پوسٹ کرنے کی تاریخ:
03 NOV 2026 5:11PM by PIB Delhi
وزارتِ خزانہ، حکومتِ ہند کے محکمۂ سرکاری ادارہ جات (ڈی پی ای) کے انتظامی کنٹرول کے تحت قومی اراضی سے مالی وسائل حاصل کرنے کے کارپوریشن (این ایل ایم سی(نے آج نئی دلی میں ایچ آئی ایل (انڈیا) لمیٹڈ کی ملکیت والی ایک اہم مقام پر واقع اراضی کی مجوزہ ای نیلامی کے سلسلے میں بولی سے قبل اجلاس منعقد کیا۔
اس اجلاس کا مقصد ممکنہ بولی دہندگان کو اراضی کے محلِ وقوع، اہم خصوصیات، تعمیر و ترقی کے امکانات، اراضی کے استعمال سے متعلق قابلِ اطلاق ضوابط، اہلیت کے تقاضوں اور ای نیلامی پر نافذ شرائط و ضوابط سے واقف کرانا تھا۔ اجلاس میں این ایل ایم سی، ایچ آئی ایل (انڈیا) لمیٹڈ اور لین دین کے مشیر سی بی آر ای انڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی اور ممکنہ بولی دہندگان کو اراضی اور بولی کے عمل سے متعلق تفصیلی معلومات فراہم کیں۔
بولی سے قبل منعقدہ اس اجلاس نے ممکنہ شرکاء کو متعلقہ افسران سے بات چیت کرنے، تجاویز طلب کرنے کی درخواست (آر ایف پی) سے متعلق وضاحتیں حاصل کرنے، تکنیکی اور مالی بولیاں جمع کرانے کے تقاضوں کو سمجھنے اور ای نیلامی میں باخبر انداز میں حصہ لینے کے لیے ضروری معلومات حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا۔
دو ماہ کے دوران این ایل ایم سی کی تیسری ای نیلامی: حکومت کے اراضی سے مالی وسائل حاصل کرنے کے منصوبے کو آگے بڑھانے کی کوشش
ایچ آئی ایل (انڈیا) لمیٹڈ کی اراضی سے مالی وسائل حاصل کرنے کی مجوزہ کارروائی گزشتہ دو ماہ کے دوران این ایل ایم سی کی جانب سے عوامی طور پر مشتہر کی جانے والی تیسری ای نیلامی ہے۔ یہ مرکزی سرکاری شعبے کے کاروباری اداروں (سی پی ایس ایز) کی اضافی اور غیر مستعمل اراضی اور دیگر غیر بنیادی اثاثوں سے مالی وسائل حاصل کرنے کے عمل کو تیز کرنے کے لیے حکومتِ ہند کی مسلسل کوششوں کی عکاسی کرتی ہے۔
ان مسلسل ای نیلامیوں کے ذریعے این ایل ایم سی سرکاری شعبے کے اراضی اثاثوں کی نشاندہی، ان کی مناسب تشکیل اور ان سے مالی وسائل حاصل کرنے کے عمل میں سہولت فراہم کر رہا ہے۔ اس کا مقصد ان اثاثوں کی اقتصادی قدر سے فائدہ حاصل کرنا اور شفاف و مسابقتی طریقۂ کار کے ذریعے ان کے مفید استعمال کو ممکن بنانا ہے۔
یہ پہل حکومت کے اثاثوں سے مالی وسائل حاصل کرنے کے وسیع تر پروگرام سے ہم آہنگ ہے، جس کا مقصد موجودہ سرکاری اثاثوں کی قدر سے فائدہ حاصل کرنا، نجی شعبے کی شرکت کی حوصلہ افزائی کرنا اور مزید اقتصادی ترقی کے لیے وسائل پیدا کرنے میں سہولت فراہم کرنا ہے۔
