ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

صاف ہوا کے لیے ماحول دوست اور گرین دیوالی منائیں: ڈبلیو ڈبلیو ایف-انڈیا ای آئی اے سی پی کی دہلی-این سی آر کے شہریوں سے ہری دیوالی کا عہد کرنے کی اپیل

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 08 NOV 2026 2:51PM by PIB Delhi

ڈبلیو ڈبلیو ایف-انڈیا کے ای آئی اے سی پی پروگرام مرکز – ریسورس پارٹنر (پی سی-آر پی) نے، حکومتِ ہند کی وزارتِ ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی (ایم او ای ایف اینڈ سی سی) کے تعاون سے، دہلی-این سی آر کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سال پٹاخوں سے پاک گرین دیوالی منائیں اور ہوا کو صاف رکھنے میں اپنا تعاون پیش کریں۔ یہ اپیل ملک گیر گرین دیوالی مہم 2026 کا حصہ ہے، جو مشن لائف (ماحولیات کے لیے طرزِ زندگی) کے تحت 20 اکتوبر سے 8 نومبر 2026 تک جاری ہے۔ اس مہم میں 24 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے قومی صاف ہوا پروگرام (این سی اے پی) کے تحت شامل 130 شہروں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔

مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے مطابق، دہلی کی فضائی کیفیت ’انتہائی خراب‘ زمرے میں ہے اور فضائی معیار کے ابتدائی انتباہی نظام کی پیش گوئی کے مطابق تہوار کے دنوں میں یہ ’سنگین‘ زمرے تک پہنچ سکتی ہے۔ قومی راجدھانی خطے اور ملحقہ علاقوں میں فضائی معیار کے بندوبست سے متعلق کمیشن (سی اے کیو ایم)، فضائی آلودگی کو مزید بگڑنے سے روکنے کے لیے درجہ وار ردعمل کے لائحہ عمل (جی آر اے پی) کے تحت اقدامات نافذ کر رہا ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ان کوششوں میں تعاون کریں اور نافذ العمل اقدامات پر عمل کریں۔

ڈبلیو ڈبلیو ایف ای آئی اے سی پی نے ہر شہری سے اپیل کی ہے کہ وہ صاف ہوا، اچھی صحت اور آلودگی سے پاک ماحول کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی خاطر سرسبز دیوالی کا عہد کرے۔ اس کے ساتھ ہی سرسبز دیوالی منانے کے لیے چند آسان اقدامات بھی تجویز کیے ہیں، جو درج ذیل ہیں:

  • ماحول دوست دیے اور موم بتیاں اپنائیں: روایتی مٹی کے دیوں اور ماحول دوست موم بتیوں کا استعمال کریں اور توانائی کے بے جا استعمال سے گریز کریں۔
  • تحائف کے انتخاب میں پائیداری کو ترجیح دیں: مقامی طور پر تیار کردہ ماحول دوست تحائف منتخب کریں، جن کی پیکنگ کم سے کم ہو۔
  • پٹاخوں سے انکار کریں: فضائی اور صوتی آلودگی کم کرنے اور صحتِ عامہ کے تحفظ کے لیے پٹاخوں کے استعمال سے گریز کریں۔
  • قدرتی طریقوں سے آرائش کریں: رنگولی بنانے کے لیے پھولوں کی پتیوں، چاول کے آٹے اور ہلدی جیسی قدرتی اشیا استعمال کریں اور پرانی اشیا کو دوبارہ کارآمد بنا کر آرائشی سامان تیار کریں۔
  • فضلے کو کم سے کم کریں: ایک بار استعمال ہونے والی پلاسٹک کی اشیا سے گریز کریں، آرائشی سامان دوبارہ استعمال کریں اور ری سائیکلنگ کے لیے کچرے کو الگ الگ رکھیں۔
  • اجتماعی تقریبات کا اہتمام کریں: اجتماعی کوششوں کو فروغ دینے کے لیے شجرکاری مہم، محلوں کی صفائی ستھرائی کی سرگرمیوں اور ماحولیاتی بیداری کی ریلیوں کا اہتمام کریں۔
  • نیک مقصد کے لیے عطیہ دیں: ضرورت مندوں کو پرانے کپڑے اور گھر کی ایسی غیر استعمال شدہ اشیا عطیہ کریں جو قابلِ استعمال ہوں۔ اس سے اشیا کے دوبارہ استعمال کو فروغ ملے گا اور کچرے میں کمی آئے گی۔
  • ماحول دوست ذرائع آمدورفت اپنائیں: تہوار کے دوران سفر کے لیے جہاں ممکن ہو، پیدل چلیں، سائیکل چلائیں یا عوامی اور مشترکہ ذرائع آمدورفت استعمال کریں۔
  • اپنے علاقے کی فضائی کیفیت پر نظر رکھیں: مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کی سیمیر (ایس اے ایم ای ای آر) ایپ کے ذریعے روزانہ فضائی معیار کے اشاریے (اے کیو آئی) کی صورتِ حال معلوم کریں اور ہوا کے خراب معیار والے دنوں میں باہر نکلنے سے گریز کریں۔

شہریوں کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی ہے کہ وہ ڈبلیو ڈبلیو ایف-انڈیا کے کاربن فٹ پرنٹ سروے میں حصہ لیں، تاکہ اپنے طرزِ زندگی کے ماحولیاتی اثرات کو سمجھ سکیں اور زیادہ پائیدار عادات اپناسکیں۔

(https://wwfindiawebgis.in/Carbon_Footprint/Carbon_Footprint.html)  اس کے علاوہ، اس مہم میں حصہ لینے والے اداروں اور گروپوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنی سرگرمیوں کی تفصیلات آن لائن فارم کے ذریعے فراہم کریں۔ 

https://docs.google.com/forms/d/15hDbjbqZzeo68kNjAxeHQA_SMIQ7lUlPdvCIi-gvwdY/viewform ہر اندراج میں ادارے یا تنظیم کا نام اور مقام، سرگرمی کی تفصیلات اور تاریخ، عہد کرنے والے شرکاء کی تعداد، جغرافیائی محلِ وقوع کے ٹیگ کے ساتھ تصاویر اور ایک مختصر رپورٹ شامل ہونی چاہیے۔ منتخب اندراجات کو ای آئی اے سی پی کی ویب سائٹس اور سوشل میڈیا پلیٹ فارموں پر نمایاں کیا جاسکتا ہے۔

****

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-7395


(ریلیز آئی ڈی: 2334186) وزیٹر کاؤنٹر : 13