راجیہ سبھا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

سائنس و ٹیکنالوجی، ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق محکمہ جاتی پارلیمانی قائمہ کمیٹی کی 412ویں رپورٹ پر پریس ریلیز

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 07 AUG 2026 7:32PM by PIB Delhi

سائنس و ٹیکنالوجی، ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق محکمہ جاتی پارلیمانی قائمہ کمیٹی، جس کی سربراہی راجیہ سبھا کی رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر میدھا وِش رام کلکرنی کر رہی ہیں، نے جمعہ، 7 اگست 2026 کو پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں ’ہمالیائی خطے میں جنگلات کی آگ، اس کے مضر اثرات اور اس کی روک تھام کے اقدامات‘ کے موضوع پر اپنی 412ویں رپورٹ پیش کی۔

2۔ کمیٹی نے 5 اگست 2026 کو منعقدہ اپنے اجلاس میں رپورٹ کے مسودے پر غور کیا اور اسے منظور کیا۔ کمیٹی کی جانب سے رپورٹ میں پیش کردہ سفارشات اور مشاہدات منسلک ہیں۔

3۔ یہ رپورٹیںhttps://sansad.in/rsپر بھی دستیاب ہیں۔

’ہمالیائی خطے میں جنگلات کی آگ، اس کے مضر اثرات اور تدارک کے اقدامات‘ پر 412ویں رپورٹ

سفارشات اور مشاہدات کا اجمالی جائزہ

ہمالیائی خطے میں جنگلات کی آگ: پھیلاؤ اور رجحانات

          کمیٹی نے یہ جاننا چاہا کہ آیا ہمالیائی خطے میں موسمیاتی تبدیلی اور جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات میں اضافے کے درمیان تعلق کے حوالے سے کوئی تحقیقی مطالعہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں کمیٹی نے ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت سے سوال کیا۔ جواب میں وزارت نے بتایا کہ وہ اس بات کو تسلیم کرتی ہے کہ درجۂ حرارت میں اضافہ، طویل عرصے تک خشک موسم کا برقرار رہنا اور آب و ہوا میں بڑھتا ہوا تغیر خطے میں جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات کی تعداد اور شدت میں اضافے کے اہم اسباب ہیں۔ تاہم، وزارت نے کمیٹی کو مطلع کیا کہ اس تعلق کے حوالے سے اب تک وزارت کی جانب سے کوئی مخصوص تحقیقی مطالعہ نہ تو شروع کیا گیا ہے اور نہ ہی کسی ادارے کو سونپا گیا ہے۔(پیراگراف 2.17)

          کمیٹی کا مشاہدہ ہے کہ ایسا کوئی مخصوص تحقیقی مطالعہ موجود نہیں ہے جس کے ذریعے یہ ثابت کیا جا سکے یا اس بات کا اندازہ لگایا جا سکے کہ ہمالیائی خطے میں جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات کی بڑھتی ہوئی تعداد اور شدت میں موسمیاتی تبدیلی کا بھی کوئی کردار ہے۔ کمیٹی نے آئی سی ایف آر ای-ایف آر آئی میں این سی ایس ایف ایف ایم کے تحت جاری کام کا نوٹس لیا ہے، تاہم اس کا مشاہدہ ہے کہ اس کام کا طریقۂ کار مستقبل کے امکانات اور مختلف منظرناموں پر مبنی ہے اور اس کا مقصد جنگلات میں آگ لگنے کے مستقبل کے خدشات کا اندازہ لگانا ہے، نہ کہ آب و ہوا سے متعلق عوامل اور ماضی میں جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات کے درمیان تاریخی تعلق کو تجرباتی شواہد کی بنیاد پر ثابت کرنا۔ لہٰذا، کمیٹی کی رائے ہے کہ اس سلسلے میں معلومات اور تحقیق کی کمی برقرار ہے۔ ہمالیائی خطے کے نازک ماحولیاتی نظام، پیچیدہ جغرافیائی ساخت اور موسمیاتی تبدیلیوں کے تئیں غیر معمولی حساسیت کے پیش نظر ضروری ہے کہ اس خطے کے مخصوص حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے الگ سے تحقیقی مطالعے کیے جائیں، نہ کہ جنگلات کے دیگر ماحولیاتی نظاموں سے حاصل شدہ عمومی یا اخذ کردہ نتائج پر انحصار کیا جائے۔  (پیراگراف 2.20)

          لہٰذا، کمیٹی سفارش کرتی ہے کہ وزارت کو بھارتی ہمالیائی خطے میں موسمیاتی تبدیلی اور جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات کی تعداد، شدت اور موسمی دورانیے کے درمیان تعلق کو تجرباتی شواہد کی بنیاد پر ثابت کرنے کے لیے ایک مخصوص اور خطے کے حالات پر مبنی تحقیقی مطالعہ شروع کرانا چاہیے۔ اس مطالعے میں کم از کم درجۂ حرارت، بارش اور خشک موسم کے دورانیے میں طویل مدتی رجحانات کا ماضی میں جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات کے اعداد و شمار کے ساتھ جائزہ لیا جانا چاہیے۔ اس کے علاوہ، ہمالیائی جنگلات کی مختلف اقسام میں اضافہ اور درختوں کی انواع کے لحاظ سے پائے جانے والے فرق کی روشنی میں یہ بھی جانچا جانا چاہیے کہ بدلتے ہوئے موسمی حالات میں جنگلات کے آگ کی زد میں آنے کے خدشات کس طرح متاثر ہوتے ہیں۔ ساتھ ہی، آگ لگنے کے خطرات کے پیشگی اندازے پر مبنی ایسے نمونے تیار کیے جانے چاہیے جو موسم کے لحاظ سے پیشگی تیاری، وسائل کی تعیناتی اور بروقت انتباہی نظام وضع کرنے میں معاون ثابت ہوں۔کمیٹی مزید سفارش کرتی ہے کہ یہ تحقیق این سی ایس ایف ایف ایم کے تحت پہلے سے جاری خطرات کے نقشہ سازی کے کام کے ساتھ تال میل قائم کرتے ہوئے اس کی تکمیل کے لیے انجام دی جائے، تاکہ ایسا مستند معلوماتی اور تحقیقی ذخیرہ تیار ہو سکے جس میں ماضی کے واقعات کے تجزیے کے ساتھ مستقبل کے امکانات کی پیش گوئی بھی شامل ہو۔ کمیٹی یہ سفارش بھی کرتی ہے کہ اس تحقیق کے نتائج کا وقتاً فوقتاً جائزہ لے کر انہیں تازہ کیا جائے اور وزارت کی جنگلات میں آگ کی روک تھام اور انتظام سے متعلق رہنما ہدایات میں شامل کیا جائے، تاکہ پالیسی اقدامات عمومی مفروضوں کے بجائے موسمیاتی تبدیلی اور جنگلات میں آگ لگنے کے درمیان بدلتے ہوئے تعلق کے مطابق مرتب کیے جا سکیں۔(پیراگراف 2.21)

علاقائی سطح پر جنگلات میں آگ لگنے کے رجحانات: مغربی اور مشرقی ہمالیہ

          کمیٹی کا مشاہدہ ہے کہ دونوں خطوں میں جنگلات میں آگ لگنے کے اسباب اور رجحانات ایک دوسرے سے مختلف ہیں۔ مغربی ہمالیہ میں آگ لگنے کا خطرہ بنیادی طور پر مانسون سے پہلے شدید گرمی، صنوبر کی سوئیوں کا ایندھن کے طور پر جمع ہونےوالے آتش گیر مواد اور انسانی سرگرمیوں کے باعث قریب ہی آگ بھڑک اٹھنے کے واقعات سے پیدا ہوتا ہے۔ اس کے برعکس، مشرقی ہمالیہ میں فضا کی خشکی اور کاشت کاری سے وابستہ آگ لگانے کے طریقوں کا باہمی پیچیدہ امتزاج اس مسئلے کو جنم دیتا ہے۔ یہ صورت حال ظاہر کرتی ہے کہ جنگلات میں آگ کی روک تھام اور اس کے تدارک کے لیے پورے ہمالیائی خطے میں یکساں حکمت عملی اپنانا دونوں خطوں کے الگ الگ ماحولیاتی اور سماجی و اقتصادی حقائق کے پیش نظر کافی نہیں ہوگا۔ لہٰذا، کمیٹی کی سوچی سمجھی رائے ہے کہ ہر خطے کے لیے الگ الگ حالات کے مطابق آگ کی روک تھام اور موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت پیدا کرنے کی حکمت عملی وضع کی جانی چاہیے۔(پیراگراف 3.4)

          کمیٹی مزید سفارش کرتی ہے کہ جنگلات میں آگ کی روک تھام کے لیے وضع کیے جانے والے کسی بھی قومی یا علاقائی لائحہ عمل میں مغربی اور مشرقی ہمالیہ کے درمیان اس فرق کو واضح طور پر تسلیم کیا جائے اور اس کا لحاظ رکھا جائے، تاکہ وسائل کی تقسیم، پیشگی انتباہی نظام اور مقامی برادریوں کی شمولیت سے متعلق حکمت عملی ہر ذیلی خطے میں اثرانداز ہونے والے الگ الگ موسمی اور انسانی عوامل کے مطابق ترتیب دی جا سکے۔ (پیراگراف 3.5)

جنگلات میں آگ لگنے کے مضر اثرات

          کمیٹی کی سوچی سمجھی رائے ہے کہ یہ معلومات کے حوالے سے ایک اہم خلا ہے، خاص طور پر اس لیے کہ جنگلات میں آگ لگنے کے بڑے مضر اثرات میں انسانی جانوں کا ضیاع بھی واضح طور پر شامل ہے۔ ایک جامع قومی ریکارڈ کی عدم موجودگی میں مختلف ریاستوں میں جنگلات کی آگ سے ہونے والے جانی نقصان کی حقیقی صورت حال سامنے نہیں آ پاتی، جس سے نہ صرف جواب دہی کا عمل متاثر ہوتا ہے بلکہ شواہد پر مبنی پالیسیاں وضع کرنے میں بھی دشواری پیش آتی ہے۔ لہٰذا، کمیٹی سفارش کرتی ہے کہ وزارت ریاستی حکومتوں سے مشاورت کرکے جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات میں جانی نقصان اور ادا کیے گئے معاوضے کی تفصیلات پر مشتمل ایک مرکزی معلوماتی ذخیرہ تیار کرنے اور اسے برقرار رکھنے کے لیے فوری اقدامات کرے، تاکہ اس کی منظم نگرانی اور باخبر پالیسی اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔(پیراگراف 4.4)

          کمیٹی مزید مشاہدہ کرتی ہے کہ ہمالیائی جنگلات آبی ذخائر کے تحفظ اور ان کے نظام کو برقرار رکھنے میں نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ یہ پانی کے زمین میں جذب ہونے، زیرِ زمین آبی ذخائر کو دوبارہ بھرنے اور چشموں سے پانی کے اخراج کو منظم کرتے ہیں، جن پر خطے کی آبادی کی اکثریت پینے کے پانی اور آب پاشی کے لیے انحصار کرتی ہے۔ جنگلات میں آگ لگنے سے درختوں کی چھتری اور زمین پر موجود پتوں کی تہہ ختم ہو جاتی ہے اور مٹی میں پانی کے جذب ہونے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے۔ اس طرح چشموں سے پانی حاصل کرنے والے آبی نظام پرپہلے سے درپیش دباؤ کی شدت میں مزید اضافہ ہوتا ہے۔ یہ صورت حال خاص طور پر پہاڑی علاقوں کے ان آبی طاسوں میں زیادہ سنگین ہوتی ہے جہاں مٹی کی تہہ کم گہری ہوتی ہے اور آگ لگنے کے اضافی اثرات کے بغیر بھی قدرتی بحالی کا عمل سست رہتا ہے۔(پیراگراف 4.5)

          لہٰذا، کمیٹی سفارش کرتی ہے کہ وزارتِ جل شکتی اور متعلقہ ریاستی حکومتوں کے اشتراک سے وزارت کو جنگلات میں آگ لگنے کے بعد آبی طاسوں اور چشموں کی بحالی کے لیے ایک منظم لائحہ عمل تیار کرنا چاہیے، جس میں درج ذیل امور شامل ہوں: اول، آگ سے متاثرہ آبی طاسوں کا لازمی طور پر بعد از آتش زدگی آبیاتی جائزہ لیا جائے، تاکہ متاثرہ علاقے کے اندر یا اس کے نشیبی حصوں میں واقع چشموں، ندی نالوں اور زیرِ زمین آبی ذخائر کو دوبارہ بھرنے والے علاقوں کی نشاندہی کی جا سکے؛ دوم، اس طرح کے جائزوں کو جنگلات میں آگ سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ تیار کرنے کے موجودہ نظام میں شامل کیا جائے، تاکہ جلے ہوئے رقبے اور نباتاتی نقصان کے اعداد و شمار کے ساتھ آبی اثرات کا بھی ریکارڈ رکھا جا سکے؛ سوم، آگ سے متاثرہ جن علاقوں میں چشمے واقع ہیں، انہیں جاری قومی اور ریاستی سطح کے چشموں کی بحالی اور آبی طاسوں کے انتظام سے متعلق پروگراموں کے تحت ترجیحی بنیاد پر شامل کیا جائے، بجائے اس کے کہ انہیں عام منصوبہ جاتی طریقۂ کار کے تحت رکھا جائے، جہاں انہیں کوئی ترجیح حاصل نہ ہو؛ اور چہارم، آگ لگنے کے بعد متاثرہ آبی طاسوں میں چشموں سے پانی کے اخراج اور پانی کے معیار کی نگرانی کی جائے، تاکہ بحالی کے عمل پر نظر رکھی جا سکے اور مستقبل میں جنگلات کے انتظام اور مٹی کے تحفظ سے متعلق اقدامات کے لیے رہنمائی حاصل ہو سکے۔کمیٹی کی رائے ہے کہ اس طرح کا منظم ربط قائم کیے بغیر جنگلات میں آگ لگنے کے باعث آبی تحفظ کو لاحق خطرات کا مسئلہ بدستور نظر انداز ہوتا رہے گا، حالاں کہ اس کے نتیجے میں نباتاتی نقصان کا ریکارڈ بھی مرتب کیا جاتا رہے گا اور اس کے ازالے کے لیے اقدامات بھی کیے جاتے رہیں گے۔(پیراگراف 4.6)

جنگلات میں آگ کی نگرانی اور پیشگی انتباہی نظام

          کمیٹی مشاہدہ کرتی ہے کہ سیٹلائٹ ٹیکنالوجی کے استعمال کو کئی سال گزر جانے اور خلائی شعبے میں بھارت کے نمایاں مقام رکھنے کے باوجود، ملک میں جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات کی نگرانی کے لیے اب بھی غیر ملکی سیٹلائٹس پر انحصار کیا جا رہا ہے۔ کمیٹی اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کرتی ہے کہ دن اور رات کے مختلف اوقات میں سیٹلائٹ کے مشاہدے میں ایک بڑا خلا موجود ہے، یعنی رات 01:30 سے صبح 10:30 بجے تک اور دوپہر 13:30 سے رات 22:30 بجے تک کوئی سیٹلائٹ اس علاقے کے اوپر سے نہیں گزرتا۔ لہٰذا، کمیٹی محکمۂ خلائی امور پر زور دیتی ہے کہ جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات کی چوبیس گھنٹے نگرانی کرنے کی صلاحیت رکھنے والے جغرافیائی مدار میں قائم سیٹلائٹ کی خلاء میں روانگی کو ترجیحی بنیاد پر یقینی بنایا جائے۔(پیراگراف 5.18)

          کمیٹی اتراکھنڈ کی ریاستی حکومت کی جانب سے پیش کردہ اس بیان کا نوٹس لیتی ہے کہ بھارتی جنگلاتی سروے (ایف ایس آئی) سے موصول ہونے والے انتباہات میں سے صرف تقریباً 12.5 فیصد ہی حقیقی جنگلاتی آگ کے مصدقہ واقعات سے متعلق تھے۔ کمیٹی کی رائے ہے کہ غلط انتباہات کی زیادہ تعداد کے باعث میدانی سطح پر کام کرنے والے افسران اور متعلقہ نوڈل افسران میں انتباہات کے تئیں بے حسی پیدا ہونے کا حقیقی خطرہ ہے۔ وقت گزرنے کے ساتھ وہ ان انتباہات کو قابلِ کارروائی اطلاع سمجھنے کے بجائے معمول کی بات سمجھنے لگ سکتے ہیں، جس سے پیشگی انتباہی نظام کا بنیادی مقصد ہی متاثر ہو سکتا ہے۔ اس لیے کمیٹی سفارش کرتی ہے کہ وزارت، ریاستی محکمۂ جنگلات کے اشتراک سے نوڈل افسران اور میدانی عملے کے لیے ایف اے ایس ٹی 3.0 کے انتباہات کو سمجھنے، ان کی تصدیق کرنے اور ان کی نوعیت کے مطابق ترجیح طے کرنے کے سلسلے میں باقاعدہ اور منظم تربیت کا انتظام کرے۔ اس تربیت میں جغرافیائی محلِ وقوع، موسم اور زمین کے استعمال کی نوعیت کو مدنظر رکھتے ہوئے جنگلات میں لگنے والی ممکنہ آگ اور زرعی مقاصد یا طے شدہ طریقۂ کار کے تحت لگائی جانے والی آگ کے درمیان فرق کرنے سے متعلق رہنمائی بھی شامل ہونی چاہیے۔ (پیراگراف 5.19)

          کمیٹی مشاہدہ کرتی ہے کہ ایف اے ایس ٹی 3.0 کے تحت جنگلات میں آگ سے متعلق انتباہی نظام صارفین کے اندراج کے طریقۂ کار پر مبنی ہے، جس کے تحت صرف انہی شہریوں تک انتباہات پہنچتے ہیں جنہوں نے اپنی مرضی سے اس نظام میں اپنا اندراج کرایا ہو۔ شمال مشرقی خطے کی جنگلات میں آگ لگنے کے شدید خطرے سے دوچار کئی ریاستوں میں ایسے شہریوں کی تعداد بھی کم ہے۔ کمیٹی کی رائے ہے کہ پیشگی انتباہی نظام کے مقصد کے حصول کے لیے اندراج پر منحصر طریقۂ کار موزوں نہیں ہے، کیونکہ اس میں بنیادی طور پر وہ آبادی شامل نہیں ہو پاتی جس نے اندراج کی ضرورت محسوس نہیں کی ہوتی۔ کمیٹی اس بات کا بھی نوٹس لیتی ہے کہ قومی ادارۂ انتظامِ آفات نے محکمۂ مواصلات کے اشتراک سے پہلے ہی ایک ایسا نظام تیار کیا ہے جس کے ذریعے مخصوص جغرافیائی علاقے میں موجود تمام موبائل فونز تک انتباہی پیغامات پہنچائے جا سکتے ہیں۔ یہ نظام، جسے سیل براڈکاسٹ الرٹ سسٹم کہا جاتا ہے، زلزلے، سونامی، آسمانی بجلی گرنے اور انسانی سرگرمیوں کے باعث پیدا ہونے والے خطرات سمیت مختلف آفات سے متعلق انتباہات پہنچانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس کے لیے موبائل صارفین کا پہلے سے اندراج ضروری نہیں ہے اور اسے بتدریج عملی طور پر نافذ کیا جا رہا ہے۔کمیٹی کی رائے ہے کہ جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات بھی، اپنے مخصوص موسم میں زیادہ تعداد میں پیش آنے اور ایف اے ایس ٹی 3.0 کے تحت انتباہات تیزی سے پہنچانے کی ثابت شدہ صلاحیت کے پیش نظر، اسی نظام کے ذریعے انتباہات پہنچانے کے لیے موزوں ہیں۔ لہٰذا، کمیٹی سفارش کرتی ہے کہ وزارت، قومی ادارۂ انتظامِ آفات (این ڈی ایم اے) اور محکمۂ مواصلات کے اشتراک سے اس امکان کا جائزہ لے کہ ایف اے ایس ٹی 3.0 کے ذریعے تیار کردہ جنگلات میں آگ سے متعلق انتباہات کو سیل براڈکاسٹ الرٹ سسٹم کے ڈھانچے میں شامل کیا جا سکتا ہے یا نہیں، تاکہ خطرے سے دوچار متعین علاقے میں تمام موبائل صارفین تک ان کے جغرافیائی محلِ وقوع کے مطابق انتباہات پہنچ سکیں۔ اس میں عارضی طور پر وہاں مقیم افراد، سیاح اور ایسے مقامی باشندے بھی شامل ہوں جنہوں نے اس نظام میں اپنا اندراج نہیں کرایا ہے۔ اس طرح انتباہات کی ترسیل کے لیے پہلے سے اندراج کی شرط ختم ہو جائے گی۔(پیراگراف 5.20)

