پوسٹ کرنے کی تاریخ:
27 OCT 2026 5:39PM by PIB Delhi
راجیہ سبھا کے چیئرمین جناب سی پی رادھا کرشنن نے آج نئی دہلی میں روسی وفاقی اسمبلی کے ایوان زیریں، اسٹیٹ ڈوما، کے چیئرمین عالی جناب ویاچسلاو وولودین کی قیادت میں آئے روسی پارلیمانی وفد سے ملاقات کی۔
عالی جناب ویاچسلاو وولودین اور ان کے ہمراہ آئے روسی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے، راجیہ سبھا کے چیئرمین نے ان سے ملاقات پر خوشی کا اظہار کیا اور اسٹیٹ ڈوما کے چیئرمین کے طور پر دوبارہ منتخب ہونے پر عالی جناب ویاچسلاو وولودین کو مبارک باد دی۔ انہوں نے ستمبر 2026 میں اسٹیٹ ڈوما کے نویں دور کے لیے اراکین کے انتخاب کےکامیاب انعقاد پر بھی مبارک باد پیش کی۔
دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات کی عکاسی کرنے والے حالیہ خصوصی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے، جناب سی پی رادھا کرشنن نے کہا کہ یہ بات بے حد خوشی کا باعث تھی کہ معزز وزیر اعظم جناب نریندر مودی جی نے ستمبر 2026 میں دہلی میں منعقدہ برکس سربراہی اجلاس کے دوران معزز صدر ولادیمیر پوتن کو تروکُرَل کا روسی زبان میں شائع شدہ نسخہ تحفے میں پیش کیا۔
دونوں ممالک کے ارکانِ پارلیمنٹ کے درمیان باقاعدہ تبادلۂ خیال کو اجاگر کرتے ہوئے، جناب سی پی رادھا کرشنن نے حالیہ اعلیٰ سطحی دوروں کا ذکر کیا۔ ان میں پہلگام دہشت گردانہ حملے اور بھارت کے آپریشن سندور کے تناظر میں مئی 2025 میں محترمہ کنی موژی کروناندھی کے ساتھ پارلیمنٹ کے پانچ ارکان کا روس کا دورہ، نیز دسمبر 2025 میں صدر ولادیمیر پوتن کے سرکاری دورۂ بھارت کے موقع پر منعقدہ 23ویں بھارت-روس سالانہ سربراہی اجلاس کے دوران ہونے والی ملاقاتیں شامل تھیں۔
دوطرفہ تعاون کے اہم ستونوں کا ذکر کرتے ہوئے، چیئرمین نے کہا کہ بھارت اور روس کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 80ویں سالگرہ کی تیاریوں کا کام فی الحال جاری ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کی حمایت جاری رکھنے پر روس کا شکریہ ادا کیا۔ اقتصادی محاذ پر انہوں نے پختہ یقین ظاہر کیا کہ دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان طے پانے والے اتفاق کے مطابق، بھارت اور روس 2030 تک سالانہ دوطرفہ تجارت کا حجم 100 ارب امریکی ڈالر تک پہنچانے کا ہدف حاصل کر لیں گے۔ انہوں نے بین علاقائی تعاون، سائنس و ٹیکنالوجی، ثقافتی تبادلوں اور عوام کے درمیان روابط کو بھی جاری تعاون کے دیگر اہم شعبوں میں شمار کیا۔
اختتام پر، جناب سی پی رادھا کرشنن نے کہا کہ اس طرح کے تبادلے باہمی ترجیحات کو سمجھنے، تجربات کا اشتراک کرنے اور تعاون کے لیے قابلِ عمل امکانات تلاش کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے عوام کے باہمی مفاد کے لیے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس ملاقات کے دوران راجیہ سبھا کے معزز ڈپٹی چیئرمین جناب ہری ونش، راجیہ سبھا کے معزز ارکان جناب راگھو چڈھا، ڈاکٹر کے لکشمن، جناب سجیت کمار، ڈاکٹر سدھانشو ترویدی، ڈاکٹر لکشمی کانت باجپائی، ڈاکٹر رادھا موہن داس اگروال اور جناب سنجے کمار جھا، راجیہ سبھا کے سکریٹری جنرل جناب پی سی مودی، ایچ وی پی آئی کے سکریٹری جناب امیت کھرے اور سکریٹری جناب کے ایس سوما شیکھر بھی موجود تھے۔

_20261027174015_98a844.jpeg)
****
ش ح۔ ش آ -ج ا
U.NO.6803