پوسٹ کرنے کی تاریخ:
12 NOV 2026 12:12PM by PIB Delhi
ہندوستان میں قدرتی طریقۂ علاج (نیچروپیتھی) اب رفتہ رفتہ اپنے روایتی تصور، یعنی قدرتی وسائل سے علاج، سے آگے بڑھ کر سائنسی تحقیق، طبی جانچ اور احتیاطی صحت کی دیکھ بھال پر مبنی ایک منظم نظام کی شکل اختیار کر رہا ہے۔ طرزِ زندگی سے متعلق بیماریوں، موٹاپے، ذہنی دباؤ اور صحت مند بڑھاپے پر بڑھتی ہوئی توجہ کے پیش نظر، اس طریقۂ علاج میں غذا، قدرتی طریقہ ہائے علاج اور طرزِ زندگی میں تبدیلی پر دی جانے والی اہمیت ایک بار پھر افادیت اختیار کر رہی ہے۔
9واں نیچرو پیتھی کا قومی دن 18 نومبر 2026 کو کرناٹک کے ناگامنگلا میں واقع سینٹرل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف یوگا اینڈ نیچروپیتھی (سی آر آئی وائی این) میں ’ پر ا کرتک چکتسا ، سووستھ بھارت‘ کے موضوع کے تحت منایا جائے گا۔ اس دن کو منانے کا مقصد قدرتی طریقۂ علاج اور صحت کے فروغ، بیماریوں سے بچاؤ اور صحت مند طرزِ زندگی اپنانے میں اس کے کردار کے بارے میں بیداری پیدا کرنا ہے۔ اس سال کا موضوع متوازن غذائی عادات، جسمانی سرگرمی، یوگا، ذہنی دباؤ پر قابو پانے اور سائنسی شواہد پر مبنی دیگر قدرتی طریقہ ہائے علاج کے ذریعے احتیاطی اور صحت افزا نگہداشتِ صحت کو فروغ دینے پر زور دیتا ہے۔ اس کا مقصد موٹاپے کی روک تھام اور طرزِ زندگی سے متعلق بیماریوں کے بارے میں عوامی بیداری کو بھی مستحکم کرنا ہے، تاکہ افراد اور برادریاں زیادہ صحت مند اور پائیدار طرزِ زندگی اپنانے کی ترغیب حاصل کریں۔ یہ تقریب عزت مآب وزیر اعظم کے صحت مند اور توانا ہندوستان کے وژن سے ہم آہنگ ہے، جس میں احتیاطی نگہداشتِ صحت، صحت مند طرزِ زندگی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے اجتماعی ذمہ داری پر زور دیا گیا ہے۔

آیوش کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) اور صحت و خاندانی بہبود کے وزیر مملکت جناب پرتاپ راؤ جادھو نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’’قدرتی طریقۂ علاج ہمیں طرزِ زندگی، فطرت اور مجموعی صحت کے درمیان گہرے تعلق کو سمجھنے کی ترغیب دیتا ہے۔ ہماری توجہ معتبر تحقیق، معیاری تعلیم اور روایتی طبی نظام کے ساتھ ذمہ دارانہ انضمام کے ذریعے اس طریقۂ علاج کی سائنسی بنیاد کو مضبوط بنانے پر مرکوز ہے۔ یہ طریقۂ کار احتیاطی نگہداشتِ صحت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ صحت مند اور توانا ہندوستان کے وژن کو آگے بڑھانے میں بھی معاون ثابت ہو سکتا ہے۔’’
آیوش کی وزارت کے سکریٹری ویدیہ راجیش کوٹیچا نے کہا، ’’قدرتی طریقۂ علاج کی ساکھ اور اس کے وسیع تر استعمال کو فروغ دینے کے لیے سائنسی توثیق ناگزیر ہے۔ سی سی آر وائی این اور دیگر اداروں کے ذریعے ہم منظم تحقیق، طبی جانچ اور باہمی اشتراک کو فروغ دے رہے ہیں، تاکہ قدرتی طریقۂ علاج کے طریقوں کا مناسب سائنسی پیمانوں پر جائزہ لیا جا سکے اور انہیں ذمہ دارانہ طبی طریقۂ کار میں ڈھالا جا سکے۔’’
