پوسٹ کرنے کی تاریخ:
28 OCT 2026 2:42PM by PIB Delhi
بجلی اور نئی و قابلِ تجدید توانائی کے مرکزی وزیر مملکت جناب شری پد یسو نائک نے سنگاپور کے مرینا بے سینڈز ایکسپو اینڈ کنونشن سینٹر میں 26 سے 28 اکتوبر ، 2026 ء تک منعقد ہونے والے سنگا پور بین الاقوامی توانائی ہفتہ 2026 میں بھارتی وفد کی قیادت کی۔

سنگاپور بین الاقوامی توانائی ہفتہ 2026 کا انعقاد سنگاپور کی توانائی مارکیٹ اتھارٹی کے قیام کے 25ویں سال کے موقع پر ہوا۔ اس سال سربراہ اجلاس کو وسعت دے کر دو روزہ تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں سنگاپور-بین الاقوامی توانائی ایجنسی فورم، سنگاپور-بین الاقوامی قابلِ تجدید توانائی ایجنسی فورم اور سنگاپور بین الاقوامی توانائی ہفتہ میں بین الاقوامی نیو کلیائی توانائی ایجنسی کی شرکت شامل تھی۔ جناب نائک نے تقریب کے پہلے دن شرکت کی اور کلیدی خطاب کیا، جب کہ دوسرے دن افتتاحی کلمات پیش کیے۔
تقریب کے پہلے دو دن کے اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے ، جناب نائک نے کہا کہ 30 ستمبر ، 2026 ء تک بھارت کی مجموعی نصب شدہ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 558.9 گیگاواٹ تھی، جس میں سے تقریباً 308 گیگاواٹ، یعنی 55 فی صد صلاحیت غیر روایتی ذرائع سے حاصل ہوتی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت نے جون ، 2025 ء میں ہی غیر روایتی ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کی نصب شدہ صلاحیت کا 50 فی صد ہدف حاصل کر لیا تھا، جو 2030 ء کے لیے مقرر کردہ قومی سطح پر طے شدہ تعاون کے ہدف سے پانچ سال پہلے کی کامیابی تھی۔ اب بھارت 2030 ء تک غیر روایتی ذرائع سے 500 گیگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت حاصل کرنے کی سمت کام کر رہا ہے۔ اہم سرکاری اسکیموں کے تحت ہونے والی پیش رفت کو اجاگر کرتے ہوئے ، انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم سوریہ گھر مفت بجلی یوجنا کے تحت تقریباً 53 لاکھ چھتوں پر شمسی توانائی کے نظام نصب کیے جا چکے ہیں، جس سے لگ بھگ 63 لاکھ گھرانوں کو فائدہ پہنچا ہے۔ پی ایم-کُسم کے تحت تقریباً 12 لاکھ خودمختار شمسی پمپ نصب کیے گئے ہیں، جب کہ 17 لاکھ سے زیادہ زرعی پمپوں کو بجلی کے گرڈ سے منسلک کرکے شمسی توانائی پر منتقل کیا گیا ہے۔ اس طرح تقریباً 16.7 گیگاواٹ غیر مرکزی قابلِ تجدید توانائی کی صلاحیت میں اضافہ ہوا ہے اور لگ بھگ 30 لاکھ کسان مستفید ہوئے ہیں۔
جناب نائک نے سنگاپور بین الاقوامی توانائی ہفتہ 2026 کے موقع پر درج ذیل ممالک اور تنظیموں کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں بھی کیں:

سنگاپور: جناب نائک نے جمہوریہ سنگاپور کی وزیرِ مملکت برائے امورِ خارجہ، توانائی اور تجارت و صنعت محترمہ گن سیو ہوانگ سے ملاقات کی۔ دونوں فریقوں نے بھارت اور سنگاپور کے درمیان جامع کلیدی شراکت داری کے تحت توانائی کے شعبے میں تعاون پر تبادلۂ خیال کیا، جس میں دونوں ممالک کے درمیان مجوزہ سرحد پار بجلی رابطے کا منصوبہ بھی شامل تھا۔ جناب نائک نے سنگاپور کے سرمایہ کاروں کو بھارت میں بجلی کی ترسیل، پمپڈ اسٹوریج، بیٹری اسٹوریج اور قابلِ تجدید توانائی کے شعبوں میں طویل مدتی سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ اس کے علاوہ ، گرین ہائیڈروجن اور امونیا، توانائی کی کارکردگی میں بہتری اور بھارتی بجلی ساز و سامان تیار کرنے والی کمپنیوں اور سنگاپور کی بجلی فراہم کرنے والی کمپنیوں کے درمیان شراکت داری کے امکانات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

