سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ٹی ڈی بی- ڈی ایس ٹی نے مقامی سطح پر تیار کردہ ماحول دوست محرک ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کے لیے مناستو اسپیس کے ساتھ 116 کروڑ روپے کی تحقیق، ترقی اور اختراع سے متعلق مالی معاونت کا معاہدہ کیا


مصنوعی سیاروں اور خلائی راکٹوں کے لیے قابلِ توسیع، اعلیٰ کارکردگی اور کم لاگت والے محرک نظام تیار کرنے کا منصوبہ، جس کے ذریعے ٹیکنالوجی کو تیاری کی سطح 6 سے سطح 9 تک پہنچایا جائے گا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 26 OCT 2026 1:46PM by PIB Delhi

ہندوستان کی دیسی خلائی ٹیکنالوجی کی صلاحیتوں کو مستحکم کرنے اور خلاء تک پائیدار رسائی کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے، حکومتِ ہند کے محکمۂ سائنس اور ٹیکنالوجی (ڈی ایس ٹی) کے ٹیکنالوجی ڈیولپمنٹ بورڈ (ٹی ڈی بی) نے مہاراشٹر کے نوی ممبئی میں واقع میسرز مناستو اسپیس ٹیکنالوجیز پرائیویٹ لمیٹڈ کے ساتھ تحقیق، ترقی اور اختراع فنڈ کے تحت 116 کروڑ روپے کی مالی معاونت فراہم کرنے کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔

اس منصوبے کی کل لاگت 277.63 کروڑ روپے ہے۔ اس کا مقصد مصنوعی سیاروں اور خلائی راکٹوں کے لیے5 ملی نیوٹن سے 300 نیوٹن تک کی قوتِ دھکا کے حامل قابلِ توسیع اور مربوط ماحول دوست محرک نظام تیار کرنا ہے۔ اس پروگرام کے تحت ٹیکنالوجی کی تیاری کی سطح (ٹی آر ایل) کو 6 سے بڑھا کر9 تک پہنچانے کا ہدف ہے، جس سے محرک نظام کی مزید تیاری، توثیق اور عملی تعیناتی میں مدد ملے گی۔ یہ مالی معاونت اختیاری طور پر کنورٹیبل قرض (او سی ڈی) کے ذریعے فراہم کی جائے گی۔

مناستو اسپیس ایک مقامی ماحول دوست محرک نظام تیار کر رہی ہے، جسے مصنوعی سیاروں اور خلائی راکٹوں کے لیے مکمل محرک حل فراہم کرنے کے مقصد سے وضع کیا گیا ہے۔ اس ٹیکنالوجی میں اضافی اجزا کے ساتھ ہائیڈروجن پرآکسائیڈ پر مبنی ماحول دوست ایندھن استعمال کیا جاتا ہے، جس کے لیے مربوط انجن اور عمل انگیز نظام کی مدد حاصل ہے۔ یہ نظام کارکردگی اور لاگت کی کفایت میں بہتری لانے کے ساتھ روایتی ایندھن کے استعمال سے وابستہ عملی دشواریوں کو بھی کم کرتا ہے۔

اس ٹیکنالوجی کی ایک اہم خصوصیت اس کا قابلِ توسیع ڈھانچہ ہے، جو چھوٹے مصنوعی سیاروں سے لے کر زیادہ قوتِ دفع والے نظاموں تک، مختلف ضروریات کو پورا کرتا ہے۔ اس منصوبے میں محرک انجنوں اور ایندھن کی فراہمی کے نظاموں کی تیاری شامل ہے۔ ان میں انتہائی بلند درجۂ حرارت پر کام کرنے کے لیے تیار کیا گیا سرامک عمل انگیز بھی شامل ہے، جو سخت حالات میں قابلِ اعتماد کارکردگی کو یقینی بنانے کے لیے وضع کیا گیا ہے۔

