پوسٹ کرنے کی تاریخ:
10 NOV 2026 3:21PM by PIB Delhi
انڈین پولیس سروس کے 78ویں ریگولر ریکروٹ بیچ (2025 بیچ) کے زیرتربیت افسران نے آج (10 نومبر 2026) راشٹرپتی بھون میں صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو سے ملاقات کی۔
زیر تربیت افسران سے خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ شہریوں کے لیے پولیس افسران اور سپاہی حکمرانی کی علامت ہوتے ہیں۔ جب پولیس کا نظام بہتر طریقے سے کام کرتا ہے تو لوگوں کو حکمرانی کا نظام بھی اچھا محسوس ہوتا ہے۔ جب کوئی پولیس افسر حساسیت اور توجہ کے ساتھ ان کی شکایات سنتا ہے تو لوگوں کو بہت زیادہ سہارا ملتا ہے۔ انہوں نے آئی پی ایس افسران پر زور دیا کہ وہ سماجی اور معاشی طور پر کمزور افراد کے خوف اور اندیشوں کو دور کرنے اور ان کی شکایات کا ازالہ کرنے کو ترجیح دیں، کیونکہ ایسے افراد کو عموماً اعلیٰ افسران تک رسائی حاصل نہیں ہوتی۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ نظام میں کام کرنے والے بعض ملازمین ٹیکنالوجی کے استعمال میں سینئر افسران سے زیادہ مہارت رکھتے ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے زیرتربیت افسران کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی ٹیم کے انتہائی جونیئر ارکان سے بھی سیکھنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہ کریں۔ انہوں نے اپنے طرز عمل میں عوامی شراکت داری اور ٹیم ورک کو فروغ دینے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کے ارکان کی فلاح و بہبود کو ترجیح دینے سے ان کی صلاحیتوں اور جوش و جذبے میں اضافہ ہوگا۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ پولیس افسران کو پولیسنگ سے متعلق قوانین اور ضوابط کی بنیاد پر وسیع اختیارات حاصل ہوتے ہیں، تاہم وہ اپنی کارکردگی اور اقدار کی بنیاد پر ہی عوام کا حقیقی احترام حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ افسران میں شہریوں پر برتری کا احساس رکھنے کے بجائے ان کی خدمت کرنے کا جذبہ ہونا چاہیے۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ لوگوں میں خوف پیدا کرنے کے لیے غلط معلومات پھیلانا ایک سنگین مسئلے کے طور پر سامنے آ رہا ہے۔ خصوصاً نوجوانوں جیسے جلد متاثر ہونے والے ذہنوں کو منظم طریقے سے پھیلائی جانے والی گمراہ کن معلومات کے ذریعے گمراہ کیا جا سکتا ہے۔ اس طرح کی منظم شرارت مقامی، علاقائی یا قومی سطح پر بھی انجام دی جا سکتی ہے۔ اسمارٹ پولیسنگ ایسے حالات کو زیادہ پیچیدہ اور سنگین ہونے سے روک سکتی ہے۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ سائبر جرائم تیزی سے پھیل رہے ہیں اور ان کی سنگینی میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ پولیس کو معاشرے میں سائبر جرائم کی سنگینی کے بارے میں بڑے پیمانے پر بیداری پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پولیس افسران کو ایسے جرائم سے نمٹنے کے لیے اپنے طریق کار اور حکمت عملی میں تبدیلی لانی چاہیے۔ ڈیپ فیک مواد لوگوں کے لیے نئے خطرات پیدا کر رہا ہے۔ انہوں نے اس ضرورت کو بھی اجاگر کیا کہ پولیس افسران جدید ترین ٹیکنالوجی استعمال کرنے والے مجرموں سے ہمیشہ ایک قدم آگے رہیں۔
lease click here to see the President's Speech-




*****
ش ح-ظ الف-ن ع
UR No. 7452