          کمیٹی مزید مشاہدہ کرتی ہے کہ مغربی ہمالیہ میں درجۂ حرارت کے باعث اور مشرقی ہمالیہ میں فضا کی خشکی کے باعث جنگلات میں آگ لگنے کے جو رجحانات پائے جاتے ہیں، ان کی بنیادی وجہ موسمیاتی عوامل ہیں، جن کا تعلق بھارتی محکمۂ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے دائرۂ کار اور مہارت سے ہے۔ کمیٹی کی رائے ہے کہ آئی ایم ڈی کے ساتھ ادارہ جاتی سطح پر قریبی اشتراک کے ذریعے ہمالیائی خطے میں جنگلات میں آگ لگنے کی پیش گوئی اور پیشگی انتباہ جاری کرنے کی صلاحیت کو نمایاں طور پر بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ اس کے پیش نظر، کمیٹی سفارش کرتی ہے کہ وزارت، آئی ایم ڈی کے اشتراک سے ایک باضابطہ مشترکہ لائحہ عمل تیار کرے، جس کے تحت آئی ایم ڈی کے اعلیٰ درجے کے موسمی پیش گوئی کے نمونوں، بشمول درمیانی مدت اور توسیعی مدت کی پیش گوئی کے نظام، کو اس خطے میں جنگلات میں آگ لگنے کے خطرات کا اندازہ لگانے اور پیشگی انتباہ جاری کرنے کے ذرائع میں شامل کیا جائے۔ کمیٹی مزید سفارش کرتی ہے کہ اس اشتراک کے تحت ریاستی محکمۂ جنگلات اور ضلع سطح کی آفات کے انتظام سے متعلق اتھارٹیز کے ساتھ حقیقی وقت کے اعداد و شمار کا تبادلہ بھی کیا جائے، تاکہ جنگلات میں آگ لگنے کے خطرات سے متعلق انتباہات مناسب پیشگی وقت کے ساتھ جاری کیے جا سکیں اور بچاؤ کے لیے وسائل کی بروقت تعیناتی ممکن ہو۔(پیراگراف 5.21)

ڈیزاسٹرمینجمنٹ اور  اقدامات

          کمیٹی مشاہدہ کرتی ہے کہ فی الحال جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات سے نمٹنے کے لیے قومی آفات سے نمٹنے والی فورس (این ڈی آر ایف) کی صرف دو بٹالین تعینات ہیں، جن میں سے ایک مغربی ہمالیائی خطے اور دوسری مشرقی ہمالیائی خطے میں تعینات ہے۔ کمیٹی یہ بھی نوٹس لیتی ہے کہ این ڈی آر ایف کی چھ ٹیموں کو جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات سے نمٹنے کی تربیت دی گئی ہے، لیکن باضابطہ طور پر صرف تین ٹیمیں اس کام کے لیے مختص کی گئی ہیں، جس کے نتیجے میں تربیت یافتہ تین ٹیمیں اب بھی ادارہ جاتی منظوری سے محروم ہیں۔ کمیٹی مزید مشاہدہ کرتی ہے کہ مغربی ہمالیائی خطے کے لیے مزید دو بٹالین کی تعیناتی کی تجویز زیر التوا ہے، حالاں کہ جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات سے نمٹنے کے لیے این ڈی آر ایف کی موجودہ صلاحیت ناکافی ثابت ہو چکی ہے۔ اس کا ثبوت محکمۂ آفات کے اپنے تجربے سے بھی ملتا ہے، جب 2024 کے موسمِ آتش زدگی کے دوران اتراکھنڈ اور ہماچل پردیش میں جنگلات کی آگ سے نمٹنے میں مشکلات پیش آئیں۔ لہٰذا، کمیٹی سفارش کرتی ہے کہ جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات سے نمٹنے کے لیے مزید تین ٹیموں کی تعیناتی کی زیر التوا تجویز کو جلد از جلد منظوری دی جائے۔(پیراگراف 6.12)

          کمیٹی این ڈی آر ایف کے افسران کو بین الاقوامی سطح پر رائج بہترین طریقۂ کار سے روشناس کرانے کے اقدام کا خیرمقدم کرتی ہے، تاہم اس بات کا مشاہدہ کرتی ہے کہ اب تک اس طرح کے مواقع سے صرف دو افسران ہی استفادہ کر سکے ہیں۔ کمیٹی سفارش کرتی ہے کہ بیرونِ ملک تربیت اور تبادلے کے مواقع کو منظم طریقے سے وسعت دی جائے، خاص طور پر ایسے ممالک کے ساتھ تعاون بڑھایا جائے جہاں پہاڑی اور شمالی سرد خطوں کے جنگلات میں آگ لگنے کی صورتِ حال بھارت سے ملتی جلتی ہے۔ اس کے علاوہ، زیادہ بلندی والے پہاڑی علاقوں میں آگ بجھانے کے لیے وہاں کے مخصوص جغرافیائی حالات کے مطابق ایک منظم نصاب باضابطہ طور پر مرتب کیا جائے اور اسے وقتاً فوقتاً تازہ کیا جائے۔ یہ نصاب موجودہ ادارہ جاتی انتظامات سے آگے بڑھ کر تیار کیا جانا چاہیے۔(پیراگراف 6.14)

          کمیٹی مشاہدہ کرتی ہے کہ 30 منٹ کا مقررہ معیار صرف یونٹ کے صدر دفتر یا علاقائی مرکزِ امداد سے فورس کو روانہ کرنے کے وقت سے متعلق ہے، جبکہ اس میں آگ لگنے کے مقام تک پہنچنے میں صرف ہونے والا حقیقی وقت شامل نہیں ہے۔ ہمالیائی خطے کے دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں عملی نقطۂ نظر سے یہی وقت زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔ کمیٹی سفارش کرتی ہے کہ قومی آفات سے نمٹنے والی فورس (این ڈی آر ایف)  کو روانہ کرنے کے وقت کے علاوہ آگ لگنے کے مقام پر پہنچنے کے حقیقی وقت سے متعلق اعداد و شمار بھی سال در سال اور ریاست در ریاست مرتب کرے اور ان کی رپورٹ پیش کرے، تاکہ ہمالیائی خطے کے مخصوص جغرافیائی حالات کے تناظر میں امدادی کارروائیوں کی کامیابیوں کا زیادہ درست اندازہ لگایا جا سکے۔ (پیراگراف 6.16)

          کمیٹی تسلیم کرتی ہے کہ ان میں سے کئی چیلنجز ہمالیائی خطے کے جغرافیائی حالات کا لازمی حصہ ہیں اور انہیں مکمل طور پر ختم نہیں کیا جا سکتا۔ تاہم، بنیادی ڈھانچے میں مخصوص نوعیت کی سرمایہ کاری کے ذریعے ان کے اثرات کو کم کیا جا سکتا ہے۔ کمیٹی سفارش کرتی ہے کہ متعلقہ وزارت، ریاستی حکومتوں سے مشاورت کرکے ہمالیائی خطے کے ان اضلاع میں جہاں جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات سب سے زیادہ پیش آتے ہیں، امدادی کارروائیوں کے لیے ضروری بنیادی ڈھانچے کی نشاندہی کرے اور اسے ترقی دے۔ اس میں ہیلی پیڈز کی تعمیر بھی شامل ہو، تاکہ دشوار گزار جغرافیائی حالات اور آمد و رفت کی محدود سہولتوں کے باعث امدادی کارروائیوں میں ہونے والی تاخیر کو کم کیا جا سکے۔(پیراگراف 6.20)

          کمیٹی کا خیال ہے کہ این ڈی آر ایف کی جانب سے خود افرادی قوت کی کمی کا اعتراف، اپنی کارروائیوں سے حاصل ہونے والے تجربات اور اسباق کی تفصیلی وضاحت، نیز ہمالیائی خطے کے لیے ایک مخصوص بٹالین اور علاقائی مرکزِ امداد کے قیام پر آنے والے اخراجات کے تخمینوں کی دستیابی کے پیش نظر، اس خطے کے لیے آفات سے نمٹنے کی ایک مستقل اور مخصوص صلاحیت کا ہونا ضروری ہے، نہ کہ محض ضرورت پڑنے پر طلب کی جانے والی اور آزمائشی بنیادوں پر قائم صلاحیت کا۔ لہٰذا، کمیٹی سفارش کرتی ہے کہ وزارتِ داخلہ اور قومی ادارۂ انتظامِ آفات (این ڈی ایم اے) مقررہ مدت کے اندر ہمالیائی خطے کے لیے کم از کم دو مخصوص علاقائی مراکزِ امداد کے قیام کے بارے میں فیصلہ کریں، جن میں سے ایک مغربی ہمالیہ اور دوسرا مشرقی ہمالیہ کے لیے ہو۔(پیراگراف 6.24)

جنگلات میں آگ کی روک تھام اور انتظام کے لیے مالی امداد

          کمیٹی سفارش کرتی ہے کہ وزارت جنگلات میں آگ کی روک تھام اور انتظام (ایف ایف پی ایم) سے متعلق مضبوط بنائی گئی اسکیم کو جاری رکھنے کے لیے مالیاتی کمیٹی (ایس ایف سی) کی منظوری کا عمل جلد از جلد مکمل کرے، کیونکہ اس اسکیم کی پانچ سالہ مدت پہلے ہی ختم ہو چکی ہے، جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات میں کوئی کمی نہیں آئی ہے اور آگ لگنے کے موسم میں جنگلات میں آگ کی روک تھام کے لیے مختص مالی وسائل کی فراہمی میں کسی بھی طرح کا تعطل براہِ راست عملی خطرات پیدا کر سکتا ہے۔ کمیٹی کی یہ بھی رائے ہے کہ جب تک ایس ایف سی، ایف ایف پی ایم اسکیم کی تجدید کے حوالے سے کوئی سفارش پیش نہیں کرتی، اس وقت تک عبوری اقدام کے طور پر اسی اسکیم سے ملتا جلتا کوئی متبادل نظام وضع کیا جانا چاہیے۔کمیٹی مزید سفارش کرتی ہے کہ تجدید شدہ ایف ایف پی ایم اسکیم کے تحت آئندہ مالی رقوم کی فراہمی کو واضح طور پر قابلِ پیمائش کارکردگی کے اشاریوں سے منسلک کیا جائے۔ ان اشاریوں میں جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات اور اس سے متاثرہ جلے ہوئے رقبے میں قابلِ پیمائش کمی، امدادی کارروائیوں کے اوسط وقت میں بہتری اور آگ کو پھیلنے سے روکنے کے لیے بنائی گئی فائر لائنز کی مسلسل دیکھ بھال شامل ہونی چاہیے۔ ریاستوں کے لیے یہ بھی لازم قرار دیا جائے کہ وہ تفصیلی سالانہ منصوبۂ انتظامِ آتش زدگی پیش کریں، جو کیمپا کے سالانہ عملی منصوبے کی طرز پر ہو اور جس میں مالی اخراجات کے مقابلے میں حاصل کیے جانے والے عملی اہداف کی واضح تفصیل درج ہو۔(پیراگراف 7.8)

          کمیٹی سفارش کرتی ہے کہ جنگلات میں آگ کی روک تھام اور اس پر قابو پانے کی کارروائیوں کے لیے بڑے پیمانے پر مالی وسائل فراہم کرنے کی غرض سے کیمپا فنڈز پر انحصار کرنے کے بجائے، جن کا بنیادی مقصد معاوضہ جاتی شجرکاری اور اس سے متعلقہ دیگر سرگرمیوں کے لیے مالی امداد فراہم کرنا ہے، تجدید شدہ ایف ایف پی ایم اسکیم کے تحت ان سرگرمیوں کے لیے درکار مالی وسائل کی مناسب فراہمی یقینی بنائی جائے۔(پیراگراف 7.9)

صنوبرکے درختوں کی یکساں شجرکاری سے آگے بڑھ کر: ہمالیائی جنگلات کی بحالی

          کمیٹی اس اعتراف کو اہم قرار دیتی ہے۔ اس سے شواہد اور تاریخی ماحولیاتی ریکارڈ میں موجود ایک ایسی کمی کی نشاندہی ہوتی ہے، جس کے باعث کئی دہائیوں سے چیڑ کے درختوں کی بالادستی کو قدرتی عمل سمجھنے کے تصور کا جائزہ نہیں لیا گیا، حالاں کہ جنگلات میں آگ لگنے کے رجحانات پر اس کے اثرات مسلسل زیادہ سنگین ہوتے گئے ہیں۔(پیراگراف 8.3)

          کمیٹی کی سوچی سمجھی رائے ہے کہ اس نتیجے سے مسئلے کی نوعیت ایک نئے انداز میں سامنے آتی ہے۔ حکومت کے سامنے چیلنج محض تاریخی طور پر ورثے میں ملنے والے یکساں جنگلات کے انتظام تک محدود نہیں ہے، بلکہ ایسے جنگلات کے مسلسل پھیلاؤ کو روکنا بھی ہے، جو کہیں زیادہ ماحولیاتی اور آبی اہمیت کے حامل چوڑے پتوں والے بلوط کے جنگلات کی جگہ لے رہے ہیں۔ کمیٹی سفارش کرتی ہے کہ وزارت، ایف آر آئی یا کسی موزوں تحقیقی ادارے کے ذریعے ایک مخصوص تاریخی و ماحولیاتی مطالعہ کرائے، جس میں مغربی ہمالیائی خطے میں جنگلات کی ساخت اور اقسام میں قبل از نوآبادیاتی دور سے لے کر موجودہ وقت تک ہونے والی تبدیلیوں کا جائزہ لیا جائے۔ اس طرح کے مطالعے کے بغیر حکومت کی جانب سے جنگلات کی بحالی کی حکمت عملی مرتب کرتے وقت اس بات کا کوئی واضح معیار موجود نہیں ہوگا کہ ماحولیاتی اعتبار سے جنگلات کی بحالی سے کیا مراد ہے۔(پیراگراف 8.5)

          کمیٹی اصولی طور پر اس نقطۂ نظر کو درست تسلیم کرتی ہے کہ پورے ملک کے لیے یکساں ہدایات جاری کرنے کے بجائے جنگلات کے انتظامی منصوبوں کی بنیاد پر ہر مقام کے مخصوص حالات کے مطابق حکمت عملی وضع کی جائے، کیونکہ ہمالیائی جنگلات کا ماحولیاتی نظام مختلف علاقوں میں مختلف نوعیت کا ہے اور جنگلات کی اقسام کو یکساں اہداف کے تحت تبدیل کرنے سے فائدے کے بجائے ماحولیاتی نقصان بھی ہو سکتا ہے۔ تاہم، کمیٹی مشاہدہ کرتی ہے کہ بلوط کے جنگلات کے علاقوں میں چیڑ کے درختوں کے مسلسل پھیلاؤ کے شواہد کے باوجود اب تک کوئی مخصوص قومی مشن یا عملی منصوبہ موجود نہیں ہے، حالاں کہ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے مختلف ریاستوں کے درمیان تال میل اور مخصوص مالی وسائل کی فراہمی ضروری ہے۔ گرین انڈیا مشن اور کیمپا، شجرکاری کے عمومی مقاصد کے لیے بنائے گئے منصوبے ہیں اور انہیں چوڑے پتوں والے جنگلات میں مخروطی درختوں کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ کو روکنے کے مخصوص مقصد کے تحت وضع نہیں کیا گیا تھا۔ لہٰذا، کمیٹی سفارش کرتی ہے کہ وزارت مغربی ہمالیہ کے ان مخصوص چھوٹے علاقوں میں، جہاں چیڑ کے درختوں کی بہتات ہے، چوڑے پتوں والے جنگلات کی بحالی کے لیے ایک مخصوص پروگرام شروع کرے، جس کے تحت واضح اور قابلِ پیمائش اہداف مقرر کیے جائیں اور اس کے لیے الگ سے بجٹ مختص کیا جائے، بجائے اس کے کہ جنگلات کی ایسی بحالی کو عمومی شجرکاری اسکیموں کے تحت ضمنی سرگرمی کے طور پر انجام دینے کے لیے چھوڑ دیا جائے۔(پیراگراف 8.8)

          کمیٹی اس مرحلہ وار اور ہر مقام کے مخصوص حالات کو مدنظر رکھنے والے طریقۂ کار کو سائنسی اعتبار سے درست قرار دیتی ہے اور اس کی رائے ہے کہ یہ انتظامی سہولت کی خاطر اختیار کیے جانے والے ایسے پروگرام کے مقابلے میں کہیں زیادہ قابلِ جواز ہے، جس میں ماحولیاتی فرق و امتیاز کو نظر انداز کرتے ہوئے ہر جگہ یکساں طور پر درختوں کی اقسام تبدیل کرنے کی کوشش کی جائے۔(پیراگراف 8.10)

          لہٰذا، کمیٹی اس بات سے اتفاق کرتی ہے کہ زیریں ہمالیائی خطے میں بڑے پیمانے پر چیڑ کے درختوں کی جگہ چلغوزے کے درخت لگانا سائنسی اعتبار سے درست نہیں ہوگا، تاہم اس کی رائے ہے کہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور قدرتی ماحول کے تحفظ، دونوں مقاصد کے پیش نظر چلغوزے کے درخت ان کے لیے موزوں خشک معتدل آب و ہوا والے قدرتی علاقوں میں لگانے کی حوصلہ افزائی کی جا سکتی ہے۔ کمیٹی درختوں کی انواع کو ہر جگہ یکساں طور پر تبدیل کرنے کی مخالفت میں سائنسی ماہرین کے متفقہ موقف سے بھی اتفاق کرتی ہے اور سفارش کرتی ہے کہ جنگلات کے انتظامی منصوبوں کے تحت کسی بھی علاقے میں اضافی شجرکاری  سے پہلے اس کی موزونیت کا جائزہ لیا جائے، تاکہ چوڑے پتوں والے درخت صرف انہی مقامات پر لگائے جائیں جہاں مٹی میں نمی، ڈھلوان کا رخ اور مقامی آب و ہوا کے حالات ان کی نشوونما کے لیے واقعی سازگار ہوں۔(پیراگراف 8.12)

          کمیٹی مشاہدہ کرتی ہے کہ اتراکھنڈ، ہماچل پردیش اور جموں و کشمیر میں درختوں کی ایسی غیر مقامی انواع کی موجودگی کے مستند شواہد ہونے کے باوجود، ایف آر آئی کی جانب سے اب تک ان کے پھیلاؤ کو روکنے یا ان کے مکمل خاتمے کے لیے مناسب اقدامات کا تعین کرنے کی غرض سے کوئی سائنسی مطالعہ نہیں کیا گیا ہے۔ لہٰذا، کمیٹی سفارش کرتی ہے کہ وزارت تمام غیر مقامی انواع کے ماحولیاتی پھیلاؤ اور جنگلات میں آگ لگنے کے خطرے میں ان کے کردار کا جائزہ لینے کے لیے ایک مخصوص سائنسی مطالعہ کرائے اور ان کے انتظام کے لیے جامع منصوبے تیار کرے، جن میں ان کے پھیلاؤ کو روکنے اور مکمل خاتمے کے اقدامات شامل ہوں۔(پیراگراف 8.17)

          کمیٹی مزید سفارش کرتی ہے کہ وزارت ہمالیائی خطے کے جنگلات سے غیر مقامی انواع کے مکمل خاتمے کے لیے ایک مخصوص پروگرام شروع کرے، جس کے تحت واضح اور قابلِ پیمائش اہداف مقرر کیے جائیں، ان کی تکمیل کے لیے متعین مدت طے کی جائے اور اس مقصد کے لیے الگ سے بجٹ مختص کیا جائے۔(پیراگراف 8.18)

          کمیٹی مشاہدہ کرتی ہے کہ مغربی ہمالیائی خطے میں شجرکاری کی موجودہ رفتار اور درختوں کی انواع کا انتخاب، ہمالیائی جنگلات کے ماحولیاتی نظام کو لاحق خطرات سے نمٹنے کے لیے ناکافی ہے۔ کمیٹی یہ بھی نوٹس لیتی ہے کہ بلوط اور دیودار کے درختوں کی قدرتی افزائش کو اب بھی شجرکاری کے عمومی اہداف کا محض ایک حصہ سمجھا جا رہا ہے، نہ کہ ایک ایسے الگ پروگرام کے طور پر جس کے لیے مخصوص مالی وسائل اور نگرانی کا نظام موجود ہو۔ کمیٹی کی رائے ہے کہ صنوبرکے درختوں کے مقابلے میں، جنہیں لگانا آسان ہے اور جو تیزی سے نشوونما پاتے ہیں، بلوط اور دیودار کے درختوں سے یہ توقع نہیں کی جا سکتی کہ وہ شجرکاری کے عمومی اہداف کے تحت اپنی جگہ بنا پائیں گے۔ زمینی سطح پر حقیقی نتائج حاصل کرنے کے لیے ایک مخصوص مشن کی ضرورت ہے، جس کے لیے الگ سے محفوظ مالی وسائل مختص ہوں، اس کے اپنے اہداف ہوں اور اس کی پیش رفت کی رپورٹ بھی الگ سے پیش کی جائے۔ چنانچہ، کمیٹی سفارش کرتی ہے کہ وزارت متعلقہ ریاستی حکومتوں کے ساتھ قریبی اور مسلسل تال میل قائم کرتے ہوئے مغربی ہمالیائی خطے میں بلوط اور دیودار کے درختوں کی افزائشِ نو کے لیے ’ہمالیائی بلوط و دیودار افزائشِ نو مشن‘ شروع کرے۔(پیراگراف 8.30)

