پوسٹ کرنے کی تاریخ:
02 NOV 2026 11:53AM by PIB Delhi
وزارتِ دفاع نے بھارتی بحریہ کے لیے آٹھ اگلی نسل کے کارویٹ جنگی جہازوں کی خریداری کے سلسلے میں گارڈن ریچ شپ بلڈرز اینڈ انجینئرز لمیٹڈ (جی آر ایس ای) اور گوا شپ یارڈ لمیٹڈ (جی ایس ایل) کے ساتھ 53,866.50 کروڑ روپے کے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔ ان معاہدوں پر 2 نومبر 2026 کو نئی دہلی کے کرتویہ بھون-2 میں سکریٹری دفاع جناب راجیش کمار سنگھ کی موجودگی میں دستخط کیے گئے۔
ان معاہدوں کے تحت جی آر ایس ای پانچ کارویٹ جنگی جہاز تیار کرے گا، جب کہ باقی تین جہاز جی ایس ایل تعمیر کرے گا۔ یہ منصوبہ بھارت میں مقامی طور پر جنگی جہازوں کے ڈیزائن اور تعمیر کی صلاحیتوں کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے، کیونکہ یہ پہلا پروجیکٹ ہے جس کے تحت جہازوں کا ڈیزائن بھارتی بحریہ خود تیار کرے گی، جب کہ ان کی تعمیر مسابقتی عمل کے ذریعے منتخب کردہ دفاعی شعبے کے سرکاری ادارے کریں گے۔
اگلی نسل کے یہ کارویٹ جدید ترین صلاحیتوں سے لیس ہوں گے، جن میں جدید میزائل، ہتھیار اور نگرانی و کھوج کے جدید نظام شامل ہیں۔ ان کی مدد سے یہ جہاز فضائی، سطحِ آب اور زیرِ آب، تینوں محاذوں پر کارروائیاں انجام دے سکیں گے۔ ان جہازوں کی بحریہ میں شمولیت سے سمندری تجارتی راستوں کے تحفظ، دشمن کے سطحی اور آبدوز جنگی جہازوں کے خلاف کارروائیوں، ساحلی دفاع کو مضبوط بنانے، ساحلی سمندری علاقوں میں جنگی کارروائیوں اور سمندر میں اپنی موجودگی برقرار رکھنے کے ساتھ نگرانی کے مشن انجام دینے کی بھارتی بحریہ کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
اگلی نسل کے کارویٹ جہازوں کا یہ پروجیکٹ ملک میں جہاز سازی کے اندرون ملک نظام کو نمایاں فروغ دے گا۔ اس کے تحت دفاعی شعبے کے سرکاری اداروں، نجی جہاز ساز کارخانوں اور بھارتی صنعتی شراکت داروں، بشمول چھوٹی، درمیانی اور بہت چھوٹی صنعتوں (ایم ایس ایم ایز) کے درمیان اشتراک کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ توقع ہے کہ ان جہازوں کی تعمیر سے آئندہ دس برسوں کے دوران جہاز ساز کارخانوں میں تقریباً 72 لاکھ اور ان سے وابستہ معاون صنعتوں اور چھوٹی و درمیانی صنعتوں میں 460 لاکھ افرادکیلئے روزگار کےمواقع پیدا ہوں گے۔
’میڈ اِن انڈیا‘ کے تحت تیار کردہ ساز و سامان اور آلات، مقامی ٹیکنالوجی، نیز بھارتی مہارت اور تجربے کے استعمال کو فروغ دے کر یہ پروجیکٹ دفاعی پیداوار میں خود کفالت کے حصول کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔ اس کے ساتھ ہی وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت والی حکومت کے ’میک اِن انڈیا‘ عزم کو بھی مزید تقویت ملے گی۔


***
ش ح۔م م ع۔ص ج
UN-7082