یوگا اور قدرتی طریقۂ علاج کی تحقیق کے مرکزی کونسل (سی سی آر وائی این) نے مالی سال 2026-25 کے دوران مستند ماہرین کے جائزے سے گزرنے والے تحقیقی جرائد میں متعدد تحقیقی مقالے شائع کیے، جبکہ آیوش کی وزارت کے تحت کام کرنے والی پانچ تحقیقی کونسلوں نے مجموعی طور پر 653 تحقیقی مقالے شائع کیے۔ اس کونسل کے ملک بھر میں 22 مراکز بھی قائم ہیں، جو اس کی ادارہ جاتی موجودگی اور وسیع رسائی کی عکاسی کرتے ہیں۔
ہندوستان میں یوگا اور قدرتی طریقۂ علاج کی تعلیم اور تحقیق کے لیے مختص اعلیٰ تعلیمی اداروں کے قیام کے ساتھ اس شعبے کے ادارہ جاتی بنیادی ڈھانچے میں بھی توسیع ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ ہریانہ کے جھجھر اور کرناٹک کے ناگامنگلا میں 200 بستروں پر مشتمل یوگا اور نیچرو پیتھی کے اسپتال بھی قائم کیے گئے ہیں۔ پونے کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف نیچروپیتھی (این آئی این) کے نیسَرگ گرام میں قائم بیچلر آف نیچروپیتھی اینڈ یوگک سائنسز (بی این وائی ایس) کالج، مرکزی حکومت کے تحت قائم ہونے والا اپنی نوعیت کا پہلا کالج ہے۔ یہ ادارہ تعلیمی اور طبی تربیت، تحقیق پر مبنی تعلیم اور نیچروپیتھی و یوگا کے عملی تجربات کے ذریعے اس نظام کو مزید مستحکم بنا رہا ہے۔ یہاں فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ کو صحت کی دیکھ بھال، تحقیق، تدریس اور نجی طور پر طبی خدمات انجام دینے کے شعبوں میں پیشہ ورانہ مواقع کے لیے تیار کیا جاتا ہے۔
پونے کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف نیچروپیتھی (این آئی این) نے ایک مخصوص شعبۂ تحقیق اور محکمۂ صحت کی تحقیق کے تحت رجسٹرڈ ادارہ جاتی اخلاقی امور کی کمیٹی کے ذریعے اپنے تحقیقی نظام کو مزید مضبوط بنایا ہے۔ اس کے تحت تحقیقی طریقۂ کار سے متعلق ورکشاپس، طبی تحقیق کے اچھے طریقۂ کار (گڈ کلینیکل پریکٹس) کی تربیت، مشاہداتی مطالعات، منظم جائزوں اور اشتراکی تحقیق جیسے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
تحقیق پر بڑھتی ہوئی توجہ خاص طور پر اس لیے اہمیت رکھتی ہے کہ قدرتی طریقۂ علاج صحت مند غذائی عادات، جسمانی سرگرمی، مناسب آرام اور ذہنی دباؤ پر قابو پانے کو فروغ دیتا ہے۔ طرزِ زندگی سے متعلق یہ اقدامات مختلف عمر کے افراد میں احتیاطی نگہداشتِ صحت کو تقویت دینے کے ساتھ ساتھ طرزِ زندگی سے وابستہ بیماریوں کے خطرے کے عوامل کے بارے میں بیداری بڑھانے میں بھی معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔
نیچرو پیتھی کےقومی دن کے موقع پر اس طریقۂ علاج کی سائنسی بنیاد کو مضبوط بنانے، ادارہ جاتی صلاحیت میں توسیع اور صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ مرکوز رہے گی۔ مسلسل تحقیق، معیاری تعلیم اور عوامی شرکت کے ذریعے ہندوستان ایک ایسا مستند اور قابلِ رسائی قدرتی طریقۂ علاج کا نظام مزید ترقی دینے کا خواہاں ہے، جو احتیاطی نگہداشتِ صحت کی وسیع تر کوششوں میں معاون ہو اور ’ پرا کرتک چکتسا ، سووستھ بھارت ’ کے وژن کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

***
ش ح۔ ش ب۔رض
7530:U-No