پوسٹ کرنے کی تاریخ:
01 NOV 2026 9:46PM by PIB Delhi
مرکزی وزیر داخلہ اورامداد باہمی کے وزیر تعاون جناب امت شاہ نے آج نئی دہلی میں اکھل وشو گایتری پریوار کے زیر اہتمام ’صد سالہ تقریبات 2026‘ سے خطاب کیا۔ یہ تقریبات اکھل وشو گایتری پریوار کی پرم وندنیہ ماتا جی کی پیدائش کے 100 سال مکمل ہونے اور اکھنڈ جیوتی کے ظہور کے سو سال پورے ہونے کے موقع پر منعقد کی جا رہی ہیں۔ اس موقع پر مرکزی وزیر جناب درگاداس اوئیکے، گایتری پریوار کے دل نائک ڈاکٹر چنمیہ پانڈیا اور کئی دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ جناب امت شاہ نے کہا کہ آج عقیدت، خدمت اور عزم کا دن ہے۔ ہم یہاں پرم وندنیہ ماتا بھاگوتی دیوی شرما کے تئیں عقیدت کے ساتھ، گایتری پریوار کی بنیادی روح کے مطابق خدمت انجام دینے اور مہارشی اروبندو اور سوامی وویکانند کے خوابوں کا بھارت تعمیر کرنے کے عزم کے ساتھ جمع ہوئے ہیں۔ جناب شاہ نے کہا کہ اکھنڈ جیوتی کے ظہور کے 100 سال، وندنیہ ماتا جی کی پیدائش کے 100 سال اور پوجیہ گرو دیو پنڈت شری رام شرما آچاریہ کی سادھنا کے 100 سال، ان تینوں مقدس دھاراؤں کا سنگم اس سال ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 100 کا عدد تکمیل کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ اس لحاظ سے یہ سال بھارتی ثقافت اور بھارت کے روحانی سفر کے لیے بھی تکمیل کا سال ہے۔
جناب امت شاہ نے کہا کہ پوجیہ ماتا جی نے خود ریاضت کرکے دوسروں کے لیے راستہ روشن کیا ہے ۔ 100 سال قبل روشن کی گئی یہ شمع آج 100 سے زیادہ ممالک اور 15 کروڑ سے زائد خاندانوں میں بے شمار لوگوں کی فلاح و بہبود کی علامت بن چکی ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ اس سال جنوری میں ہریدوار میں منعقدہ چار روزہ کانفرنس میں پورا گایتری پریوار متحد ہوا تھا اور اس نے خود کو اس جیوتی کے عزم سے وابستہ کیا تھا۔ آج اسی سفر کے اگلے مرحلے میں دو اہم تقریبات منعقد ہو رہی ہیں۔ پہلی تقریب ’دیپ مہایگیہ‘ ہے، جو قربانی، تعاون اور لگن کی علامت ہے۔ ہر روشن کیا جانے والا چراغ اس عزم کا مظہر ہے کہ ہم اپنی قوت کو سماج، روحانیت اور قوم کی خدمت کے لیے استعمال کریں گے۔
مرکزی وزیر داخلہ جناب امت شاہ نے کہا کہ اپنے تجربے کی بنیاد پر وہ سمجھتے ہیں کہ گایتری منتر مکمل تبدیلی کا راستہ ہے۔ یہ محض کوئی مذہبی یا روحانی رسم نہیں ہے۔ اس منتر میں موجود مثبت توانائی کا تجربہ کرکے اور ذہن، جسم اور روح کو اس توانائی کا احساس دلانے کے ذریعے یہ ہمارے اندر موجود ’ستّوا‘ (جوہر) کو پوری طرح اجاگر کرنے کا ایک عظیم راستہ بن جاتا ہے۔ جناب شاہ نے کہا کہ گایتری منتر کے 24 حروف براہِ راست ہمارے 24 مبارک توانائی مراکز سے جڑے ہوئے ہیں۔ گایتری منتر کے 24 حروف کو بنیاد بناکر اور گرو سے اس کے خالص تلفظ کے سنسکار حاصل کرکے، اگر ہم اپنی 24 مثبت قوتوں کو بیدار کریں تو ہمارے اندر موجود منفی قوتیں دب جاتی ہیں اورمثبت اور موافق قوتیں ابھر کر سامنے آتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان 24 مثبت قوتوں کا تعلق 24 طرح کی خوبیوں سے ہے، جن میں دور اندیشی، ضبطِ نفس، ریاضت، حوصلہ، امتیاز، ذہانت، تحفظ، تخلیق، خدمت، قوتِ حیات، محبت، بہادری، یکسوئی اور دیگر خوبیاں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس شخص میں یہ 24 مبارک صفات پیدا ہوجاتی ہیں، اس کے لیے ’موکش‘ (نجات) کا راستہ خود بخود کھل جاتا ہے اور خدا اسے اسی سمت میں رہنمائی عطا کرتا ہے۔
جناب امت شاہ نے کہا کہ پنڈت جی نے گایتری منتر کو عوام تک پہنچا کر جو گراں قدر خدمت انجام دی ہے، وہ بھارتی ثقافت، ہماری روحانی بیداری اور دنیا کے جوہر کو سنوارنے میں بھارت کے متعدد رشیوں، سادھکوں اور عہد ساز شخصیات کی خدمات جتنی ہی عظیم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنڈت شری رام شرما آچاریہ ہماری روحانیت کے معالج ہیں۔ ان کے مطابق، گایتری منتر کا جاپ 24 طرح کے مبارک توانائی مراکز کو بیدار کرتا ہے۔ جب اس منتر کا صحیح تلفظ ناف سے لے کر منہ تک ادا کیا جاتا ہے تو یہ 24 مراکز متحرک ہوجاتے ہیں اور ان سے خارج ہونے والے اندرونی مادے 24 مثبت قوتوں کو فروغ دیتے ہیں۔
مرکزی وزیر داخلہ جناب امت شاہ نے کہا کہ گایتری منتر سے بہت سے نوجوانوں کو فائدہ پہنچا ہے۔ ان کی مثبت سوچ، حوصلے اور یادداشت کی قوت میں اضافہ ہوا ہے، ان کی تشریح و توضیح کی صلاحیت زیادہ بہتر ہوئی ہے اور فیصلہ کرنے کی اہلیت بھی مضبوط ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرو دیو نے ان تعلیمات کو 15 کروڑ خاندانوں تک پہنچایا ہےاور دنیا بھر میں 15 کروڑ خاندانوں تک رسائی کوئی معمولی بات نہیں ہے۔ گایتری منتر کے تئیں عقیدت پیدا کرکے اور اس کے خالص تلفظ کی روایت قائم کرکے انہوں نے نہ صرف افراد کی زندگیوں کو سنوارا بلکہ بھارتی روحانیت اور روحانی قوت کو اگلے 100 برس کے لیے نئی زندگی بھی عطا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس عطا کردہ ثقافت کی دِگ وجے (تمام سمتوں میں فتح) کے اس پرزور پیغام کو مسلسل دہراتے رہنا چاہیے، جس کا آغاز گرو دیو نے کیا تھا، اسے عام کرنا چاہیے اور نئی نسل تک پہنچانا چاہیے۔
جناب امت شاہ نے کہا کہ گایتری پریوار کے ذریعے ایک تحریک جنم لے رہی ہے اور اسے آگے بڑھانا ہم سب کی اہم ذمہ داری ہے۔ یہ ذمہ داری پوری دنیا کی مبارک قوتوں کو یکجا کرکے دنیا کو نیکی اور راست بازی کے راستے پر گامزن کرنا ہے۔ ہمیں اپنی زندگی کے آخری لمحے تک یہ کام جاری رکھنا چاہیے۔
***
ش ح۔م م ع۔ص ج
UN-7072