کوئلے کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ویسٹرن کول فیلڈز لمیٹڈ، کول انڈیا کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرنے والی کمپنی کے طور پر ابھری، کوئلے کی پیداوار، ترسیل اور زائد مٹی کی نکاسی میں نمایاں اضافہ


اپریل سے اکتوبر 2026 کے دوران تینوں اہم شعبوں میں مقررہ اہداف سے تجاوز کرنے والی کول انڈیا لمیٹڈ(سی آئی ایل)کی واحد ذیلی کمپنی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 02 NOV 2026 2:59PM by PIB Delhi

ویسٹرن کول فیلڈز لمیٹڈ (ڈبلیو سی ایل)، وزارت کوئلہ کے تحت کول انڈیا لمیٹڈ کی ایک ذیلی کمپنی ہے۔ اس نے رواں مالی سال کے دوران کوئلے کی پیداوار، کوئلے کی ترسیل اور زائد مٹی کی نکاسی، تینوں شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کول انڈیا لمیٹڈ کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اپریل سے اکتوبر 2026 کے دوران ڈبلیو سی ایل، کول انڈیا لمیٹڈکی واحد ذیلی کمپنی رہی جس نے تینوں اہم عملی شعبوں میں اپنے مقررہ اہداف سے تجاوز کیا۔ اس نے کوئلے کی پیداوار کا 102.47 فیصد، کوئلے کی ترسیل کا 108.82 فیصد اور زائد مٹی کی نکاسی کا 104.56 فیصد ہدف حاصل کیا۔

کمپنی کی اس شاندار عملی کارکردگی نے ملک میں کوئلے کی دستیابی کو مزید مستحکم بنانے اور بھارت کے توانائی تحفظ کو یقینی بنانے میں نمایاں تعاون کیا ہے۔ اپریل سے اکتوبر 2026 کے دوران ڈبلیو سی ایل نے کوئلے کی اضافی پیداوار میں4.53 ملین ٹن کا اضافہ کیا، جو اسی مدت کے دوران کول انڈیا لمیٹڈ کی مجموعی خالص پیداواری نمو سے بھی زیادہ ہے۔

اہم شعبوں میں نمایاں کارکردگی

ڈبلیو سی ایل نے اکتوبر 2026 کے دوران خصوصی طور پر قابلِ ذکر ترقی درج کی۔ اس ماہ کوئلے کی پیداوار گزشتہ سال کی اسی مدت کے 3.60 ملین ٹن کے مقابلے میں بڑھ کر 5.93 ملین ٹن ہو گئی، جو 64.87 فیصد اضافے کو ظاہر کرتی ہے۔ یہ کول انڈیا لمیٹڈ کی بڑی ذیلی کمپنیوں میں سب سے زیادہ اضافہ ہے۔ کمپنی نے ماہانہ پیداواری ہدف کا 108.60 فیصد بھی حاصل کیا۔

اکتوبر کے دوران کوئلے کی ترسیل بھی گزشتہ سال کے اسی مہینے کے 4.44 ملین ٹن کے مقابلے میں بڑھ کر 6.67 ملین ٹن ہو گئی، جو 50.16 فیصد اضافے کی عکاسی کرتی ہے۔ ڈبلیو سی ایل واحد بڑی ذیلی کمپنی رہی جس نے کوئلے کی ترسیل کا ماہانہ ہدف بھی عبور کیا اور 102.40 فیصد کامیابی حاصل کی۔

اپریل سے اکتوبر 2026 کے دوران ڈبلیو سی ایل نے درج ذیل کارکردگی کا مظاہرہ کیا:

