پوسٹ کرنے کی تاریخ:
26 OCT 2026 4:22PM by PIB Delhi
وزارتِ صحت و خاندانی بہبود، حکومتِ ہند نے آج نئی دہلی کے کرتویہ بھون-1 میں دیانت داری کا حلف لیتے ہوئے ’وِیجیلنس اویئرنس ویک2026‘(ویجیلنس بیداری ہفتہ2026)منایا۔اس موقع پر عوامی انتظامیہ میں دیانت داری، شفافیت، جواب دہی اور اخلاقی طرزِ عمل کو یقینی بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
مرکزی وزیرِ صحت و خاندانی بہبود جناب جے پی نڈا نے وزارت کے سینئر افسران کو دیانت داری کا حلف دلایا۔ اس موقع پر مرکزی وزیرِ مملکت برائے صحت و خاندانی بہبود اور وزارتِ آیوش کے آزادانہ چارج کے وزیر جناب پرتاپ راؤ جادھو، نیز مرکزی وزیرِ مملکت برائے صحت و خاندانی بہبود محترمہ انوپریا پٹیل بھی موجود تھیں۔ وزارت کے دیگر افسران اور اہلکاروں نے اپنے اپنے دفاتر سے آن لائن اس تقریب میں شرکت کی۔
ہفتۂ بیداریٔ نگرانی ہر سال اس ہفتے منایا جاتا ہے جس کے دوران 31 اکتوبر کو سردار ولبھ بھائی پٹیل کا یومِ پیدائش منایا جاتا ہے۔ اس سال یہ ہفتہ 26 اکتوبر سے یکم نومبر 2026 تک منایا جا رہا ہے۔ جس کا موضوع ‘‘دیانت داری سے خوش حالی’’ सत्यनिष्ठा से समृद्धि (Probity for Prosperity)ہے۔
اس موضوع کے ذریعے اس بات کو اجاگر کیا گیا ہے کہ اچھی حکمرانی کو یقینی بنانے اور سرکاری اداروں پر عوام کا اعتماد مضبوط کرنے کے لیے ایمانداری، دیانت داری اور شفافیت بنیادی ستونوں کی حیثیت رکھتی ہیں۔
اس موضوع کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ صحت اور خاندانی بہبود کا ویجیلنس ڈویژن ویجیلنس بیداری مہم 2026 کے تحت وزارت اور اس کے ماتحت دفاتر ، اداروں اور تنظیموں کے افسران اور عملے کے درمیان ویجیلنس بیداری کو مضبوط بنانے اور اخلاقی طرز عمل کو فروغ دینے کے لیے مختلف سرگرمیاں انجام دے رہا ہے ۔ یہ اقدامات ادارہ جاتی جوابدگی کو تقویت دینے اور شفافیت ، ذمہ داری اور قائم کردہ اصولوں کی پاسداری کے ذریعے کام کے ماحول کو فروغ دینے کی کوشش کرتے ہیں ۔
دیانت داری کے حلف کے ذریعے وزارت کے افسران اور اہلکاروں نے قانون کی حکمرانی برقرار رکھنے اور اپنے فرائض کی انجام دہی میں دیانت داری اور شفافیت کے اعلیٰ ترین معیار اپنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ حلف میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ عوامی مفاد کو ہمیشہ مقدم رکھا جائے، اپنے ذاتی طرزِ عمل سے دیانت داری کا مظاہرہ کیا جائے اور بدعنوانی کے کسی بھی واقعے کی اطلاع متعلقہ حکام کو دی جائے۔
اس حلف میں بدعنوانی کے خاتمے کے لیے حکومت، شہریوں اور نجی شعبے کی مشترکہ ذمہ داری کو بھی اجاگر کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی عوامی زندگی کے تمام شعبوں میں مسلسل چوکس رہنے اور ایمانداری و دیانت داری کے اعلیٰ ترین معیاروں کی پابندی کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
اس موقع پر وزارت نے سرکاری فرائض کی انجام دہی میں اعلیٰ اخلاقی معیار اور جواب دہی برقرار رکھنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ یہ عزم شفاف، ذمہ دارانہ اور مؤثر عوامی انتظامیہ کے اصولوں سے ہم آہنگ ہے۔
********
ش ح۔ م ح۔ج ا
U-6710