بھوٹان: جناب نائک نے بھوٹان کی شاہی حکومت کے وزیر برائے توانائی اور قدرتی وسائل عزت مآب لیونپو سونم تاشی سے ملاقات کی اور انہیں عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی۔ دونوں وزراء نے 1200 میگاواٹ کے پوناٹسانگچھو-اوّل پن بجلی منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس منصوبے میں اپریل ، 2026 ء میں کنکریٹ ڈالنے کا کام دوبارہ شروع ہونے کے بعد سے ڈیم کی تعمیر میں مسلسل پیش رفت ہوئی ہے۔ انہوں نے 1020 میگاواٹ کے پوناٹسانگچھو-دوم منصوبے کے تسلی بخش آپریشن کا بھی ذکر کیا۔ دونوں وزراء نے بھارتی اداروں کے اشتراک سے زیرِ غور دیگر منصوبوں اور 2040 ء تک سرحد پار بجلی کی ترسیل کی منصوبہ بندی پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔
آئی آر ای این اے : جناب نائک نے بین الاقوامی قابلِ تجدید توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل جناب فرانسسکو لا کیمرا سے ملاقات کی۔ انہوں نے قابلِ تجدید توانائی کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون کے پلیٹ فارم کے طور پر آئی آر ای این اے کی خدمات کی ستائش کی اور جنوری ، 2022 ء میں نئی و قابلِ تجدید توانائی کی وزارت اور آئی آر ای این اے کے درمیان طے پانے والے کلیدی شراکت داری کے معاہدے کے تحت مزید گہرے تعاون پر تبادلۂ خیال کیا۔ بات چیت میں ترقی پذیر معیشتوں میں قابلِ تجدید توانائی کے لیے سستے مالی وسائل کی فراہمی، طویل مدتی توانائی کی منصوبہ بندی، گرین ہائیڈروجن اور صلاحیت سازی کے امور شامل تھے، جن میں آسیان خطے میں تعاون بھی شامل ہے۔
آئی ای اے : جناب نائک نے بین الاقوامی توانائی ایجنسی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر فاتح بیرول سے ملاقات کی۔ جناب نائک نے بھارت قابلِ تجدید توانائی سربراہ اجلاس میں بین الاقوامی توانائی ایجنسی کی بھارت میں قابلِ تجدید توانائی کی منڈی سے متعلق رپورٹ 2026 اور انڈیا مائننگ ویک میں بھارت کے اہم معدنیات سے متعلق رپورٹ کے آئندہ اجرا کا خیرمقدم کیا۔
اپنے دورے کے تیسرے دن ، وزیر موصوف نے جورونگ جزیرے پر سیمب کورپ کے 326 ایم ڈبلیو ایچ گنجائش والے بیٹری توانائی ذخیرہ کرنے کے پلانٹ کا دورہ کیا۔ بڑے پیمانے کی لیتھیم آئرن فاسفیٹ بیٹریوں کے 800 یونٹوں پر مشتمل، جورونگ جزیرے پر واقع سیمب کورپ کا توانائی ذخیرہ کرنے کا نظام سنگاپور اور جنوب مشرقی ایشیا میں بجلی کی فراہمی کے لیے استعمال ہونے والا سب سے بڑا بیٹری توانائی ذخیرہ کرنے کا نظام ہے۔

یہ دورہ توس علاقے میں کیپل کے روزانہ 800 ٹن کچرے کو توانائی میں تبدیل کرنے والے 22 میگاواٹ صلاحیت کے پلانٹ کے دورے کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔
اس دورے سے بجلی اور قابلِ تجدید توانائی کے شعبوں میں بھارت کی پیش رفت کو اجاگر کرنے اور سنگاپور سمیت دیگر شراکت دار ممالک اور اداروں کے ساتھ بھارت کی توانائی شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے کا موقع ملا۔
*****
(ش ح - ا ع خ - ع ا )
U. No. 6826