  • کوئلے کی پیداوار: 32.96 ملین ٹن، جو 15.92 فیصد اضافے کو ظاہر کرتی ہے۔
  • کوئلے کی ترسیل: 41.56 ملین ٹن، جس میں25.54 فیصد اضافہ درج کیا گیا۔
  • زائد مٹی کی نکاسی: 207.95 ملین مکعب میٹر، جس میں36.10 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ستمبر 2026 کے دوران بھی کمپنی نے کول انڈیا کی تمام ذیلی کمپنیوں میں کوئلے کی پیداوار اور ترسیل، دونوں شعبوں میں سب سے زیادہ اضافہ درج کیا تھا۔

کوئلے کے ذخیرے میں ریکارڈ کمی اور نکاسی کے انتظامات میں بہتری

اس مدت کے دوران ڈبلیو سی ایل کی ایک بڑی کامیابی کان کے دہانے پر موجود کوئلے کے ذخیرے میں نمایاں کمی لانا رہی ہے۔ یکم اپریل2026 کو یہ ذخیرہ 13.034 ملین ٹن تھا، جو 31 اکتوبر 2026 تک کم ہو کر 4.44 ملین ٹن رہ گیا۔ اس طرح تقریباً8.6 ملین ٹن کوئلے کے ذخیرے کو ٹھکانے لگایا گیا، جو ابتدائی ذخیرے کا تقریباً66 فیصد ہے۔

ریلوے کے ساتھ بہتر تال میل اور مال بردار ریل گاڑیوں کی دستیابی اور ان میں کوئلے کی باربرداری کی مسلسل نگرانی نے اس کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ ڈبلیو سی ایل نے 31 اکتوبر 2026 تک 6,146 مال بردار ریل گاڑیوں میں کوئلہ بھرا، جبکہ گزشتہ سال اسی مدت کے دوران یہ تعداد 4,402 تھی۔ اس طرح ان کی تعداد میں39.6 فیصد اضافہ درج کیا گیا۔

بجلی کے شعبے کو کوئلے کی فراہمی کے لیے مال بردار ریل گاڑیوں میں کوئلہ بھرنے کے عمل میں40.8 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ مہاراشٹر اسٹیٹ پاور جنریشن کمپنی (مہا جینکو) کو کوئلے کی فراہمی میں بھی خاصا اضافہ درج کیا گیا۔

مسلسل نگرانی اور کانوں کی سطح پر فیصلہ سازی

ڈبلیو سی ایل کی اس شاندار کارکردگی کے پیچھے کانوں کی سطح پر جاری سرگرمیوں کی گہری اور مسلسل نگرانی کا اہم کردار رہا ہے۔ پیداوار، ترسیل اور عملی امور سے متعلق مسائل کا روزانہ جائزہ، علاقائی جنرل منیجروں کے ساتھ باقاعدہ میٹنگیں اور اعلیٰ انتظامیہ کے بار بار دوروں سے عملی رکاوٹوں کی بروقت نشاندہی اور ان کے فوری حل کو یقینی بنانے میں مدد ملی ہے۔

ماہانہ تال میل اور جائزے کے نظام کو کانوں کی سطح تک وسعت دینے سے جواب دہی کا نظام مزید مستحکم ہوا ہے اور تمام سرگرمیوں میں اہم امور کی زیادہ باریک بینی سے نگرانی ممکن ہو سکی ہے۔

ریلوے، ریاستی حکومتوں اور متعلقہ وزارتوں کے ساتھ قریبی تال میل کے نتیجے میں ماحولیاتی اور جنگلاتی منظوریوں، اراضی سے متعلق معاملات اور دیگر آپریشنل  ضروریات سے وابستہ مسائل کو بروقت حل کرنے میں بھی مدد ملی ہے۔

مالی سال 27-2026 کے دوران ڈبلیو سی ایل نے ماحولیاتی منظوریوں یا ان میں ترمیم سے متعلق چار اور جنگلاتی منظوریوں سے متعلق دو اجازت نامے حاصل کیے ہیں، جس سے کان کنی کے کاموں کو بلا تعطل جاری رکھنے میں مدد ملی ہے۔

