وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

ایئر چیف مارشل آشوتوش دکشت نے ہندوستانی فضائیہ کے 29ویں سربراہ کی حیثیت سے عہدہ سنبھالا؛ ہندوستانی فضائیہ کے لیے رہنما وژن کے طور پر ’وایو‘ کا اعلان کیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 01 NOV 2026 5:18PM by PIB Delhi

ایئر چیف مارشل آشوتوش دکشت پی وی ایس ایم، اے وی ایس ایم، وی ایم، وی ایس ایم نے یکم نومبر 2026 کو ہندوستانی فضائیہ کے 29ویں سربراہ کی حیثیت سے اپنا عہدہ سنبھالا۔ انہوں نے اپنے عہدہ سنبھالنے کا آغاز قومی جنگی یادگار پر حاضری دے کر کیا، جہاں انہوں نے ملک کی خدمت میں اپنی جانوں کا عظیم نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوتوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس کے بعد ایئر فورس اسٹیشن، نئی دہلی میں انہیں رسمی گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

ایک تجربہ کار تجرباتی ٹیسٹ پائلٹ اور تربیت یافتہ فلائنگ انسٹرکٹر ہونے کے ناطے ایئر چیف مارشل دکشت کو 3500 گھنٹے سے زیادہ طیارے اڑانے کا تجربہ حاصل ہے۔ وہ کئی اہم آپریشنل اور اسٹریٹجک عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں، جن میں چیئرمین چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے تحت چیف آف انٹیگریٹڈ ڈیفنس اسٹاف (سی آئی ایس سی)، ہیڈکوارٹر انٹیگریٹڈ ڈیفنس اسٹاف، ایئر آفیسر کمانڈنگ اِن چیف، سینٹرل ایئر کمانڈ اور وائس چیف آف دی ایئر اسٹاف کے عہدے شامل ہیں۔

اپنے پہلے خطاب میں چیف آف دی ایئر اسٹاف نے ہندوستانی فضائیہ کے لیے اپنے وژن اور ترجیحات کا خاکہ پیش کیا۔ انہوں نے فضائیہ کے مستقبل کی سمت متعین کرنے والے رہنما اصول کے طور پر ’وایو‘ (VAYU) کا تصور پیش کیا، جس کے چار الگ الگ ستون ہیں۔

وی – وجیلینس، وکٹری اور ریڈینس (چوکسی، فتح اور تیاری): تمام فارمیشنوں میں اعلیٰ ترین سطح کی آپریشنل تیاری برقرار رکھنا، جبکہ جنگی صلاحیت کو منظور شدہ سطح تک بحال کرنا۔

اے – آتم نربھرتا (خود انحصاری): پلیٹ فارموں، سینسروں، ہتھیاروں اور ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں مقامی صلاحیتوں کو تیز رفتاری سے فروغ دینا، جس میں آپریشنل خود انحصاری اور مسلسل جنگی صلاحیت برقرار رکھنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

وائی – یکتی (حکمت و تدبر): حکمت عملی، ٹیکنالوجی اور آپریشنل طریقۂ کار میں ذہانت اور اختراع سے کام لینا۔ اس میں مصنوعی ذہانت (AI) سے لیس کمانڈ اینڈ کنٹرول نظام، ڈرون مخالف صلاحیتوں، استقامت اور ابھرتے ہوئے آپریشنل شعبوں کو فروغ دینا بھی شامل ہے۔

یو – یونیٹی آف ایفرٹ (مشترکہ کوششوں کا اتحاد): قومی وژن ’جے اے آئی‘ یعنی مشترکہ اشتراک، خود انحصاری اور اختراع کے عین مطابق بری فوج، بحریہ اور قومی اداروں کے ساتھ باہمی تال میل اور مشترکہ کارروائیوں کو مزید مستحکم بنانا۔

’وایو‘ وژن کے ذریعے چیف آف دی ایئر اسٹاف نے ایک ایسی ہندوستانی فضائیہ کے لیے واضح سمت متعین کی ہے جو آپریشنل اعتبار سے پوری طرح تیار، تکنیکی طور پر جدید، خود کفیل اور تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل طور پر مربوط ہو۔ یہ فضائیہ قابلِ اعتماد فضائی طاقت کے ذریعے قومی مفادات کے تحفظ اور تنازعات کی روک تھام کے لیے پُرعزم ہے۔

 

                                               **************

 

ش ح۔ ف ش ع

01-11-2026

                                                                                                                                       U: 7058

 


(ریلیز آئی ڈی: 2331314) وزیٹر کاؤنٹر : 10