پوسٹ کرنے کی تاریخ:
01 NOV 2026 10:52AM by PIB Delhi
کوئلہ اور لگنائٹ کی کان کنی کے شعبے میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کانوں کی کامیابیوں کو سراہنے اور ان کا اعتراف کرنے کے لیے وزارتِ کوئلہ کی جانب سے 2 نومبر 2026 کو چھتیس گڑھ کے رائے پور میں اسٹار ریٹنگ ایوارڈز کی تقریب منعقد کی جائے گی۔ ان اعزازات کے ذریعے ان کانوں کو نوازا جائے گا جنہوں نے عملیاتی کارکردگی، ماحولیاتی پائیداری، پیشہ ورانہ صحت و تحفظ، تکنیکی ترقی اور وسائل کے ذمہ دارانہ انتظام سمیت اہم معیارات پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
اس تقریب میں مرکزی وزیر برائے کوئلہ و کانکنی جناب جی کشن ریڈی مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔ مرکزی وزیر مملکت برائے کوئلہ و کانکنی جناب ستیش چندر دوبے مہمانِ اعزازی ہوں گے، جبکہ چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ جناب وشنو دیو سائی خصوصی مہمان ہوں گے۔ وزارتِ کوئلہ کے سکریٹری جناب وکرم دیو دت اور وزارتِ کوئلہ کے ایڈیشنل سکریٹری جناب سنوج کمار جھا بھی اس تقریب میں شرکت کریں گے۔ ان کے علاوہ وزارت کے سینئر افسران، کوئلہ اور لگنائٹ کے سرکاری شعبے کے اداروں کے چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹرز، صنعتی شعبے سے وابستہ افراد اور ریاستی حکومتوں کے نمائندے بھی موجود رہیں گے۔
کوئلہ کانوں کے لیے اسٹار ریٹنگ پالیسی، کوئلہ اور لگنائٹ کی کانوں کی کارکردگی جانچنے کے لیے مختلف جامع معیارات پر مشتمل ایک منظم لائحۂ عمل فراہم کرتی ہے۔ ان معیارات میں عملیاتی کارکردگی، ٹیکنالوجی کا استعمال، پیشہ ورانہ صحت و تحفظ، ماحولیاتی انتظام، پائیدار ترقی، بازآبادکاری اور بازتصفیہ کے اقدامات اور مقامی آبادیوں کی فلاح و بہبود کے لیے کیے جانے والے اقدامات شامل ہیں۔ کوئلہ کنٹرولر کی تنظیم کے ذریعے مقرر کردہ جائزہ کاروں کی جانچ اور توثیق کے بعد کانوں کو پانچ ستاروں سے لے کر بغیر کسی ستارے تک کی درجہ بندی دی جاتی ہے۔ جائزہ سال 2024–25 کے دوران سب سے زیادہ اسٹار ریٹنگ حاصل کرنے والی کانوں کو اس تقریب میں اعزاز سے نوازا جائے گا۔
یہ اعزازات حکومت کی جانب سے سائنسی اصولوں کے مطابق، محفوظ، مؤثر اور ماحولیات کے حوالے سے ذمہ دارانہ کان کنی کے طریقوں کو فروغ دینے کے مسلسل عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی کوئلہ شعبے کے ذریعے ملک کی توانائی سلامتی اور اقتصادی ترقی میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر بھی زور دیتے ہیں۔
شفافیت اور کارکردگی پر مبنی جائزے کے طریقۂ کار کے ذریعے اسٹار ریٹنگ پالیسی، کان کنی کی کمپنیوں کو عملیاتی معیار میں مسلسل بہتری لانے، ماحولیاتی تحفظ کے اقدامات کو مضبوط بنانے اور کان کنی کے پورے عمل کے دوران بہترین طریقہ ہائے کار اپنانے کی ترغیب دیتی ہے۔ یہ اعزازات کان کنی کے اداروں کے درمیان صحت مند مسابقت کو بھی فروغ دیتے ہیں اور اس شعبے میں اختراعی اور پائیدار طریقوں کو وسیع پیمانے پر اپنانے کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔
یہ تقریب ان کانوں کی کارکردگی کے اعتراف کا ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگی جنہوں نے ذمہ دارانہ کان کنی، وسائل کے مؤثر استعمال، ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی کے میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-7031