پوسٹ کرنے کی تاریخ:
11 NOV 2026 5:46PM by PIB Delhi
جناب مکیش (تبدیل شدہ نام) کی زندگی کا سفر اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ نشے کی لت سے نجات کی قابلِ رسائی سہولیات، طبی علاج، مشاورت اور قومی ایکشن پلان فار ڈرگ ڈیمانڈ ریڈکشن (این اے پی ڈی ڈی آر) کے تحت باز آبادکاری کی معاونت کے ذریعے افراد کس طرح اپنی زندگی دوبارہ سنوار سکتے ہیں اور معاشی خود کفالت حاصل کر سکتے ہیں۔
قومی ایکشن پلان فار ڈرگ ڈیمانڈ ریڈکشن (این اے پی ڈی ڈی آر) کے ذریعے حکومتِ ہند نشے کی لت سے نجات اور بحالی کی خدمات کو مسلسل مضبوط بنا رہی ہے۔ اس اقدام کا مقصد ایک صحت مند معاشرے اور منشیات سے پاک ہندوستان کے وژن کو حقیقت میں بدلنا ہے۔
راجستھان کے ضلع راجسمند سے تعلق رکھنے والے 39 سالہ مکیش درج فہرست قبائلی برادری سے تعلق رکھتے ہیں۔ انہیں نشے کی لت کے باعث صحت اور مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ طویل عرصے تک نشہ آور اشیا کے استعمال نے ان کی جسمانی صحت کو بری طرح متاثر کیا، جس کے نتیجے میں انہیں جسمانی تکالیف اور جوڑوں اور ہاتھوں میں درد کی شکایت رہنے لگی۔
معاشی طور پر کمزور خاندان سے تعلق رکھنے والے مکیش نے ہائی اسکول تک تعلیم حاصل کی تھی۔ ان کے خاندان کو مناسب رہائش اور روزمرہ کی بنیادی ضروریات پوری کرنے میں بھی دشواریوں کا سامنا تھا۔ ان تمام مشکلات کے باوجود ان کی خواہش تھی کہ وہ پیشہ ورانہ زندگی میں اپنی شناخت قائم کریں اور اپنے خاندان کے رہن سہن کے حالات کو بہتر بنائیں۔
ان کی زندگی میں ایک اہم موڑ 5 مارچ 2026 کو آیا، جب انہیں وزارتِ سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات، حکومتِ ہند کے قومی ایکشن پلان فار ڈرگ ڈیمانڈ ریڈکشن (این اے پی ڈی ڈی آر) کے تحت ضلع نشہ چھڑاؤ مرکز، راجسمند سے مدد حاصل ہوئی۔ یہ مرکز شُبھ دیپ گروپ سیوا سنستھان کے زیرِ انتظام چلایا جاتا ہے۔
اس مرکز میں انہیں جامع معاونت فراہم کی گئی، جس میں طبی معائنہ، مشاورت، یوگا کی مشقیں، غذائیت سے بھرپور کھانا، لباس اور رہائش شامل تھے۔
بازآبادکاری کے تحت مرکز نے ان کے لیے باقاعدگی سے وقت پر کھانے کا انتظام کیا۔ اس کے علاوہ روزانہ صبح یوگا کی مشقیں اور صبح، دوپہر اور شام مقررہ اوقات میں ادویات فراہم کی گئیں۔ لباس اور دیگر ضروری اشیاء بھی انہیں بلا معاوضہ فراہم کی گئیں۔
علاج اور دیکھ بھال کے اس منظم نظام نے انہیں اپنی صحت یابی پر توجہ مرکوز کرنے اور بتدریج اپنی زندگی کو دوبارہ سنوارنے کی جانب قدم بڑھانے میں مدد فراہم کی۔

مرکز سے حاصل ہونے والی معاونت کی بدولت مکیش نے صحت مند طرزِ زندگی اپنانے اور مالی استحکام کی جانب پیش رفت کی۔ صحت یابی کے بعد انہوں نے خود روزگار کا کام شروع کیا اور اب وہ ماہانہ 12,000 روپے کما رہے ہیں، جو علاج سے قبل ان کی آمدنی کے مقابلے میں 5,000 روپے زیادہ ہے۔ ان کی بہتر مالی حالت نے انہیں گھریلو اخراجات میں حصہ ڈالنے اور اپنے خاندان کی باعزت طریقے سے کفالت کرنے کے قابل بنایا ہے۔
این اے پی ڈی ڈی آر کے تحت فراہم کی گئی اس معاونت نے نشے کی لت سے وابستہ مشکلات پر قابو پانے اور سماجی و معاشی بحالی کی جانب بڑھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ طبی امداد کے علاوہ مرکز کی جانب سے فراہم کی جانے والی جامع معاونت سے انہیں زندگی میں دوبارہ استحکام حاصل کرنے، خود روزگار اختیار کرنے اور اپنے خاندان کے لیے ایک محفوظ اور بہتر مستقبل کی بنیاد رکھنے میں مدد ملی ہے۔
******
(ش ح۔ م ش ع۔ م ا)
UR. No-7509