اس محرک نظام کا خلاء میں پہلے ہی کامیاب مظاہرہ کیا جا چکا ہے۔ یہ پروگرام مزید انجینئرنگ، نظام کے انضمام، آزمائش اور توثیق کے ذریعے اس ٹیکنالوجی کی موجودہ بنیاد کو مزید مستحکم کرے گا۔ اس طرح اس کی کارکردگی، بھروسے مندی  اور مصنوعی سیاروں اور خلائی راکٹوں کے مختلف استعمالات میں وسیع پیمانے پر عملی تعیناتی کے لیے تیاری کو بہتر بنایا جائے گا۔ یہ منصوبہ خلائی معیشت کی بدلتی ہوئی ضروریات میں سے ایک اہم ضرورت کو پورا کرتا ہے، یعنی ایسے محرک نظاموں کی تیاری جو خلائی مشنوں کی حفاظت اور اقتصادی افادیت کو بہتر بنانے کے ساتھ مصنوعی سیاروں کے زیادہ مؤثر استعمال میں معاون ثابت ہوں۔

یہ منصوبہ گہری ٹیکنالوجی کے شعبے کے تحت آتا ہے، جس کا ذیلی شعبہ خلائی ٹیکنالوجی ہے۔ مقامی سطح پر محرک نظاموں کی تیاری میں معاونت کے ذریعے اس اقدام کا مقصد خلائی قدر کی زنجیر کے ایک اہم جزو میں ملکی صلاحیتوں کو مستحکم کرنا اور بیرونِ ملک سے حاصل کی جانے والی ٹیکنالوجی پر انحصار کم کرنا ہے۔

ٹی ڈی بی کے سکریٹری جناب راجیش کمار پاٹھک نے کہا، ‘‘مقامی سطح پر محرک ٹیکنالوجی کی تیاری، خلائی شعبے کی پوری قدر کی زنجیر میں ہندوستان کی صلاحیتوں کو مستحکم کرنے کے لیے اہم ہے۔ ملک کا خلائی نظام مسلسل وسعت اختیار کر رہا ہے اور اس کے ساتھ ایسے محرک نظاموں کی ضرورت بھی بڑھ رہی ہے، جو بہتر کارکردگی،  بھروسے مندی ، عملی تحفظ اور کم لاگت کا امتزاج پیش کریں۔ تحقیق، ترقی اور اختراع فنڈ کے ذریعے ٹی ڈی بی ایسے ٹیکنالوجی پر مبنی پروگراموں کی معاونت کر رہا ہے، جنہیں ترقی کے اعلیٰ مراحل سے عملی تعیناتی تک پہنچانے کے لیے مسلسل سرمایہ کاری درکار ہوتی ہے۔ مناستو اسپیس کے ساتھ یہ منصوبہ مقامی خلائی ٹیکنالوجی کو آگے بڑھانے اور خلاء تک رسائی کے زیادہ پائیدار طریقوں کو ممکن بنانے کے ہمارے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔’’

مناستو اسپیس ٹیکنالوجیز پرائیویٹ لمیٹڈ کے شریک بانی اور چیف ٹیکنالوجی افسر نے کہا،‘‘تحقیق، ترقی اور اختراع فنڈ کے تحت ٹی ڈی بی کی جانب سے ملنے والی معاونت سے ہمیں اپنی ماحول دوست محرک ٹیکنالوجی کو مزید ترقی دینے، مختلف نظاموں کو یکجا کرنے اور اس کی توثیق کرنے میں مدد ملے گی۔ ہمارا مقصد ایک ایسا قابلِ توسیع محرک نظام تیار کرنا ہے، جو بہتر کارکردگی، بھروسے مندی اور کم لاگت کو یکجا کرنے کے ساتھ زیادہ محفوظ اور پائیدار ایندھن کے نظاموں کی ضرورت بھی پوری کرے۔ یہ شراکت داری ٹیکنالوجی کو تیاری کی سطح 9 تک پہنچانے اور ہندوستان کی مقامی خلائی محرک صلاحیتوں کو مستحکم کرنے کی ہماری کوششوں میں معاون ثابت ہوگی۔’’

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/image001_20261026134722_3c8ccc.jpg

 

***

) ش ح –ک ا-ش ت)

U.No. 6695


(ریلیز آئی ڈی: 2328522) وزیٹر کاؤنٹر : 11
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी