پوسٹ کرنے کی تاریخ:
30 OCT 2026 5:33PM by PIB Delhi
ہندوستانی ریلوے وارانسی اور نئی دلی کے درمیان نئی وندے بھارت سلیپر ایکسپریس ٹرینیں شروع کرکے اپنی جدید رات کے سفری ریل خدمات کے نیٹ ورک کو وسعت دینے جا رہی ہے۔ ان ٹرینوں کے آغاز سے شہروں کے درمیان رابطے مزید مستحکم ہوں گے اور مسافروں کو طویل فاصلے کے رات کے سفر کے لیے جدید، آرام دہ اور مؤثر سہولت میسر آئے گی۔
اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ جناب یوگی آدتیہ ناتھ اور مرکزی وزیر ریلوے جناب اشونی ویشنو کل وارانسی سے وارانسی اور نئی دلی کے درمیان نئی وندے بھارت سلیپر ایکسپریس ٹرینوں کو ہری جھنڈی دکھائیں گے۔
جنوری 2026 میں ہاوڑہ-گوہاٹی راہداری اور اس کے واپسی کے راستے پر وندے بھارت سلیپر خدمات شروع کیے جانے کے بعد، نئی ٹرین خدمات کے ذریعے اس نئی نسل کی ٹرین کے فوائد مزید علاقوں تک پہنچیں گے۔ ٹرین میں بہتر سہولیات، جدید حفاظتی انتظامات اور سوچ سمجھ کر تیار کیے گئے سلیپر کوچوں کے ساتھ ہندوستانی ریلوے طویل فاصلے کے رات کے سفر کو زیادہ آرام دہ، قابلِ اعتماد اور مسافروں کی ضروریات کے مطابق بنانے کی سمت کام کر رہی ہے۔

وارانسی-نئی دلی: اہم مذہبی و زیارتی مرکز اور قومی راجدھانی کے درمیان رابطے کو مزید بہتر بنانے کی پہل
وارانسی اور نئی دلی کے درمیان وندے بھارت سلیپر سروس سے ہندوستان کے ممتاز روحانی اور ثقافتی مراکز میں سے ایک اور قومی راجدھانی کے درمیان رابطہ مزید مستحکم ہوگا۔
وارانسی میں سال بھر زائرین، ملک و بیرون ملک سے آنے والے سیاحوں، طلبہ اور دیگر افراد کی آمد و رفت جاری رہتی ہے۔ نئی دہلی کے ساتھ رات کے سفر کی بہتر سہولت سے مذہبی، تعلیمی، پیشہ ورانہ، انتظامی اور سیاحتی مقاصد کے لیے سفر کرنے والے مسافروں کو زیادہ سہولت حاصل ہوگی۔
یہ ٹرین نئی دلی پہنچنے سے پہلے وارانسی، پریاگ راج، کانپور سینٹرل، علی گڑھ اور غازی آباد سے گزرے گی۔ یہ اسٹیشن اہم شہری مراکز میں واقع ہیں اور آس پاس کے اضلاع کو بھی ریل رابطہ فراہم کرتے ہیں۔ اس طرح جدید ریل سفر کی سہولت سے زیادہ تعداد میں مسافر مستفید ہو سکیں گے۔
نئی ٹرین وارانسی سے رات 20:50 بجے روانہ ہو کر اگلی صبح 06:10 بجے نئی دلی پہنچے گی۔ واپسی کے سفر میں یہ نئی دہلی سے رات 21:40 بجے روانہ ہوگی اور اگلے دن صبح 07:10 بجے وارانسی پہنچے گی۔
موجودہ شیوگنگا ایکسپریس کے مقابلے میں وندے بھارت سلیپر ایکسپریس وارانسی سے نئی دلی کے سفر میں 55 منٹ اور نئی دہلی سے وارانسی کے سفر میں 35 منٹ کی بچت کرے گی۔ اس طرح دونوں سمتوں میں مسافروں کو رات کے سفر کے لیے تیز رفتار متبادل میسر آئے گا۔
یہ ٹرین جمعہ کے علاوہ ہفتے میں چھ دن وارانسی سے روانہ ہوگی، جبکہ نئی دلی سے روانہ ہونے والی سروس ہفتہ کے علاوہ ہفتے میں چھ دن چلے گی۔ رات کے اوقات میں سفر کی یہ سہولت مسافروں کو شام کے وقت روانہ ہو کر اگلی صبح اپنی منزل پر پہنچنے کا موقع فراہم کرے گی، جس سے وہ اپنے وقت کا زیادہ مؤثر استعمال کر سکیں گے۔ اس سروس سے خاص طور پر زائرین، سیاحوں، طلبہ، ملازمت پیشہ افراد اور ان خاندانوں کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے جو مشرقی اتر پردیش اور قومی راجدھانی کے خطے کے درمیان اکثر سفر کرتے ہیں۔

