پر نمایاں ہیں، خصوصاً ڈرون اور فضائی دفاعی نظام پر بڑھتی ہوئی توجہ میں، جو قومی سلامتی کے لیے نہایت اہم ہیں۔ ان کے مطابق، ان اسباق سے مسلح افواج میں جاری وسیع تر تبدیلیوں کی رفتار اور سمت متعین ہو رہی ہے۔
آپریشن سندور کے دوران تینوں افواج کی جانب سے مؤثر انداز میں پیش کی گئی مربوط اور ایک دوسرے کی معاون کوششوں کو اجاگر کرتے ہوئے جناب راج ناتھ سنگھ نے باہمی ہم آہنگی اور انضمام کے لیے مسلح افواج کو مبارک باد دی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مشترکہ حکمتِ عملی اور مربوط کوششیں فوجی منصوبہ بندی اور عملی کارروائیوں کی رہنمائی کا سلسلہ جاری رکھیں۔
تیز رفتار تکنیکی ترقی کے تقاضوں کے مطابق اپنے اہلکاروں کی مہارت اور صلاحیتوں میں اضافہ کرنے پر بھارتی فضائیہ کی ستائش کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کمانڈروں پر زور دیا کہ وہ فضائیہ کے اہلکاروں کو ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کی تربیت دینے کی کوششیں جاری رکھیں۔ انہوں نے نوجوان بھرتی ہونے والوں کے تکنیکی علم اور مہارت سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان کی صلاحیتیں بہتر فیصلہ سازی اور ادارہ جاتی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر سکتی ہیں۔
اگنی ویروں کے لیے دوسری مدتِ ملازمت کے بارے میں جناب راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ یہ فیصلہ مسلح افواج سے موصول ہونے والی تجاویز اور آرا کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت مسلح افواج کی تجاویز کو پالیسی سے متعلق فیصلوں میں شامل کرتی رہے گی۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ ’دوسری مدتِ ملازمت‘ کا یہ اقدام تینوں افواج کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔

اس کانفرنس کے دوران وزیر دفاع نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مشتمل ایپلی کیشنز کے مجموعے کا آغاز کیا، جنہیں بھارتی فضائیہ کے یونٹ فار ڈیجیٹلائزیشن، آٹومیشن، آرٹیفیشل انٹیلی جنس اینڈ ایپلی کیشن نیٹ ورکنگ (یو ڈی اے اے این) کے اے آئی سینٹر آف ایکسی لینس نے خود تیار کیا ہے۔ ان ایپلی کیشنز کو آپریشنز، انتظامی امور اور فضائی سلامتی کے شعبوں میں کاموں کو خودکار بنانے اور تیزی سے انجام دینے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ انہیں بھارتی فضائیہ کے محفوظ نیٹ ورک پر نصب کیا گیا ہے۔ یہ اقدام ٹیکنالوجی پر مبنی تبدیلی اور عملی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے بھارتی فضائیہ کی کوششوں میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

افتتاحی اجلاس میں وزیر مملکت برائے دفاع جناب سنجے سیٹھ، فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل آشوتوش دکشت، سکریٹری دفاع جناب راجیش کمار سنگھ، سکریٹری (دفاعی پروڈکشن) جناب سنجیو کمار اور سکریٹری (دفاعی مالیات) جناب وشواجیت سہائے نے بھی شرکت کی۔ دو روزہ کانفرنس میں بھارتی فضائیہ کی تمام کمانوں کے سربراہان، تمام پرنسپل اسٹاف افسران اور تمام ڈائریکٹر جنرلز شرکت کر رہے ہیں۔
اس سال کی کانفرنس کا موضوع ہے، ’ بااختیار بنانے کا سال: اختیارات کی تقسیم سے کارکردگی میں زیادہ سے زیادہ اضافہ ‘۔ یہ کانفرنس بھارتی فضائیہ کی اعلیٰ قیادت کو آپریشنز، دیکھ بھال اور انتظامی امور سے متعلق اہم مسائل پر تبادلۂ خیال کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔
****
(ش ح ۔رک)
U. No.7534