ٹیکنالوجی، معیار اور آپریشنل کارکردگی میں بہتری

ویسٹرن کول فیلڈز لمیٹڈ (ڈبلیو سی ایل) نے ہر موسم میں کوئلے کی نقل و حمل کے لیے سڑکوں کی تعمیر، تیز رفتار باربرداری کے نظام اور خودکار وزنی پلوں سمیت دیگر بنیادی سہولیات کو بہتر بنا کر اپنی آپریشنل کارکردگی اور استعداد میں مسلسل اضافہ کیا ہے۔

کمپنی اس وقت چھ سطحی کان کنی مشینوں اور تین مسلسل کان کنی مشینوں کے ذریعے کام کر رہی ہے۔ کوئلے کے معیار پر خصوصی توجہ دینے کے بھی مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ اپریل سے اکتوبر کے دوران لیے گئے نمونوں میں سے تقریباً 86 فیصد کوئلہ مقررہ معیار کے مطابق پایا گیا۔

کارکردگی میں بہتری کے لیے کیے گئے اقدامات کے نتیجے میں مقررہ وزن سے زیادہ کوئلہ لادنے پر عائد ہونے والے اضافی اخراجات میں بھی نمایاں کمی آئی ہے، جبکہ اکتوبر کے مہینے میں کوئلے کی ترسیل پر بغیر کسی کٹوتی یا مالی نقصان کے 100 فیصد خالص رقم وصول ہوئی۔

بجلی کی پیداوار میں معاونت اور توانائی کے تحفظ کو مضبوط بنانا

ڈبلیو سی ایل کی جانب سے کوئلے کی ترسیل میں نمایاں اضافے سے بجلی گھروں اور صنعتی اداروں کو براہِ راست فائدہ پہنچا ہے۔ کوئلے کی اضافی فراہمی سے ملک میں اس کی دستیابی بہتر ہوئی ہے اور درآمدی کوئلے پر انحصار کم کرنے میں بھی مدد ملی ہے۔

صرف مہا جینکو  کو فراہم کی گئی اضافی مال بردار ریل گاڑیوں کے ذریعے مہاراشٹر میں تقریباً 5,800 ملین یونٹ اضافی بجلی پیدا کرنے میں مدد ملنے کا اندازہ ہے۔

اپریل سے ستمبر 2026 کے دوران ڈبلیو سی ایل کا ٹیکس سے قبل منافع 1,352.26 کروڑ روپے رہا، جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 76.3 فیصد زیادہ ہے۔

خود کفیل اوروکست  بھارت کی جانب پیش قدمی

موجودہ مالی سال کے دوران ڈبلیو سی ایل کی کارکردگی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ مؤثر قیادت، کان کنی کے مقامات پر مسلسل نگرانی، تیز رفتار فیصلہ سازی اور تمام متعلقہ فریقوں کے درمیان قریبی تال میل کے ذریعے عملی میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی جا سکتی ہیں۔

ریکارڈ مقدار میں زائد مٹی اور پتھر ہٹائے جانے کے نتیجے میں کوئلے کی کانوں میں بڑے پیمانے پر کوئلے کی تہیں پہلے ہی کھدائی کے لیے تیار ہیں۔ کانوں کے دہانے پر کوئلے کے ذخیرے میں نمایاں کمی، کارکنوں کا بلند حوصلہ اور کام کا مضبوط تسلسل اس بات کے غماز ہیں کہ مالی سال کی دوسری ششماہی میں بھی ڈبلیو سی ایل اپنی بہتر کارکردگی برقرار رکھنے کی پوزیشن میں ہے۔

ڈبلیو سی ایل ملک کو توانائی فراہم کرنے، بھارت کے توانائی کے تحفظ کو مضبوط بنانے اور خود کفیل و  وکست  بھارت کے وژن کو عملی جامہ پہنانے میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

********

) ش ح ۔ا ک۔ش ت)

U.No. 7090


(ریلیز آئی ڈی: 2331568) وزیٹر کاؤنٹر : 14
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Tamil , Telugu