          کمیٹی مشاہدہ کرتی ہے کہ ایک طرف شجرکاری کے کام کو وسعت دی جا رہی ہے، تو دوسری طرف ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں گزشتہ پانچ برسوں کے دوران مجموعی طور پر 6,511.165 ہیکٹیئر جنگلاتی اراضی کو غیر جنگلاتی مقاصد کے لیے منتقل کیا گیا ہے۔ کمیٹی کی سوچی سمجھی رائے ہے کہ اگر اسی نوعیت کے پختہ اور ماحولیاتی اعتبار سے بیش قیمت جنگلات کو غیر محدود طریقے سے دیگر مقاصد کے لیے منتقل کرنے کا سلسلہ جاری رہا تو بلوط اور دیودار کے جنگلات کا رقبہ بڑھانے کے مشن کی افادیت بری طرح متاثر ہوگی۔ چنانچہ، کمیٹی سفارش کرتی ہے کہ وزارت  (سنرکشن ایوم سنوردھن) ادھینیم، 1980 کے تحت بلوط، دیودار یا مخلوط مخروطی جنگلات کو دیگر مقاصد کے لیے منتقل کرنے کی کسی بھی تجویز کی انتہائی سختی سے جانچ کرے۔ کمیٹی مزید سفارش کرتی ہے کہ بلوط یا دیودار کے جنگلات کی کسی بھی اراضی کی منتقلی کے عوض لازمی طور پر اسی نوع یا ماحولیاتی اعتبار سے اس سے ملتی جلتی نوع کے درخت لگائے جائیں اور اس کے لیے عام معاوضہ جاتی شجرکاری کے مقابلے میں زیادہ رقبہ مختص کیا جائے۔ کمیٹی کی رائے ہے کہ یہ دو رُخی حکمت عملی—ایک طرف مخصوص مشن کے تحت بلوط اور دیودار کے درختوں کی افزائشِ نو کو آگے بڑھانا اور دوسری طرف اسی نوع کے جنگلات کی اراضی کی منتقلی کے ضوابط کو مزید سخت بنانا—اس بات کو یقینی بنانے کا سب سے مربوط طریقہ ہے کہ خطے میں ترقیاتی سرگرمیاں ایک طرف کیے جانے والے کام کے فوائد کو دوسری طرف ضائع نہ کر دیں۔(پیراگراف 8.31)

صنوبرکے درختوں کی سوکھی سوئیوں کا انتظام اور استعمال: ’پِیرُل‘ پر مبنی متوازی معیشت کی تشکیل

          اتراکھنڈ کی ریاستی حکومت کی جانب سے پیش کردہ تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے، کمیٹی پُرزور سفارش کرتی ہے کہ صنوبر کے درختوں کی سوکھی سوئیوں کو بڑے پیمانے پر جمع کرنے کے عمل کو ادارہ جاتی شکل دی جائے اور اسے مشن کے طور پر ہر سال آگ لگنے کا موسم شروع ہونے سے پہلے انجام دی جانے والی سرگرمی بنایا جائے۔ اس مقصد کے لیے مناسب بجٹ، خریداری کی ضمانت، مالی امداد کی منظوری کے لیے سنگل وِنڈو سسٹم اور مصنوعات میں قدر و افادیت بڑھانے سے متعلق بنیادی ڈھانچہ فراہم کیا جائے، تاکہ جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات کی روک تھام اور دیہی روزگار کے فروغ، دونوں مقاصد حاصل کیے جا سکیں۔ کمیٹی وزارتِ ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی (ایم او ای ایف سی سی) سے یہ سفارش بھی کرتی ہے کہ تحقیق، بین الحکومتی مشاورت اور مطالعاتی دوروں کے ذریعے قومی اور بین الاقوامی سطح پر رائج بہترین طریقوں کا جائزہ لیا جائے، تاکہ چیڑ کے درختوں کی سوکھی سوئیوں (پیرول) کے استعمال کے لیے مناسب معیارِ معیار بندی اور تصدیق کے طریقۂ کار وضع کیے جا سکیں اور ان کے ذریعے ایک تجارتی اعتبار سے قابلِ عمل گردشی معیشت تشکیل دی جا سکے۔(پیراگراف 9.13)

          ہماچل پردیش کی ریاستی حکومت کی جانب سے پیش کردہ تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے، کمیٹی کی رائے ہے کہ چیڑ کے درختوں کی سوکھی سوئیوں کے استعمال کے لیے ایک مخصوص قومی پالیسی یا ترغیبی نظام وضع کرنے سے اتراکھنڈ اور ہماچل پردیش جیسی ریاستوں کو نمایاں مدد ملے گی، جو چیڑ کے جنگلات والے علاقوں میں آگ لگنے کے خطرات کو کم کرنے اور دیہی علاقوں میں روزگار کے پائیدار مواقع پیدا کرنے، ان دونوں چیلنجوں سے بیک وقت نمٹ رہی ہیں۔(پیراگراف 9.24)

          ہماچل پردیش کی ریاستی حکومت کی جانب سے پیش کردہ تجاویز کے مطابق، کمیٹی کی پُرزور رائے ہے کہ قومی سطح پر ایک تکنیکی مطالعاتی گروپ تشکیل دیا جائے، جو متعلقہ بین الاقوامی معیارات (آئی ایس او، یورپی یونین ریڈ، ایس بی پی، آئی ایس سی سی وغیرہ) کا مطالعہ کرے اور ملکی معیارات اور بین الاقوامی معیاروں کے درمیان فرق کا تجزیہ کرے۔ کمیٹی تجویز کرتی ہے کہ حیاتیاتی مادے کی تیاری اور اس کی عمل کاری کرنے والے کارخانوں کے لیے رضاکارانہ بنیاد پر ایک آزمائشی تصدیقی اسکیم شروع کی جائے۔ اس کے ساتھ ہی، حیاتیاتی ایندھن (بریکیٹس، پیلٹس اور چپس) کے لیے ہم آہنگ قومی معیارِ معیار بندی وضع کیے جائیں، ایندھن کے معیار کی تصدیق کے لیے جانچ گھر کو مضبوط بنایا جائے اور انہیں منظوری دی جائے۔ اس کے علاوہ، منظور شدہ معیارات کو قومی اور ریاستی سطح کی حیاتیاتی مادے اور توانائی سے متعلق پالیسیوں میں شامل کیا جائے، تاکہ پیرول وغیرہ سے تیار کردہ حیاتیاتی مادے پر مبنی مصنوعات برآمد بھی کی جا سکیں۔(پیراگراف 9.25)

          آزاد ماہرینِ موضوع کی جانب سے پیش کردہ تجاویز کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد، کمیٹی کی پُرزور رائے ہے کہ جنگل کی زمین پر پڑی صنوبر کے ہر سوکھے پتے سے آگ لگنے کا خطرہ بھی پیدا ہوتا ہے اور توانائی کا ایک قیمتی ذریعہ بھی ضائع ہوتا ہے۔ یہ بات بھی بلا شبہ ثابت ہو چکی ہے کہ چیڑ کے ان سوکھے پتوں کو منظم طریقے سے جمع کرکے جنگلات پر ایک بار بار آنے والی ذمہ داری کو پائیدار، قابلِ تجدید توانائی پر مبنی گردشی معیشت میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ کمیٹی پُرزور سفارش کرتی ہے کہ پیرول کے نمونے کو محض حیاتیاتی ایندھن کی خریداری کی سرگرمی تک محدود نہ رکھا جائے، بلکہ اسے جنگلات میں آگ کی روک تھام کی خدمت اور حیاتیاتی ایندھن کی قدر و افادیت بڑھانے کے پورے نظام کے طور پر بھی دیکھا جائے۔ اس نظام کے تحت سوکھے پتوں کو جمع کرنے کے عوض ادائیگی سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں اور صنعتوں میں ان کے استعمال کے ذریعے ان کی مستقل کھپت یقینی بنائی جائے، تاکہ آگ لگنے کے خطرے کا باعث بننے والے مواد کو معاشی قدر میں تبدیل کیا جا سکے۔(پیراگراف 9.54)

          اس کے ساتھ ہی، کمیٹی اس بات کا بھی خیال رکھتی ہے کہ چیڑ کے درختوں کی سوکھی سوئیوں کو جمع کرنے کا کام منظم اور مؤثر طریقے سے انجام دیا جانا چاہیے۔ چنانچہ، کمیٹی ضابطوں کے تحت ہر علاقے کے مخصوص حالات کے مطابق حکمت عملی اپنانے کی حمایت کرتی ہے، جس کے تحت سوکھی سوئیوں کو خاص طور پر ان مقامات سے جمع کرنے پر توجہ دی جائے جہاں جنگلات میں آگ لگنے کا خطرہ زیادہ ہو، مثلاً سڑکوں کے کنارے، آگ کو پھیلنے سے روکنے کے لیے بنائی گئی پٹیاں، جنگلات کے کنارے، آبادیوں سے متصل علاقے اور ایسی ڈھلوانیں جہاں ماضی میں بار بار آگ لگنے کے واقعات پیش آ چکے ہوں۔(پیراگراف 9.55)

          کمیٹی اس بات کو دلچسپی کے ساتھ نوٹ کرتی ہے کہ جمع کی گئی چیڑ کے درختوں کی سوکھی سوئیوں کو کئی مفید اشیا کی تیاری میں استعمال کیا جا سکتا ہے، مثلاً حیاتیاتی ایندھن کی ٹکیاں، پائن پیٹ، حیاتیاتی کوئلہ، حیاتیاتی مادے سے حاصل ہونے والی توانائی، نامیاتی کھاد، دست کاریاں اور پیکنگ کا سامان۔ ان تمام استعمالات کا دوہرا فائدہ ہے: ایک طرف جنگل کی سطح پر آگ پکڑنے والے مواد کی مقدار کم ہوتی ہے، تو دوسری طرف مقامی برادریوں کے لیے اضافی آمدنی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔ اس طرح جنگلات میں آگ کی روک تھام کے مقاصد کو روزگار کے فروغ کے ساتھ ہم آہنگ کیا جا سکتا ہے۔ مزید برآں، اقتصادی ترغیبات کے ذریعے مقامی برادریوں کی شمولیت، صرف محکمہ جاتی نگرانی اور ضابطوں کے نفاذ پر انحصار کرنے والے اقدامات کے مقابلے میں زیادہ پائیدار اور مؤثر ثابت ہونے کا امکان رکھتی ہے۔(پیراگراف 9.56)

          لہٰذا، کمیٹی کی پختہ رائے ہے کہ چیڑ کے درختوں کی سوکھی سوئیوں میں تجارتی اعتبار سے بہت زیادہ صلاحیت موجود ہے، جس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ چنانچہ، کمیٹی سفارش کرتی ہے کہ جمع کی گئی سوکھی سوئیوں کی خریداری کے لیے وزن کے حساب سے فی اکائی (مثلاً فی کلوگرام یا فی کوئنٹل) ایک مقررہ کم از کم قیمت طے کی جائے، جو شفاف طریقۂ کار کے ذریعے براہِ راست انہیں جمع کرنے والوں کو ادا کی جائے، تاکہ مقامی برادریوں کی مسلسل شمولیت کی حوصلہ افزائی ہو۔ اس کے علاوہ، ایسے چھوٹے اور مقامی مراکز کے قیام کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے جہاں چیڑ کی سوکھی سوئیوں سے حیاتیاتی ایندھن کی ٹکیاں، چھوٹے ٹکڑے، حیاتیاتی کوئلہ، دست کاریاں اور پیکنگ کا سامان تیار کیا جا سکے۔ اس سے مقامی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور آمدنی کے اضافی ذرائع بھی دستیاب ہوں گے۔ مزید برآں، نجی کاروباری افراد اور نئے کاروباری اداروں کو چیڑ کی سوکھی سوئیوں سے بجلی پیدا کرنے والے کارخانے یا حیاتیاتی ایندھن کی ٹکیاں تیار کرنے والے مراکز قائم کرنے کی ترغیب دی جائے اور اس مقصد کے لیے انہیں مالی امداد، کم شرحِ سود پر قرضے یا سرمایہ جاتی گرانٹ فراہم کی جائے۔(پیراگراف 9.57)

          کمیٹی نے مشاہدہ کیا ہے کہ موجودہ پالیسی کا ڈھانچہ جنگلات میں آگ کا پتا لگانے، انتباہ جاری کرنے اور ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے معاملے میں تو مضبوط ہے، لیکن آگ لگنے کا موسم شروع ہونے سے پہلے اس کی روک تھام، آگ پکڑنے والے مواد کو ہٹانے اور طویل مدت تک مقامی برادریوں کی شمولیت یقینی بنانے کے معاملے میں اب بھی کمزور ہے۔ چیڑ کے درختوں کی سوکھی سوئیوں (پیرول) کی یقینی خریداری، مستحکم مالی وسائل کی فراہمی، پنچایت کی سطح پر جواب دہی، آگ کی نگرانی کرنے والے کارکنوں کا تحفظ، منصوبہ بند طریقے سے آگ لگانے کے بارے میں واضح رہنما اصول اور مختلف ریاستوں میں کامیاب نمونوں کو اپنانے کے سلسلے میں اب بھی اہم خامیاں موجود ہیں۔ اس صورتِ حال کے پیش نظر، آگ پکڑنے والے مواد کو ہٹانے اور جنگلاتی پیداوار کو یکجا کرنے کے لیے ترغیبات فراہم کی جانی چاہیے، جب کہ نجی یا برادری کے زیرِ انتظام جنگلاتی اراضی پر لاپروائی سے آگ لگانے یا آگ کے خطرات کو غیر منظم چھوڑنے پر جرمانے عائد کرنے پر بھی غور کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ، ہر ہمالیائی ریاست کو پیرول کے انتظام، سرکاری و نجی شعبے کی شراکت داری کے فروغ، صلاحیت سازی اور کامیاب نمونوں کو دوسری جگہوں پر اپنانے کے لیے ایک نوڈل ایجنسی مقرر کرنی چاہیے۔(پیراگراف 9.58)

          کمیٹی مزید سفارش کرتی ہے کہ آگ لگنے کا موسم شروع ہونے سے پہلے (عموماً فروری سے مئی کے دوران) گاؤں کی سطح پر سوکھی سوئیوں کو جمع کرنے کی مہم مقررہ مدت کے اندر چلانا لازمی قرار دیا جائے۔ اس مہم کو متعلقہ ریاستوں کے محکمۂ جنگلات کی جانب سے مقامی سیلف ہیلپ گروپوں، ون پنچایتوں اور برادری کے زیرِ انتظام جنگلاتی انتظامی کمیٹیوں کے اشتراک سے مربوط کیا جائے۔ چیڑ کے درختوں کی سوکھی سوئیاں جمع کرنے سے آگ کی روک تھام اور آمدنی میں اضافے کے فوائد کے بارے میں مقامی برادریوں کو آگاہ کرنے کے لیے اطلاعات، تعلیم اور ابلاغ سے متعلق سرگرمیاں بھی انجام دی جانی چاہئے۔ کمیٹی پُرزور سفارش کرتی ہے کہ چیڑ کے درختوں کی سوکھی سوئیاں بڑے پیمانے پر جمع کرنے کے عمل کو ادارہ جاتی شکل دی جائے اور اسے ہر سال آگ لگنے کا موسم شروع ہونے سے پہلے انجام دی جانے والی سرگرمی بنایا جائے۔ اس مقصد کے لیے مناسب بجٹ، خریداری کی ضمانت، واضح طور پر متعین مالی امداد، اگر کوئی ہو، اور مصنوعات میں قدر و افادیت بڑھانے سے متعلق بنیادی ڈھانچہ فراہم کیا جائے، تاکہ جنگلات میں آگ کی روک تھام اور دیہی روزگار کے فروغ، دونوں مقاصد حاصل کیے جا سکیں۔(پیراگراف 9.59)

          کمیٹی نے آزاد ماہرینِ موضوع کو زمینی سطح پر درپیش عملی مسائل اور چیلنجوں کا نہایت باریک بینی سے جائزہ لیا ہے اور مشاہدہ کیا ہے کہ چیڑ کے درختوں کی سوکھی سوئیوں کو جمع کرنے کا طریقۂ کار اور اس سے وابستہ معاشی پہلو ہی ایک پائیدار پیرول معیشت کی تشکیل کے لیے فیصلہ کن اہمیت رکھتے ہیں۔ کمیٹی کا مشاہدہ ہے کہ اس سلسلے میں جن امور پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے، ان میں نقل و حمل کے اخراجات کم کرنے کے لیے گاؤں کی سطح پر سوکھی سوئیوں کو جمع کرکے ان کی گٹھریاں بنانا، وصولی کی رسید کے عوض مرکز پر ان کا وزن کرنا، فی کلوگرام پہلے سے طے شدہ نرخ کے مطابق رقم براہِ راست انہیں جمع کرنے والوں کے بینک کھاتوں میں منتقل کرنا، جس میں کسی درمیانی شخص کا کوئی کردار نہ ہو اور نہ ہی کسی کو اپنی صوابدید کے مطابق فیصلہ کرنے کا اختیار ہو، ان جنگلات پر برادری کے اجتماعی اختیار کی حامل ون پنچایتوں اور خود امدادی گروپوں کے ذریعے سوکھی سوئیوں کو یکجا کرنا، اپنی گاڑیاں رکھنے کے بجائے کرایے کی گاڑیوں سے نقل و حمل کا انتظام کرنا، اور تقریباً تین ماہ کی مدت میں سوکھی سوئیوں کو جمع کرنے کا عمل مکمل کرنا شامل ہیں، جو جنگلات میں آگ لگنے کے موسم کے ساتھ مطابقت رکھتی ہو۔(پیراگراف 9.60)

          کمیٹی کی پُرزور رائے ہے کہ ہمالیائی پیرول کے انتظام کے لیے ایک مخصوص مشن شروع کیا جانا سب سے زیادہ معاون اقدام ثابت ہوگا، جس کے تحت سوکھی سوئیاں جمع کرنے پر فی کلوگرام کے حساب سے مالی ترغیب دی جائے، سڑک کے کنارے جمع کرنے کے مراکز پر ضروری بنیادی ڈھانچے کی سہولت فراہم کی جائے اور اجازت ناموں کے حصول کے لیے واحد کھڑکی کا نظام قائم کیا جائے۔ اسی مناسبت سے، کمیٹی پالیسی کے طور پر ایک ایسے ’ہمالیائی حیاتیاتی مادے کے انتظام کا لائحہ عمل‘ وضع کرنے کی سفارش کرتی ہے، جس میں چیڑ کے درختوں کی سوکھی سوئیوں کے انتظام کو جنگلات میں آگ کی روک تھام کی باقاعدہ سرگرمی تسلیم کیا جائے۔ مجموعی طور پر، ہمالیائی خطے میں جنگلات کی آگ سے نمٹنے کے طریقۂ کار کو محض آگ لگنے کے بعد اس پر قابو پانے کے ردِعمل پر مبنی نظام سے تبدیل کرکے ایسا نظام اپنانے کی ضرورت ہے جو آگ کی پیشگی روک تھام، روزگار کے فروغ اور حیاتیاتی مادے سے معاشی فائدہ حاصل کرنے پر مبنی ہو۔(پیراگراف 9.61)

          کمیٹی نوٹ کرتی ہے کہ حکومت نے تھرمل پاور اسٹیشنوں میں حیاتیاتی ایندھن کی مشترکہ آمیزش کو لازمی قرار دیا ہے اور یہ بجلی گھر آج کل حیاتیاتی ایندھن کی ٹکیاں استعمال کر رہے ہیں۔ چیڑ کے درختوں کی سوکھی سوئیوں سے تیار کردہ ٹکیاں، جن کی حرارت پیدا کرنے کی صلاحیت 5,500 کلو کیلوری فی کلوگرام ہے، اس طلب کو پورا کرنے کے لیے موزوں اور مسابقتی حیثیت رکھتی ہیں۔ کمیٹی یہ بھی نوٹ کرتی ہے کہ اگرچہ مرکزی حکومت فی الحال مختلف جاری اسکیموں کے ایک حصے کے طور پر حیاتیاتی مادے کو جمع کرنے اور اس کے انتظام کو فروغ دے رہی ہے، تاہم وقت کی اہم ضرورت یہ ہے کہ چیڑ کے درختوں کی سوکھی سوئیوں کے استعمال کے لیے ایک مخصوص قومی پالیسی یا ترغیبی نظام وضع کیا جائے۔ کمیٹی سفارش کرتی ہے کہ وزارت، ریاستی حکومتوں کے اشتراک سے ’چیڑ کی سوکھی سوئیوں کے استعمال سے متعلق قومی پالیسی‘ مرتب کرے، جس میں (i) سائنسی بنیادوں پر ان علاقوں کی نشاندہی کی جائے اور انہیں ترجیح دی جائے جہاں جنگلات میں آگ لگنے کا خطرہ زیادہ ہے اور جہاں سے سوکھی سوئیاں جمع کی جا سکتی ہیں؛ (ii) برادری کی سطح پر سوکھی سوئیاں جمع کرنے کے کاروباری اداروں کی حوصلہ افزائی کے لیے مالی مراعات اور منڈی تک رسائی کی سہولتیں فراہم کی جائیں، جن میں کم از کم امدادی قیمت کا انتظام یا سوکھی سوئیاں جمع کرنے کے بنیادی ڈھانچے کے لیے رعایتی مالی امداد شامل ہو؛ اور (iii) ماحولیات کے تحفظ سے متعلق ایسی شرائط مقرر کی جائیں جن سے یہ یقینی بنایا جا سکے کہ جنگلات کی زمین پر بچھے پتوں اور دیگر نامیاتی مادے کو اس حد سے زیادہ نہ ہٹایا جائے جو مٹی کی صحت اور غذائی اجزا کے قدرتی عمل کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے۔(پیراگراف 9.62)

