زراعت اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کی وزارت
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
10 NOV 2026 3:44PM by PIB Delhi
زراعت اور کسانوں کی فلاح و بہبود کے مرکزی وزیر مملکت جناب رام ناتھ ٹھاکر نے آج آئی سی اے آر-سینٹرل انسٹی ٹیوٹ آف فشریز ایجوکیشن (آئی سی اے آر-سی آئی ایف ای) کے کولکاتہ مرکز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر جناب ٹھاکر نے زرعی ترقی کو تیز کرنے، پائیدار زرعی طریقوں کو فروغ دینے اور کسانوں کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانے کے لیے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے درمیان مضبوط تعاون پر زور دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے زرعی ترقیاتی پروگراموں پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے مرکزی حکومت، ریاستی حکومتوں، زرعی تحقیقاتی اداروں اور دیگر متعلقہ فریقوں کے درمیان مربوط کوششوں کی ضرورت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے زرعی پیداوار میں اضافے اور کسانوں کے ذریعہ معاش کو بہتر بنانے کے لیے باہمی اشتراک سے تحقیق، ٹیکنالوجی کے فروغ و پھیلاؤ، صلاحیت سازی اور ادارہ جاتی تال میل کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
وزیر موصوف نے مٹی کی صحت برقرار رکھنے، قدرتی وسائل کے تحفظ، کیمیائی عمل دخل پر انحصار کم کرنے اور طویل مدتی ماحولیاتی پائیداری یقینی بنانے میں قدرتی کاشت کاری اور پائیدار زرعی طریقوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے زرعی سائنس دانوں اور اداروں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ کسانوں کے لیے سازگار، معاشی اعتبار سے قابلِ عمل اور ماحول دوست ٹیکنالوجیز تیار کریں اور انہیں فروغ دیں۔
مغربی بنگال حکومت کے وزیر زراعت جناب دودھ کمار منڈل نے مہمانِ اعزازی کی حیثیت سے پروگرام میں شرکت کی۔
اس سے قبل، آئی سی اے آر-سی آئی ایف ای کے کولکاتہ مرکز کے پرنسپل سائنس دان اور سربراہ ڈاکٹر ٹی کے گھوشال نے معزز مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور زراعت اور اس سے متعلقہ شعبوں کی ترقی کو آگے بڑھانے میں ادارہ جاتی اشتراک کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
پروگرام کے دوران مطبوعات کا اجرا بھی کیا گیا اور مہمانِ خصوصی اور مہمانِ اعزازی کی عزت افزائی کی گئی۔ اس موقع پر مغربی بنگال حکومت کے محکمہ زراعت اور آئی سی اے آر کے اداروں، بشمول آئی سی اے آر-سی آئی ایف ای، آئی سی اے آر-این آئی این ایف ای ٹی، آئی سی اے آر - اے ٹی اے آر آئی اور آئی سی اے آر - این بی ایس ایس اینڈ ایل یو پی کے نمائندوں کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس بھی منعقد کیا گیا، جس میں ادارہ جاتی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ باہمی تال میل کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔


***
) ش ح –ض ر-ق ر)
U.No. 7457