وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

وزیر دفاع کی جانب سے سکّم کے اگلے مورچوں پر تعینات فوجی جوانوں کے ساتھ دیوالی منانے کا اہتمام


دشوار گزار بلند پہاڑی علاقوں میں سرحدوں کی حفاظت کرنے والے فوجیوں کی بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور لگن کو سراہا

جناب راج ناتھ سنگھ کی جانب سے شیرا تھانگ جنگی یادگار پر شہیدوں کو خراجِ عقیدت؛ بابا ہر بھجن سنگھ کی یادگار پر بھی خراجِ احترام

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 08 NOV 2026 3:08PM by PIB Delhi

وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے 8 نومبر 2026 کو سکم کے اگلے مورچوں پر تعینات ترشکتی کور (33 کور) کے فوجی جوانوں کے ساتھ دیوالی منائی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ بری فوج کے سربراہ جنرل دھیرج سیٹھ، مشرقی کمان کے کمانڈر اِن چیف لیفٹیننٹ جنرل وی ایم بی کرشنن، 33 کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ جنرل من راج سنگھ مان اور بھارتی بری فوج کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔

شیرا تھانگ میں فوجی جوانوں سے بات چیت کرتے ہوئے جناب راج ناتھ سنگھ نے انہیں دیوالی کے سب سے روشن چراغ قرار دیا اور کہا کہ سرحدوں پر ان کی لگن اور چوکسی پورے ملک کو تحفظ کا احساس فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا: ’’جس طرح ایک چراغ بغیر کسی توجہ کی خواہش کے تاریکی کو دور کرتا ہے، اسی طرح فوجی جوان خاموشی سے اپنے فرائض انجام دیتے ہیں، تاکہ شہری امن و سلامتی کے ساتھ تہوار منا سکیں۔‘‘

وزیر دفاع نے فوجی جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، بلند حوصلے اور دشوار گزار بلند پہاڑی علاقوں میں ملک کی سرحدوں کی حفاظت کے تئیں ان کے غیر متزلزل عزم کو سراہتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ اسی جوش و جذبے اور لگن کے ساتھ مادرِ وطن کی حفاظت کا سلسلہ جاری رکھیں۔ انہوں نے ان فوجیوں کی قربانیوں کا اعتراف کیا جو اپنے اہلِ خانہ سے دور رہ کر، ذاتی مفادات اور تقریبات پر قومی فریضے کو ترجیح دیتے ہوئے اپنی خدمات انجام دیتے ہیں۔

نظم و ضبط اور بہادری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے جناب راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ٹیکنالوجی چاہے کتنی ہی ترقی یافتہ کیوں نہ ہوجائے، اگر کسی فوجی میں یہ خوبیاں نہ ہوں تو اس ٹیکنالوجی کی افادیت بہت کم رہ جاتی ہے۔ انہوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ فوجی اہلکاروں کا طرزِ عمل، وردی، زبان اور ضبط و تحمل، مقامی آبادی کے درمیان فوج کی شبیہ تشکیل دیتے ہیں۔ انہوں نے فوجی جوانوں پر زور دیا کہ وہ شیرا تھانگ اور آس پاس کے علاقوں میں بھارتی بری فوج اور مقامی آبادی کے درمیان قائم اعتماد اور خیر سگالی کے رشتے کو مزید مضبوط بنانے کا سلسلہ جاری رکھیں۔

 

وزیر دفاع نے قومی خدمت کے دوران اپنی جانوں کا عظیم نذرانہ پیش کرنے والے فوجیوں کو شیرا تھانگ جنگی یادگار پر خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے بابا ہر بھجن سنگھ کی یادگار کا بھی دورہ کیا اور اس قابلِ احترام فوجی کو خراجِ احترام پیش کیا، جن کی یاد اور روایات اس خطے کی فوجی اور شہری زندگی میں آج بھی ایک خاص مقام رکھتی ہیں۔

شیرا تھانگ جنگی یادگار کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے جناب راج ناتھ سنگھ نے زور دیا کہ ایسی یادگاریں محض ماضی کے واقعات اور قربانیوں کو یاد کرنے تک محدود نہیں ہوتیں، بلکہ اجتماعی یادداشت کی تشکیل اور قومی شعور و فخر کو بیدار کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس یادگار پر خراجِ عقیدت پیش کیے جانے والے فوجی ملک کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھتے تھے، جن میں ناگالینڈ، اتر پردیش، تمل ناڈو، راجستھان اور آسام شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان بہادر سپاہیوں نے خطے، زبان یا برادری کی تفریق کیے بغیر عوام کی حفاظت کے لیے اپنی جانیں قربان کردیں۔ ان کے مطابق، اتحاد اور بے لوث خدمت کا یہی جذبہ ہندوستان کی اصل روح اور تہذیب ہے، جہاں ہر شہری دوسرے ہندوستانی کو اپنے خاندان کا فرد سمجھتا ہے۔

وزیر دفاع نے اس بات پر زور دیا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں حکومت نے ملک کی خدمت میں اپنی جانوں کا عظیم نذرانہ پیش کرنے والے بہادر فوجیوں کے اعزاز میں نئی دہلی میں قومی جنگی یادگار قائم کی۔ انہوں نے کہا: ’’قومی جنگی یادگار پر تقریباً 26,000 شہید ہیروز کے نام سنہری حروف میں درج کیے گئے ہیں، تاکہ ان کی بے مثال بہادری اور قربانی کو خراجِ تحسین پیش کیا جاسکے۔ یادگار پر کسی شہید فوجی کا نام دیکھ کر اس کے اہلِ خانہ، رشتہ داروں اور اس کے آبائی گاؤں اور علاقے کے لوگوں میں فخر کا گہرا احساس پیدا ہوتا ہے۔ یہ یادگاریں موجودہ اور آنے والی نسلوں کے لیے تحریک کا سرچشمہ ہیں۔‘‘

****

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-7394


(ریلیز آئی ڈی: 2334183) وزیٹر کاؤنٹر : 13