پوسٹ کرنے کی تاریخ:
06 NOV 2026 1:12PM by PIB Delhi
وزارتِ سیاحت نے زیرِ التوا معاملات کے تصفیے اور صفائی ستھرائی کے لئے شروع کی گئی خصوصی مہم 6.0 کامیابی کے ساتھ مکمل کر لی ہے۔ یہ مہم حکومتِ ہند کی اس پہل کا حصہ تھی، جس کا مقصد صفائی ستھرائی کو فروغ دینا، انتظامی کارکردگی کو بہتر بنانا اور زیرِ التوا معاملات کو مقررہ وقت میں نمٹانا ہے۔
اس مہم میں وزارت اور اس کے ماتحت دفاتر و اداروں نے فعال طور پر حصہ لیا۔ ان میں بھارتی سیاحت کے ملکی دفاتر، ہوٹل مینجمنٹ و کیٹرنگ ٹیکنالوجی کی قومی کونسل (این سی ایچ ایم سی ٹی)، مرکزی ادارہ جات برائے ہوٹل مینجمنٹ (سی آئی ایچ ایم)، بھارتی ادارہ برائے فن طباخی (آئی سی آئی) اور دیگر متعلقہ ادارے شامل تھے۔
خصوصی مہم 6.0 کے تحت وزارتِ سیاحت نے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں اور مقررہ اہداف سے تجاوز کیا۔ مہم کے دوران مجموعی طور پر 5,654 اہداف مقرر کیے گئے تھے، جبکہ ان کے مقابلے میں 7,125 کامیابیاں درج کی گئیں۔
اس مہم کے نتیجے میں دفاتر میں 63,461 مربع فٹ جگہ خالی کرائی گئی، جبکہ ناکارہ سامان کو ٹھکانے لگانے سے 68,05,834 روپے کی آمدنی حاصل ہوئی۔ ریکارڈ کے انتظام کو منظم بنانے اور انتظامی کارکردگی بہتر کرنے کے مقصد سے 3,006 کاغذی فائلوں کو ریکارڈ سے خارج کیا گیا اور 3,645 الیکٹرانک فائلوں کو بند کیا گیا۔
صفائی ستھرائی کی سرگرمیاں اس مہم کا ایک اہم حصہ رہیں۔ اس کے تحت ملک بھر میں صفائی ستھرائی کی 302 سرگرمیاں منعقد کی گئیں اور صفائی کے لیے مختلف مقامات کی نشاندہی کی گئی۔
مرکزی ادارہ جات برائے ہوٹل مینجمنٹ (سی آئی ایچ ایم) کے طلبہ اور شعبۂ سیاحت سے وابستہ متعلقہ افراد نے اداروں کے کیمپس، سرکاری دفاتر اور سیاحتی مقامات پر صفائی ستھرائی اور دیکھ بھال سے متعلق سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیا۔
عوامی مقامات کو بہتر بنانے اور ان کی بحالی کے لیے شجرکاری مہمات بھی منعقد کی گئیں۔ ان سرگرمیوں کے ذریعے صاف ستھرا اور پائیدار ماحول برقرار رکھنے میں عام لوگوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت کی حوصلہ افزائی کی گئی۔
مہم کے دوران ریکارڈ کے مؤثر انتظام، غیر ضروری اور فرسودہ سامان کو ٹھکانے لگانے اور دفاتر میں دستیاب جگہ کے زیادہ سے زیادہ استعمال پر خصوصی زور دیا گیا۔
ذمہ دارانہ کچرا انتظام اور صاف ستھرا دفتری ماحول یقینی بنانے کے مقصد سے برقی کچرے کی بھی نشاندہی کی گئی، اسے مختلف زمروں میں تقسیم کیا گیا اور مناسب طریقے سے ٹھکانے لگایا گیا۔
خصوصی مہم 6.0 کے بارے میں بیداری بڑھانے کے لیے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے بھی تشہیر کی گئی۔ ان ذرائع پر وزارت اور اس سے وابستہ اداروں کی جانب سے انجام دی جانے والی سرگرمیوں اور حاصل کردہ کامیابیوں کو نمایاں طور پر پیش کیا گیا۔
خصوصی مہم 6.0 کی کامیاب تکمیل وزارتِ سیاحت کی جانب سے صفائی ستھرائی کو فروغ دینے، انتظامی کارکردگی بہتر بنانے اور ملک بھر میں عوامی و سیاحتی مقامات کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے جاری مسلسل کوششوں کی عکاسی کرتی ہے۔
***
ش ح۔ ک ا۔ ا ک م
U.NO. 7332