پوسٹ کرنے کی تاریخ:
25 OCT 2026 4:20PM by PIB Delhi
پارلیمنٹ آف انڈیا 26 اکتوبر 2026 کو 12ویں برکس پارلیمانی فورم کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔ دو روزہ فورم سے قبل لوک سبھا اسپیکر جناب اوم برلا نے روس کے پارلیمانی وفد کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کی۔ روسی وفد کی قیادت روسی وفاقی اسمبلی کی اسٹیٹ ڈوما کے چیئرمین جناب ویاچیسلاو وولودین نے کی۔
ملاقات کے دوران ہندوستانی اور روسی پارلیمانی وفود نے عالمی فورمز پر تعاون مضبوط بنانے اور دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ جناب برلا نے پارلیمنٹ آف انڈیا اور 1.4 ارب ہندوستانیوں کی جانب سے جناب وولودین اور ان کے وفد کا گرمجوشی سے خیرمقدم کرتے ہوئے ہندوستان اور روس کے درمیان باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ عزائم پر مبنی خصوصی اور آزمودہ دوستی کو اجاگر کیا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کی لڑائی میں روس کی مسلسل حمایت کی بھی ستائش کی اور کہا کہ عالمی برادری کو دہشت گردی کے خلاف اتحاد اور عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی امن کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک 2027 میں سفارتی تعلقات کے 80 سال مکمل کریں گے اور وزیراعظم جناب نریندر مودی اور صدر ولادیمیر پوتن کی قیادت میں ہندوستان-روس خصوصی اور مراعات یافتہ اسٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط ہوئی ہے۔
پارلیمانی سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے جناب برلا نے لوک سبھا اور اسٹیٹ ڈوما کے درمیان مستقل ادارہ جاتی روابط پر زور دیا۔ انہوں نے ہندوستان-روس بین پارلیمانی کمیشن کے باقاعدہ اجلاسوں اور پارلیمانی وفود کے تبادلے، خصوصاً نوجوان اور خواتین ارکان پارلیمنٹ کے تبادلوں کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
2026 میں ہندوستان کی برکس صدارت کا حوالہ دیتے ہوئے جناب برلا نے عوام مرکوز نقطہ نظر کی اہمیت اجاگر کی اور برکس پارلیمانوں کے درمیان تعاون مضبوط بنانے میں روس کی فعال شرکت کی اپیل کی۔ انہوں نے موسمیاتی تبدیلی اور دہشت گردی سمیت موجودہ عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا اور بدلتے ہوئے عالمی حالات کے مطابق بین الاقوامی اداروں کو زیادہ مؤثر اور جوابدہ بنانے کی اہمیت اجاگر کی۔ جناب برلا نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اصلاحات کی ضرورت کو بھی دوہرایا اور ہندوستان کی سلامتی کونسل کی مستقل رکنیت کے لیے روس کی مسلسل حمایت کی ستائش کی۔
ملاقات کے دوران جناب برلا نے جوہری توانائی، صنعت اور دیگر شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے مواقع پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے ثقافتی تبادلوں اور عوام کے درمیان روابط کو دو طرفہ تعلقات کے اہم ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان اور روس کے عوام کے درمیان گہری محبت اور خیرسگالی باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہے۔
اسٹیٹ ڈوما کے چیئرمین جناب ویاچیسلاو وولودین نے تجارت، صنعت اور زراعت میں بڑھتے ہوئے تعاون کے دائرہ کار کا ذکر کرتے ہوئے مشترکہ کاروباری منصوبوں کو فروغ دینے اور دو طرفہ تجارت و سرمایہ کاری میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے برکس سمیت کثیر ملکی پلیٹ فارمز کے ذریعے اسٹیٹ ڈوما اور ہندوستانی پارلیمنٹ کے درمیان باقاعدہ تبادلوں کی اہمیت بھی اجاگر کی۔ انہوں نے ثقافتی اور انسانی شعبوں میں تعاون مضبوط بنانے اور عوام کے درمیان روابط بڑھانے کے لیے روس کے عزم کا اعادہ کیا۔ ہندوستان-روس تعلقات کے مستقبل پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مستقل پارلیمانی روابط اور مختلف شعبوں میں قریبی تعاون دونوں ممالک کے دیرینہ شراکت داری کو مزید گہرا کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔
بعد میں دن میں جناب برلا نے کیوبا، مصر اور بیلاروس کے پارلیمانی وفود سے بھی ملاقات کی اور باہمی طور پر مفید اور تعمیری تبادلہ خیال کیا۔
پیر کے روز وزیراعظم جناب نریندر مودی اس تقریب میں شرکت کریں گے اور دورہ کرنے والے وفود کے سربراہان سے ملاقات کریں گے۔
فورم میں ’’عوام مرکوز ترقی کے لیے پارلیمانوں کو مضبوط بنانا‘‘ کے وسیع موضوع پر غور کیا جائے گا۔ اس کے تحت لچک، جدت، تعاون اور پائیداری کے موضوعات پر چار اعلیٰ سطحی اجلاسوں کے ذریعے اتفاق رائے پر مبنی مذاکرات ہوں گے۔
اس کے علاوہ برکس کے رکن اور شراکت دار ممالک کی پارلیمانوں کی بین الاقوامی امور کی کمیٹیوں کے سربراہان کا خصوصی اجلاس بھی ہوگا، جس میں پارلیمانی سفارت کاری، صلاحیت سازی اور بہترین طریقہ کار کے تبادلے پر غور کیا جائے گا۔
اعلیٰ سطحی مکمل اجلاسوں کے ساتھ متوازی اجلاسوں اور دو طرفہ ملاقاتوں کا بھی انعقاد ہوگا، جبکہ کانفرنس میں ایک ثقافتی پروگرام بھی پیش کیا جائے گا۔ ہندوستان کے نائب صدر معزز مہمانوں کے اعزاز میں ضیافت کا اہتمام کریں گے۔
کانفرنس 27 اکتوبر 2026 کو اختتام پذیر ہوگی۔
***
ش ح ۔ م د ۔ م ص
U :6662