کارپوریٹ امور کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

آئی آئی سی اے نے متبادل تنازعات کے حل کے نظام کو مستحکم بنانے اور ہندوستان میں کاروبار کرنے میں آسانی کو فروغ دینے کے لیے آئی اے ایم سی کے ساتھ مفاہمت نامے پر دستخط کیے


اس اشتراک کا مقصد خصوصی نوعیت کی صلاحیت سازی، ایم ایس ایم ای کو ثالثی کے ذریعے تنازعات کے حل میں معاونت، پالیسی پر مبنی تحقیق اور وکست بھارت@2047 کے وژن کے مطابق ہندوستان کے اے ڈی آر کے فریم ورک کو آگے بڑھانے پر توجہ مرکوز کرنا ہے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 04 NOV 2026 7:08PM by PIB Delhi

انڈین انسٹی ٹیوٹ آف کارپوریٹ افیئرز (آئی آئی سی اے) نے انٹرنیشنل آربیٹریشن اینڈ میڈی ایشن سینٹر (آئی اے ایم سی)، حیدرآباد کے ساتھ ایک مفاہمت نامے (ایم او یو) پر دستخط کیے۔ یہ مرکز حکومت تلنگانہ اور تلنگانہ ہائی کورٹ کے تعاون سے قائم کیا گیا ایک خودمختار ادارہ ہے۔ یہ مفاہمت نامہ ادارہ جاتی تعاون کو مستحکم بنانے اور ثالثی، مصالحت، کارپوریٹ امور اور باہمی دلچسپی کے دیگر متعلقہ شعبوں میں پیشہ ورانہ مہارت کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

آئی آئی سی اے کے ڈائریکٹر جنرل اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب گیانیشور کمار سنگھ نے آئی اے ایم سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور رجسٹرار جناب اے جے جواد کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر ان کی موجودگی میں آئی آئی سی اے کے چیف ایڈمنسٹریٹو آفیسر کرنل امن دیپ سنگھ پوری اور آئی اے ایم سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور رجسٹرار جناب اے جے جواد نے مفاہمت نامے پر دستخط کیے۔

 

انڈین انسٹی ٹیوٹ آف کارپوریٹ افیئرز (آئی آئی سی اے) کے سینٹر فار ایکسی لینس ان آلٹرنیٹو ڈسپیوٹ ریزولوشن (سی ای اے ڈی آر) کے سربراہ پروفیسر (ڈاکٹر) نوین سروہی نے معزز مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور علم کے تبادلے، پیشہ ورانہ ترقی اور باہمی اشتراک پر مبنی اقدامات کو فروغ دینے میں ادارہ جاتی شراکت داری کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

اپنے کلیدی خطاب میں جناب گیانیشور کمار سنگھ نے وکست بھارت@2047 کے وژن کی تکمیل کے لیے آئی آئی سی اے اور آئی اے ایم سی کے درمیان اشتراک کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ حسب ضرورت مختصر اور طویل مدتی کورسز، ورکشاپ، سیمینارز اور دیگر ہنرمندی کے فروغ کے پروگراموں کے ذریعے ثالثی کاروں، مصالحت کاروں اور تنازعات کے حل کے ماہرین کا ایک خصوصی تربیت یافتہ گروپ تیار کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے ایم ایس ایم ای شعبے میں مصالحت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس شعبے کے اقتصادی ترقی، مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) اور برآمدات کے ساتھ گہرے روابط ہیں۔ انہوں نے دونوں اداروں کی جانب سے مختلف شعبوں پر مرکوز سرگرمیوں کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اس کے علاوہ، ریاست ہریانہ کے 2047 تک ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت بننے کے وژن کو تقویت دینے کے لیے علاقائی سطح پر تعاون کے امکانات پر بھی غور کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط ادارہ جاتی ثالثی اور مصالحتی مراکز کے ذریعے سرمایہ کاروں کا اعتماد حاصل کیے بغیر یہ ہدف ممکن نہیں ہو سکتا۔

اپنے خصوصی خطاب میں جناب اے جے جواد نے کہا کہ آئی اے ایم سی، ہندوستان میں متبادل اے ڈی آر کو مزید فروغ دینے اور مستحکم بنانے کے لیے منظم پروگراموں، مشترکہ اقدامات اور پالیسی پر مبنی تحقیق کی تیاری میں آئی آئی سی اے کے ساتھ قریبی تعاون کا خواہاں ہے، تاکہ دونوں ادارے اپنی اپنی ادارہ جاتی مہارت اور وسائل سے استفادہ کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مفاہمت نامہ پیشہ ورانہ مہارت کے معیار کو بہتر بنانے، بہترین طریقہ ہائے کار کو فروغ دینے اور ثالثی، مصالحت، تنازعات کے حل سے متعلق تربیت اور ادارہ جاتی ترقی کے شعبوں میں جدت طرازی کی حوصلہ افزائی کے وسیع تر وژن سے ہم آہنگ ہے۔

مفاہمت نامے پر دستخط کی تقریب کا اہتمام تنازعات کے حل کے متبادل نظام کے مرکز برائے امتیازی کارکردگی (سی ای اے ڈی آر) نے کیا، جو پروفیسر (ڈاکٹر) نوین سروہی، سربراہ، اسکول آف فنانس اینڈ مینجمنٹ اور سینٹر فار ایکسی لینس ان آلٹرنیٹو ڈسپیوٹ ریزولوشن کی رہنمائی میں منعقد ہوئی۔

 

آئی آئی سی اے اور آئی اے ایم سی حیدرآباد کا تعارف

 

انڈین انسٹی ٹیوٹ آف کارپوریٹ افیئرز (آئی آئی سی اے)، حکومت ہند کی وزارت کارپوریٹ امور کے تحت ایک خودمختار ادارہ ہے۔ یہ کارپوریٹ امور کے مختلف شعبوں، بشمول کارپوریٹ گورننس، دیوالیہ پن، ضابطہ جاتی فریم ورک اور دیگر متعلقہ شعبوں میں تحقیق، پالیسی سے متعلق معاونت، صلاحیت سازی اور پیشہ ورانہ ترقی کے لیے ایک قومی وسائل کے ادارے کے طور پر خدمات انجام دیتا ہے۔

انٹرنیشنل آربیٹریشن اینڈ میڈی ایشن سینٹر (آئی اے ایم سی)، حیدرآباد، ایک ادارہ جاتی پلیٹ فارم ہے، جو ثالثی، مصالحت اور تنازعات کے حل کے دیگر متبادل طریقہ کار کو فروغ دینے کے لیے وقف ہے۔ یہ متبادل تنازعات کے حل کے نظام (اے ڈی آر) تک آسان رسائی کو یقینی بنانے اور اس شعبے میں مہارت کو فروغ دینے کے لیے کام کرتا ہے۔

*****

ش ح۔ ف ش ع

U: 7243


(ریلیز آئی ڈی: 2332830) وزیٹر کاؤنٹر : 3
یہ ریلیز پڑھیں: English , Assamese , Tamil