وندے بھارت سلیپر: رات کے مسافر کے سفر کا ایک نیا معیار
طویل فاصلے کے سفر کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کی گئی وندے بھارت سلیپر ٹرین جدید ٹیکنالوجی، بہتر حفاظتی نظام اور مسافروں کی سہولت کے لیے خصوصی انتظامات سے آراستہ ہے، تاکہ رات کے سفر کو زیادہ آرام دہ بنایا جا سکے۔ اس کا ڈیزائن طویل فاصلے کا سفر کرنے والے مسافروں کو آرام دہ ماحول فراہم کرنے پر مرکوز ہے، جس میں سونے کے بہتر انتظامات، صفائی ستھرائی، حفاظت، آسان رسائی اور سہولت کا خصوصی خیال رکھا گیا ہے۔
اہم خصوصیات
بجلی اور کارکردگی
- توانائی کی بچت کے لیے دوبارہ توانائی پیدا کرنے والا بریکنگ نظام
- گاڑی کے نچلے حصے میں نصب نظامِ محرک
- جدید ہوائی حرکیاتی ڈیزائن، زیادہ ہموار رفتار اور جھٹکوں سے پاک سفر
ڈیزائن اور خصوصیات
- آسٹینیٹک اسٹین لیس اسٹیل کی باڈی، جو تصادم سے متعلق ای این 15227 معیارات پر پورا اترتی ہے
- فوری طور پر کھلنے اور الگ ہونے کے طریقۂ کار کے ساتھ مکمل طور پر بند لچک دار راہداری
- مرکزی نظام کے ذریعے کنٹرول ہونے والے ایک پٹ والے خودکار پھسلنے والے پلگ دروازے
- ڈبوں کے اندر خاموش ماحول برقرار رکھنے کے لیے شور کی روک تھام اور کمی کے انتظامات
- براہِ راست اور بالواسطہ ایل ای ڈی روشنی کا انتظام
- سینسر پر مبنی باہمی رابطے کے دروازے

حفاظت اور سلامتی
- آگ سے حفاظت کے ای این 45545 ایچ ایل 3 درجے کے معیارات کے مطابق
- آخری دیوار پر آگ سے بچاؤ کے لیے حفاظتی دروازے
- ٹرینوں کے تصادم سے بچاؤ کا نظام (ٹی سی اے ایس)
- آفات سے نمٹنے کے لیے خصوصی روشنی کا انتظام
- دھوئیں اور آگ کا پتا لگانے کا نظام (ایف ڈی ایس)
- حفاظت اور مسافروں کی نگرانی کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے
- مسافروں کے لیے ہنگامی الارم کا بٹن

آرام و سہولت
- انسانی جسمانی ساخت کے مطابق تیار کیے گئے، بدبو سے پاک بیت الخلا، جن میں ویکیوم کے ذریعے فضلے کے اخراج کا نظام موجود ہے
- معذور افراد کے لیے خصوصی برتھ اور بیت الخلا
- کشادہ سامان رکھنے کی جگہ کے ساتھ مسافروں کے لیے جدید سہولیات
- تین پن والے چارجنگ ساکٹ اور سوئچ کے ساتھ مربوط بی آر ایل
- ٹائپ اے اور ٹائپ سی یو ایس بی چارجنگ پورٹس
- پی اے پی آئی ایس پر مبنی ڈرائیور، گارڈ اور مسافروں کے درمیان رابطے کا نظام
- فرسٹ اے سی میں گرم پانی کے ساتھ شاور کی سہولت
- رسائی کے لیے نیٹ ورک پوائنٹ کے ساتھ وائی فائی راؤٹر
- ڈرائیور کیبن میں ایئر کنڈیشننگ اور عملے کے لیے بیت الخلا کی سہولت

یہ خصوصیات جدید انجینئرنگ کو مسافروں کے آرام، حفاظت اور عملیاتی کارکردگی کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کے ہندوستانی ریلوے کے عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔
****
ش ح۔ ا ک۔ خ م
U.NO.6967