          کمیٹی مشاہدہ کرتی ہے کہ چیڑ کے درختوں کی سوکھی سوئیوں کے انتظام سے متعلق مسائل بار بار سامنے آتے ہیں۔ ان میں بنیادی مقام پر پیرول کی ناکافی مقدار میں وصولی، چیڑ کی سوکھی سوئیوں کی مربوط ترسیلی زنجیر کا فقدان، تصدیق کے معیارات کی عدم موجودگی اور قومی سطح پر پالیسی کا نہ ہونا شامل ہیں۔ کمیٹی کی مزید رائے ہے کہ قومی سطح پر ایک ضابطہ جاتی ادارے کے قیام سے ان تمام مسائل کو زیادہ شفاف اور مؤثر انداز میں حل کیا جا سکے گا۔ اسی مناسبت سے، کمیٹی وزارتِ ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی (ایم او ای ایف سی سی) کو سفارش کرتی ہے کہ وہ ایک قومی یا علاقائی چیڑ کی سوکھی سوئیوں کے انتظام کا بورڈ قائم کرے، جو اس ضمن میں مجموعی نگرانی، تال میل، نفاذ اور معیار بندی کی ذمہ داری انجام دے، تاکہ متاثرہ ریاستوں کے لیے ایک مربوط اور پائیدار ترسیلی زنجیر کو فروغ دیا جا سکے۔(پیراگراف 9.63)

          کمیٹی کی یہ بھی رائے ہے کہ جنگلات میں آگ کی روک تھام کے لیے ایک مؤثر اور کارآمد حکمت عملی وضع کرنے کی غرض سے چیڑ کی سوکھی سوئیوں پر مبنی کاروباری اداروں کو درپیش رسد سے متعلق رکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر دور کرنا ضروری ہے۔ اسی مناسبت سے، کمیٹی وزارتِ ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی (ایم او ای ایف سی سی) کو سفارش کرتی ہے کہ اس مسئلے پر مزید قابو پانے کے لیے متعلقہ ریاستی حکومتوں سے مشاورت کرتے ہوئے درج ذیل پالیسی، ضابطہ جاتی اور بازارسے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا جائے:

(i) حیاتیاتی ایندھن کی ٹکیاں اس عمل کی ضمنی پیداوار ہیں، جب کہ جنگل کی زمین کو سوکھی سوئیوں اور دیگر آتش گیر مواد سے صاف کرنا اصل مقصد ہے۔ لہٰذا، چیڑ کی سوکھی سوئیوں کو ہٹانے کے عمل کو حیاتیاتی توانائی کی اسکیم کے بجائے جنگلات میں آگ کی روک تھام کی سرگرمی قرار دیا جائے۔ چنانچہ، اس کے لیے جنگلات کے تحفظ کے بجٹ سے مالی وسائل فراہم کیے جا سکتے ہیں اور اس کی کامیابی کا جائزہ آگ لگنے کے واقعات میں کمی کی بنیاد پر لیا جانا چاہیے۔

(ii) پیرول کو یقینی طور پر جمع کرنے اور کارخانے کے دروازے تک اس کی ترسیل کا انتظام کیا جائے، کیونکہ خام مال کی دستیابی کے بارے میں غیر یقینی صورتِ حال ہی وہ سب سے بڑی وجہ ہے جس کے باعث قرض فراہم کرنے والے ادارے حیاتیاتی مادے پر مبنی منصوبوں کے لیے قرض دینے سے انکار کرتے ہیں۔

(iii) حکومت کی جانب سے فی کلوگرام 3 سے 4 روپے کی شرح سے سوکھی سوئیاں جمع کرنے کے لیے امدادی رقم مقرر کی جائے۔ یہ رقم تیار کنندہ کے ذریعے ادا کی جائے اور مقررہ طریقۂ کار کے مطابق تصدیق شدہ وزن کی بنیاد پر براہِ راست سوکھی سوئیاں جمع کرنے والوں کے بینک کھاتوں میں منتقل کی جائے۔ تیار شدہ حیاتیاتی ایندھن کی ٹکیاں آخری صارف تک 10 سے 12 روپے فی کلوگرام کی قیمت پر پہنچنی چاہئے، کیونکہ چورا سے تیار کردہ حیاتیاتی ایندھن کی ٹکیاں پہلے ہی اسی قیمت پر دستیاب ہیں۔ فی کلوگرام 3 سے 4 روپے کی امداد سے پیرول مسابقت کے قابل رہے گا، کیونکہ اس امداد کے بغیر چیڑ کی سوکھی سوئیوں سے تیار کردہ حیاتیاتی ایندھن کی ٹکیاں فروخت نہیں ہو سکیں گی۔

(iv) ہر اسکیم کی شرائط کو قطعی اور واضح طور پر بیان کیا جائے، جن میں اہلیت، امداد کی مقدار اور رقم کی ادائیگی کا طریقۂ کار شامل ہو، تاکہ ان کی بنیاد پر مالی وسائل حاصل کیے جا سکیں۔ ایسی مالی امداد جسے قرض فراہم کرنے والا ادارہ مالی منصوبہ بندی میں شمار نہ کر سکے، عملاً امداد نہیں ہے۔ مرکزی حکومت کی جانب سے (ایم این آر ای کی سرمایہ جاتی مالی امداد) اور ریاستی حکومتوں کی سبسڈی کاغذوں پر فراخ دلانہ ضرور ہیں، لیکن انہیں قرض کے حصول کی بنیاد نہیں بنایا جا سکتا، کیونکہ مختلف سبسڈیوں کو یکجا کرنے کے ضوابط واضح نہیں ہیں، دعوے کئی الگ الگ ذرائع سے جمع کرانے پڑتے ہیں اور رقم کی ادائیگی کا وقت صوابدیدی ہوتا ہے۔ اس لیے تحریری طور پر اور مقررہ مدت کے اندر اس بات کی تصدیق نہایت ضروری ہے کہ پیرول سے حیاتیاتی ایندھن کی ٹکیاں تیار کرنے والے کارخانوں پر کون کون سی سبسڈی لاگو ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی، واحد کھڑکی کے نظام کے ذریعے سبسڈی کی ادائیگی کے لیے واضح مدت بھی مقرر کی جانی چاہیے۔

(v) گٹھریوں کی شکل میں جمع کی گئی چیڑ کی سوکھی سوئیوں کو غیر مبہم طور پر جنگلاتی فضلہ قرار دیا جائے، تاکہ انہیں کسی اجازت نامے یا خط کے بغیر آزادانہ طور پر ایک مقام سے دوسرے مقام تک لے جایا جا سکے۔

(vi) شرحِ سود میں رعایت اور موسمی ضرورت کے مطابق کاروباری سرمائے کے لیے قرض کی سہولت فراہم کی جائے، کیونکہ پورے سال کے لیے درکار خام مال صرف تین ماہ کے دوران خریدنا ہوتا ہے۔

(vii) وزن کرنے کے پل سے منسلک اور جغرافیائی محلِ وقوع کے اندراج پر مبنی نظام کے ذریعے ہٹائے گئے سوکھی سوئیوں کے وزن کا ریکارڈ رکھا جائے اور اس کا بعد میں پیش آنے والے جنگلاتی آتش زدگی کے واقعات سے موازنہ کیا جائے، تاکہ پالیسی کی افادیت کا جائزہ شواہد کی بنیاد پر لیا جا سکے۔

(viii) آگ لگنے کے پورے موسم میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے، تاکہ تقریباً 100 دن کے موسم کے دوران کارخانہ روزانہ تقریباً 20 گھنٹے چل سکے۔ چار ماہ کی مدت کے دوران کارخانے کو رات کے وقت بجلی کی یقینی فراہمی کے لیے ترجیحی فیڈر اور بجلی کی غیر اعلانیہ بندش سے استثنا دیا جائے۔ اس کے ساتھ ہی، بجلی کی صنعتی شرح مناسب رکھی جائے اور نیٹ میٹرنگ کی سہولت بھی فراہم کی جائے۔

(ix) خام مال کے ذرائع کے قریب جنگلاتی اراضی، ون پنچایت کی زمین یا محصولاتی اراضی میں سے موزوں زمین دس سال کے لیے تیار کنندہ کو لیز پر دی جائے، کیونکہ زمین خریدنے سے سرمایہ جاتی اخراجات بڑھ جاتے ہیں اور پہلے ہی محدود سرمایہ اور سبسڈی ایسے اثاثے میں پھنس جاتے ہیں جس سے کوئی آمدنی حاصل نہیں ہوتی۔

(x) ہمالیائی خطے کے ان علاقوں سے تیار کردہ حیاتیاتی ایندھن کی ٹکیوں کو، جہاں جنگلات میں آگ لگنے کا خطرہ زیادہ ہے، موجودہ طلب کو پورا کرنے کے لیے ترجیح دی جائے؛ اور

(xi) نئے وی بی-جی رام جی قانون (جو منریگا کی جگہ ہے) اور اس کے بعد جاری ہونے والی رہنما ہدایات میں پیرول جمع کرنے کے کام کو ’شدید موسمی حالات کے اثرات کو کم کرنے سے متعلق کام‘ کے طور پر بھی شامل کیا جا سکتا ہے، تاکہ مزدوری کے اخراجات کا ایک حصہ مرکزی حکومت کی جانب سے فراہم کیے جانے والے مالی وسائل سے پورا کیا جا سکے؛ اور

(xii) مغربی ہمالیائی خطے میں کام کرنے والی صنعتوں کے لیے لازم قرار دیا جائے کہ وہ اپنی بجلی کی کم از کم 20 فیصد ضرورت پیرول کی ٹکیوں سے پوری کریں۔(پیراگراف 9.64)

مشرقی ہمالیہ کے لیے تدارک کی حکمت عملی

          کمیٹی نے اروناچل پردیش کی ریاستی حکومت کی جانب سے پیش کردہ چیلنجوں اور تجاویز کا نوٹس لیا ہے۔ کمیٹی سفارش کرتی ہے کہ مرکزی وزارتِ ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی، مشرقی ہمالیہ کی تمام ریاستوں کی حکومتوں سے مشاورت کرتے ہوئے، اس پورے خطے کے ان جنگلاتی ڈویژنوں میں جہاں آگ لگنے کا خطرہ سب سے زیادہ ہے، جنگلاتی سڑکوں اور ہیلی پیڈز کی تعمیر و ترقی کے لیے ایک مربوط پروگرام شروع کرے، بجائے اس کے کہ دشوار گزار جغرافیائی حالات اور آمد و رفت کی سہولتوں سے متعلق مسائل کو ہر ریاست اپنے بجٹ کے وسائل کے اندر رہتے ہوئے انفرادی طور پر حل کرنے کے لیے چھوڑ دیا جائے۔(پیراگراف 10.6)

          کمیٹی مزید سفارش کرتی ہے کہ وزارت مشرقی ہمالیہ کی تمام ریاستوں میں یکساں طور پر نافذ ہونے والا ایک مشترکہ طریقۂ کار مقرر کرے، جس میں ریاستی محکمۂ جنگلات اور برادری کے زیرِ انتظام جنگلاتی اداروں کے درمیان تال میل سے متعلق ذمہ داریوں، رپورٹ پیش کرنے کے طریقۂ کار اور کارروائی کے لیے مقررہ مدت کی وضاحت کی گئی ہو، تاکہ اس خطے میں باہمی تال میل کو مضبوط بنانے کا عمل یکساں بنیادوں پر آگے بڑھایا جا سکے، نہ کہ اس مقصد کے لیے ہر ریاست میں الگ الگ انتظامات کیے جائیں، جن کی سختی اور کامیابی بھی ایک دوسرے سے مختلف ہو۔(پیراگراف 10.7)

          کمیٹی مزید سفارش کرتی ہے کہ وزارت مشرقی ہمالیہ کی تمام ریاستوں میں جنگلات کے تحفظ کے لیے زمینی سطح پر کام کرنے والے عملے کی تربیت اور صلاحیت سازی کے لیے پورے خطے پر محیط ایک کثیر سالہ نظام الاوقات مرتب کرے، جس کے تحت جہاں ممکن ہو، مشترکہ تربیتی بنیادی ڈھانچے کے ذریعے تربیت فراہم کی جائے۔ اس طرح ریاستی منصوبۂ عمل میں مسلسل صلاحیت سازی کے عمومی عزم کو ایک مقررہ اور مشترکہ وسائل سے چلنے والے تربیتی نظام الاوقات میں تبدیل کیا جا سکے گا، بجائے اس کے کہ اس پر ہر ریاست الگ الگ اور غیر یکساں انداز میں عمل کرے۔(پیراگراف 10.8)

          کمیٹی مزید سفارش کرتی ہے کہ وزارت مرکزی معاونت یافتہ اسکیم کے تحت مشرقی ہمالیہ کی تمام ریاستوں کے منظور شدہ سالانہ عملی منصوبوں کے لیے مالی وسائل بروقت جاری کرنا یقینی بنائے، تاکہ مالی رقوم کی تاخیر سے یا جزوی طور پر فراہمی کے باعث پورے خطے میں جنگلات میں آگ کے انتظام سے متعلق کوششیں متاثر نہ ہوں۔(پیراگراف 10.9)

          وسیع تر تناظر میں، کمیٹی نوٹ کرتی ہے کہ اروناچل پردیش کی ریاستی حکومت کی جانب سے تجویز کردہ اہم اقدامات دراصل ان ترجیحات سے مطابقت رکھتے ہیں جو مشرقی ہمالیہ کی دیگر ریاستوں میں بھی کسی نہ کسی صورت میں بار بار سامنے آتی ہیں۔ کمیٹی کی رائے ہے کہ بنیادی طور پر یہ مسائل کسی ایک ریاست تک محدود نہیں، بلکہ پورے خطے سے متعلق ہیں۔ اسی مناسبت سے، کمیٹی سفارش کرتی ہے کہ مرکزی وزارتِ ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی مشرقی ہمالیہ کی تمام ریاستوں کو ایک ساتھ جمع کرکے ایک مشترکہ، مقررہ مدت پر مبنی علاقائی منصوبۂ عمل تیار کرے، جس میں واضح اہداف اور ان کی تکمیل کے مراحل متعین ہوں، بجائے اس کے کہ یکساں نوعیت کے مشترکہ مسائل سے نمٹنے کے لیے ہر ریاست سے الگ الگ حکمت عملی تیار کرنے کی توقع کی جائے۔(پیراگراف 10.10)

          کمیٹی نوٹ کرتی ہے کہ منی پور میں جنگلات میں آگ لگنے کے مصدقہ واقعات میں سے تقریباً دو تہائی واقعات کی وجہ ایک ہی ہے، یعنی جھوم کاشت کاری۔ کمیٹی کی سوچی سمجھی رائے ہے کہ مشرقی ہمالیہ کے لیے جنگلات میں آگ کی روک تھام کی کوئی بھی حکمت عملی اس وقت تک کافی نہیں سمجھی جا سکتی، جب تک اس میں جھوم کاشت کاری کو ضابطے کے دائرے میں لانا اور بتدریج اس کے متبادل طریقے اپنانا مرکزی مقصد نہ ہو، بجائے اس کے کہ اسے آگ کی روک تھام کے کسی وسیع تر پروگرام کے متعدد اقدامات میں سے محض ایک اقدام سمجھا جائے۔(پیراگراف 10.15)

          کمیٹی اس بات پر تشویش کا اظہار کرتی ہے کہ ایک ایسا محکمہ، جسے سیٹلائٹ کے ذریعے انتباہات، مقامی برادریوں کے اداروں اور فعال پیشگی انتباہی نظام کی سہولت حاصل ہے، اس کے باوجود منظور شدہ افرادی قوت کے نصف سے بھی کم عملے کے ساتھ کام کر رہا ہے۔ کمیٹی کی سوچی سمجھی رائے ہے کہ ٹیکنالوجی یا بنیادی ڈھانچے میں کسی بھی طرح کی توسیع، زمینی سطح پر کام کرنے والے اس عملے کا متبادل نہیں ہو سکتی جو ٹیکنالوجی کے ذریعے موصول ہونے والے انتباہات پر کارروائی کرنے کے لیے ضروری ہے۔ کمیٹی سفارش کرتی ہے کہ جنگلات میں آگ لگنے کے خطرے سے دوچار ڈویژنوں میں زمینی سطح پر کام کرنے والے عملے کی بھرتی اور تعیناتی کے لیے مزید تاخیر کیے بغیر ایک مقررہ مدت پر مبنی منصوبہ وضع کیا جائے۔ اس کے علاوہ، مرحلہ وار اور کثیر سالہ نظام الاوقات کے تحت تربیت کا عمل مکمل کیا جائے، تاکہ تربیت یافتہ اہلکاروں اور انتباہات کے حصول کے لیے اندراج شدہ اہلکاروں کی تعداد کے درمیان موجودہ فرق غیر معینہ مدت تک برقرار نہ رہے۔(پیراگراف 10.20)

          کمیٹی منی پور کی ریاستی حکومت کی جانب سے متبادل طریقۂ کار اختیار کرنے کے اقدام کو سراہتی ہے، کیونکہ یہ ایک ایسا طریقہ ہے جو قبائلی برادریوں کے روزگار اور طرزِ زندگی میں گہرائی تک رچا بسا ہے اور جس سے محض پابندی عائد کرکے حقیقت پسندانہ طور پر نہیں نمٹا جا سکتا۔ تاہم، کمیٹی نوٹ کرتی ہے کہ اس حکمت عملی کے لیے مختص بجٹ کا حجم اس مسئلے کی سنگینی کے تناسب سے نہیں ہے جسے حل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ایک سال کے لیے جھوم کاشت کاری کی بحالی کے لیے مخصوص مد میں 19.04 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں، جب کہ یہی طریقۂ کاشت ریاست میں جنگلات میں آگ لگنے کے تقریباً دو تہائی واقعات کا سبب ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ روزگار کے متبادل ذرائع فراہم کرنے کا عمل اس رفتار سے بہت سست ہے جس کی آگ لگنے کے واقعات میں کمی کے بنیادی مقصد کے حصول کے لیے ضرورت ہے۔ کمیٹی مزید سفارش کرتی ہے کہ آگ سے محفوظ دیہات کے لیے ترغیبی اسکیم، جس کا فی الحال صرف عمومی انداز میں ذکر کیا گیا ہے، کو باقاعدہ شکل دی جائے اور اس کے تحت رقم کی شفاف ادائیگی کا ایسا فارمولہ مقرر کیا جائے جو خاص طور پر گاؤں کی حدود میں جھوم کاشت کاری سے متعلق آگ لگنے کے واقعات میں کمی سے منسلک ہو، تاکہ یہ اسکیم عمومی طور پر آگ سے محفوظ گاؤں کی حیثیت پر انعام دینے کے بجائے متبادل طریقۂ کاشت اپنانے کی حکمت عملی کو براہِ راست تقویت دے۔ (پیراگراف 10.25)

          کمیٹی سفارش کرتی ہے کہ مشرقی ہمالیائی خطے کے لیے باہمی تال میل کے موجودہ انتظامات کو ایک مستقل علاقائی طریقۂ کار کی باقاعدہ شکل دی جائے، جس میں رابطے کے لیے متعلقہ افسران اور معاملے کو اعلیٰ سطح تک پہنچانے کے طریقۂ کار پہلے ہی متعین ہوں، بجائے اس کے کہ سرحد پار ہر واقعے کے وقت ازسرِنو یہ انتظامات کیے جائیں۔(پیراگراف 10.28)

          کمیٹی تشویش کے ساتھ نوٹ کرتی ہے کہ منی پور کے محفوظ علاقوں میں جنگلات کی آگ کے باعث ہونے والی تباہی کے ساتھ غیر مقامی حملہ آور پودوں کا پھیلاؤ بھی بڑھ رہا ہے۔ ایجریٹینا ایڈینوفورا اور لنٹانا کمارا جیسی انواع عین انہی مقامات پر جڑ پکڑ رہی ہیں جہاں مقامی پودوں کی قدرتی افزائش کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ کمیٹی کی رائے ہے کہ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے آگ لگنے کے بعد جنگلات کی عمومی بحالی سے الگ اقدامات کی ضرورت ہے، کیونکہ اگر کسی علاقے کو غیر مقامی حملہ آور پودوں کے مسلسل پھیلاؤ کے درمیان قدرتی طور پر بحال ہونے کے لیے چھوڑ دیا جائے تو اس کی بحالی کا امکان کم ہے اور وہ نتائج حاصل نہیں ہو سکیں گے جن کا اندازہ ریاست کی بحالی سے متعلق معلومات میں لگایا گیا ہے۔ اسی مناسبت سے، کمیٹی سفارش کرتی ہے کہ آگ سے متاثرہ محفوظ علاقوں میں بحالی کے عمل کے پہلے مرحلے کے طور پر غیر مقامی حملہ آور پودوں کو لازمی طور پر ہٹایا جائے۔ یہ کام قدرتی طور پر جنگلات کی بحالی میں معاون اقدامات سے پہلے یا ان کے ساتھ ساتھ انجام دیا جائے، نہ کہ اسے جڑی بوٹیوں کے عمومی انتظام کا محض ایک ضمنی کام سمجھا جائے۔(پیراگراف 10.30)

