پوسٹ کرنے کی تاریخ:
04 NOV 2026 11:30AM by PIB Delhi
بھارتی ریلویز نے اکتوبر 2026 کے دوران بھی اپنی بہترین عملی کارکردگی کا سلسلہ برقرار رکھا اور مال برداری کے شعبے میں نمایاں اضافہ درج کیا۔ مال کی زیادہ مقدار میں ترسیل اور اس سے حاصل ہونے والی آمدنی میں اضافے سے اس بات کی عکاسی ہوتا ہے کہ بھارتی ریلویز ملک کی معاشی ترقی کو فروغ دینے اور لاجسٹکس کے نظام کو مزید مستحکم بنانے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔
مال برداری کے شعبے میں نمایاں اضافہ
بھارتی ریلویز نے اکتوبر کے مہینے میں اب تک کی سب سے زیادہ مال برداری کا نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے 14 کروڑ 50 لاکھ 7 ہزار ٹن سامان کی نقل و حمل انجام دی ہے ۔ اکتوبر 2025 میں یہ مقدار 13 کروڑ 39 لاکھ 30 ہزار ٹن تھی۔ اس طرح مال برداری میں گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 8.32 فیصد اضافہ درج کیا گیا۔
اس ماہ مختلف اہم اشیاء کی مال برداری میں بھی حوصلہ افزا اضافہ درج کیا گیا۔ غذائی اجناس کی نقل و حمل میں 26.3 فیصد، مقامی کوئلے میں 16 فیصد، دیگر متفرق اشیاء میں 11 فیصد، کلنکر میں 10.4 فیصد، ملکی کنٹینرز میں 6.3 فیصد، لوہے کی خام دھات میں 5 فیصد، معدنی تیل میں 1.9 فیصد اور تیار فولاد کی مال برداری میں 0.5 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
بجلی گھروں کی بڑھتی ہوئی ضروریات پوری کرنے کے لیے بھارتی ریلویز نے مقامی کوئلے کی ترسیل میں بھی اضافہ کیا۔ اکتوبر 2026 کے دوران روزانہ اوسطاً 469.8 ریکس (مال گاڑیوں کے ڈبوں کے مجموعے) کے ذریعے کوئلہ پہنچایا گیا، جبکہ گزشتہ سال اکتوبر میں یہ اوسط 393.2 ریکس یومیہ تھی۔ اس طرح کوئلے کی ترسیل میں 19.5 فیصد کااضافہ درج کیا گیا۔
اکتوبر 2026 کی یہ شاندار کارکردگی مالی سال27-2026 کے ابتدائی سات ماہ (اپریل تا اکتوبر) کے دوران حاصل ہونے والی پیش رفت کا ہی سلسلہ ہے ۔ اس عرصے میں بھارتی ریلویز نے مجموعی طور پر 97 کروڑ 87 لاکھ 80 ہزار ٹن مال کی نقل و حمل کی، جب کہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں یہ مقدار 93 کروڑ 51 لاکھ ٹن تھی۔ اس طرح مجموعی مال برداری میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 4.67 فیصد اضافہ درج کیا گیا۔
مسافروں کی آمد و رفت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے
اکتوبر 2026 کے دوران مسافروں کی آمد و رفت میں بھی مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا۔ بھارتی ریلویز نے اس مہینے 64.72 کروڑ مسافروں کو ان کی منزلوں تک پہنچایا، جب کہ گزشتہ سال اکتوبر میں یہ تعداد 63.52 کروڑ تھی۔
اپریل سے اکتوبر 2026 کے دوران بھارتی ریلویز کے ذریعے مجموعی طور پر 443.8 کروڑ مسافروں نے سفر کیا، جب کہ گزشتہ سال کے اسی عرصے میں یہ تعداد 431.4 کروڑ تھی۔ اس دوران غیر مضافاتی ریل خدمات کے مسافروں کی تعداد میں 4.2 فیصد، جبکہ مضافاتی ریل خدمات کے مسافروں کی تعداد میں 1.7 فیصد اضافہ درج کیا گیا۔
مال برداری میں ہونے والا اضافہ بھارتی ریلویز کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ ملک کے لاجسٹکس نظام کو مزید مستحکم بنانے اور بھارت کی معاشی ترقی میں اپنا رول مؤثر انداز میں ادا کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ ریلوے کی گنجائش میں اضافے اور آپریشنل کارکردگی کو بہتر بنانے کے ذریعے بھارتی ریلویز اپنے نقل و حمل کے نیٹ ورک کو مسلسل وسعت دے رہی ہے اور اسے مزید مؤثر بنا رہی ہے۔
********
ش ح ۔ش م ۔ج ا
U.No. 7199