سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

پیشہ ورانہ خطرات سے محفوظ ذرائع معاش تک


’نمستے ‘ کے ذریعے صفائی کے کام کو باوقار بنانے کی جانب ایک سفر

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 06 NOV 2026 8:50PM by PIB Delhi

رمیش کمار (بدلا ہوا نام) کے لیے نمستے اسکیم محض حفاظتی آلات کی فراہمی تک محدود نہیں رہی، بلکہ اس نے انہیں زیادہ تحفظ اور وقار کے ساتھ کام کرنے کے قابل بنایا ہے۔ ان کا تجربہ اس بات کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے کہ صفائی کے کارکنوں کو پیشہ ورانہ تحفظ، حفاظتی تدابیر سے متعلق بیداری اور ضروری معاونت فراہم کی جائے، کیونکہ ان کی خدمات صحتِ عامہ اور صفائی ستھرائی کے لیے نہایت اہم ہیں۔

60 سالہ رمیش کمار، جو پڈوچیری سے تعلق رکھنے والے درج فہرست ذات کے صفائی کارکن ہیں، نے قومی مشینی صفائی نظام (نمستے) اسکیم کے ذریعے اپنے کام کے حالات میں مثبت تبدیلی محسوس کی ہے۔ ان کا سفر اس بات کی اہمیت کو نمایاں کرتا ہے کہ صفائی کے کارکنوں کی صحت اور وقار کو یقینی بنانے کے لیے پیشہ ورانہ تحفظ، حفاظتی آلات اور بیداری کتنی ضروری ہے۔

رمیش کمار 15 سال سے زائد عرصے سے پڈوچیری میونسپلٹی میں سیور اور سیپٹک ٹینکوں کی صفائی کا کام انجام دے رہے ہیں۔ اس دوران وہ مناسب ذاتی حفاظتی آلات کے بغیر برسوں تک خطرناک حالات میں کام کرتے رہے۔

مضر فضلے کے مسلسل رابطے میں رہنے کے باعث انہیں بار بار جلد کے انفیکشن اور سانس لینے میں تکلیف کا سامنا کرنا پڑا، جس سے ان کی باقاعدگی سے کام کرنے کی صلاحیت متاثر ہوئی اور علاج معالجے کے اخراجات میں بھی اضافہ ہوا۔ پانچویں جماعت تک تعلیم حاصل کرنے والے رمیش کمار چار افراد پر مشتمل خاندان کے واحد کفیل ہیں۔ صحت کے مسائل کے باعث کام میں تعطل اور علاج کے اخراجات نے ان کے خاندان پر مالی دباؤ مزید بڑھا دیا تھا۔

2025 میں اس وقت ایک اہم تبدیلی آئی، جب انہیں وزارتِ سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات کی نمستے اسکیم کے تحت معاونت فراہم کی گئی۔ انہیں ذاتی حفاظتی سازوسامان (پی پی ای) کی ایک مکمل کٹ دی گئی، جس میں حفاظتی لباس، مضبوط دستانے، ربڑ کے لمبے جوتے، چہرے کا ماسک اور حفاظتی ہیلمٹ شامل تھے۔ اس کے علاوہ انہیں صفائی کے محفوظ طریقوں اور پیشہ ورانہ صحت کو لاحق خطرات سے بچاؤ کے بارے میں آگاہی کی تربیت بھی دی گئی۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image001_20261106205153_aac10d.jpg

اس معاونت سے ان کے روزمرہ کام میں مثبت تبدیلی آئی۔ حفاظتی آلات کی دستیابی اور حفاظتی تدابیر سے متعلق بہتر آگاہی کے باعث وہ زیادہ تحفظ اور اعتماد کے ساتھ اپنے فرائض انجام دینے کے قابل ہوئے۔ ان کی صحت میں نمایاں بہتری آئی، کام سے غیر حاضری کے واقعات میں کمی ہوئی اور علاج معالجے کے اخراجات بھی کم ہوگئے۔

صحت میں بہتری اور کام میں باقاعدگی سے ان کی مالی حالت بھی مستحکم ہوئی۔ اس معاونت سے قبل ان کی ماہانہ آمدنی تقریباً 12,000 روپے تھی، جو معاونت ملنے کے بعد بڑھ کر تقریباً 16,000 سے 18,000 روپے ہوگئی۔ اس سے انہیں گھریلو اخراجات پورے کرنے اور اپنے خاندان کی کفالت جاری رکھنے میں مدد ملی۔

****

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-7369

 


(ریلیز آئی ڈی: 2333902) وزیٹر کاؤنٹر : 18
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Tamil