          کمیٹی مزید سفارش کرتی ہے کہ وزارتِ ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی مشرقی ہمالیائی خطے کے جنگلاتی علاقوں میں غیر مقامی حملہ آور پودوں کو ہٹانے کے لیے ایک مخصوص اور مقررہ مدت پر مبنی مشن شروع کرے، بجائے اس کے کہ ان پودوں کے پھیلاؤ کو روکنے کا کام ہر ریاست کے جنگلات کی بحالی سے متعلق پروگراموں کے تحت الگ الگ اور جزوی طور پر انجام دینے کے لیے چھوڑ دیا جائے۔ چونکہ اطلاعات کے مطابق ایجریٹینا ایڈینوفورا اور لیٹانا کمارا منی پور کے ان جنگلات میں پھیل رہے ہیں جو آگ سے متاثر ہوئے ہیں اور ان کا پھیلاؤ صرف اسی ریاست تک محدود نہیں ہے، اس لیے کمیٹی کی سوچی سمجھی رائے ہے کہ اس مسئلے کی وسعت اور سرحد پار نوعیت کے پیش نظر پورے خطے میں مربوط اقدامات کی ضرورت ہے۔ اس مقصد کے لیے مرکزی حکومت کی جانب سے مخصوص مالی وسائل فراہم کیے جائیں، کئی سال پر محیط خاتمے کے واضح اہداف مقرر کیے جائیں اور ان پودوں کے دوبارہ پھیلاؤ کی نگرانی کا نظام وضع کیا جائے، بجائے اس کے کہ ریاستی سطح پر الگ الگ اور غیر مربوط کوششیں کی جائیں، جن کے باعث بحالی کے مرحلے سے گزرنے والے جنگلات پڑوسی علاقوں میں ان پودوں کے خاتمے کے لیے اقدامات نہ کیے جانے کی صورت میں دوبارہ ان کے پھیلاؤ کی زد میں آ سکتے ہیں۔(پیراگراف 10.31)

          کمیٹی نوٹ کرتی ہے کہ گزشتہ دو مالی برسوں میں سے ہر ایک کے دوران منی پور کو اس کے سالانہ عملی منصوبے کے تحت تجویز کردہ رقم کے مقابلے میں مرکزی حکومت سے بہت کم مالی امداد موصول ہوئی ہے۔ مالی سال 2025-26 کے لیے تجویز کردہ رقم کا اب تک صرف تقریباً 40 فیصد ہی جاری کیا گیا ہے۔ کمیٹی سفارش کرتی ہے کہ وزارت سالانہ عملی منصوبوں کے تحت منظور شدہ مالی وسائل کا زیادہ حصہ جاری کرے۔ کمیٹی مزید سفارش کرتی ہے کہ قومی ادارۂ انتظامِ آفات (این ڈی ایم اے) 27.51 کروڑ روپے کی زیرِ التوا تجویز پر مزید تاخیر کیے بغیر کارروائی مکمل کرے۔(پیراگراف 10.36)

          کمیٹی سفارش کرتی ہے کہ وزارتِ ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی مشرقی ہمالیہ کی ریاستوں کو پہاڑی علاقوں کے دشوار گزار حالات کے مطابق خصوصی چار پہیوں والی گاڑیاں، جدید حفاظتی سازوسامان اور مشینی آلاتِ آتش زدگی فراہم کرنے کی تجویز پر مثبت انداز میں غور کرے۔ اس کے ساتھ ہی، زمینی سطح پر نصب کیے جانے والے حسّاس آلات، مصنوعی ذہانت سے لیس کیمروں کے بلند مینار اور طویل وقت تک پرواز کرنے کی صلاحیت رکھنے والے بغیر پائلٹ کے طیارے بھی فراہم کیے جائیں، جن کی کمی کی نشاندہی خطے کی ریاستوں نے اپنے موجودہ تکنیکی وسائل میں کی ہے۔ چونکہ اس نوعیت کی ضروریات صرف کسی ایک ریاست تک محدود نہیں، بلکہ مشرقی ہمالیہ کی تمام ریاستوں میں پائی جا سکتی ہیں، اس لیے کمیٹی سفارش کرتی ہے کہ ان آلات اور نگرانی کی صلاحیتوں کی خریداری اور تعیناتی مشرقی ہمالیہ کی تمام ریاستوں پر مشتمل ایک مشترکہ علاقائی پروگرام کے تحت کی جائے، نہ کہ ہر ریاست الگ الگ ان کی خریداری کرے۔ کمیٹی یہ بھی سفارش کرتی ہے کہ جنگلات میں آگ لگنے کے خطرے سے دوچار دور دراز ڈویژنوں میں مواصلاتی بنیادی ڈھانچے کے لیے باقاعدہ مالی وسائل فراہم کیے جائیں اور اسے جنگلات میں آگ کے انتظام کے بنیادی ڈھانچے کا ایک لازمی حصہ تسلیم کیا جائے، نہ کہ عمومی دیہی مواصلاتی سہولتوں کے پروگراموں کے تحت محض ضمنی طور پر اس ضرورت کو پورا کیا جائے۔(پیراگراف 10.38)

          کمیٹی مزید سفارش کرتی ہے کہ وزارت مشرقی ہمالیہ کی ریاستوں کو جلے ہوئے جنگلاتی علاقوں کے باقاعدہ اور اعلیٰ معیار کے جائزے لینے اور زیادہ بلندی والے علاقوں میں پانی جمع کرنے کے ڈھانچے تعمیر کرنے میں مدد فراہم کرے، کیونکہ یہ اقدامات جنگلات میں آگ پر قابو پانے کے لیے مفید ثابت ہوتے ہیں۔(پیراگراف 10.39)

          کمیٹی مزید سفارش کرتی ہے کہ پورے خطے میں آگ سے محفوظ رہنے والے دیہات کو انعام دینے کی اسکیمیں جاری رکھی جائیں اور انہیں مزید مضبوط بنایا جائے، کیونکہ ان سے جنگلات میں آگ کی روک تھام کے لیے مقامی برادریوں کی براہِ راست شمولیت کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ، زمینی سطح پر کام کرنے والے عملے کو ضروری بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں، جن میں رینج اور بیٹ کے عملے کے لیے بیرکوں اور دفتروں کی تعمیر بھی شامل ہے۔ کمیٹی یہ بھی سفارش کرتی ہے کہ آگ سے محفوظ رہنے والی درختوں کی انواع سے متعلق تحقیق کی حوصلہ افزائی کی جائے، تاکہ طویل مدت میں اس خطے کے جنگلات کو آگ کے مقابلے میں زیادہ مضبوط اور محفوظ بنایا جا سکے۔(پیراگراف 10.40)

          کمیٹی تسلیم کرتی ہے کہ شمال مشرقی ریاستوں کو درپیش کئی چیلنجز ہمالیائی خطے کے جغرافیائی حالات کا لازمی حصہ ہیں اور انہیں مکمل طور پر ختم نہیں کیا جا سکتا، تاہم بنیادی ڈھانچے میں مخصوص نوعیت کی سرمایہ کاری، مالی وسائل کی مسلسل اور یقینی فراہمی اور سب سے بڑھ کر، جھوم کاشت کاری کے بنیادی کردار کے پیش نظر، روزگار کے متبادل ذرائع فراہم کرنے کے پروگرام کو بڑے پیمانے پر وسعت دے کر ان کے اثرات کو نمایاں طور پر کم کیا جا سکتا ہے۔ اسی مناسبت سے، کمیٹی سفارش کرتی ہے کہ وزارت، مشرقی ہمالیائی خطے کی ریاستی حکومتوں سے مشاورت کرتے ہوئے، مشرقی ہمالیہ میں جنگلات میں آگ کے انتظام کی وسیع تر کوششوں کے تحت جھوم کاشت کاری سے وابستہ آگ لگنے کے خطرات کو کم کرنے کو اولین ترجیح دے۔ اس ترجیحی کوشش کی بنیاد ایسے معاون اقدامات پر ہونی چاہیے جن میں زمینی سطح پر کام کرنے والے عملے کی کمی کو پورا کرنا، مرکزی حکومت سے مالی وسائل کی یقینی فراہمی اور پورے خطے کے لیے مشترکہ تکنیکی نظام قائم کرنا شامل ہوں۔(پیراگراف 10.41)

انتظامی ڈھانچہ: پالیسی، قانونی اور ادارہ جاتی پہلو

          کمیٹی وزارت کی جانب سے سبھی علاقوں کے لیے یکساں طریقۂ کار اپنانے کے بجائے حالات کے مطابق الگ الگ حکمت عملی اختیار کرنے کے اقدام کا خیرمقدم کرتی ہے، تاہم اس کی رائے ہے کہ ان معیاری عملی طریقۂ کار (ایس او پیز) کی افادیت کا اصل اندازہ ان پر عملی طور پر عمل درآمد کے وقت ہی ہو سکے گا۔ کمیٹی سفارش کرتی ہے کہ وزارت ان ایس او پیز کو مختصر اور میدانی سطح پر آسانی سے قابلِ استعمال شکلوں میں ڈھالے، مثلاً مقامی زبانوں میں ایسے کارڈ تیار کیے جائیں جن پر حفاظتی تہہ چڑھی ہو، یا ایسی موبائل ایپلی کیشن وضع کی جائے جو انٹرنیٹ رابطے کے بغیر بھی کام کر سکے۔ اس سے مواصلاتی رابطے سے محروم علاقوں میں کام کرنے والا میدانی عملہ بھی ان طریقۂ کار پر  عمل کر سکے گا، بجائے اس کے کہ یہ طویل دستاویزات بن کر صرف ڈویژنل دفاتر تک محدود رہ جائیں۔ کمیٹی مزید سفارش کرتی ہے کہ ان ایس او پیز سے واقفیت کو سالانہ تجدیدی تربیت اور عملے کی کارکردگی کے جائزے کا حصہ بنایا جائے، تاکہ ان پر عمل درآمد کو محض فرض کرنے کے بجائے اس کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔ اس کے علاوہ، حقیقی میدانی حالات میں ان طریقۂ کار کی جانچ کے لیے ایس او پیز پر مبنی عملی مشقوں کو معیاری طریقۂ کار کے طور پر اپنایا جائے۔(پیراگراف 11.4)

          جنگلات میں آگ سے نمٹنے کی تیاری کے اشاریے (ایف ایف پی آئی) کے حوالے سے کمیٹی کی رائے ہے کہ اگر کسی اشاریے کا حساب تو لگایا جائے، لیکن اس کی بنیاد پر کوئی عملی اقدام نہ کیا جائے، تو وہ حکمرانی کے ایک مؤثر ذریعے کے بجائے محض صورتِ حال کا جائزہ لینے کی مشق بن کر رہ جاتا ہے۔ کمیٹی سفارش کرتی ہے کہ ایف ایف پی آئی کے حاصل کردہ نمبروں کو کیمپا اور این سی ایس ایف ایف ایم کے تحت مالی وسائل کی تقسیم سے براہِ راست منسلک کیا جائے، تاکہ جن ڈویژنوں کے نمبر سب سے کم ہوں، انہیں اگلے موسمِ آتش زدگی کے لیے آلات اور افرادی قوت فراہم کرنے میں ترجیح دی جائے، بجائے اس کے کہ وسائل کی تقسیم کا معاملہ انتظامی صوابدید پر چھوڑ دیا جائے۔ کمیٹی مزید سفارش کرتی ہے کہ ایف ایف پی آئی کے نمبروں کو ڈویژن یا ریاست کے لحاظ سے تقابلی جدول کی صورت میں عام کیا جائے، کیونکہ اس کی رائے میں عوام کے سامنے ان نتائج کی دستیابی سے بہتری لانے کی کوششوں کو محض اندرونی جائزے کے مقابلے میں زیادہ مؤثر انداز میں فروغ ملے گا۔(پیراگراف 11.5)

          آگ بجھانے کے آلات کو معیاری بنانے کے سلسلے میں، کمیٹی سفارش کرتی ہے کہ وزارت سرکاری ای-مارکیٹ پلیس کے طرز پر معیاری آلاتِ آتش زدگی کی خریداری کے لیے مرکزی سطح پر یکساں نرخ مقرر کرے، تاکہ مالی وسائل کی کمی کا سامنا کرنے والی ریاستوں کو بہتر مالی حالت والی ریاستوں کے مقابلے میں زیادہ قیمت پر ناقص معیار کے آلات خریدنے پر مجبور نہ ہونا پڑے۔ کمیٹی یہ بھی سفارش کرتی ہے کہ معیار کی تصدیق کے ایک سادہ طریقۂ کار کے ذریعے کم قیمت آلات کی مقامی تیاری کی حوصلہ افزائی کی جائے، تاکہ گاؤں کی سطح پر کام کرنے والی امدادی تنظیمیں اور چھوٹے تیار کنندگان مقامی طور پر معیاری آلات تیار کر سکیں اور ہر ریاست کو مرکزی سطح پر خریداری کے سست رفتار عمل پر انحصار نہ کرنا پڑے۔(پیراگراف 11.6)

          وی بی-جی رام جی ایکٹ، 2025 کے تحت مشترکہ تال میل سے متعلق رہنما خطوط کے بارے میں کمیٹی کا خیال ہے کہ یہ دیہی روزگار اور روزگار کی ضمانت کے نظام میں جنگلات میں آگ کی روک تھام کو شامل کرنے کا ایک اہم ذریعہ ثابت ہو سکتے ہیں۔ کمیٹی سفارش کرتی ہے کہ مشترکہ مالی وسائل کا ایک مقررہ کم از کم حصہ خاص طور پر آگ لگنے کے خطرے سے دوچار اضلاع کے لیے مختص کرکے محفوظ رکھا جائے، بجائے اس کے کہ مالی وسائل کی تقسیم مکمل طور پر ریاستوں کی صوابدید پر چھوڑ دی جائے۔ کمیٹی مزید سفارش کرتی ہے کہ وزارت اس بات کا جائزہ لے کہ روزگار کی ضمانت کے نظام کے تحت موسمِ آتش زدگی کے دوران آگ کی نگرانی اور آگ کو پھیلنے سے روکنے کے لیے بنائی گئی پٹیوں کی صفائی کے کام کو باقاعدہ طور پر منظور شدہ جاب کارڈ کے کاموں میں شامل کیا جا سکتا ہے یا نہیں۔ کمیٹی یہ بھی سفارش کرتی ہے کہ مشترکہ مالی وسائل کا اجرا بجٹ میں مقررہ رقم مختص کرنے کے بجائے، زمینی سطح پر کام کی تصدیق شدہ تکمیل سے منسلک کیا جائے، مثلاً آگ کو پھیلنے سے روکنے والی پٹیوں کی صاف کی گئی لمبائی یا ہٹائے گئے آتش گیر مواد کی مقدار، جس کی سیٹلائٹ تصاویر سے بھی تصدیق کی جائے۔ اس سے یہ یقینی بنایا جا سکے گا کہ جنگلات میں آگ کی روک تھام کے لیے مختص مالی وسائل ریاستی سطح پر دیگر غیر متعلقہ مقاصد کے لیے استعمال نہ ہوں۔(پیراگراف 11.7)

          کمیٹی نے بھارت میں جنگلات کے انتظام سے متعلق موجودہ قوانین کا باریک بینی سے جائزہ لیا ہے۔ ان میں انڈین فاریسٹ ایکٹ، 1927، فاریسٹ (کنزرویشن) ایکٹ، 1980 شامل ہیں، جس کا نام 2023 کی ترمیم کے ذریعے بدل کر ون (سنرکشن ایوم سنوردھن) ادھینیم رکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ وائلڈ لائف (پروٹیکشن) ایکٹ، 1972، شیڈیولڈ ٹرائبس اینڈ ادر ٹریڈیشنل فاریسٹ ڈویلرز (ریکگنیشن آف فاریسٹ رائٹس) ایکٹ، 2006 اور بایولوجیکل ڈائیورسٹی ایکٹ، 2002 بھی ان قوانین میں شامل ہیں۔ ان کے ساتھ قومی جنگلاتی پالیسی، مشترکہ جنگلاتی انتظام سے متعلق رہنما خطوط اور معاوضہ جاتی شجرکاری فنڈ کا نظام جیسے ذیلی ضابطے اور انتظامات بھی موجود ہیں۔ یہ قوانین مختلف ادوار میں، مختلف مقاصد کے تحت بنائے گئے تھے اور آج ان کے درمیان مناسب ہم آہنگی نہیں ہے۔ کمیٹی کی رائے ہے کہ اس طرح کا منتشر طریقۂ کار اب موجودہ ضروریات کے لیے موزوں نہیں رہا ہے۔(پیراگراف 11.11)

          کمیٹی نوٹ کرتی ہے کہ انڈین فاریسٹ ایکٹ، 1927 برطانوی دورِ حکومت میں بنیادی طور پر لکڑی پر کنٹرول رکھنے اور جنگلات سے حاصل ہونے والی سرکاری آمدنی کے تحفظ کے مقصد سے بنایا گیا تھا۔ اس قانون کا بنیادی تصور یہ تھا کہ جنگلات حکومت کی ملکیت ہیں۔ کمیٹی کی رائے ہے کہ یہ قدیم تصور جنگلات کے بارے میں آج ہماری سوچ سے مطابقت نہیں رکھتا، کیونکہ اب جنگلات کو ایک ایسے زندہ ماحولیاتی نظام کے طور پر دیکھا جاتا ہے جو لکڑی کے علاوہ بھی بہت سے فوائد فراہم کرتا ہے۔ کمیٹی اس بات پر تشویش کا اظہار کرتی ہے کہ 1927 کا یہ قانون اب بھی جنگلات کی بحالی اور نگہداشت کے بجائے بنیادی طور پر نگرانی، جرائم اور جنگلاتی پیداوار کی ضبطی پر مرکوز ہے۔(پیراگراف 11.12)

          کمیٹی مشاہدہ کرتی ہے کہ بھارت میں اس بات کی کوئی واضح اور سادہ قانونی تعریف موجود نہیں ہے کہ کن علاقوں کو ’جنگل‘ تصور کیا جائے۔ کئی برسوں سے اس کا فیصلہ قانون کے بجائے عدالتوں کو کرنا پڑا ہے۔ حالیہ ترمیم کے ذریعے اس تعریف کا دائرہ مزید محدود کر دیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں زمین کے ایسے کئی حصےجو دیکھنے میں جنگلات جیسے ہیں اور جنگلات کی طرح کام بھی کرتے ہیں، لیکن سرکاری ریکارڈ میں کبھی جنگلات کے طور پر درج نہیں کیے گئے، اب قانونی تحفظ کے دائرے سے باہر ہو سکتے ہیں۔ کمیٹی کی رائے ہے کہ تعریف کے اس محدود دائرے سے جنگلات کے انتظام کے معاملے میں خاصی غیر یقینی صورتِ حال پیدا ہوتی ہے، بالخصوص ہمالیائی اور شمال مشرقی خطوں کے ماحولیاتی اعتبار سے حساس علاقوں میں، جہاں جنگلات کے بڑے رقبے تمام ماحولیاتی معیارات پر پورے اترنے کے باوجود سرکاری درجہ بندی سے باہر ہیں۔(پیراگراف 11.13)

          کمیٹی نوٹ کرتی ہے کہ فی الحال جنگلاتی اراضی کو دیگر مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی اجازت دینے کے فیصلے بنیادی طور پر ترقیاتی ضروریات اور اس یقین دہانی کی بنیاد پر کیے جاتے ہیں کہ جنگلات کے نقصان کی تلافی کے لیے کسی دوسری جگہ درخت لگائے جائیں گے۔ کمیٹی کی رائے ہے کہ اس طریقۂ کار میں کوئی واضح حد مقرر نہیں کی گئی ہے، جس کے باعث اصولی طور پر کسی بھی جنگل کو بالآخر صاف کرنے کی اجازت دی جا سکتی ہے، بشرطیکہ ترقیاتی ضرورت کو کافی اہم سمجھا جائے۔ کمیٹی کی سوچی سمجھی رائے ہے کہ بعض جنگلات اس قدر بیش قیمت ہیں اور کئی صورتوں میں ان کی دوبارہ تخلیق اتنی مشکل یا ناممکن ہے کہ ان کے بارے میں اس طرح ہر معاملے کی الگ الگ بنیاد پر فیصلہ نہیں کیا جانا چاہیے۔(پیراگراف 11.14)

          کمیٹی نے معاوضہ جاتی شجرکاری کے موجودہ طریقۂ کار کا جائزہ لیا ہے۔ جب جنگلاتی اراضی کو کسی دوسرے مقصد کے لیے استعمال کرنے کی غرض سے صاف کیا جاتا ہے تو قانون کے تحت اس نقصان کی تلافی کے لیے کسی دوسری جگہ، حتیٰ کہ ہزاروں کلومیٹر دور بھی، نئے درخت لگانا ضروری ہوتا ہے۔ کمیٹی کی رائے ہے کہ اس نظام میں صرف زمین کے رقبے کی برابری پر توجہ دی جاتی ہے، اس بات پر نہیں کہ نئی شجرکاری سے وہی ماحولیاتی فوائد حاصل ہو رہے ہیں یا نہیں جو ختم کیے گئے جنگل سے حاصل ہوتے تھے۔ ایک ہی نوع کے درختوں کی قطار میں کی گئی شجرکاری ماحولیاتی اعتبار سے ایک قدیم، مختلف انواع پر مشتمل قدرتی جنگل کے برابر نہیں ہو سکتی، لیکن موجودہ قانون میں دونوں کو یکساں تصور کیا جاتا ہے۔ کمیٹی سفارش کرتی ہے کہ نئی شجرکاری حتی الامکان اسی نوعیت کے جنگل کے مطابق کی جائے جو ختم ہوا ہے، اس میں صرف مقامی اور دیسی انواع کے درخت لگائے جائیں، نئے جنگل کے پودوں کی بقا اور نشوونما کی کئی برسوں تک باقاعدگی سے نگرانی کی جائے اور اس کے نتائج عام کیے جائیں، بجائے اس کے کہ کامیابی کا اندازہ صرف لگائے گئے پودوں کی تعداد کی بنیاد پر لگایا جائے۔(پیراگراف 11.15)