اس موقع پر قومی اراضی سے مالی وسائل حاصل کرنے کے کارپوریشن (این ایل ایم سی) کے چیف ایگزیکٹو افسر جناب روہن چند ٹھاکر (آئی اے ایس) نے کہا، ’’حکومتِ ہند نے مرکزی سرکاری شعبے کے کاروباری اداروں کی اضافی اور غیر مستعمل اراضی کے اثاثوں سے مالی وسائل حاصل کرنے کو نمایاں ترجیح دی ہے۔ گزشتہ دو ماہ کے دوران این ایل ایم سی کی جانب سے عوامی طور پر مشتہر کی جانے والی تیسری ای نیلامی اس ترجیح کو عملی نتائج میں تبدیل کرنے کے لیے ہماری مسلسل کوششوں کی عکاسی کرتی ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ شفاف، منظم اور مسابقتی طریقۂ کار کے ذریعے سرکاری اثاثوں کی اقتصادی قدر سے فائدہ حاصل کیا جائے اور ان کے مفید استعمال کو ممکن بنایا جائے۔ ایچ آئی ایل کی یہ اراضی اپنے اہم محلِ وقوع اور تعمیر و ترقی کے امکانات کے پیش نظر اہل شرکاء کے لیے اس کے مستقبل میں استعمال کے امکانات تلاش کرنے کا ایک موقع فراہم کرتی ہے۔ بولی سے قبل منعقدہ اجلاس بولی کے عمل میں وضاحت، شفافیت اور باخبر شرکت کو یقینی بنانے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔‘‘
ایچ آئی ایل (انڈیا) لمیٹڈ کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر جناب کلدیپ سنگھ نے کہا،
’’براہِ راست فروخت کے لیے پیش کی جانے والی یہ اراضی نئی دلی میں روہتک روڈ، شیواجی مارگ پر ایک اہم مقام پر واقع ہے اور ایچ آئی ایل (انڈیا) کا ایک نمایاں اثاثہ ہے۔ تقریباً 5.119 ایکڑ پر پھیلی اس اراضی میں تعمیر و ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ مقررہ قانونی شرائط اور منظوریوں سے مشروط، اس پر 400 ایف ایس آئی کے ساتھ ٹی او ڈی ضوابط کی بنیاد پر قابلِ اطلاق ایف ایس آئی کے مطابق تعمیر و ترقی کی گنجائش بھی ہے۔ اس اثاثے سے مالی وسائل حاصل کرنے کی اس پہل کے ذریعے ہمارا مقصد اس کے مفید استعمال کو ممکن بنانا اور ممکنہ تعمیر کاروں اور اہل بولی دہندگان کو اس کی مستقبل کی ترقی میں حصہ لینے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ ہم دلچسپی رکھنے والے شرکاء کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ وہ نیلامی سے متعلق دستاویزات کا جائزہ لیں اور مسابقتی بولی کے عمل میں سرگرمی سے حصہ لیں۔‘‘
اہم محلِ وقوع اور تعمیر و ترقی کے امکانات
براہِ راست فروخت کے لیے پیش کی جانے والی یہ اراضی تقریباً 5.119 ایکڑ پر مشتمل ہے اور نئی دلی کے نجف گڑھ صنعتی علاقے میں روہتک روڈ، شیواجی مارگ کے ساتھ واقع ہے۔ اس اراضی کو روہتک روڈ کے ساتھ تقریباً 140 میٹر طویل محاذ حاصل ہے، جس کی وجہ سے یہ نمایاں حیثیت رکھتی ہے اور قومی دارالحکومت کے اہم علاقوں سے اس کی رابطہ سہولت بھی بہتر ہے۔
اس مقام کو دلی میٹرو کی گرین لائن کے ذریعے بھی آمد و رفت کی سہولت حاصل ہے، جس سے عوامی نقل و حمل تک آسان رسائی ممکن ہوتی ہے۔ اس کا محلِ وقوع، آمد و رفت کی سہولت اور اطراف میں موجود شہری بنیادی ڈھانچہ اسے مناسب ازسرِ نو ترقی اور مستقبل میں استعمال کے امکانات کا حامل ایک اہم اثاثہ بناتے ہیں، تاہم اس کا انحصار قابلِ اطلاق ضوابط اور قانونی منظوریوں پر ہوگا۔
