پوسٹ کرنے کی تاریخ:
01 NOV 2026 10:52AM by PIB Delhi
اگست 2026 میں ہندوستان کی کوئلے کی مجموعی درآمدات میں 5.83 فیصد کمی درج کی گئی اور یہ اگست 2025 کے 111.05 ملین ٹن کے مقابلے میں گھٹ کر 104.57 ملین ٹن رہ گئیں۔ اس طرح 6.48 ملین ٹن کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ یہ کمی وزارتِ کوئلہ کی جانب سے ملک میں کوئلے کی گھریلو پیداوار بڑھانے، اس کی دستیابی بہتر بنانے اور ترسیل کے نظام کو مستحکم کرنے کے لیے جاری کوششوں کی عکاسی کرتی ہے، جن کا مقصد درآمد شدہ کوئلے پر ملک کا انحصار کم کرنا ہے۔
اہم نکات
1۔ بجلی کے شعبے میں کوئلے کی درآمدات میں 6.39 فیصد کمی
بجلی گھروں کی جانب سے کوئلے کی درآمدات میں 6.39 فیصد کمی درج کی گئی۔ یہ درآمدات اگست 2025 کے 22.77 ملین ٹن سے گھٹ کر اگست 2026 میں 21.32 ملین ٹن رہ گئیں۔ یہ کمی گھریلو کوئلے کی دستیابی بہتر بنانے اور گھریلو کوئلے پر مبنی بجلی گھروں میں درآمد شدہ کوئلے کی آمیزش پر انحصار کم کرنے کی کوششوں سے مطابقت رکھتی ہے۔
2۔ درآمد شدہ کوئلے پر مبنی بجلی گھروں کی درآمدات میں معمولی اضافہ
درآمد شدہ کوئلے پر مبنی (آئی سی بی) بجلی گھروں کی جانب سے کوئلے کی درآمدات میں معمولی طور پر 0.98 فیصد اضافہ ہوا۔ یہ درآمدات اگست 2025 کے 18.13 ملین ٹن سے بڑھ کر اگست 2026 میں 18.31 ملین ٹن ہو گئیں۔ یہ بجلی گھر بنیادی طور پر درآمد شدہ کوئلے کے استعمال کے لیے تیار کیے گئے ہیں۔
3۔ گھریلو کوئلے پر مبنی بجلی گھروں میں آمیزش کے لیے کوئلے کی درآمدات میں 35.23 فیصد کمی
گھریلو کوئلے پر مبنی (ڈی سی بی) بجلی گھروں میں آمیزش کے لیے کوئلے کی درآمدات میں 35.23 فیصد کمی درج کی گئی۔ یہ درآمدات اگست 2025 کے 4.64 ملین ٹن سے گھٹ کر اگست 2026 میں 3.00 ملین ٹن رہ گئیں۔ یہ کمی آمیزش کے لیے درآمدی کوئلے کی کم ضرورت اور بجلی کی پیداوار کے لیے گھریلو کوئلے کی دستیابی بہتر بنانے کی کوششوں کی عکاسی کرتی ہے۔
4۔ کوئلے کی مجموعی کھپت میں درآمدات کا تناسب کم
ہندوستان میں کوئلے کی مجموعی کھپت میں درآمد شدہ کوئلے کا تناسب اگست 2025 کے 21.20 فیصد سے کم ہو کر اگست 2026 میں 19.30 فیصد رہ گیا۔ اس طرح 1.90 فیصد پوائنٹس کی کمی درج کی گئی۔ یہ کمی مذکورہ ماہ کے دوران درآمد شدہ کوئلے پر ملک کے انحصار میں کمی کو ظاہر کرتی ہے۔
5۔ کوکنگ کوئلے کی درآمدات میں 4.18 فیصد کمی
کوکنگ کوئلے کی درآمدات میں 4.18 فیصد کمی درج کی گئی۔ یہ درآمدات اگست 2025 کے 28.49 ملین ٹن سے گھٹ کر اگست 2026 میں 27.30 ملین ٹن رہ گئیں۔ کوکنگ کوئلہ فولاد کی صنعت کے لیے ایک اہم خام مال ہے اور مقامی ذخائر کے معیار اور خصوصیات کے باعث ملک میں اس کی دستیابی محدود ہے۔ لہٰذا اس زمرے میں درآمدات کی ضرورت کا انحصار فولاد کے شعبے کی مخصوص خام مال کی ضروریات پر ہوتا ہے۔
گھریلو کوئلے کی فراہمی کو مستحکم بنانے کے لیے مسلسل کوششیں
وزارتِ کوئلہ گھریلو کوئلے کی پیداوار اور اٹھان میں اضافے، فرسٹ مائل کنیکٹیویٹی (ایف ایم سی) کو مستحکم بنانے، کوئلے کی ترسیل کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور حرارتی بجلی گھروں میں کوئلے کے ذخیرے کی سطح پر قریبی نگرانی کرنے پر مسلسل توجہ دے رہی ہے۔
وزارتِ ریلوے، کول انڈیا لمیٹڈ (سی آئی ایل) اور اس کے ذیلی اداروں کے ساتھ مربوط کوششوں کا مقصد بجلی کی کمپنیوں کو کوئلے کی بروقت اور مناسب فراہمی یقینی بنانا ہے۔ ان اقدامات کا مقصد گھریلو کوئلے کی فراہمی کے نظام کو زیادہ قابلِ اعتماد بنانا، درآمدات پر غیر ضروری انحصار کم کرنا اور ملک بھر میں بجلی کی بلا تعطل پیداوار کو یقینی بنانے میں مدد دینا ہے۔
کوئلے کی مجموعی درآمدات، بالخصوص گھریلو کوئلے پر مبنی بجلی گھروں میں آمیزش کے لیے درآمدات میں کمی، گھریلو پیداوار، نقل و حمل اور ترسیل کے سلسلے کے بنیادی ڈھانچے کو مستحکم بنانے کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی درآمد شدہ کوئلے پر مبنی بجلی گھروں اور فولاد کے شعبے کی درآمدات ان کی مخصوص ایندھن اور خام مال کی ضروریات کی عکاسی کرتی ہیں۔
وزارتِ کوئلہ درآمدات پر انحصار کو ہر ممکن حد تک کم کرنے کے لیے گھریلو کوئلے کی پیداوار میں مزید اضافہ، ترسیل کی صلاحیت میں بہتری، ترسیل کے سلسلے کی کارکردگی کو مستحکم بنانے اور کوئلے کے معیار کے مناسب انتظام کو فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے، تاکہ ملک کے بجلی اور صنعتی شعبوں کے لیے کوئلے کی قابلِ اعتماد دستیابی یقینی بنائی جا سکے۔
******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-7032