          کمیٹی مشاہدہ کرتی ہے کہ جنگلات میں آگ کے انتظام کے لیے کوئی مخصوص قانونی ڈھانچہ موجود نہیں ہے، حالاں کہ ہمالیائی خطے میں جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات کی تعداد اور شدت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ کمیٹی یہ بھی نوٹ کرتی ہے کہ فی الحال جنگلات میں آگ کے انتظام کا پورا انحصار مختلف اسکیموں کے تحت حکومت کی جانب سے فراہم کردہ مالی وسائل پر ہے، جب کہ اس سلسلے میں کوئی قانونی ذمہ داری مقرر نہیں ہے۔ مزید برآں، آفات کے انتظام سے متعلق ایکٹ، 2005 کے تحت جنگلات میں آگ لگنے کو فی الحال آفت کی کسی باقاعدہ قسم کے طور پر نوٹیفائی نہیں کیا گیا ہے۔ اس کے نتیجے میں، بڑے پیمانے پر جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات سے نمٹنے کے لیے اس ایکٹ کے تحت دستیاب ادارہ جاتی تال میل اور مالی وسائل کے نظام سے فوری طور پر استفادہ نہیں کیا جا سکتا۔(پیراگراف 11.16)

          کمیٹی کی رائے ہے کہ مذکورہ بالا تمام خامیاں ایک مشترکہ بنیادی مسئلے کی نشاندہی کرتی ہیں۔ بھارت میں جنگلات سے متعلق قوانین ابتدا میں بنیادی طور پر اس مقصد سے بنائے گئے تھے کہ حکومت جنگلاتی اراضی پر اپنا کنٹرول برقرار رکھ سکے۔ وقت گزرنے کے ساتھ ان قوانین میں جگہ جگہ ترمیم کرکے ترقیاتی سرگرمیوں کی گنجائش تو پیدا کی گئی، لیکن عوام کے حقوق، جنگلات کی صحت اور آب و ہوا کے تحفظ کے لیے جن تبدیلیوں کی ضرورت تھی، وہ اسی رفتار سے نہیں کی گئیں۔ ان تبدیلیوں کو واضح طور پر قانون کا حصہ بنانے کے بجائے بڑی حد تک عدالتوں اور انتظامی احکامات پر چھوڑ دیا گیا کہ وہ اپنی صوابدید کے مطابق ان پر عمل درآمد کا راستہ نکالیں۔ کمیٹی کی رائے ہے کہ اس نظام کے تحت جنگلات اور جنگلاتی برادریوں کا تحفظ کسی مستحکم اور قابلِ اعتماد قانون کے بجائے انفرادی عدالتی فیصلوں اور انتظامی احکامات پر منحصر رہتا ہے۔ اسی مناسبت سے، کمیٹی سفارش کرتی ہے کہ حکومت جنگلات سے متعلق موجودہ قوانین کا جامع اور باریک بینی سے جائزہ لے، تاکہ بھارت میں جنگلات کا انتظام ایک واضح اور جدید قانونی بنیاد پر استوار ہو، جو جنگلاتی برادریوں کے حقوق کا مناسب تحفظ کرے، جنگلاتی ماحولیاتی نظام کی صحت و سلامتی کو برقرار رکھے اور ملک کو بدلتے ہوئے موسمی حالات سے نمٹنے کے لیے تیار کرے۔(پیراگراف 11.17)

          کمیٹی نوٹ کرتی ہے کہ ان آلات اور حفاظتی سازوسامان کی فراہمی صرف پانچ ریاستوں تک محدود ہے، جن میں سے صرف اتراکھنڈ ہمالیائی خطے کی نمائندگی کرتا ہے۔ مغربی اور مشرقی ہمالیہ کی ریاستوں میں جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات کے وسیع پیمانے کو دیکھتے ہوئے یہ انتظام ناکافی ہے۔ کمیٹی سفارش کرتی ہے کہ ایف آر آئی جھاپا، ریک، ترمیم شدہ درانتی اور سی ایف ای ای ایس-ڈی آر ڈی او کے تیار کردہ حفاظتی سازوسامان کی میدانی سطح پر فراہمی کا دائرہ نمایاں طور پر وسیع کرے اور ترجیحی بنیاد پر ہمالیہ کی تمام ریاستوں کو اس میں شامل کرے۔ اس کے علاوہ، مقامی سطح پر ان آلات کی تیاری سے متعلق تکنیکی کتابچہ ون پنچایتوں اور مشترکہ جنگلاتی انتظامی کمیٹیوں تک فعال طور پر پہنچایا جائے، نہ کہ اسے صرف محکمۂ جنگلات کے صدر دفاتر تک محدود رکھا جائے۔(پیراگراف 11.20)

          کمیٹی جنگلاتی تحقیق کے ادارے (ایف آر آئی) کی جانب سے آگ سے متاثرہ نیم گرم خطوں کے چیڑ کے جنگلات کی بحالی کے لیے تیار کیے گئے بعد از آتش زدگی ماحولیاتی بحالی کے نمونے کا نوٹس لیتی ہے۔ ہمالیائی خطے میں اس نوعیت کے جنگلات میں بڑی حد تک صنوبرکے درخت پائے جاتے ہیں۔ تاہم، کمیٹی نوٹ کرتی ہے کہ اس نمونے کو ماحولیاتی اعتبار سے مؤثر بنانے والے بنیادی اقدامات، مثلاً چیڑ کی سوکھی سوئیوں اور زمین پر جمع پتوں کو ہٹانا، ڈھلوان کے خطوط کے مطابق اور وقفے وقفے سے نالیاں کھودنا، پانی کے بہاؤ کو روکنے کے لیے بند تعمیر کرنا، زمین کو نامیاتی مواد سے ڈھانپنا اور آتش گیر مواد کے دوبارہ جمع ہونے کے عمل کو روکنے کے لیے مسلسل جڑی بوٹیاں صاف کرنا، محنت طلب ہیں۔ ان کے لیے صرف ایک مرتبہ اقدامات کرنا کافی نہیں، بلکہ کئی موسموں تک مسلسل کام اور نگرانی ضروری ہے۔ کمیٹی کی رائے ہے کہ اس نوعیت کے نمونے کو شجرکاری اور بعد ازاں اس کی ذمہ داری کسی دوسرے ادارے کے حوالے کرنے کے روایتی طریقۂ کار کے ذریعے عملی جامہ نہیں پہنایا جا سکتا، جس کے لیے عموماً شجرکاری کے مد میں مالی وسائل فراہم کیے جاتے ہیں۔ اس نمونے کی کامیابی کا مکمل انحصار اس بات پر ہوگا کہ آیا کوئی ایسا ادارہ جاتی نظام موجود ہے جو قدرتی افزائشِ نو میں معاونت کے لیے درکار دو سے تین موسمِ آتش زدگی کے دوران متعلقہ مقامات پر افرادی قوت کی دستیابی اور نگرانی کا سلسلہ برقرار رکھ سکے۔ اسی مناسبت سے، کمیٹی سفارش کرتی ہے کہ ایف ایف پی ایم اسکیم اور کیمپا کے مالی وسائل سے انجام دی جانے والی بحالی کی سرگرمیوں کے تحت چیڑ کے درختوں کی بہتات والے علاقوں میں آگ لگنے کے بعد بحالی کے لیے ایف آر آئی کے اس نمونے کو معیاری طریقۂ کار کے طور پر اپنایا جائے۔ (پیراگراف 11.22)

          کمیٹی مزید سفارش کرتی ہے کہ ایف آر آئی کو ہر ریاست کے لیے متعلقہ مقامات کے مخصوص حالات کے مطابق بحالی کے اقدامات تجویز کرنے اور نگرانی کے طریقۂ کار وضع کرنے کی ذمہ داری سونپی جائے۔ اس کے علاوہ، اس نمونے کے تحت جنگلات کی بحالی کے نتائج کا جائزہ چند مقررہ ماحولیاتی اشاریوں کی بنیاد پر لیا جائے۔ ان میں خالی جگہوں پر لگائی گئی مقامی انواع کے پودوں کی بقا اور نشوونما، زمین کی سطح پر موجود آتش گیر مواد میں کمی اور بحالی کے لیے زیرِ علاج مقامات پر دوبارہ آگ لگنے کے واقعات شامل ہوں، تاکہ اس نمونے کی کارکردگی کا درست اندازہ لگایا جا سکے۔(پیراگراف 11.23)

          کمیٹی اس بات پر تشویش کا اظہار کرتی ہے کہ ایف آر آئی، جس کے پاس ہمالیائی خطے کے لیے جنگلات کی مختلف اقسام کے مطابق معیاری عملی طریقۂ کار (ایس او پیز)، مقامی طور پر تیار کردہ آگ بجھانے کے آلات اور آگ لگنے کے بعد جنگلات کی بحالی کے نمونے وضع کرنے کی سائنسی مہارت موجود ہے، فی الحال ایسے مالی وسائل پر کام کر رہا ہے جو مخصوص منصوبوں سے منسلک ہیں اور جن کی مدت 2026 میں ختم ہو رہی ہے۔ اس ادارے کے پاس نہ تو ہمالیائی خطے میں جنگلات کی آگ سے متعلق تحقیق کے لیے کوئی مخصوص بنیادی ڈھانچہ ہے اور نہ ہی مستقل افرادی قوت۔ کمیٹی کی رائے ہے کہ یہ صورتِ حال ایف آر آئی پر ڈالی گئی ادارہ جاتی ذمہ داریوں کے وسیع دائرے اور اسے دستیاب وسائل کے درمیان ایک بنیادی عدم مطابقت کو ظاہر کرتی ہے۔ کمیٹی سفارش کرتی ہے کہ وزارت 2026 میں ختم ہونے والے این سی ایس ایف ایف ایم کے موجودہ دور کے بعد بھی ہمالیائی جنگلات میں آگ سے متعلق تحقیق کے لیے مالی وسائل کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائے۔ اس کے علاوہ، ایف آر آئی کے اندر ہمالیائی جنگلات میں آگ سے متعلق تحقیق کے لیے ایک مخصوص شعبہ قائم کرنے کے امکان کا جائزہ لیا جائے، جس میں مناسب تعداد میں مستقل عملہ تعینات ہو اور اسے مخصوص منصوبوں سے منسلک مالی امداد کے بجائے کئی برسوں کے لیے یقینی بجٹ فراہم کیا جائے۔ اس سے آگ کے رویّے سے متعلق تحقیق، طویل مدتی ماحولیاتی نگرانی اور خطرات کے نقشوں کی زمینی سطح پر تصدیق کا عمل مالی وسائل کی فراہمی میں بار بار آنے والی رکاوٹوں کے باعث متاثر نہیں ہوگا۔(پیراگراف 11.26)

          کمیٹی اس حقیقت سے اتفاق کرتی ہے کہ ہمالیائی خطے اور جنگلات والے دیگر علاقوں میں جنگلات میں آگ لگنے کے بڑے واقعات سے نمٹنے کے لیے عموماً محکمۂ جنگلات، ریاستی ادارۂ انتظامِ آفات، ضلعی انتظامیہ، فائر سروس، پولیس، مقامی ون پنچایتوں اور بعض اوقات دفاعی اداروں اور قومی آفات سے نمٹنے والی فورس (این ڈی آر ایف) کی خدمات بیک وقت درکار ہوتی ہیں۔ ایک متحدہ نظامِ کمان کی عدم موجودگی میں مختلف اداروں کی کارروائیوں میں دہراؤ یا باہمی تال میل کی کمی کا حقیقی خطرہ رہتا ہے، جس کے نتیجے میں کارروائی میں تاخیر، کوششوں کا غیر ضروری اعادہ یا وسائل کی تعیناتی میں خامیاں پیدا ہو سکتی ہیں۔ چونکہ جنگلات میں آگ اکثر انتظامی حدود، بلکہ بعض اوقات ریاستی سرحدوں کو بھی عبور کرکے پھیلتی ہے، اس لیے واقعات سے نمٹنے کا ایک مشترکہ اور پہلے سے طے شدہ عملی ڈھانچہ، مثلاً انسیڈنٹ کمانڈ سسٹم (آئی سی ایس)، اس بات کو یقینی بنا سکتا ہے کہ مختلف دائرۂ اختیار میں کام کرنے والے امدادی ادارے الگ الگ کام کرنے کے بجائے ایک متحدہ نظامِ کمان کے تحت مل کر کارروائی کریں۔(پیراگراف 11.31)

          کمیٹی اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام (یو این ای پی) کی تجویز کی تائید کرتے ہوئے سفارش کرتی ہے کہ بڑے پیمانے پر جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات سے نمٹنے کے لیے انسیڈنٹ کمانڈ سسٹم (آئی سی ایس) یا اس کے مساوی کوئی ایسا عملی انتظام باضابطہ طور پر اختیار کیا جائے، جسے قومی اور ریاستی ضروریات کے مطابق ڈھالا گیا ہو اور جو جائے وقوعہ پر انتظام و انصرام کے لیے معیاری نظام کے طور پر کام کرے۔ اس سلسلے میں ضروری طریقۂ کار کو ریاستی آفات کے انتظام کے منصوبے اور جنگلات میں آگ کے انتظام کے منصوبوں میں شامل کیا جائے۔ اس کے تحت کسی واضح طور پر نامزد اتھارٹی، مثلاً محکمۂ جنگلات یا ادارۂ انتظامِ آفات کے تربیت یافتہ انسیڈنٹ کمانڈر کو یہ اختیار دیا جائے کہ نظام فعال ہوتے ہی وہ کمان سنبھال سکے۔آئی سی ایس کے تحت مواصلات اور رپورٹنگ کا ایک معیاری طریقۂ کار وضع کیا جائے، تاکہ مختلف محکموں کے ریڈیو اور مواصلاتی آلات ایک دوسرے کے ساتھ مؤثر طور پر کام کر سکیں۔ آگ بجھانے کے آلات، افرادی قوت، گاڑیوں اور جہاں ضروری ہو، فضائی معاونت سمیت دستیاب وسائل کی پہلے سے نشاندہی کرکے ان کی فہرستیں ڈویژن اور ضلع کی سطح پر تیار رکھی جائیں، تاکہ کسی واقعے کے دوران آئی سی ایس کے تحت رسد اور وسائل کی فراہمی کے شعبے کے ذریعے انہیں بلا رکاوٹ استعمال میں لایا جا سکے۔ اس کے علاوہ، آئی سی ایس کو فعال کرنے کے لیے واضح اور پہلے سے طے شدہ معیارات یا حدیں مقرر کی جائیں، مثلاً متاثرہ رقبہ، آگ کے فعال مقامات کی تعداد اور جغرافیائی حالات سے متعلق خطرات، تاکہ اعلیٰ سطح پر کارروائی شروع کرنے کے بارے میں کسی قسم کا ابہام نہ رہے۔اس نظام کو ریاست بھر میں نافذ کرنے سے پہلے جنگلات میں آگ لگنے کے زیادہ واقعات والے ڈویژنوں، مثلاً چیڑ کے درختوں کی بہتات والے علاقوں میں، آزمائشی طور پر نافذ کیا جا سکتا ہے۔ اس دوران حاصل ہونے والے تجربات اور اسباق کو بعد میں ریاست گیر سطح پر اس کے نفاذ کے عمل میں شامل کیا جائے۔ آئی سی ایس کے تحت نمٹائے جانے والے جنگلات میں آگ لگنے کے ہر بڑے واقعے کے بعد کارروائی کا باقاعدہ جائزہ بھی لیا جائے، تاکہ زمینی تجربات کی روشنی میں اس نظام کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔(پیراگراف 11.32)

          کمیٹی نوٹ کرتی ہے کہ اگرچہ دونوں ریاستیں فاریسٹ سروے آف انڈیا (ایف ایس آئی) کے سیٹلائٹ پر مبنی ایک ہی بنیادی نظام سے حاصل ہونے والی معلومات پر انحصار کرتی ہیں، تاہم اتراکھنڈ نے جغرافیائی معلوماتی نظام (جی آئی ایس) پر مبنی راستہ دکھانے کی سہولت اور مربوط کمان ڈیش بورڈ سے لیس ایک مخصوص موبائل ایپلی کیشن تیار کی ہے، جب کہ ہماچل پردیش میں اس کے برعکس زیادہ روایتی طریقۂ کار اختیار کیا گیا ہے، جس میں ایس ایم ایس اور ٹیلی فون کے ذریعے پیغامات آگے پہنچائے جاتے ہیں اور اس مقصد کے لیے کوئی ایسی مخصوص ایپلی کیشن موجود نہیں ہے۔(پیراگراف 11.36)

          اسی مناسبت سے، کمیٹی سفارش کرتی ہے کہ وزارت، فاریسٹ سروے آف انڈیا (ایف ایس آئی) سے مشاورت کرکے اس بات کا جائزہ لے کہ اتراکھنڈ کے کامیاب نمونے کی بنیاد پر جنگلات میں آگ لگنے کی اطلاع دینے والی ایک مشترکہ موبائل ایپلی کیشن تمام ہمالیائی ریاستوں میں متعارف کرانے کا امکان کتنا ہے، جسے مرکزی سطح پر معاونت فراہم کی جائے۔ اس سے یہ یقینی بنایا جا سکے گا کہ جغرافیائی معلوماتی نظام (جی آئی ایس) پر مبنی راستہ دکھانے، شہریوں کی جانب سے جغرافیائی محلِ وقوع کے ساتھ آگ لگنے کی اطلاع دینے اور مربوط کمان مراکز کے ذریعے نگرانی جیسی سہولتیں صرف انہی ریاستوں تک محدود نہ رہیں جنہوں نے اپنے طور پر ایسے نظام تیار کیے ہیں۔کمیٹی اس بات پر بھی گہری تشویش کا اظہار کرتی ہے کہ اگرچہ اتراکھنڈ میں جنگلات میں آگ لگنے کی اطلاع دینے والی موبائل ایپلی کیشن موجود ہے، لیکن زمینی سطح پر اس کا استعمال نہایت محدود ہے، جس سے اس ٹیکنالوجی کو متعارف کرانے کا بنیادی مقصد ہی فوت ہو رہا ہے۔ جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات کی حقیقی وقت میں نشاندہی اور ان سے نمٹنے کے لیے اب بھی بڑی حد تک دستی طور پر اطلاع دینے، نگرانی اور پہرے داری کے روایتی نظام اور اطلاعات کو اعلیٰ سطح تک پہنچانے میں تاخیر پر انحصار کیا جا رہا ہے۔ اس کے نتیجے میں جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات میں ہر سال مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اس کی ممکنہ وجوہات میں جنگلات اور پہاڑی علاقوں میں موبائل نیٹ ورک کی ناقص سہولت، میدانی عملے اور مقامی برادریوں میں آگاہی یا تربیت کی کمی، آگ بجھانے کے لیے ابتدائی سطح پر کارروائی کرنے والے نظام کے ساتھ ایپلی کیشن کا مربوط نہ ہونا اور ایپلی کیشن و زمینی عملے کے درمیان معلومات کی تصدیق اور ان پر ردِعمل کا مؤثر نظام موجود نہ ہونا شامل ہیں۔لہٰذا، کمیٹی سفارش کرتی ہے کہ اتراکھنڈ حکومت فوری طور پر جنگلات میں آگ لگنے کی اطلاع دینے والی موبائل ایپلی کیشن کے زمینی سطح پر نفاذ میں موجود عملی خامیوں کا جائزہ لے اور انہیں دور کرنے کے لیے ضروری اقدامات کرے۔ ان اقدامات میں ایپلی کیشن کے استعمال کا میدانی سطح پر جائزہ لینا، چیڑ کے درختوں کی بہتات اور آگ لگنے کے خطرے سے دوچار ایسے علاقوں کی نشاندہی کرنا جہاں موبائل نیٹ ورک کی سہولت ناقص ہے، ریاستی یا ڈویژنل سطح پر جغرافیائی معلوماتی نظام (جی آئی ایس) سے مربوط حقیقی وقت کا نگرانی ڈیش بورڈ قائم کرنا، بالخصوص موسمِ آتش زدگی کے عروج کے دوران ایپلی کیشن کی کارکردگی کے اشاریوں کا وقفے وقفے سے جائزہ لینے کا نظام وضع کرنا اور مقامی برادریوں کی شمولیت یقینی بنانا شامل ہے۔ اس طرح ٹیکنالوجی پر کی گئی سرمایہ کاری کے نتیجے میں آگ پر قابو پانے کے لیے کارروائی کے وقت اور اس سے ہونے والے نقصان میں بروقت اور قابلِ پیمائش کمی لائی جا سکے گی۔(پیراگراف 11.37)