اس اراضی پر تعمیر و ترقی کے لیے 400 تک ایف ایس آئی کی گنجائش ظاہر کی گئی ہے، جس کے ساتھ ٹی او ڈی ضوابط کی بنیاد پر قابلِ اطلاق ایف ایس آئی بھی حاصل ہو سکتی ہے۔ یہ گنجائش دلی کے ماسٹر پلان 2021 کی قابلِ اطلاق دفعات، متعلقہ ازسرِ نو ترقی کی پالیسیوں، قانونی تقاضوں اور مجاز حکام کی منظوریوں سے مشروط ہے۔ اس اراضی کی محفوظ قیمت 829.69 کروڑ روپے مقرر کی گئی ہے۔
اہم خصوصیات اور نیلامی کے ضوابط
اجلاس کے دوران ممکنہ بولی دہندگان کو مجوزہ ای نیلامی کی اہم خصوصیات اور اس میں شرکت کی شرائط سے آگاہ کیا گیا، جن میں شامل ہیں:
-
اراضی کا رقبہ: تقریباً 5.119 ایکڑ۔
-
محلِ وقوع: نجف گڑھ صنعتی علاقہ، روہتک روڈ، شیواجی مارگ، نئی دلی۔
-
سڑک کے ساتھ محاذ: روہتک روڈ کے ساتھ تقریباً 140 میٹر۔
-
تعمیر و ترقی کے امکانات: قابلِ اطلاق ٹی او ڈی ضوابط کے تحت 400 ایف ایس آئی، جو قانونی شرائط اور منظوریوں سے مشروط ہے۔
-
محفوظ قیمت: 829.69 کروڑ روپے۔
-
فروخت کا طریقہ: آن لائن ای نیلامی کے ذریعے براہِ راست فروخت۔
-
بولی کا معیار: نیلامی میں سب سے زیادہ قیمت کی پیش کش، جس میں فی ایکڑ ایک کروڑ روپے کے مضاعف میں بولی لگائی جائے گی۔
-
کنسورشیم کی شرکت: اجازت ہوگی، تاہم اس کے ارکان کی زیادہ سے زیادہ تعداد تین ہوگی۔
-
ای ایم ڈی کی ادائیگی: تجاویز طلب کرنے کی درخواست (آر ایف پی) میں مقرر کردہ طریقۂ کار کے مطابق بینک گارنٹی یا نیفٹ/آر ٹی جی ایس کے ذریعے۔
-
اراضی کا استعمال: صنعتی مقاصد کے لیے، تاہم قابلِ اطلاق ضوابط اور منظوریوں سے مشروط استعمال کی تبدیلی کی اجازت ہوگی۔
-
قابلِ اطلاق پالیسی: حسبِ اطلاق ٹرانزٹ اورینٹیڈ ڈیولپمنٹ (ٹی او ڈی) پالیسی۔
شرکاء کو اندراج کے طریقۂ کار، تکنیکی بولیاں جمع کرانے، اہلیت کے معیار پر پورا اترنے، بیعانہ (ای ایم ڈی) کی ادائیگی اور آن لائن نیلامی میں حصہ لینے کے عمل کے بارے میں بھی تفصیل سے بتایا گیا۔ اس اجلاس نے لین دین کے طریقۂ کار اور تکنیکی پہلوؤں سے متعلق وضاحتیں حاصل کرنے اور ممکنہ بولی دہندگان کو مقررہ طریقۂ بولی سے واقف کرانے کا موقع فراہم کیا۔
سرکاری اثاثوں سے مالی وسائل حاصل کرنے کے عمل کو آگے بڑھانے میں این ایل ایم سی کا کردار
قومی اراضی سے مالی وسائل حاصل کرنے کا کارپوریشن (این ایل ایم سی)، حکومتِ ہند کی مکمل ملکیت والی ایک کمپنی ہے، جو وزارتِ خزانہ کے محکمۂ سرکاری ادارہ جات کے انتظامی کنٹرول کے تحت کام کرتی ہے۔ اسے مرکزی سرکاری شعبے کے کاروباری اداروں اور دیگر سرکاری ایجنسیوں کی اضافی اراضی اور عمارتوں کے اثاثوں سے مالی وسائل حاصل کرنے کا عمل انجام دینے اور اس میں سہولت فراہم کرنے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔
این ایل ایم سی متعلقہ مرکزی سرکاری شعبے کے کاروباری اداروں اور دیگر متعلقہ فریقوں کے ساتھ تال میل کرتے ہوئے اضافی اور غیر مستعمل اثاثوں کی نشاندہی کرتا ہے، لین دین کے لیے ضروری ڈھانچہ وضع کرتا ہے اور شفاف و مسابقتی طریقۂ کار کے ذریعے ان اثاثوں سے مالی وسائل حاصل کرنے میں سہولت فراہم کرتا ہے۔
ایچ آئی ایل (انڈیا) لمیٹڈ کی اراضی کی مجوزہ فروخت سمیت ای نیلامیوں کا جاری سلسلہ حکومت کے اثاثوں سے مالی وسائل حاصل کرنے کے منصوبے کو مسلسل عملی جامہ پہنانے کی عکاسی کرتا ہے۔ ان اقدامات کا مقصد سرکاری اثاثوں کی قدر سے فائدہ حاصل کرنا، اثاثوں کے مؤثر انتظام کو فروغ دینا اور ان کے مفید استعمال میں نجی شعبے کی شرکت کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
ای نیلامی اور بولیاں جمع کرانے کی تفصیلات
یہ ای نیلامی این ایل ایم سی کے مقررہ ای نیلامی پورٹل کے ذریعے منعقد کی جا رہی ہے۔
دلچسپی رکھنے والے اہل بولی دہندگان درج ذیل پورٹل کے ذریعے تجاویز طلب کرنے کی تفصیلی درخواست (آر ایف پی)، اراضی کی تفصیلات، اہلیت کی شرائط، نیلامی کے ضوابط اور دیگر متعلقہ دستاویزات حاصل کر سکتے ہیں:
ممکنہ بولی دہندگان کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ تجاویز طلب کرنے کی درخواست (آر ایف پی) اور اس کے ساتھ منسلک تمام دستاویزات کا بغور جائزہ لیں اور مقررہ مدت کے اندر اندراج اور بولیاں جمع کرانے سے متعلق تمام رسمی کارروائیاں مکمل کر لیں۔
اس مجوزہ اقدام کے ذریعے این ایل ایم سی اور ایچ آئی ایل (انڈیا) لمیٹڈ کا مقصد اہم مقام پر واقع سرکاری شعبے کی اراضی کے اثاثے کا بہترین استعمال ممکن بنانا اور اہل شرکاء کو اس کی مستقبل کی تعمیر و ترقی میں حصہ لینے کا موقع فراہم کرنا ہے۔
قومی اراضی سے مالی وسائل حاصل کرنے کے کارپوریشن (این ایل ایم سی) کے بارے میں
قومی اراضی سے مالی وسائل حاصل کرنے کا کارپوریشن (این ایل ایم سی)، حکومتِ ہند کا ایک ادارہ ہے، جو وزارتِ خزانہ کے محکمۂ سرکاری ادارہ جات کے انتظامی کنٹرول کے تحت کام کرتا ہے۔ این ایل ایم سی کو مرکزی سرکاری شعبے کے کاروباری اداروں (سی پی ایس ایز) اور دیگر سرکاری ایجنسیوں کی اضافی اراضی اور عمارتوں کے اثاثوں سے مالی وسائل حاصل کرنے کا عمل انجام دینے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔ یہ اضافی اور غیر مستعمل سرکاری اثاثوں کی نشاندہی، انہیں یکجاکرنے اور ان سے مالی وسائل حاصل کرنے میں سہولت فراہم کرکے حکومت کے اثاثوں سے مالی وسائل حاصل کرنے کے پروگرام میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
مزید معلومات کے لیے:
قومی اراضی سے مالی وسائل حاصل کرنے کا کارپوریشن (این ایل ایم سی)
محکمۂ سرکاری ادارہ جات
وزارتِ خزانہ، حکومتِ ہند
ویب سائٹ: https://nlmc.dpe.gov.in
ای نیلامی کا پورٹل: https://nlmc.enivida.com
******
( ش ح ۔ ا ع خ ۔ م ا )
UR.No-7163