ریلوے کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ہندوستانی  ریلوے نے خصوصی مہم 6 کامیابی کے ساتھ مکمل کی، صفائی کی ایک لاکھ سے زائد مہم چلائی گئی


بے کار سامان کی فروخت سے 628.49 کروڑ روپے کی آمدنی، 600 کروڑ روپے کا مقررہ ہدف پار

شہریوں کی شمولیت کو فروغ دینے کے لیے5,884 ریلوے اسٹیشنوں پر ریل جن سمواد کا انعقاد

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 09 NOV 2026 6:10PM by PIB Delhi

ہندوستانی ریلوے نے 2 اکتوبر سے 31 اکتوبر 2026 تک زونل ریلوے، ڈویژنوں، پیداواری یونٹوں، سرکاری شعبے کے کاروباری اداروں اور ریلوے کے دیگر اداروں میں خصوصی مہم 6 کامیابی کے ساتھ مکمل کر لی ہے۔ اس مہم کے دوران صفائی ستھرائی، بے کار سامان کو ٹھکانے لگانے، الیکٹرانک کچرے کے انتظام، دستیاب جگہ کے بہتر استعمال، ریکارڈ کے انتظام اور زیرِ التوا معاملات کو بروقت نمٹانے کے شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی گئیں۔

اس مہم کے تحت ریلوے اسٹیشنوں، دفاتر، کارخانوں اور ریلوے کے دیگر اداروں میں صفائی ستھرائی کی ایک لاکھ سے زائد مہمات چلائی گئیں۔ ہندوستانی ریلوے نے ناکارہ سامان کو ٹھکانے لگانے سے 628.49 کروڑ روپے کی آمدنی حاصل کی۔ جو 600 کروڑ روپے کے مقررہ ہدف سے زیادہ ہے۔ اس مہم کے ذریعے ناکارہ سامان، پرانی اشیاء اور دیگر غیر ضروری مواد کو ہٹاکر 6,20,121 مربع فٹ جگہ بھی خالی کرائی گئی۔

اس سال کی مہم میں خصوصی طور پر ’’الیکٹرانک کچرے کو مؤثر طریقے سے جمع کرنے، الگ الگ کرنے اور ٹھکانے لگانے‘‘ پر توجہ مرکوز کی گئی، جو اس سال کی مہم کا خصوصی شعبہ تھا۔ کچرے کے ذمہ دارانہ انتظام کی جانب ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے ڈیڑھ لاکھ سے زائد الیکٹرانک کچرے کی اشیا کو ٹھکانے لگایا گیا، جس سے 10.43 کروڑ روپے کی آمدنی حاصل ہوئی۔

اس کے علاوہ ہندوستانی ریلوے نے مختلف سرگرمیاں انجام دیں، جن میں پرانی کاغذی اور برقی فائلوں کا جامع جائزہ، عوامی شکایات اور اپیلوں، پارلیمانی یقین دہانیوں، اہم شخصیات سے متعلق حوالوں اور دیگر زیرِ التوا معاملات کو نمٹانا شامل ہے۔ ان تمام شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئیں۔ ان اقدامات کا مقصد ریکارڈ کے انتظام کو بہتر بنانا، زیرِ التوا معاملات میں کمی لانا اور کام کاج کے لیے زیادہ صاف ستھرا، منظم اور مؤثر ماحول فراہم کرنا تھا۔

ریل جن سمواد کے ذریعے شہریوں کی شمولیت کو فروغ

خصوصی مہم 6 کے تحت  ہندوستانی ریلوے نے اعلیٰ ریلوے افسران اور ریل مسافروں کے درمیان براہِ راست بات چیت کو ممکن بنانے کے لیے ریل جن سمواد کا انعقاد کیا۔ اس سلسلے میں 22 اکتوبر 2026 کو ملک بھر کے 5,884 ریلوے اسٹیشنوں پر بیک وقت ریل جن سمواد پروگرام منعقد کیا گیا۔ جس کے ذریعے مسافروں کو ریلوے افسران کے سامنے براہِ راست اپنی رائے اور تجاویز پیش کرنے کا موقع ملا۔

خصوصی مہم 6 کی کامیاب تکمیل ہندوستانی ریلوے کے اس مسلسل عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ ریلوے کے تمام اداروں میں صفائی ستھرائی برقرار رکھی جائے، وسائل کا مؤثر استعمال یقینی بنایا جائے، کچرے کو ذمہ داری کے ساتھ ٹھکانے لگانے کے طریقوں کو فروغ دیا جائے، ریکارڈ کے انتظام کو بہتر بنایا جائے اور زیرِ التوا معاملات کو بروقت نمٹایا جائے۔ ان اقدامات سے ہندوستانی ریلوے میں انتظامی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے اور شہریوں کو مرکزیت دینے والی حکمرانی کے نظام کو مستحکم کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔

******

( ش ح ۔ م ح ۔ م ا )

UR No-7423


(ریلیز آئی ڈی: 2334425) وزیٹر کاؤنٹر : 12