          کمیٹی اتراکھنڈ میں رائج جیون بیمہ کے نظام کو ایک مستحسن طریقۂ کار قرار دیتی ہے، جسے دیگر ریاستیں بھی اپنا سکتی ہیں۔ کمیٹی سفارش کرتی ہے کہ وزارت تمام ہمالیائی ریاستوں میں موسمِ آتش زدگی کے دوران جنگلات کی آگ بجھانے کے لیے ابتدائی سطح پر خدمات انجام دینے والے عارضی نگرانوں اور مقامی رضاکاروں کے لیے زندگی کے بیمے کی سہولت فراہم کرنے کی حوصلہ افزائی کرے اور ضرورت پڑنے پر اس کے لیے مشترکہ مالی تعاون بھی فراہم کرے۔ تاہم، کمیٹی سفارش کرتی ہے کہ اس مقصد کو یقینی بنانے کے لیے ایک آزادانہ آڈٹ کا نظام وضع کیا جائے، تاکہ یہ تصدیق ہو سکے کہ بیمے کے اس نظام سے جو فوائد حاصل کرنا مقصود ہیں، وہ حقیقتاً زمینی سطح پر حاصل ہو رہے ہیں۔(پیراگراف 11.40)

          کمیٹی نوٹ کرتی ہے کہ ہماچل پردیش میں سرکاری گاڑیوں کی محدود تعداد کے براہِ راست عملی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ اگر فوری کارروائی کرنے والی ٹیموں کو آگ لگنے کے مقام پر بھیجنے کے لیے گاڑیوں کی دستیابی مستقل گاڑیوں کے بیڑے کے بجائے عارضی طور پر کرائے پر گاڑیاں حاصل کرنے پر منحصر ہو، تو ان ٹیموں کی فوری تعیناتی یقینی نہیں بنائی جا سکتی۔ اسی مناسبت سے، کمیٹی سفارش کرتی ہے کہ وزارتِ ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی ہماچل پردیش اور دیگر ہمالیائی ریاستوں کو آگ بجھانے کے لیے مخصوص گاڑیوں کا بیڑا مہیا کرنے میں سہولت فراہم کرے، تاکہ فوری کارروائی کی صلاحیت کا انحصار قلیل مدتی کرایے کی گاڑیوں کے انتظامات پر نہ رہے۔(پیراگراف 11.44)

          کمیٹی نے اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام (یو این ای پی) کی جانب سے پیش کیے گئے ’فائر ریڈی فارمولے‘ کی تجویز پر بھی غور و خوض کے بعد اپنی رائے قائم کی ہے۔ کمیٹی اس حقیقت کو تسلیم کرتی ہے کہ ہمالیائی خطے اور جنگلات والے بیشتر دیگر علاقوں کی ریاستوں میں جنگلات میں آگ سے نمٹنے کے لیے موجودہ بجٹ کا بڑا حصہ فوری ردِعمل اور موسمِ آتش زدگی کے دوران آگ بجھانے کے اقدامات پر خرچ ہوتا ہے۔ ان اقدامات میں آگ بجھانے والے عملے کی تعیناتی، آلات کی فراہمی اور ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنا شامل ہے، جب کہ سال بھر آگ کی روک تھام کے اقدامات، مثلاً آتش گیر مواد کی مقدار کو قابو میں رکھنا، آگ کو پھیلنے سے روکنے والی پٹیوں کی دیکھ بھال اور مقامی برادریوں کی شمولیت، یا آگ لگنے کے بعد بحالی کے کاموں، مثلاً شجرکاری، زمین اور آبی ذخائر کی بحالی، کے لیے نسبتاً کم اور اکثر عارضی بنیادوں پر مالی وسائل فراہم کیے جاتے ہیں۔ کمیٹی اس بات سے بھی اتفاق کرتی ہے کہ آگ کی روک تھام اور اس سے نمٹنے کی پیشگی تیاری پر سرمایہ کاری کرنے سے بعد کے برسوں میں آگ بجھانے کی کارروائیوں کا دائرہ، واقعات کی تعداد اور اخراجات نمایاں طور پر کم ہو جاتے ہیں۔ اس طرح اس ترجیح میں تبدیلی محض ماحولیاتی ضرورت ہی نہیں، بلکہ مالی اعتبار سے بھی ایک دانش مندانہ اقدام ہے۔(پیراگراف 11.45)

          لہٰذا، کمیٹی وسیع تر مفاد میں اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام (یو این ای پی) کی تجویز کی تائید کرتی ہے اور اس بات پر زور دیتی ہے کہ جنگلات میں آگ سے متعلق سرکاری اخراجات کا رخ بتدریج آگ کی روک تھام، اس سے نمٹنے کی پیشگی تیاری اور آگ لگنے کے بعد بحالی کے اقدامات کی جانب موڑا جائے۔ یہ تبدیلی مرحلہ وار، نگرانی کے تحت اور بجٹ میں شفافیت کو یقینی بناتے ہوئے عمل میں لائی جانی چاہیے۔ اسی مناسبت سے، کمیٹی سفارش کرتی ہے کہ وزارتِ ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی سالانہ اور کثیر سالہ بجٹ تیار کرتے وقت دو تہائی اور ایک تہائی کے مجوزہ مالی تناسب کو ایک رہنما معیار کے طور پر اپنانے کے امکان کا جائزہ لے۔ اس کے علاوہ، آگ لگنے کے بعد بحالی کے لیے ایک مخصوص فنڈ یا نظام بھی باقاعدہ طور پر قائم کیا جا سکتا ہے، جس کے تحت شجرکاری، زمین اور آبی وسائل کے تحفظ کے کاموں اور آگ سے شدید متاثرہ علاقوں میں لوگوں کے ذرائع معاش کی بحالی کے اقدامات شامل ہوں۔(پیراگراف 11.46)

          کمیٹی سفارش کرتی ہے کہ اتراکھنڈ کی اس تجویز کو تمام ہمالیائی ریاستوں میں اپنایا جائے کہ جنگلات میں نئی سڑکیں تعمیر کرتے وقت آگ کو پھیلنے سے روکنے والی پٹیاں بھی ان کے ساتھ ساتھ بنائی جائیں، کیونکہ سڑک پہلے ہی آگ کے پھیلاؤ کو روکنے میں ایک قدرتی رکاوٹ کا کام کرتی ہے۔ دونوں کو یکجا کرنے سے الگ سے آگ روکنے والی پٹیوں کی دیکھ بھال پر آنے والے اخراجات کم ہوں گے اور آگ بجھانے والی ٹیموں کو جنگلات تک زیادہ تیزی سے پہنچنے میں بھی مدد ملے گی۔ تاہم، کمیٹی اس طریقۂ کار کی بنیادی منطق اور اس سے ممکنہ طور پر ہونے والی بچت اور جنگلات تک رسائی میں بہتری کو تسلیم کرتے ہوئے خبردار کرتی ہے کہ زیادہ جامع اور شواہد پر مبنی جائزے کے بغیر اسے تمام ہمالیائی ریاستوں میں یکساں طور پر نافذ نہیں کیا جانا چاہیے۔ کمیٹی کی رائے ہے کہ سڑک کو آگ روکنے والی مخصوص پٹی کا کافی متبادل سمجھنے سے تحفظ کا ایک غلط احساس پیدا ہو سکتا ہے، کیونکہ اس کی افادیت کئی عوامل پر منحصر ہے۔ ان میں آگ کا رویہ، جنگل کی نوعیت، زمین پر گرے ہوئے پتوں اور دیگر نامیاتی مواد کی ترکیب، ڈھلوان کا زاویہ، آگ کے پھیلاؤ کی نوعیت، گاڑیوں کی آمدورفت، سڑک کے کنارے موجود نباتات اور جنگلاتی سڑکوں پر انسانی سرگرمیاں، مثلاً بیڑی، سگریٹ اور الاؤ جلانا یا گاڑیوں سے نکلنے والی چنگاریاں، شامل ہیں۔ درحقیقت، آگ روکنے والی پٹیوں کو براہِ راست سڑکوں کے ساتھ ساتھ بنانے سے آگ لگنے کے واقعات کم ہونے کے بجائے غیر ارادی طور پر بڑھ بھی سکتے ہیں۔ مزید یہ کہ سڑکوں کی مسلسل دیکھ بھال بھی ضروری ہوتی ہے، جس میں تودے ہٹانا، مون سون سے ہونے والے نقصان کی مرمت اور سڑکوں کے کنارے نباتات کی بے قابو افزائش کو روکنا شامل ہے۔ اس طرح خاص طور پر ہمالیہ کے نازک جغرافیائی خطوں میں، جہاں ڈھلوانیں غیر مستحکم ہونے کا خطرہ رہتا ہے، متوقع بچت کے فوائد زائل ہو سکتے ہیں۔ لہٰذا، ہر مقام کے مخصوص حالات کے مطابق ماحولیاتی اثرات کا جائزہ لیے بغیر اس طریقۂ کار کو یکساں طور پر وسعت دینے سے آگ سے تحفظ کے مقصد کے ساتھ غیر ارادی ماحولیاتی نقصانات بھی وابستہ ہو سکتے ہیں۔ مذکورہ بالا امور کے پیش نظر، کمیٹی سفارش کرتی ہے کہ اتراکھنڈ کے اس طریقۂ کار کو فوری طور پر دوسری ریاستوں میں نافذ کرنے کے بجائے، مطالعے کے لیے ایک آزمائشی نمونے کے طور پر اختیار کیا جائے۔اس طریقۂ کار کو تمام ہمالیائی ریاستوں تک صرف اس وقت وسعت دی جائے جب متعلقہ علاقے کے جغرافیائی حالات کے مطابق آگ کے رویے، ماحولیاتی اثرات اور سڑکوں کی دیکھ بھال سے متعلق عملی حقائق کا مکمل جائزہ لے لیا جائے۔ اسے تمام ریاستوں کے لیے بلا امتیاز ایک لازمی حکم کی صورت میں نافذ نہ کیا جائے۔ کمیٹی یہ بھی سفارش کرتی ہے کہ وزارتِ ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی ہمالیائی ریاستوں میں ایک تقابلی جائزہ کرائے، تاکہ اس طریقۂ کار کو اپنانے سے پہلے جنگلات کی اقسام، جغرافیائی حالات، ماضی میں آگ لگنے کے واقعات اور سڑکوں کے جال کی خصوصیات کا جائزہ لیا جا سکے۔ اس سلسلے میں وضع کی جانے والی کسی بھی رہنما ہدایت میں تمام ریاستوں کے لیے ایک ہی معیار مقرر کرنے کے بجائے ہر ریاست کے مخصوص حالات کے مطابق تبدیلی کی گنجائش بھی رکھی جائے۔ جہاں یہ طریقۂ کار اپنایا جائے، وہاں آگ روکنے والی پٹیاں محض سڑکوں کے ساتھ ساتھ نہ بنائی جائیں، بلکہ ان کے علاوہ بھی ان کا انتظام کیا جائے اور سڑک کے کنارے سے آگے تک ایک صاف پٹی برقرار رکھی جائے، بالخصوص ان علاقوں میں جہاں رال سے بھرپور چیڑ کے درختوں کے جنگلات پائے جاتے ہیں۔(پیراگراف 11.49)

          کمیٹی کی رائے ہے کہ قابو میں رکھ کر آگ لگانے کا عمل ہر سال سردیوں کے ایک مقررہ نظام الاوقات کے مطابق نہیں ہونا چاہیے۔ اس کے بجائے، اس کے وقت کا تعین آگ لگنے کے حقیقی خطرے سے متعلق اعداد و شمار کی بنیاد پر کیا جانا چاہیے، تاکہ آگ لگانے کا عمل یکساں مقررہ تاریخوں پر، حالات سے قطع نظر، انجام دینے کے بجائے ان دنوں کیا جائے جب یہ عمل زیادہ سے زیادہ محفوظ ہو۔ کمیٹی کی یہ بھی رائے ہے کہ آگ کو پھیلنے سے روکنے والی پٹیوں کی صفائی کے دوران جمع ہونے والی سوکھی گھاس، پتے، ٹہنیاں اور چیڑ کی سوئیاں مقامی سطح پر حیاتیاتی مادّے کو جمع کرنے اور فروخت کرنے کے انتظامات سے منسلک کی جائیں، تاکہ ون پنچایتوں اور مشترکہ جنگلاتی انتظامی کمیٹیوں (جے ایف ایم سیز) کو اس کام سے کچھ آمدنی بھی حاصل ہو۔ کمیٹی سفارش کرتی ہے کہ ریاستی حکومتیں اور وزارت اس بات کا جائزہ لیں کہ آیا آگ کو پھیلنے سے روکنے والی پٹیوں کے مقامات پر مقامی سطح پر حیاتیاتی مادّے کو جمع کرنے اور فروخت کرنے کے ایسے انتظامات قائم کرنے کے لیے ایف ایف پی ایم کے مالی وسائل استعمال کیے جا سکتے ہیں۔(پیراگراف 11.50)

          کمیٹی نوٹ کرتی ہے کہ جنگلات میں جان بوجھ کر آگ لگانے والے افراد کی نشاندہی کے لیے ڈرون کے استعمال پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے، کیونکہ اس سے جنگلات میں آگ کے انتظام کا دائرہ محض آگ بجھانے سے آگے بڑھ کر ایسے واقعات کی روک تھام اور ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی تک وسیع ہو جاتا ہے۔ کمیٹی سفارش کرتی ہے کہ اس طریقۂ کار کو تمام ہمالیائی ریاستوں میں بھی اپنایا جائے۔ کمیٹی مزید سفارش کرتی ہے کہ اتراکھنڈ میں ریاست گیر سطح پر منعقد کی جانے والی عملی مشقوں کے نمونے کو دیگر ہمالیائی ریاستیں بھی اختیار کریں۔ ان مشقوں میں بڑی تعداد میں مقامات پر مختلف محکموں کے عملے، مقامی برادریوں، ون پنچایتوں، سیلف ہیلپ گروپوں اور آفات سے نمٹنے والی فورسز نے مشترکہ طور پر حصہ لیا تھا، تاکہ موسمِ آتش زدگی شروع ہونے سے پہلے حقیقی حالات سے قریب تر ماحول میں تیاریوں کی جانچ کی جا سکے۔ کمیٹی یہ بھی سفارش کرتی ہے کہ ان عملی مشقوں کی افادیت کا جائزہ لیا جائے، تاکہ معلوم ہو سکے کہ جنگلات میں آگ لگنے کے حقیقی حالات میں یہ کس حد تک مؤثر ثابت ہوتی ہیں۔(پیراگراف 11.53)

          کمیٹی اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام (یو این ای پی) کی اس تجویز سے اتفاق کرتی ہے کہ ہمالیائی خطے میں جنگلات میں آگ لگنے کے بڑے واقعات کے بعد متاثرہ علاقوں کے ہنگامی جائزے کے لیے مختلف شعبوں کے ماہرین پر مشتمل ٹیمیں قائم کرنے کے امکان پر غور کیا جائے۔ ان ٹیموں میں جنگلاتی ماحولیات، مٹی، آبی وسائل، ارضیات، انجینئرنگ، آفات کے انتظام اور صحت کے ماہرین کے ساتھ مقامی برادریوں کے نمائندے بھی شامل ہوں۔ اسی مناسبت سے، کمیٹی سفارش کرتی ہے کہ وزارتِ ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی ہمالیائی خطے میں جنگلات میں آگ لگنے کے بڑے واقعات کے بعد متاثرہ علاقوں کے ہنگامی جائزے کے لیے مختلف شعبوں کے ماہرین پر مشتمل ٹیمیں (بی اے ای اے) قائم کرنے کے امکان پر غور کرے، تاکہ آگ لگنے کے بعد فوری طور پر جامع جائزہ لیا جا سکے۔ اس جائزے میں ماحولیاتی نقصان، مٹی اور ڈھلوانوں کے استحکام، آبی ذرائع پر پڑنے والے اثرات اور مقامی برادریوں کی صحت اور ذرائع معاش سے متعلق خدشات کا احاطہ کیا جائے۔ وزارت ایسی ٹیموں کو مستقل طور پر تیار حالت میں رکھنے کے نظام پر بھی غور کر سکتی ہے، تاکہ ہمالیائی ریاستوں میں آگ لگنے کے بڑے واقعات کے فوراً بعد انہیں متاثرہ علاقوں میں تعینات کیا جا سکے۔(پیراگراف 11.54)

          کمیٹی اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام (یو این ای پی) کی اس تجویز سے بھی اتفاق کرتی ہے کہ ہمالیائی خطے کے لیے جنگلات میں آگ سے متعلق پالیسی کو واضح طور پر مربوط انتظامِ آتش زدگی کے اصولوں کے مطابق بنایا جائے، بجائے اس کے کہ اس کا بنیادی زور صرف آگ بجھانے پر رہے۔ اس مقصد کے لیے بھارتی ہمالیائی خطے کے لیے ایک مربوط ڈھانچہ تیار کیا جا سکتا ہے، جس میں ریاستی اور علاقائی حالات کے مطابق منصوبہ بندی کی گنجائش برقرار رکھی جائے۔ یو این ای پی کی تجویز کے مطابق، اس ڈھانچے میں مشترکہ اصول، عملی طریقۂ کار، اعداد و شمار کے معیارات، تربیت کے تقاضے اور مربوط انتظامِ آتش زدگی کے طریقۂ کار پر مبنی ہمالیائی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے درمیان باہمی تعاون کے انتظامات وضع کیے جائیں۔ یہ طریقۂ کار پانچ باہم مربوط عناصر، یعنی ’پانچ آر‘ پر مشتمل ہوگا:

(i) جائزہ اور تجزیہ: آگ لگنے کی وجوہات، اس کے رجحانات، ماحولیاتی تناظر اور سماجی و اقتصادی عوامل کو سمجھنا؛

(ii) خطرات میں کمی: آگ لگنے کے اسباب، آتش گیر مواد کی صورتِ حال اور زمینی منظرنامے کی بنیادی کمزوریوں کو دور کرنا؛

(iii) تیاری: پیش گوئی، پیشگی انتباہ، تربیت، آلات اور ادارہ جاتی تیاری کو مضبوط بنانا؛

(iv) ردِعمل: نقصان دہ آگ لگنے کے واقعات کے دوران فوری، محفوظ اور مربوط کارروائی کو یقینی بنانا؛ اور

(v) بحالی: متاثرہ برادریوں کا تحفظ، بنیادی ڈھانچے کی مرمت اور آگ سے متاثرہ علاقوں کی بحالی۔

(پیراگراف 11.55)

          کمیٹی اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام (یو این ای پی) کے جائزے سے اتفاق کرتے ہوئے سفارش کرتی ہے کہ وزارت اس حقیقت کو تسلیم کرے کہ جنگلات میں آگ سے نمٹنے کے لیے بھارت میں پالیسی، مالی وسائل اور ٹیکنالوجی کا بنیادی ڈھانچہ پہلے ہی بڑی حد تک موجود ہے۔ اصل کمی ان اقدامات کی عدم موجودگی میں نہیں، بلکہ ان پر یکساں طور پر عمل درآمد نہ ہونے، ریاستوں کے درمیان کمزور تال میل اور صحتِ عامہ، آگ لگنے کے بعد پیدا ہونے والے خطرات اور ماحولیاتی بحالی پر ناکافی توجہ دینے میں ہے۔ اسی مناسبت سے، وزارت کو چاہیے کہ نئے اور ایک دوسرے سے غیر مربوط نظام قائم کرنے کے بجائے، ہمالیائی خطے کے لیے مربوط انتظامِ آتش زدگی کا ایک مخصوص طریقۂ کار اختیار کرتے ہوئے موجودہ نظاموں کو مستحکم اور مضبوط بنانے کو ترجیح دے۔ اس طریقۂ کار میں ریاستوں کے درمیان بہتر تال میل، ہمالیائی ریاستوں کے ماحولیاتی فرق کو ملحوظ رکھتے ہوئے الگ الگ حکمت عملی، مقامی برادریوں کی وسیع تر شمولیت، صحتِ عامہ کے تحفظ کے لیے پیشگی تیاری اور آگ لگنے کے بعد بحالی کے منظم اقدامات پر توجہ دی جانی چاہیے۔ اس مقصد کے لیے پورے خطے میں مناسب، بروقت اور مسلسل مالی وسائل کی فراہمی اور اقدامات پر مؤثر عمل درآمد بھی یقینی بنایا جائے۔(پیراگراف 11.57)

