پوسٹ کرنے کی تاریخ:
02 NOV 2026 9:37AM by PIB Delhi
نئی دہلی کے قومی عجائب گھر سے لائے گئے شاکیہ منی بھگوان بدھ کے مقدس تبرکات کا آج توانگ میں اروناچل پردیش کے وزیر اعلیٰ جناب پیما کھانڈو نے رسمی طور پر استقبال کیا۔ اس کے ساتھ ہی اروناچل پردیش میں ہندوستان کے بودھ مت سے وابستہ تہذیبی ورثے کی ایک اہم نمائش کا آغاز ہوا۔ تاریخی گادن نمگیال لہاتسے (توانگ خانقاہ) میں مقدس تبرکات کا روایتی مذہبی طریقہ سے استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر مرکزی وزیر ثقافت و سیاحت جناب گجیندر سنگھ شیخاوت، معزز بودھ بھکشو، مذہبی رہنما اور عقیدت مند بھی موجود تھے۔

یہ نمائش حکومت ہند کی وزارت ثقافت، حکومت اروناچل پردیش، انٹرنیشنل بدھسٹ کنفیڈریشن (آئی بی سی) اور نئی دہلی کے قومی عجائب گھر کے اشتراک سے منعقد کی جا رہی ہے۔ اس کے ذریعہ عقیدت مندوں اور عام لوگوں کو بودھ مت کے عقیدے کے تین اہم مراکز، توانگ، بومڈیلہ اور نامسائی میں ان مقدس تبرکات کی زیارت اور عقیدت کے اظہار کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
توانگ میں منعقدہ افتتاحی تقریب میں مرکزی وزیر ثقافت و سیاحت جناب گجیندر سنگھ شیخاوت کے ساتھ اروناچل پردیش کے وزیر اعلیٰ جناب پیما کھانڈو، معزز بودھ بھکشو، انٹرنیشنل بدھسٹ کنفیڈریشن کے نمائندے، دیگر معزز شخصیات اور عقیدت مندوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر اپنے پیغام میں عزت مآب وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے اروناچل پردیش میں بھگوان بودھ کے مقدس تبرکات کی نمائش کے انعقاد پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے غیر معمولی روحانی اور تہذیبی اہمیت کا حامل موقع قرار دیا۔ انہوں نے ایک صدی سے زائد عرصے کے بعد مقدس ‘پپراہوا’ تبرکات کی وطن واپسی کو فخر اور مسرت کا لمحہ قرار دیا اور اعتماد ظاہر کیا کہ اس نمائش سے ہندوستان کے مالا مال بودھ مت ورثے اور بھگوان بودھ کی عالمگیر تعلیمات کے تئیں قدر و ستائش میں مزید اضافہ ہوگا۔
اس نمائش کو خصوصی روحانی اہمیت حاصل ہے، کیونکہ اس کا انعقاد تبتی بودھ مت روایت کے ایک اہم موقع ‘لہاباب دُچین’ کے ساتھ ہو رہا ہے، جو بھگوان بودھ کی آسمانی دنیا سے واپسی کی یاد میں منایا جاتا ہے۔

یہ مقدس تبرکات اتر پردیش کے پپراہوا مقام سے تعلق رکھتے ہیں، جو ایک اہم آثار قدیمہ کا مقام ہے اور قدیم کپل وستو اور بھگوان بودھ کی شاکیہ روایت سے وابستہ ہے۔ نئی دہلی کے قومی عجائب گھر میں محفوظ یہ تبرکات بدھ مت کے پیروکاروں کے لیے تاریخی، آثار قدیمہ اور روحانی اعتبار سے غیر معمولی اہمیت کے حامل ہیں۔
اس کے ساتھ منعقد ہونے والی ایک نمائش، جس کا عنوان ‘مقدس پپراہوا کی بازیافت: بھگوان بدھ کے مقدس تبرکات اور ان کی دریافت کی داستان’ ہے، پپراہوا میں آثار قدیمہ کی دریافتوں کی تاریخ، تبرکات کی زیارت و تعظیم کی اہمیت اور پپراہوا کے ورثے کے سفر کو پیش کرے گی، جس میں ان تبرکات کی ہندوستان واپسی کا احوال بھی شامل ہوگا۔
انٹرنیشنل بدھسٹ کنفیڈریشن، حکومت اروناچل پردیش کے اشتراک سے2 نومبر- 2026 کو توانگ کے کلاوانگپو کنونشن ہال میں‘بودھ مت: ہمالیائی خطے اور اس سے آگے اس کی ترویج’ کے عنوان سے ایک بین الاقوامی کانفرنس بھی منعقد کرے گی۔
یہ نمائش یکم سے 7 نومبر- 2026تک توانگ خانقاہ میں جاری رہے گی۔ اس کے بعد 8 سے 13 نومبر- 2026 تک ٹی جی ایل خانقاہ (لوئر گومپا)، بومڈیلہ اور 14 سے 20 نومبر- 2026 تک گولڈن پگوڈا، نامسائی میں مقدس تبرکات کی زیارت کا اہتمام کیا جائے گا۔ مقدس تبرکات کی21 نومبر -2026 کو نئی دہلی کے قومی عجائب گھر واپسی طے ہے۔

یہ نمائش شمال مشرقی خطے کی آبادی کو ہندوستان کے بودھ مت سے وابستہ ورثے سے قریب لانے کی ایک اہم پہل ہے۔ اس کے ساتھ ہی بھگوان بودھ کی عالمگیر تعلیمات، یعنی امن، ہمدردی، عدم تشدد اور ہم آہنگی کو بھی فروغ دیا جا رہا ہے۔
ایسی پہل کے ذریعہ حکومت ہند ملک کے مالا مال بودھ مت ورثے کے تحفظ، فروغ اور اس کی تعلیمات کو عام کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس کے ساتھ ہی دنیا بھر کی بدھ مت برادریوں کے ساتھ ہندوستان کے تاریخی اور روحانی رشتوں کو مزید مستحکم بنانے کے لیے بھی کوشاں ہے۔

***
ش ح-ظ الف-ش ب ن
UR No. 7070