مواصلات اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

محکمہ ڈاک نے چھاتی کے سرطان سے متعلق بیداری پیدا کرنے کے لیے خصوصی یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کیے


اس اقدام سے خواتین میں مرض کی جلد تشخیص، بروقت علاج اور صحت کے بہتر نتائج کو یقینی بنانے کے عزم کو تقویت حاصل ہوگی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 30 OCT 2026 6:41PM by PIB Delhi

 

محکمہ ڈاک، وزارت مواصلات نے آج نئی دہلی کے ڈاک بھون میں چھاتی کے سرطان سے متعلق بیداری کے لیے دو خصوصی یادگاری ڈاک ٹکٹوں پر مشتمل ایک خصوصی سووینئر شیٹ جاری کی۔ یہ ڈاک ٹکٹ محکمہ ڈاک کی ڈائریکٹر جنرل، محترمہ منیشا سنہا نے جاری کیے۔ اس موقع پر وزارت صحت و خاندانی بہبود کی سکریٹری، محترمہ پُنیا سلیلا شریواستو کے علاوہ دونوں وزارتوں کے دیگر سینئر معززین اور افسران بھی موجود تھے۔ اس اقدام کے ذریعے عوام میں بیداری پیدا کرنے اور صحت کے اہم قومی ترجیحی شعبوں کی حمایت میں ڈاک ٹکٹوں کے تاریخی و ثقافتی مطالعے (فلیٹیلی) کے کردار پر روشنی ڈالی گئی ہے۔

 

 

محترمہ منیشا سنہا، ڈائریکٹر جنرل پوسٹل سروسز اور محترمہ پُنیا سلیلا شریواستو، سکریٹری، وزارتِ صحت و خاندانی بہبود، دیگر سینئر افسران کے ہمراہ ڈاک بھون میں چھاتی کے سرطان سے متعلق بیداری کے لیے یادگاری ڈاک ٹکٹوں کا مشترکہ طور پر اجرا کرتے ہوئے

 

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ منیشا سنہا نے اس بات پر زور دیا کہ یادگاری ڈاک ٹکٹ ملک کی ترجیحات کو اجاگر کرنے اور جغرافیائی حدود سے ماورا بیداری پھیلانے کا ایک اہم ذریعہ ہیں۔ انہوں نے چھاتی کے سرطان سے نمٹنے کے لیے باقاعدہ اسکریننگ اور مرض کی جلد تشخیص کی اہمیت کو اجاگر کیا اور خاندانوں پر زور دیا کہ وہ خواتین کو بروقت طبی مشورہ حاصل کرنے کے لیے تعاون فراہم کریں۔ انہوں نے علاج کے مراحل سے گزرنے والی خواتین کے لیے رابطے، حوصلہ افزائی اور جذباتی مدد کے ایک بامعنی ذریعے کے طور پر پوسٹ کارڈ کے امکانات پر بھی روشنی ڈالی۔

محترمہ پُنیا سلیلا شریواستو نے فلیٹیلی کے ذریعے خواتین کی صحت کا پیغام آگے بڑھانے کے لیے محکمہ ڈاک کی کوششوں کو سراہا۔ احتیاطی نگہداشتِ صحت پر حکومت کی توجہ کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چھاتی، منہ اور عنقِ رحم کے سرطان کی باقاعدہ اسکریننگ قومی صحت پروگرام کا ایک لازمی حصہ ہے۔ انہوں نے بیداری کو مزید مستحکم بنانے اور مرض کی جلد تشخیص کے لیے خواتین کو باقاعدگی سے اسکریننگ کرانے کی ترغیب دینے کی اہمیت پر بھی تبصرہ کیا۔

 

 

چھاتی کے سرطان سے متعلق بیداری کے لیے خصوصی یادگاری ڈاک ٹکٹ

 

چھاتی کا سرطان ہندوستان میں خواتین میں پایا جانے والا سب سے عام سرطان ہے اور ہر سال تقریباً دو لاکھ نئے مریضوں میں اس مرض کی تشخیص ہوتی ہے۔ حکومت ہند نے غیر متعدی امراض کی روک تھام اور ان پر قابو پانے کے قومی پروگرام کے تحت آبادی پر مبنی اسکریننگ اور مرض کی جلد تشخیص سے متعلق اقدامات کو مزید مستحکم کیا ہے۔ آیوشمان آروگیہ مندروں اور کمیونٹی ہیلتھ سینٹروں کے ذریعے اسکریننگ کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں، جب کہ مریضوں کو مزید طبی جانچ اور علاج کے لیے ضلع اور اعلیٰ سطح کے اسپتالوں میں بھیجنے کی سہولت بھی دستیاب ہے۔

علاحدہ طور پر محکمہ ڈاک نے فورٹس اسپتال کے اشتراک سے ڈاک بھون میں چھاتی اور عنق رحم کے سرطان سے متعلق بیداری کے اجلاس منعقد کیے۔ اس کے ساتھ بنیادی امداد حیات (بی ایل ایس) اور قلبی و تنفسی احیا (سی پی آر) کے موضوعات پر تبادلۂ خیال کے اجلاس بھی منعقد کیے گئے، جن کا مقصد احتیاطی نگہداشتِ صحت کے بارے میں بیداری پیدا کرنا اور زندگی بچانے کی ضروری تکنیکوں سے متعلق معلومات فراہم کرنا تھا۔

یہ خصوصی سووینئر شیٹ ملک بھر کے فلیٹیلی بیوروز اور ای پوسٹ آفس پورٹل کے ذریعے فروخت کے لیے دستیاب ہے۔

 

https://www.epostoffice.gov.in/

                                               *********

 

 

ش ح۔ ف ش ع

                                                                                                                                       U: 6976

 


(ریلیز آئی ڈی: 2330683) وزیٹر کاؤنٹر : 6