برادریوں اور جنگلات کے درمیان رشتے کو مضبوط بنانا

          کمیٹی ہماچل پردیش میں اختیار کیے گئے حقوق اور ذمہ داریوں پر مبنی نظام کو تسلیم کرتی ہے، جس کے تحت مقامی برادریوں کو نمایاں معاشی قدر کے حامل جنگلاتی وسائل پر حاصل دیرینہ حقوق کو جنگلات کے تحفظ، بالخصوص آگ کی روک تھام کے لیے ان کی فعال شمولیت سے مشروط کیا گیا ہے۔ وسائل سے متعلق حقوق کو براہِ راست تحفظ کی ذمہ داریوں سے منسلک کرنے کے اس طریقۂ کار میں صرف آگاہی پر انحصار کرنے کے بجائے، مقامی برادریوں کے مفادات کو جنگلات کے تحفظ کے نتائج سے جوڑا گیا ہے۔ کمیٹی کی رائے ہے کہ یہ ایک مضبوط اور مؤثر ڈھانچے پر مبنی نمونہ ہے، جس کا جائزہ دیگر ہمالیائی ریاستوں کو بھی لینا چاہیے۔ کمیٹی سفارش کرتی ہے کہ وزارت، متعلقہ ریاستی اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی حکومتوں سے مشاورت کرکے، دیگر ہمالیائی ریاستوں میں بھی اسی نوعیت کا حقوق اور ذمہ داریوں پر مبنی نظام اپنانے کے امکان کا جائزہ لے، جس کے تحت جنگلاتی وسائل پر مقامی برادریوں کے پہلے سے حاصل حقوق سے استفادے کو آگ کی روک تھام اور جنگلات کے تحفظ کی سرگرمیوں میں ان کی عملی شرکت سے منسلک کیا جائے۔(پیراگراف 12.6)

          کمیٹی کی رائے ہے کہ مقامی برادریوں کی شمولیت اسی وقت زیادہ مؤثر ہوتی ہے جب اسے واضح معاشی مراعات اور متعین ذمہ داریوں کی حمایت حاصل ہو۔ ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں اس طریقۂ کار کے تحت حقیقی اور قابلِ پیمائش شمولیت دیکھنے میں آئی ہے۔ اس کے برعکس، اگر مقامی برادریوں کی شرکت کے لیے صرف آگاہی مہمات پر انحصار کیا جائے اور اس کے ساتھ کوئی مراعات نہ دی جائیں تو ان کی شمولیت محض رسمی بن کر رہ جانے کا خدشہ ہے۔ کمیٹی سفارش کرتی ہے کہ وزارت ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں رائج مراعات پر مبنی طریقۂ کار کا مطالعہ کرے، تاکہ کم از کم مراعات کا ایک مشترکہ نظام وضع کیا جا سکے۔ ان مراعات میں جنگلات میں آگ کی نگرانی کرنے والوں کے لیے بیمے کی سہولت، آتش گیر مواد جمع کرنے کے عوض ادائیگی اور مقامی جنگلاتی کمیٹیوں کے ارکان کے لیے معاوضہ شامل ہو۔ تمام ہمالیائی ریاستیں اس نظام کو ایف ایف پی ایم اسکیم اور کیمپا کے مالی وسائل کے ذریعے اپنا سکتی ہیں۔(پیراگراف 12.10)

          کمیٹی وزارت اور متعلقہ ریاستی و مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی حکومتوں کی توجہ جنگلات کے تحفظ کی ایک ایسی روایت کی جانب مبذول کرانا چاہتی ہے جو باقاعدہ ادارہ جاتی نظام قائم ہونے سے بھی پہلے سے موجود ہے اور کئی مقامات پر آج بھی اس کے ساتھ ساتھ جاری ہے۔ یہ روایت ہمالیائی اور شمال مشرقی خطے کی مقامی آبادیوں کے دلوں میں جنگلات کے لیے پائے جانے والے گہرے احترام کی عکاس ہے، جس کا سب سے نمایاں اظہار مقدس جنگلات کی صورت میں دیکھنے کو ملتا ہے۔ کمیٹی خاص طور پر میگھالیہ کے مقدس جنگلات کا ذکر کرتی ہے، جنہیں کھاسی اور جینتیا برادریاں مقامی دیوتاؤں اور آباؤ اجداد کی روحوں کا مسکن تصور کرتے ہوئے محفوظ رکھتی ہیں۔ ان جنگلات میں روایتی طور پر درختوں کی کٹائی، شکار اور یہاں تک کہ گرے ہوئے درختوں کی لکڑی اٹھانے پر بھی پابندی ہے۔ کمیٹی مشاہدہ کرتی ہے کہ یہ مقدس جنگلات قانونی تحفظ کے بجائے مکمل طور پر روایتی عقائد اور مقامی برادریوں کی نگرانی و پابندی کے نظام کے تحت محفوظ ہیں۔ اس کے باوجود، ان میں سے کئی نے قدیم جنگلات اور بھرپور حیاتیاتی تنوع کو باقاعدہ طور پر نوٹیفائی کیے گئے محفوظ علاقوں کے مقابلے میں زیادہ مؤثر انداز میں اور کہیں طویل عرصے تک محفوظ رکھا ہے۔ اسی طرح مقدس یا محفوظ جنگلاتی قطعوں کی روایات ہمالیائی خطے کی دیگر برادریوں میں بھی مختلف شکلوں میں موجود ہیں۔(پیراگراف 12.11)

          کمیٹی کا خیال ہے کہ جنگلات کے احترام کا یہ گہرا جذبہ تحفظ کا ایک ایسا پوشیدہ وسیلہ ہے، جس سے اب تک سرکاری پالیسیوں نے پوری طرح استفادہ نہیں کیا ہے۔ کمیٹی سفارش کرتی ہے کہ وزارت، متعلقہ ریاستی حکومتوں کے اشتراک سے، ہمالیائی اور شمال مشرقی خطے میں مقدس جنگلات اور اسی نوعیت کے مقامی برادریوں کے زیرِ تحفظ جنگلاتی علاقوں کی منظم طور پر دستاویز بندی اور نقشہ سازی کرے۔ اس کے علاوہ، ان علاقوں کا تحفظ کرنے والے روایتی اداروں کو باقاعدہ شناخت اور ادارہ جاتی تعاون فراہم کیا جائے، تاہم اس بات کا خاص خیال رکھا جائے کہ یہ تعاون ان روایتی اداروں کے اختیارات کو کمزور یا ختم کرنے کے بجائے، ان کے تحفظ کے کردار کو مزید مضبوط بنائے۔کمیٹی مزید سفارش کرتی ہے کہ مقدس جنگلات کی روایت میں مضمر عقیدت اور احترام کو ہمالیہ کے دیگر علاقوں میں جنگلات اور آگ سے تحفظ کے لیے چلائی جانے والی آگاہی مہمات میں ایک ثقافتی وسیلے کے طور پر فعال انداز میں استعمال کیا جائے۔ اس طرح تحفظِ جنگلات کا پیغام تقدس اور آباؤ اجداد سے وابستہ ذمہ داری کے ایسے تصور کے ذریعے مقامی آبادی تک پہنچایا جا سکے گا جو محض انتظامی اپیلوں کے مقابلے میں ان کے دلوں پر زیادہ گہرا اثر ڈالے۔ اس سے قدیم روایات کے مطابق مقامی برادریوں اور ان کے جنگلات کے درمیان تعلق کو دوبارہ مضبوط بنانے میں مدد ملے گی، جن میں برادریاں جنگلات کی نگہبان کا کردار ادا کرتی رہی ہیں۔(پیراگراف 12.12)

          کمیٹی وزارت اور متعلقہ ریاستی و مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی حکومتوں کی توجہ جنگلات کے تحفظ کے ایک وسیع تر پہلو کی جانب بھی مبذول کرانا چاہتی ہے، جو باقاعدہ کمیٹیوں، مراعاتی اسکیموں اور مقدس جنگلات سے آگے کی اہمیت رکھتا ہے۔ اس سے مراد وہ گہرا تعلق ہے جس کے تحت ہمالیائی خطے کی برادریاں نوآبادیاتی دور سے پہلے اور اس کے ابتدائی زمانے میں اپنے جنگلات کی نگہبانی کرتی تھیں۔ اس دور میں جنگلات کو مشترکہ ملکیت اور استعمال کے وسائل سمجھا جاتا تھا، جو مقامی برادریوں کی شناخت، ذرائع معاش اور ثقافتی روایات کا لازمی حصہ تھے، نہ کہ ایسے وسائل جن کا انتظام ریاست ان سے دور رہ کر کرتی تھی۔ کمیٹی اس حقیقت سے واقف ہے کہ جنگلات کے تحفظ کے نیک مقصد کے تحت کئی دہائیوں  پر محیط انتظامی پالیسیوں نے بہت سے علاقوں میں لوگوں اور جنگلات کے درمیان اس قدیم اور فطری تعلق کو کمزور کر دیا ہے۔ کمیٹی کا ماننا ہے کہ موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق اس تعلق کی بحالی کو پالیسی کا ایک الگ اور واضح مقصد قرار دیا جانا چاہیے، نہ کہ اسے جنگلات میں آگ کے انتظام سے متعلق اسکیموں کے ضمنی نتیجے کے طور پر دیکھا جائے۔(پیراگراف 12.13)

          کمیٹی کا خیال ہے کہ لوگوں اور جنگلات کے درمیان اس تعلق کو سب سے بہتر طریقے سے ایسے اقدامات کے ذریعے دوبارہ مضبوط بنایا جا سکتا ہے، جن سے جنگلات مقامی آبادی کے لیے باعزت اور مستقل ذریعۂ معاش بنیں، نہ کہ اس مقصد کے لیے صرف جذباتی اپیلوں یا روایات کا سہارا لیا جائے۔ کمیٹی سفارش کرتی ہے کہ وزارت، متعلقہ ریاستی و مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے محکمۂ جنگلات کے اشتراک سے، جنگلاتی پیداوار کے پائیدار استعمال سے وابستہ روزگار کے مواقع کو وسعت دے۔ ان میں غیر عمارتی جنگلاتی پیداوار کو جمع کرنا اور اس کی قدر میں اضافہ کرنا، دواؤں اور خوشبودار پودوں کی کاشت، دست کاری اور جنگلات پر مبنی کاروباری سرگرمیاں شامل ہوں، تاکہ مقامی برادریوں کو سرسبز اور صحت مند جنگلات سے مسلسل معاشی فائدہ حاصل ہو اور اس طرح ان کے تحفظ میں ان کا مستقل مفاد وابستہ ہو۔(پیراگراف 12.14)

          کمیٹی وزارت کے جواب کو غیر تسلی بخش قرار دیتی ہے۔ ہمالیائی خطے میں سیاحتی بنیادی ڈھانچے کی بے روک ٹوک توسیع، جس میں جنگلاتی علاقوں کے اندر اور ان کے آس پاس ہوٹلوں اور تفریحی قیام گاہوں کی تعمیر، گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی آمدورفت اور سیاحت سے پیدا ہونے والے کچرے میں اضافہ شامل ہے، ہمالیہ کے جنگلاتی ماحولیاتی نظام پر ایک نمایاں اور بڑھتا ہوا دباؤ ہے۔ کمیٹی اس بات سے مطمئن نہیں ہے کہ اس نوعیت کے بڑے خطرے سے نمٹنے کے لیے عمومی ماحولیاتی قوانین اور مشاورتی رہنما اصولوں پر انحصار کرنا کافی ہے۔ حالیہ برسوں میں ہمالیائی سیاحتی مقامات پر سیاحوں کی آمد میں تیزی سے اضافے کے باوجود، بے قاعدہ سیاحت اور جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات کے درمیان تعلق پر کسی مخصوص مطالعے کا نہ ہونا، وزارت کے پاس دستیاب شواہد میں ایک ایسی کمی کی نشاندہی کرتا ہے جس پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ کمیٹی یہ بھی نوٹ کرتی ہے کہ ماحولیاتی اعتبار سے حساس علاقوں سے متعلق نوٹیفکیشن اور محفوظ علاقوں کے ضوابط اپنی نوعیت کے اعتبار سے صرف مخصوص طور پر متعین علاقوں پر لاگو ہوتے ہیں، جس کے باعث ہمالیہ کے جنگلاتی خطے کا ایک بڑا حصہ، بشمول وہ علاقے جہاں سیاحوں کا دباؤ زیادہ ہے، ان کے دائرۂ کار سے باہر رہ جاتا ہے۔(پیراگراف 12.16)

          کمیٹی سفارش کرتی ہے کہ وزارت ایک مخصوص مطالعہ کرائے، جس میں اس بات کا جائزہ لیا جائے کہ ہمالیائی خطے میں بے قاعدہ سیاحت اور اس سے وابستہ سرگرمیاں جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات میں کس حد تک اضافے کا سبب بنتی ہیں۔ کمیٹی مزید سفارش کرتی ہے کہ اس مطالعے کے نتائج کی بنیاد پر وزارتِ سیاحت، ریاستی و مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی حکومتوں اور دیگر متعلقہ وزارتوں و محکموں کے ساتھ تال میل قائم کرتے ہوئے ایک مخصوص پالیسی وضع کرے، تاکہ ہمالیائی ریاستوں میں جنگلاتی علاقوں کے اندر اور ان کے آس پاس سیاحتی سرگرمیوں اور ان سے وابستہ تعمیرات، بشمول ہوٹلوں اور تفریحی قیام گاہوں، کو منضبط کیا جا سکے۔ اس پالیسی میں کم از کم یہ انتظامات ضرور شامل ہونے چاہئے کہ سیاحوں کی زیادہ آمد والے مقامات کے لیے وہاں سیاحوں کی گنجائش کی حد مقرر کی جائے، جنگلات سے متصل علاقوں میں تعمیرات کے ضوابط مزید سخت کیے جائیں اور آگ لگنے کے زیادہ خطرے والے مہینوں میں ان سرگرمیوں پر موسمی پابندیاں عائد کی جائیں جن سے آگ لگنے کا خطرہ بڑھتا ہے، تاکہ ہمالیائی خطے میں سیاحت کی ترقی کی قیمت وہی جنگلاتی ماحولیاتی نظام نہ چکائے جو دراصل سیاحوں کو ان علاقوں کی طرف راغب کرتا ہے۔(پیراگراف 12.17)

          کمیٹی مزید سفارش کرتی ہے کہ وزارت، وزارتِ سیاحت، متعلقہ ریاستی و مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی حکومتوں اور دیگر متعلقہ فریقوں کے ساتھ تال میل قائم کرتے ہوئے، ہمالیائی خطے میں پائیدار ماحول دوست سیاحت کو فروغ دینے اور اس کے فروغ کے لیے اقدامات کرے، تاکہ مقامی برادریوں اور جنگلات کے درمیان تعلق کو مضبوط بنایا جا سکے۔ ماحول دوست سیاحت کا ڈھانچہ اس طرح وضع کیا جانا چاہیے کہ مقامی برادریاں سیاحتی سرگرمیوں سے بنیادی طور پر مستفید ہونے کے ساتھ ساتھ ان کی منتظم بھی ہوں، نہ کہ انہیں بیرونی سیاحتی اداروں کے لیے محض ضمنی خدمات فراہم کرنے والوں تک محدود کر دیا جائے۔ مقامی برادریوں کی ملکیت میں چلنے والے گھریلو قیام کے مراکز، مقامی رہنماؤں کی قیادت میں فطرت کی سیر کے راستے اور دیہات کی سطح پر قائم معلوماتی و تشریحی مراکز ایسے ذرائع ہوں گے جن سے مقامی برادریاں اپنے ماحولیاتی علم اور قدرتی وسائل کی نگہبانی کے کردار سے براہِ راست آمدنی حاصل کر سکیں گی، جب کہ اس بات کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا کہ سیاحتی سرگرمیاں مقامی ماحول کی برداشت کی حد کے اندر رہیں۔(پیراگراف 12.18)

          کمیٹی اس ضرورت کی جانب بھی توجہ مبذول کراتی ہے کہ خطے سے باہر سے آنے والے سیاحوں میں ماحولیاتی بیداری کو فروغ دیا جائے، کیونکہ ہمالیائی سیاحتی مقامات پر ان کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے اور ان کا طرزِ عمل جنگلات میں آگ لگنے کے خطرے اور جنگلات کی صحت پر براہِ راست اثر انداز ہوتا ہے۔ کمیٹی سفارش کرتی ہے کہ متعلقہ ریاستی و مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی حکومتیں اور وزارت مشترکہ طور پر سیاحوں میں بیداری پیدا کرنے کے اقدامات وضع کریں۔ ان اقدامات میں معلوماتی تختیاں لگانا، داخلے کے مقامات اور مشہور سیاحتی مقامات پر رہنمائی سے متعلق مواد فراہم کرنا اور رہنمائی کے ساتھ معلوماتی دوروں کا اہتمام کرنا شامل ہو، تاکہ بیرونی سیاحوں کو ہمالیائی جنگلات کے ماحولیاتی نظام، آگ سے بچاؤ کے لیے محفوظ طرزِ عمل اور مقامی برادریوں کے رسم و رواج اور تحفظِ جنگلات سے متعلق طور طریقوں سے آگاہ کیا جا سکے۔ اس میں مقدس جنگلات اور اسی نوعیت کے روایتی اداروں کی اہمیت بھی اجاگر کی جائے، بالخصوص ان مقامات پر جہاں سیاحت کا ان سے براہِ راست تعلق ہو، تاکہ خطے میں سیاحوں کی بڑھتی ہوئی آمد تحفظِ ماحول کی معاون بنے، نہ کہ اس پر مزید دباؤ کا سبب۔(پیراگراف 12.19)

          کمیٹی کی رائے ہے کہ عام لوگوں میں ماحولیاتی شعور بذاتِ خود تحفظِ ماحول کے بنیادی ڈھانچے کی ایک شکل ہے اور آسانی سے دستیاب شناختی مواد کی عدم موجودگی ایک ایسا ضائع شدہ موقع ہے جس کے ذریعے ہمالیائی جنگلات کے بارے میں عوامی تجسس کو باخبر اور دیرپا وابستگی میں تبدیل کیا جا سکتا تھا۔ کمیٹی پرزور سفارش کرتی ہے کہ وزارت ہمالیائی درختوں کی شناخت کے لیے تفصیلی رہنما کتابیں تیار کرکے شائع کرے۔ یہ کتابیں سادہ اور آسان زبان میں مرتب کی جائیں اور ان میں درختوں کی ساخت، پتوں، چھال اور دیگر امتیازی خصوصیات کی بڑی اور واضح تصاویر شامل ہوں، تاکہ نباتیات کی پیشگی تعلیم یا تربیت نہ رکھنے والے عام دلچسپی رکھنے والے افراد بھی ان سے بآسانی استفادہ کر سکیں۔(پیراگراف 12.21)

          کمیٹی کا یہ بھی ماننا ہے کہ جنگلاتی ماحولیاتی نظام سے عوام کی وابستگی بالغ ہونے سے بہت پہلے شروع ہونی چاہیے اور فطرت کے ساتھ دیرپا تعلق استوار کرنے کے لیے اسکول کے زمانے سے بہتر کوئی موقع نہیں ہو سکتا۔ کمیٹی کی رائے ہے کہ ماحولیاتی شعور کا بھارت کے جنگلات، بشمول ہمالیائی جنگلاتی ماحولیاتی نظام، کی طویل مدتی نگہداشت سے براہِ راست تعلق ہے، اس لیے اسکول کے نصاب میں ماحولیات کو ایک لازمی مضمون کے طور پر شامل کیا جانا چاہیے۔ کمیٹی سفارش کرتی ہے کہ وزارتِ ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی اس معاملے کو وزارتِ تعلیم کے ساتھ اٹھائے، تاکہ اسکول کی سطح پر ماحولیات کو لازمی مضمون کے طور پر متعارف کرایا جا سکے۔ کمیٹی مزید سفارش کرتی ہے کہ اسکولوں کے لیے طلبہ کے فطرت سے روشناس ہونے کے دوروں کا باقاعدگی سے اہتمام لازمی قرار دیا جائے، تاکہ ماحولیات سے متعلق جماعتی تعلیم کو جنگلاتی ماحولیاتی نظام کے براہِ راست مشاہدے اور تجربے کے ذریعے مزید مؤثر بنایا جا سکے۔ اس طرح نئی نسل میں فطرت کے ساتھ گہرا اور دیرپا تعلق استوار ہوگا اور اس کے تحفظ کے تئیں ذمہ داری کا احساس بھی مزید مضبوط ہوگا۔(پیراگراف 12.22)

          کمیٹی اس بات کا اعادہ کرتی ہے کہ برادریوں اور جنگلات کے درمیان قدیم نگہبانی پر مبنی تعلق کو دوبارہ مضبوط بنانا، خواہ اس کے لیے مقدس جنگلات اور اسی نوعیت کے روایتی اداروں کی دستاویز بندی اور معاونت کی جائے، روزگار کے مواقع کو وسعت دی جائے، مقامی برادریوں کی قیادت میں ماحول دوست سیاحت کو فروغ دیا جائے یا خطے سے باہر سے آنے والے سیاحوں میں مسلسل بیداری پیدا کی جائے، اس کوایک طویل مدتی عمل کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔ اسی طرح آسانی سے دستیاب رہنما کتابوں اور اسکول کے بچوں کے لیے ماحولیات کی لازمی تعلیم کے ذریعے ماحولیاتی شعور کو فروغ دینے میں سرمایہ کاری کو بھی ان ادارہ جاتی اور مالی اقدامات کے تکمیلی حصے کے طور پر اہمیت دی جانی چاہیے، تاکہ جنگلاتی ماحولیاتی نظام کے تحفظ میں باخبر اور پُرعزم کردار ادا کرنے والے افراد اور اداروں کی بنیاد نسل در نسل وسیع ہوتی رہے۔ (پیراگراف 12.23)

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 (ش ح ۔رک)

U. No.7153


(ریلیز آئی ڈی: 2332538) وزیٹر کاؤنٹر : 7
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Tamil