مواصلات اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
11 NOV 2026 6:25PM by PIB Delhi
محکمہ ٹیلی مواصلات ملک کے دیہی، دور دراز اور بنیادی سہولیات سے محروم علاقوں میں ڈیجیٹل خلا کو کم کرنے اور ٹیلی مواصلاتی بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے واسطے مسلسل کوششیں کر رہا ہے۔ ان کوششوں کے نتیجے میں 4جی نیٹ ورک سے محروم گاؤں کی تعداد میں تقریباً 75 فیصد کی نمایاں کمی درج کی گئی ہے۔ سال 2022 میں ایسے گاؤں کی تعداد 45,180 تھی، جو 2026 میں گھٹ کر 11,372 رہ گئی ہے۔ یہ دیہی ہندوستان میں ڈیجیٹل رابطے کو وسعت دینے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
محکمہ ٹیلی مواصلات کے 4جی سیچوریشن پروجیکٹ نے اس توسیع میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد پہلے سے 4جی نیٹ ورک سے محروم 24,680 دیہات تک 4جی خدمات پہنچانا ہے، تاکہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے لوگوں کو قابلِ اعتماد موبائل مواصلاتی سہولیات اور ڈیجیٹل رابطے کے فوائد حاصل ہو سکیں۔ نجی ٹیلی کام سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں نے بھی اپنے نیٹ ورک کی توسیع کے ذریعے دیہی علاقوں میں 4جی کوریج بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
24,680 مقامات پر 4جی نیٹ ورک کی توسیع کے منصوبے کے تحت بی ایس این ایل کے 18,291 نیٹ ورک مراکز فعال کیے جا چکے ہیں، جہاں دیہی علاقوں میں بڑے پیمانے پر ڈیٹا کا استعمال ہو رہا ہے۔ اکتوبر 2026 کے دوران ان مراکز نے ایک دن میں سب سے زیادہ 10,21,048 فعال صارفین کو خدمات فراہم کیں۔ ان صارفین نے مجموعی طور پر 1.86 کروڑ جی بی سے زائد (18,659,170 جی بی) ڈیٹا استعمال کیا، جبکہ اس ماہ فی صارف اوسطاً 18.3 جی بی ڈیٹا استعمال کیا گیا۔ ہر نیٹ ورک مرکز پر اوسطاً تقریباً 56 فعال صارفین کی موجودگی درج ہوئی ۔ یہ مراکز ان دور دراز دیہی آبادیوں کو بھی نیٹ ورک کی سہولت فراہم کر رہے ہیں، جو پہلے 4جی کوریج سے محروم تھیں۔
حکومت نے نیٹ ورک کی رسائی سے متعلق باقی ماندہ خلا کو پُر کرنے کے لیے توسیع کے اگلے مرحلے میں مزید 26,000 موبائل نیٹ ورک مراکز قائم کرنے کی منظوری بھی دے دی ہے۔ دشوار گزار جغرافیائی حالات، بنیادی ڈھانچے کی بھاری لاگت، آبادیوں کے ایک دوسرے سے دور ہونے اور دور افتادہ قبائلی بستیوں کی موجودگی کے باعث ایسے علاقوں تک نیٹ ورک کی سہولت پہنچانا اب بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔ محکمہ ٹیلی مواصلات، بی ایس این ایل اور دیگر ٹیلی کام سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کے ساتھ مل کر ان مسائل کو حل کرنے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہا ہے۔
مستقبل کا لائحۂ عمل
آئندہ بھی محکمہ ٹیلی مواصلات کی اولین ترجیح نیٹ ورک سے محروم باقی ماندہ دیہات تک موبائل کنیکٹیویٹی پہنچانا ہوگی، خصوصاً دور دراز، قبائلی اور ترقی کے خصوصی امکانات رکھنے والے علاقوں میں۔ اس مقصد کے لیے مزید موبائل نیٹ ورک مراکز قائم کرنا، مختلف کمپنیوں کے درمیان نیٹ ورک کے اشتراک کو فروغ دینا اور موجودہ ٹیلی مواصلاتی بنیادی ڈھانچے کا بہتر استعمال اہم حکمتِ عملیوں میں شامل ہوگا۔
ٹیلی کام سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کے ساتھ بہتر تال میل اور جغرافیائی اعتبار سے دشوار گزار علاقوں میں خصوصی اقدامات کے ذریعے نیٹ ورک کی توسیع کے عمل کو مزید تیز کیا جائے گا۔ ان کوششوں کا مقصد ڈیجیٹل سہولیات تک سب کی یکساں رسائی یقینی بنانا اور دیہی آبادی کو ڈیجیٹل حکمرانی، تعلیم، صحت، مالیاتی خدمات اور دیگر ضروری ڈیجیٹل سہولیات سے مستفید ہونے کے قابل بنانا ہے۔
محکمہ ٹیلی مواصلات ڈیجیٹل طور پر مربوط ہندوستان کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے پُرعزم ہے، تاکہ قابلِ اعتماد موبائل نیٹ ورک کی سہولیات ملک کے ہر کونے تک پہنچ سکیں اور ہندوستان کی ڈیجیٹل ترقی کے سفر میں کوئی بھی گاؤں پیچھے نہ رہ جائے۔
******
(ش ح۔ م ش ع۔ م ا)
UR. No-7510